Tag: کابینہ

  • بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، ذرائع

    بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، ذرائع

    کوئٹہ : بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، متعدد وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ 

    اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی ظہور بلیدی، وزیر آبپاشی صادق عمرانی،علی حسن زہری اور بخت محمد کاکڑ کے محکمے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی ایم پی اے زرک مندوخیل کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جبکہ علی حسن زہری کو صوبائی وزیر ریونیو کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف صوبائی وزراء پر نیب، اینٹی کرپشن اور دیگر ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کابینہ میں ردوبدل کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ میں ردوبدل یا توسیع کا اختیار وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے پاس ہے، فی الحال ایسا کوئی فیصلہ زیر غور نہیں۔

     

  • نئے کابینہ ارکان کو قلمدان دے دیئے گئے، نوٹیفکیشن جاری

    نئے کابینہ ارکان کو قلمدان دے دیئے گئے، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: نئے حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور مشیران کو قلمدان دے دیئے گئے، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متعدد وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے گئے ہیں، طارق فضل کو پارلیمانی امورکا قلمدان سونپ دیا گیا جبکہ علی پرویزملک کو پیٹرولیم اور اورنگزیب کھچی کوقومی ورثے کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    خالد مگسی سائنس وٹیکنالوجی جبکہ حنیف عباسی کو ریلوے کاقلمدان سونپا گیا ہے، اس کے علاوہ معین وٹو کو آبی وسائل، جنید انورکو میری ٹائم کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    سردار یوسف کو مذہبی امور، رضا حیات کو دفاعی پیداوار کا قلمدان دیا گیا ہے، شزا فاطمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، رانا مبشر اقبال کو پبلک افیئر یونٹ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ مصطفی کمال کو وزارت قومی صحت کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ وزیر اعظم نے مشیر اور معاونین خصوصی بھی مقررکردیے ہیں، سید توقیر شاہ وزیر اعظم آفس، محمد علی نجکاری کے مشیرمقرر کردیئے گئے۔

    سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک داخلہ امورکے مشیر ہوں گے، ہارون اخترصنعت و پیدوار کے معاون خصوصی مقرر کئے گئے ہیں۔

    عوام کیلیے زبردست خوشخبری، بجلی کی قیمت میں کمی

    حذیفہ رحمان قومی ثقافتی ورثہ کے معاون خصوصی مقرر کردیئے گئے، جبکہ مبارک زیب قبائلی امور پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہونگے، اس کے علاوہ طلحہ برکی سیاسی امور پر وزیر اعظم کی معاونت کریں گے۔

  • کویت: مزید غیر ملکیوں کو واپس آنے کی اجازت

    کویت: مزید غیر ملکیوں کو واپس آنے کی اجازت

    کویت سٹی: کویت میں کام کرنے والا ایسے طبی، تکنیکی اور نرسنگ عملے کو جو بیرون ملک پھنسے ہوئے ہوں، واپس کویت آنے کی اجازت دے دی گئی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزرا کونسل کی جانب سے غیر ملکی صحت کے منتظمین اور ان کے اہل خانہ کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    کابینہ نے کویت میں غیر ملکی منتظمین اور بیرون ملک پھنسے ہوئے ان کے اہلخانہ کو کویت میں داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کی منظوری دے دی ہے، یہ درخواست وزارت صحت نے کی تھی۔

    حالیہ منظوری کے مطابق ایسا طبی، تکنیکی اور نرسنگ عملہ اور ان کی فیملی جن کے پاس جائز رہائشی اقامہ یا انٹری ویزا موجود ہے انہیں کویت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    وزارت صحت کی حفاظتی تدابیر کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کے ساتھ وزارت کی فوری ضرورت کے سبب ان کی خدمات کے لیے کرونا وائرس کا سامنا کرنے میں طبی عملے کی کوششوں کی حمایت اور مدد کی جا سکتی ہے۔

  • سعودی کابینہ کا اجلاس: پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری

    سعودی کابینہ کا اجلاس: پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری

    ریاض: سعودی کابینہ کے اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران 16 قراردادیں منظور کی ہیں، کابینہ نے امریکا کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے تنظیمی امور میں تعاون اور تکنیکی معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    اجلاس میں تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی بھی منظوری دی ہے۔

    سعودی کابینہ نے طے کیا ہے کہ سیاحتی ویزوں کی میعاد میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کا دورانیہ شمار نہیں کیا جائے گا۔

    سعودی کابینہ نے سیول نیشنل یونیورسٹی کوریا کے قومی تجربات کے ادارے اور سیول نیشنل یونیورسٹی کے اسپتال کے ساتھ وزارت نیشنل گارڈز کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی ہے۔

    سعودی کابینہ نے وزیر خزانہ کو آمدنی اور زکوٰۃ کے مفاہمتی یادداشت کے لیے مختلف مالک کے ساتھ مذاکرات کا اختیار تفویض کردیا۔ انہیں سنگاپورکے محکمہ کسٹم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار بھی سپرد کردیا۔

    کابینہ نے جہاز رانی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری جبکہ سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ کو امارات کے ساتھ خوراک کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کردیا۔

  • سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

    سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، لہٰذا پختونخواہ حکومت سیاحت پر خصوصی توجہ دے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ اراکین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، چیف سیکریٹری، آئی جی اور دیگر افسران موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد دیگر علاقوں کی طرح سہولتیں دینا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں قبائلی علاقے کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ انضمام کو کامیابی سے آگے بڑھانا تحریک انصاف حکومت کی بڑی کامیابی ہے، حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے۔ انضمام شدہ علاقوں میں روزگار فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، پختونخواہ حکومت خصوصی توجہ دے تاکہ سیاحت کی استعداد بروئے کار لائی جاسکے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے اوپر زیادہ ذمے داری ہے کہ عوام کی بھرپور خدمت کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم آج غیر متوقع طور پر پشاور میں موجود ہیں۔ وہ گزشتہ رات کراچی کے مختصر دورے کے بعد واپس دارالحکومت کے لیے روانہ ہوئے تاہم موسم خرابی کی وجہ سے اسلام آباد میں طیارہ لینڈ نہ کیا جاسکا اور طیارے کو پشاور کی جانب موڑ دیا گیا۔

    وزیر اعظم گزشتہ رات پشاور میں رہے جبکہ آج وہ گورنر، وزیر اعلیٰ اور صوبائی ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

  • طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    بینکاک:تھائی لینڈ میں طالبِ علم کی شکایت پر وزِیر اعظم اپنی کابینہ سمیت عدالت کے کٹہرے میں پہنچ گئے, احتساب آفس کا کہنا ہے کہ وزیر اور کابینہ ارکان نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طالبِ علم کی جانب سے دائر شکایت کے جائزے کے بعد احتساب آفس نے فیصلہ سنایا کہ وزیر اعظم پر یوتھ چان اوچا اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا جو آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    احتساب آفس کے سیکرٹری جنرل کے مطابق حلف برداری کے دوران آئین کی طرف سے لازم کردہ تمام جملوں کو نہ پڑھ کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پانیوپونگ چوراک نامی ایک طالبِ علم نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں شکایت جمع کروائی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ غیر مکمل حلف برداری، کابینہ کی ساخت، حکومتی پالیسی کے بیان اور متوقع پالیسی کے ناپائیدار استعمال کی راہ ہموار کر کے حکومت کے عوامی مفاد میں کام کی صلاحیت کو متاثر کرسکتی ہے۔

  • پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، وزیر اطلاعات ایک بار پھر تبدیل

    پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، وزیر اطلاعات ایک بار پھر تبدیل

    لاہور: پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، وزیر اطلاعات صمصام بخاری سمیت متعدد وزرا کے محکمے تبدیل کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات کو ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، صمصام بخاری سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے رواں برس 6 مارچ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

    صمصام بخاری کو سابق وزیر فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیانات کے باعث مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔

    سابق وزیر اطلاعات فیاض چوہان اقلیتی برادری سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

    فیاض چوہان نے ہندو برادری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ میرا مخاطب بھارتی وزیر اعظم، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا، پاکستان میں ہندو اقلیت نہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہندوؤں کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔

    تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس نوعیت کا کوئی بھی بیان قابل قبول نہیں، کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی۔

    صمصام بخاری کی جگہ میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

    دیگر تبدیل شدہ محکمے

    پنجاب کابینہ میں مزید کئی وزرا کے محکمے تبدیل کیے گئے ہیں، یاسر ہمایوں سے سیاحت کا محکمہ واپس لے کر وزیر کھیل پنجاب محمد تیمور خان کو سیاحت کا محکمہ دیا گیا ہے۔

    اسی طرح راجہ بشارت سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لے کر سوشل ویلفیئر اور محکمہ بیت المال کا چارج دے دیا گیا۔

  • بجٹ کی منظوری کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب

    بجٹ کی منظوری کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز منگل طلب کر لیا، کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ میں ہوگا جس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ بجٹ تجاویز پیش کریں گے۔

    اس سے قبل کابینہ کا اجلاس 3 مئی کو ہوا تھا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں 11 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ کے خدوخال پر مشاورت بھی کی گئی تھی، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اثاثے ظاہر کرنے والی اسکیم پر اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے سوال کیا تھا کہ بڑے مگر مچھوں کو ٹیکس نیٹ میں کیسے لایا جائے، انہوں نے دریافت کیا کہ کہ صرف تنخواہ دار طبقہ ہی کیوں ٹیکس دے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع کی ہے، تاریخ میں توسیع سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔ ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لیے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر، معاون خصوصی شرکت کریں گے اس کے علاوہ چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹری شریک ہوں گے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، وسائل کے اندر رہتے ہوئے ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

    تبدیلی کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں، ہمت نہیں ہاریں گے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ تبدیلی کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں مگر ہمت نہیں ہاریں گے، وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں مگر حوصلے بلند ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں تعلیم، صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، نئے پاکستان کی منزل میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے، عوام کے مسائل حل کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔

  • منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    ریاض : سعودی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد و خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محنت اور سماجی ترقی کی وزارت کے سرکاری ترجمان خالد ابا الخیل کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان فوائد میں مسابقت میں اضافہ، سرمایہ کاروں کے لیے کشش اور تجارتی پردہ پوشی پر روک شامل ہے جب کہ اس سے سعودی مرد اور خواتین شہریوں کی ملازمتوں کے مواقع متاثر نہیں ہوں گے۔

    وزارت کے سرکاری ترجمان نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد اور خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    ابا الخیل نے باور کرایا کہ وزارت محنت کی جانب سے مملکت میں بہت سے پیشوں، سرگرمیوں اور سیکٹروں میں کام کو سعودی مرد اور خواتین تک محدود رکھنے کی پالیسی جاری رہے گی۔

    سعودی وزارت محنت میں باخبر ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایا تھا کہ کابینہ کی جانب سے منظور ہونے والا منفرد اقامہ پروگرام سعودی شہریوں کی ملازمتوں کو ہر گز متاثر نہیں کرے گا۔

    مذکورہ ذرائع کے مطابق منفرد اقامہ پروگرام سے مستفید ہونے والوں پر سعودیوں کے لیے مخصوص پیشوں میں کام کرنے پر پابندی ہو گی۔سعودی عرب میں منفرد اقامہ پروگرام کا فیصلہ ملک میں اقتصادی ترقی اور معاشی تنوع سے متعلق اصلاحات کے نفاذ کاحصہ ہے۔

    گذشتہ بدھ کو سعودی شوریٰ کونسل نے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری دی تھی جس کے تحت کاروباری اداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باصلاحیت تارکین وطن کو مملکت میں محدود پیمانے پر کفیل سے آزاد رہ کر زندگی گذارنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    منفرد اقامہ پروگرام دائمی اور عارضی دو اقسام پر مشتمل ہو گا۔ عارضی اقامہ پروگرام محدود اور مخصوص فیس ادا کر کے حاصل کیا جا سکے گا۔ مملکت میں رائج کئے جانے والے منفرد اقامہ پر مقیم تارک وطن کو سعودی عرب میں بعض اضافی مراعات حاصل ہوں گی۔ وہ محدود پیمانے پر سعودی عرب میں کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے سکے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ منفرد اقامہ پروگرام رکھنے والے غیر ملکی کو اپنے خاندان کو ساتھ رکھنے، رشتے داروں کو ملاقات کے لیے بلانے، مزورد منگوانے، جائیداد بنانے، نقل وحمل کے وسائل کی ملکیت حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے عوض طے شدہ ضوابط کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ منفرد اقامہ حاصل کرنے والے کو سعودی عرب میں آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔ دائمی اقامہ غیر معینہ مدت کے لیے ہو گا، یا اس کی تجدید کرائی جا سکے گی۔