Tag: کابل

  • ’سعودی عرب جلد ہی کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنا چاہتا ہے‘

    ’سعودی عرب جلد ہی کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنا چاہتا ہے‘

    دوحہ: ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب جلد ہی کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنا چاہتا ہے۔‘

    دوحہ، قطر میں سربراہی کانفرنس سے پہلے گفتگو میں افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان اور افغان وفد کے سربراہ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ سعودی عرب کے نمائندے سے ملاقات میں فریقین کے درمیان بہتر بات چیت ہوئی ہے۔

    افغانستان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر کہا کہ ’’سعودی عرب کابل میں اپنا سفارت خانہ جلد از جلد دوبارہ کھولنا چاہتا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے نمائندے نے اس ملاقات میں افغانستان کے ساتھ اچھے روابط استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، افغانستان بھی سعودی عرب کو ایک اہم ملک کے طور پر دیکھتا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ برس فروری میں سعودی عرب نے سیکیورٹی خدشات کے باعث افغان دارالحکومت کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔

    افغان وفد نے پاکستان، بھارت، ایران، روس، سعودیہ اور ازبکستان کے خصوصی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، دوحہ کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پابندیوں کا خاتمہ ہی افغان عوام کی معاشی مشکلات کا حل ہے۔

  • کابل میں ملٹری ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق

    کابل: افغان دارالحکومت کابل میں ملٹری ایئر پورٹ کے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں ایئر پورٹ کے ساتھ ملٹری بیس کے قریب دھماکا ہوا ہے، افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بھی دھماکے کی تصدیق کر دی۔

    طالبان کے زیر انتظام وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ آج صبح کابل کے فوجی ہوائی اڈے کے باہر ایک دھماکا ہوا، جس کی وجہ سے ہمارے متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

    ترجمان عبدالنفی ٹکور نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں، علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے سیل کر دیا ہے۔

    انھوں نے دھماکے کی نوعیت یا ہدف کی وضاحت نہیں کی، دھماکے کی ذمہ داری بھی فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

    واضح رہے کہ طالبان حکام اگست 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی میں بہتری لانے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں تاہم اس دوران متعدد بم دھماکے اور حملے ہوئے ہیں، جن میں سے اکثر حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔

  • کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان ہیڈ اف مشن عبید الرحمان نظامانی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ‘مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے، تاہم سیکیورٹی گارڈ گولیاں‌ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

    کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ‌: امریکا اور یواین سیکیورٹی کونسل کی سخت مذمت ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے دو ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

  • افغانستان زلزلہ: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں

    افغانستان زلزلہ: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں

    لاہور: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، شدید زخمیوں کو ایمبولینسز میں پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 نے صوبائی حکومت کے احکامات پر پاک افغان بارڈرز پر اہلکار تعینات کردیے ہیں اور افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ انگور اڈہ بارڈر پر آنے والے 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، ریسکیو نے زخمیوں کو شولم اسپتال وانا منتقل کردیا۔

    ڈاکٹر خطیر کے مطابق ریسکیو 1122 نے ضلعی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کے ہمراہ 3 ایمبولینسز خوست روانہ کیں، شدید زخمیوں کو ایمبولینسز میں پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 22 جون کی رات 6.1 شدت کے زلزلے نے افغان صوبے پکتیکا میں تباہی مچا دی تھی، زلزلے میں اب تک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے۔

  • کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، طلبہ سمیت 6 افراد ہلاک

    کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، طلبہ سمیت 6 افراد ہلاک

    کابل: افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا ہے، دھماکوں میں 6 افراد ہلاک جب کہ 11 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کو افغانستان کے شہر کابل میں 3 دھماکے ہوئے ہیں، دھماکے ٹیوشن سینٹر اور اسکول کے قریب ہوئے، جن میں 8 بچے زخمی ہوئے، دھماکوں کے بعد ہر طرف بچوں کے بیگز اور کتابیں بکھر گئیں۔

    کابل پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ افغان دارالحکومت کے دشت برچی کے نواحی علاقے میں لڑکوں کے اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دو دھماکوں کے نتیجے میں طالب علموں سمیت کم از کم 6 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔

    ترجمان خالد زدران نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کابل کے مغربی علاقے میں عبدالرحیم شاہد ہائی اسکول کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکے ہوئے، بی بی سی کا کہنا ہے کہ دو دھماکے مبینہ طور پر خود کش تھے، جب کہ قریبی ٹیوشن سینٹر کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

    فوری طور پر دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے، داعش کے دہشت گرد ماضی میں اس علاقے پر حملے کر چکے ہیں۔

    ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب طلبہ صبح کی کلاسوں سے نکل رہے تھے۔

  • کابل میں ویلنٹائنز ڈے پر کیا ہوا؟ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو کس نے بنائی؟

    کابل میں ویلنٹائنز ڈے پر کیا ہوا؟ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو کس نے بنائی؟

    کابل: طالبان کے دورِ حکومت میں افغانستان کے دارالحکومت کابل کی دکانیں اور گلیاں جب ویلنٹائنز ڈے پر سُرخ پھولوں اور دل کے شکل کے غباروں سے بھر گئیں تو سوشل میڈیا پر یہ مناظر دیکھ کر دنیا والے حیران رہ گئے۔

    ایک طرف جب کسی کو گمان بھی نہیں تھا کہ سخت مزاج اسلام پسند طالبان کی ناک کے نیچے کوئی غیر مسلموں کا ایک ایسا تہوار منائے گا، جس پر پہلے ہی سے مسلمان حلقوں میں بے حیائی کا اعتراض عائد ہے، ایسے میں کابل کے دکان داروں نے اپنی دکانیں سُرخ گلابوں، لال غباروں، ٹیڈی بیئر اور دیگر اشیا سے سجا دیں۔

    خیال رہے کہ افغانستان بالخصوص کابل میں پہلے بھی ویلنٹائنز ڈے منایا جاتا رہا ہے، اس سال طالبان کی حکومت میں بھی شہریوں نے کسی فکر کے بغیر محبتوں کا یہ تہوار منایا، طالبان دور حکومت میں سڑکیں اور گلیاں بھی سرخ غباروں سے سجائی گئیں۔

    لیکن سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی زیر گردش ہے، جو ایک دکان پر پھول خریدنے آئی ہوئی ایک لڑکی نے بنائی، اس ویڈیو کے مطابق چند طالبان اہل کاروں نے کابل کے علاقے پُل سرخ میں پھولوں اور گفٹس کی ایک دکان پر چھاپا مارا، اور اسے بند کرا دیا۔

    مقامی صحافیوں نے ٹوئٹس میں بتایا کہ طالبان نے شہر میں کئی دکانیں بند کرائیں، اور ویلنٹائن ڈے منانے نہیں دیا گیا، طلوع نیوز کے ایک سابق صحافی نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس دکان میں ایک لڑکی اپنی سہیلی کے ہمراہ پھول لینے آئی تھی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان میں کام کرنے والے لڑکے افراتفری میں باہر رکھے ہوئے پھولوں کے ٹوکرے اٹھا اٹھا کر اندر لا رہے ہیں، اور آپس میں گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ جلدی کرو، اس دوران فٹ پاتھ پر لوگ آ جا رہے ہیں اور سڑک پر گاڑیاں چلتی بھی دکھائی دے رہی ہیں۔

    اسی دکان کی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان کے باہر طالبان اہل کار گزر رہے ہیں، اور دکانیں بند کرا رہے ہیں۔

    کچھ تصاویر ایسی بھی سامنے آئی ہیں جن میں اسی دکان کے باہر کا منظر ہے، اور طالبان وہاں سے لوگوں کو جانے کا کہہ رہے ہیں، جب کہ دکان بند کرائی گئی ہے، اور فٹ پاتھ پر پھولوں کی پتیاں بکھری ہوئی ہیں۔

    تاہم کابل میں دکان داروں یا پھولوں کے خریداروں پر طالبان اہل کاروں کی جانب سے کسی تشدد پر مبنی واقعے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے، جب کہ طالبان کی جانب سے کوئی آفیشل بیان بھی سامنے نہیں آیا ہے۔

  • انڈونیشیا کا کابل میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    انڈونیشیا کا کابل میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    بالی: انڈونیشیا نے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا نے فیصلہ کیا ہے کہ افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا جائے گا، تاہم وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مطلب امارت اسلامیہ کو باضابطہ تسلیم کرنا نہیں ہے۔

    انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ڈی جی عبدالقادر جیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل کے لیے امارت اسلامیہ کے عزم کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    عبدالقادر جیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈونیشیا افغانستان میں انسانی حقوق کی پاسداری، اور انسدادِ دہشت گردی کے عزم کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں افغانستان کا میوزیم طالبان کی سیکیورٹی کے ساتھ دوبارہ کھل گیا ہے، طالبان، جو اگست میں برسراقتدار آئے تھے، نے افغانستان کے قومی عجائب گھر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ہے، جس میں ملکی تاریخ کی نمائش کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ماضی میں طالبان نے ملک کے اس قومی ورثے کو تباہ کر کے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ فی الحال تقریباً پچاس سے سو افراد روزانہ اس میوزیم کا دورہ کر رہے ہیں، جن میں سے کچھ طالبان کے ارکان بھی شامل ہیں۔

  • روس کی جانب سے افغانستان کے لیے کئی طیاروں پر مشتمل بڑی انسانی امداد

    روس کی جانب سے افغانستان کے لیے کئی طیاروں پر مشتمل بڑی انسانی امداد

    کابل: روس سے انسانی امداد کی پہلی کھیپ افغانستان پہنچ گئی۔

    افغان میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے انسانی امداد پر مشتمل سامان کی پہلی کھیپ کابل پہنچ گئی۔

    امارت اسلامیہ افغانستان کے حکام نے بتایا کہ 36 ٹن انسانی امداد لے کر 3 کارگو طیارے 18 نومبر بروز جمعرات کابل پہنچے اور ان کے حوالے کر دیے گئے۔

    طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ روسی امداد آٹا، تیل اور کمبلوں پر مشتمل ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق افغانستان کے لیے روس کی انسانی امداد کُل 108 ٹن پر مشتمل ہے، اور اسے تین مراحل میں کابل پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک کھیپ آج پہنچی، جب کہ باقی دو کھیپ آنے والے دنوں میں افغانستان پہنچیں گی۔

    افغان حکام نے افغان عوام کی جانب سے روسی حکومت کا شکریہ ادا کیا، اور دیگر ممالک سے افغان عوام کے لیے امداد جاری رکھنے کی درخواست کی۔

    چند دن قبل افغانستان کے لیے روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف نے کہا تھا کہ روس کی وزارت دفاع اور صحت افغانستان کے لیے انسانی امداد کی تیاری کر رہی ہے۔

    گزشتہ چند دنوں کے دوران ایران، پاکستان، ازبکستان، چین اور قطر سمیت کچھ ممالک نے افغانستان کو انسانی امداد اور طبی سامان کی فراہمی میں تعاون کیا ہے۔

  • کابل میں ہندوؤں کو ہراساں کرنے والے افراد گرفتار

    کابل میں ہندوؤں کو ہراساں کرنے والے افراد گرفتار

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں ہندو شہریوں کو ہراساں کرنے والے افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کابل شہر میں ہندوؤں کو ہراساں کرنے والے کئی افراد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گئے، افغان نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ اقلیتی شہریوں کی ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کی نماز کے دوران افغانستان کے شمالی شہر قندوز میں اہل تشیع کی مسجد میں خود کش حملہ کیا گیا تھا، جس میں مختلف اطلاعات کے مطابق 60 افراد جاں بحق جب کہ سو سے زائد لوگ زخمی ہو گئے تھے۔

    امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں اب تک ہونے والا یہ سب سے مہلک حملہ تھا، طالبان حکام کے مطابق قندوز کی مسجد میں جمعے کو ہونے والا حملہ خود کش تھا، جس میں سید آباد مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔

    دولت اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے خود کش بمبار نے خود کو اس وقت دھماکے سے اڑایا جب لوگ جمعے کی نماز کے لیے مسجد میں اکٹھے ہوئے تھے، مقامی سیکیورٹی اہل کاروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ حملے کے وقت 300 سے زیادہ افراد مسجد میں موجود تھے۔

  • کابل ڈرون حملے میں امریکا نے داعش کے منصوبہ ساز کو مارا تھا یا کسی اور کو؟

    کابل ڈرون حملے میں امریکا نے داعش کے منصوبہ ساز کو مارا تھا یا کسی اور کو؟

    واشنگٹن: امریکی اخبار نے کابل ڈرون حملے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نے افغان دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے کا بھانڈہ پھوڑ دیا، جس سے امریکی جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 28 اگست کو کابل ڈرون حملے میں دہشت گرد نہیں بلکہ ایک انجینئر مارا گیا تھا، جو ایک امریکی این جی او ہی کا ملازم تھا۔

    امریکی اخبار نے لکھا کہ حملے میں ہدف بننے والی گاڑی افغان انجینئر زیماری احمدی کی تھی اور زیماری احمدی گاڑی میں پانی لایا تھا جسے دھماکا خیز مواد سمجھ لیا گیا، گاڑی میں ان کے ساتھ ڈرون حملے میں 7 بچے بھی جاں بحق ہو گئے تھے۔

    زیماری احمدی نے امریکا میں پناہ کے لیے درخواست بھی دی تھی، ڈرون حملے کے بعد امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ بغیر پائلٹ طیارے سے کابل ایئر پورٹ کی طرف جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں داعش کے متعدد خود کش حملہ آور سوار تھے۔

    کابل ایئر پورٹ دھماکے، امریکا کا داعش کے ’منصوبہ ساز‘ پر ڈرون حملہ

    ڈرون حملے کے بعد امریکا نے یہ نہیں بتایا تھا کہ اس حملے میں مارے جانے والوں میں داعش کے کتنے لوگ شامل تھے۔

    امریکی اخبار کے مطابق ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ترجمان زیماری احمدی، فوجی افسر نصیر، دکان دار ضمیر، طالب علم فیصل، طالب علم فرزاد، 2 سالہ بچہ ایات، 2 سالہ بچی سمیہ، 4 سالہ بچہ ارمین، 3 سالہ بچہ بن یامین شامل تھے۔

    واضح رہے کہ کابل ایئر پورٹ دھماکوں کے بعد امریکی فوج نے ایک ڈرون حملہ کیا تھا، خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کیپٹن بل اربن نے ڈرون حملے کے بعد بتایا کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے ہدف کو ہلاک کر دیا ہے، یہ ہدف داعش کے ایک مبینہ ’منصوبہ ساز‘ کا تھا، جسے بیان کے مطابق دوست کے ساتھ ہلاک کیا گیا۔

    یہ کارروائی مشرق وسطیٰ سے اڑائے گئے ڈرون کے ذریعے کی گئی تھی، امریکی صدر جو بائیڈن نے اس سے قبل کہا تھا کہ کابل دھماکوں کے ذمہ داروں کو تلاش کر کے انھیں انجام تک پہنچایا جائے گا، انھوں نے پینٹاگون کو حملے کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔