Tag: کابینہ اجلاس

  • بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگے،گھبرانے کی ضرورت نہیں،ہمارا دامن صاف ہے، عثمان بزدار

    بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگے،گھبرانے کی ضرورت نہیں،ہمارا دامن صاف ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے،وزیراعظم کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔کابینہ اجلاس میں قرارداد وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے پیش کی۔

    صوبائی کابینہ کے ارکان نے کہا کہ حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں جاری رہے گا،ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی۔

    کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکساں ترقی کے تحت خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا،پسماندہ ،محروم علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔

    وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کابینہ کے کسی ممبر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں،2 سال میں ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا پنجاب حکومت کا کریڈٹ ہے،اسکینڈل نہ آنےکی بڑی وجہ وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب کی صاف قیادت ہے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگے ،گھبرانے کی ضرورت نہیں،ہمارا دامن صاف ہے،وزیراعظم کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلیں گے۔

  • سندھ میں گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    سندھ میں گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، گندم کی امدادی قیمت کا حتمی فیصلہ کل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت کا تعین کرلیا، سندھ حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گندم کی امدادی قیمت کا حتمی فیصلہ کل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔ رواں سال سندھ حکومت 14 لاکھ ٹن گندم کسانوں سے خریدے گی، گندم بار دانے کی خریداری کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردیا گیا۔

    رواں سال گندم بار دانے پر ہر ضلع کے لیے الگ کوڈ لگایا جائے گا، ہر ضلع کے لیے مخصوص بار دانہ کسی دوسرے ضلع میں استعمال نہیں ہو سکے گا۔

    سندھ کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں گندم کی ایک سے دوسرے ضلع منتقلی کے لیے بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 15.410 ارب روپے کی 1.4 ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی تھی۔

    اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو سے خرید چکے ہیں، آٹے کی قیمت 55 سے 56 روپے کلو ہوگئی تھی جو نیچے آگئی ہے۔

    کابینہ اجلاس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے گندم سپورٹ پرائس 1365 روپے فی کلو مقرر کی تھی تاہم وفاقی کابینہ گندم سپورٹ پرائس پر نظرثانی کر رہی ہے۔

  • بچوں کی زندگی بچانے والی غذا کی درآمد پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے، وزیراعظم

    بچوں کی زندگی بچانے والی غذا کی درآمد پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بچوں کی زندگی بچانے والی غذا کی درآمد پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں مہنگائی میں کمی کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے ریلیف پیکج کے بعد اشیا کی قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔

    ذرائع کے مطابق دالوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے سے متعلق لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی اورگیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بچوں کے والدین کی درخواست پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کی زندگی بچانے والی غذا کی درآمد پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے۔ وزیراعظم نے مشیر صحت کو معاملہ دیکھ کر انتظامات کی ہدایت کر دی۔

    ذرائع کے مطابق کمشنر ایس ای سی پی کی تعیناتی کا ایجنڈا اور احساس پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے سے متعلق بریفنگ موخر کر دی گئی۔

  • سعودی عرب میں مصنوعی بارش برسائی جائے گی

    سعودی عرب میں مصنوعی بارش برسائی جائے گی

    ریاض: سعودی عرب کی کابینہ کے اجلاس میں مصنوعی بارش برسانے کے پروگرام سمیت متعدد اصلاحات کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 6 قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں کابینہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور اس کے سدباب کے لیے چین کے لیے طبی سامان بھیجنے کا فیصلہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات کو آگے بڑھانے اور بحرانوں سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کے انسانیت نواز کردار کا حصہ ہے۔

    سعودی کابینہ نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ ریاض کو سنہ 2020 کے لیے عرب خواتین کا دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لائے گا۔

    سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایٹمی دہشت گردی کے انسداد کے لیے تمام تدابیر بروئے کار لائے اور خطے میں نظر آنے والی کشیدگی نیز دہشت گرد تنظیموں کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے زیادہ مؤثر جدوجہد کرے۔

    کابینہ نے شمسی توانائی کے عالمی اتحاد کے قیام کے بنیادی معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت کی بھی منظوری دی جبکہ ملک میں مصنوعی بارش کے پروگرام کی منظوری بھی دے دی۔

    سعودی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے معاہدے کا اختیار وزیر داخلہ کو تفویض کیا، کوریا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی۔

  • وفاقی کابینہ میں  قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان  کیا جائیگا

    وفاقی کابینہ میں قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان کیا جائیگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس دوران تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم نے قوم کو مزید خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ قوم اطمینان رکھے ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا اور ملک بھر میں آٹا نایاب ہوگیا تھا۔ بعد ازاں چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا جس میں متعدد اہم امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

    اجلاس میں کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر کے مالی سال 20-2019 کے پراپرٹی بجٹ کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں پاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا جبکہ کابینہ کو مسابقتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

    کابینہ کو یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سے متعلق تفصیلی بریف کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں کمسن بچوں کی عدالتوں کے قیام کی منظوری بھی شامل ہے۔

    خواتین پراپرٹی حقوق آرڈیننس 2019 کے نفاذ میں ترمیم کے معاملے پر بھی اجلاس میں غور ہوگا۔

    اس سے قبل 26 نومبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت سے کیڑے مار دوا اور پولیو مہم کے لیے فنگر مارکر کی درآمد کی تجویز دی گئی جسے کابینہ نے مسترد کردیا۔

    گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے عالمی ادارہ خوراک کو کراچی سے کابل گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس لے جانے کی اجازت دی تھی۔ اجلاس میں پی ٹی وی کے ایم ڈی عمار منظور کی تعیناتی اور تنخواہ و مراعات کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

  • حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی میں کمی ہے: فردوس عاشق

    حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی میں کمی ہے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی اور خسارے میں کمی ہے، منڈیوں میں مڈل مین کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، مہنگائی پر کنٹرول کے لیے اسلام آباد میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کی، جس میں بتایا گیا کہ سستے گھروں کی تعمیر کے لیے 5 ارب کے بلا سود قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔

    فردوس عاشق نے بتایا کابینہ اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا تھا، وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی عدم شرکت کے باعث 5 ایجنڈا آئٹمز مؤخر ہوئے، مختلف وزارتوں نےعوام کی فلاح کے لیے منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیر اعظم نے وزرا کو عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔

    اجلاس کی مزید تفصیل:  وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    معاون خصوصی کا کہنا تھا نیب کابینہ کے فیصلوں کو جاننا چاہے گی تو اس کی درخواست پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے تمام ریکارڈ فراہم کر دیا جائے گا، اجلاس میں سولر پاور پر بجلی کے منصوبے کو منظور کیا گیا ہے، وزارت مواصلات انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کے تحت 3500 لوگوں کو انٹرن شپ دی جائے گی، وزارت انسداد منشیات نے زندگی ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لو کاسٹ ہاؤسنگ میں 5 ارب کے بلا سود قرضو ں کی منظوری دی گئی ہے، جس کے لیے ایک لاکھ سے 10 لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا، 5 لاکھ سے 10 لاکھ تک افراد اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا اسجد امتیاز علی کو ممبر ارسا تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، کرتارپور راہ داری کا وزیر اعظم 9 نومبر کو افتتاح کریں گے، اس راہ داری سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا، اجلاس میں کابینہ سے وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں پر مشاورت سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر بروز بدھ کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم دورہ چین پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ کو متروکہ وقف املاک کے اثاثہ جات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اسلام آباد ماسٹر پلان پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی تنظیم نو پر بھی کابینہ کو بریف کیا جائے گا، اجلاس میں عوامی مفادات سے متعلق اقدامات پر عملدر آمد رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ کے تحت بورڈ ممبران کی نامزدگی اور رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 بھی شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ملک میں گندم کی صورتحال پر بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔ وزیر اعظم کامیاب دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں سے بھی کابینہ کو آگاہ کریں گے۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر غور کرے گی، وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔ ہلال اتھارٹی سے متعلق ای سی سی فیصلوں پر عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں کونسل آف ریسرچ واٹر ریسورسز کو وزارت آبی وسائل کے زیر انتظام کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ اجلاس میں ای کامرس پالیسی فریم ورک اور یونائیٹڈ نیشنز ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی چینی بطور آفیشل زبان کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کی منظوری بھی دے جائے گی۔

    وفاقی کابینہ نادرا کے آڈٹ کی بھی منظوری دے گی، پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے لیے 2 ناموں کی منظوری اور غیر قانونی تمباکو اشیا روکنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع پر غور

    انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع پر غور

    اسلام آباد: ذرایع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع پر غور کیا جا رہا ہے، گوشوارے 31 اکتوبر تک جمع کرانے کی سہولت دیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کا امکان ہے، تاریخ میں توسیع کا حتمی فیصلہ آج رات ہوگا۔

    ذرایع نے کہا ہے آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں معیشت پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم کو جولائی سے ستمبر تک ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی۔

    پہلی سہ ماہی میں خسارے اور اخراجات پر بھی بریفنگ دی جائے گی، پٹرولیم مصنوعات کی یکم اکتوبر کے لیے قیمتوں پر بھی غور ہو سکتا ہے، اجلاس میں کاروبار کے لیے شناختی کارڈ کی شرط نرم کرنے بھی غور ہو سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد 25 لاکھ تک جاپہنچی

    یاد رہے گزشتہ ماہ ایف بی آر کی جاری ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں 69 فی صد اضافہ ہوا، اضافے کے بعد گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد پچیس لاکھ ہوئی ہے۔

    گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 لاکھ 60 ہزار فائلرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد 15 لاکھ تھی۔

    گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں یہ اضافہ تاریخی ہے، رواں مالی سال کے لیے حکومت نے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 550 ارب روپے رکھا ہے۔