Tag: کارروائی

  • منشیات فروشی میں ملوث ملزم گرفتار، 12 کلو سے زائد چرس برآمد

    منشیات فروشی میں ملوث ملزم گرفتار، 12 کلو سے زائد چرس برآمد

    )24 جولائی 2025): پاکپتن پولیس نے منشیات سپلائی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منشیات فروش کو گرفتار کرکے بارہ کلو چرس برآمد کرلی۔

      تفصیلات کے مطابق ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ کی ہدایت پر تھانہ چک بیدی پولیس نےکارروائی کی، ایس ایچ او منیر بابر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کھیت کے قریب کارروائی کی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چھپ کر منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں منشیات فروش اویس کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے بارہ کلو چرس برآمد کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ کے مطابق منشیات فروشوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

  • ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے

    ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے

    سیکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ایک گروپ کی 18 اور 19 جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب نقل و حرکت دیکھی گئی جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنادی۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے جہاں دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، وہیں 5 خوارج بھی مارے گئے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان بارھا عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر اپنی اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی، 23 دہشتگرد گرفتار

    سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی، 23 دہشتگرد گرفتار

    لاہور: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے بتایا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 200 آئی بی اوز آپریشنز کیے گئے، اس دوران 23 دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کارروائی لاہور، جہلم، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد  میں کی گئیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کے 7 خطرناک دہشتگرد کو اسلحہ  اور باروی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، دہشتگردوں سے لاہور کے اہم تعلیمی ادارے کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔

    سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، 4 آئی ای ڈی بم، 33 ڈیٹونیٹر حفاظتی فیوز، پمفلیٹ اور نقدی برآمد ہوا، دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔

  • عمرے کے لیے جانے والے مسافروں کے سامان اور فونز کی شک کی بنیاد پر تلاشی میں اہم انکشاف

    عمرے کے لیے جانے والے مسافروں کے سامان اور فونز کی شک کی بنیاد پر تلاشی میں اہم انکشاف

    ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے 6 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

      ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں رضوان علی، مظہر عباس، عثمان علی، تنویر خالد، تصور عظیم اور یاسر اقبال شامل ہیں، ملزمان عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے شک کی بنیاد پر ملزمان کے سامان اور موبائل فونز کی تلاشی لی گئی ملزمان کے قبضے سے یورپ کی جعلی ویزے برآمد کر لئے گئے۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کا تعلق گجرانوالہ، گجرات اور کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مذکوعہ ویزوں کی بنیاد پر سعودی عرب سے یورپ جانے کی کوشش کرنا تھی۔

    ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان نے مختلف ایجنٹوں سے بھاری رقوم کے عوض مذکورہ ویزے حاصل کئے، ملزمان کو ایجنٹوں کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

  • جشن آزادی پر باجے بجانے اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

    جشن آزادی پر باجے بجانے اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

    کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے شہر میں جشن آزادی کے موقع پرباجے کی خریدو فروخت اور بجانے کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے پولیس کو جشن آزادی کے موقع پر باجے بجانے اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے۔

    عدالت نے ایس ایچ او شرافی گوٹھ اور سچل کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ باجے فروخت کرنے اور بجانے والوں کیخلاف کارروائی کرکے عدالے کو  آگاہ کیا جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر باجے بجا کر عوام کو پریشان کیا جاتا ہے۔

  • افغانستان سے پاکستان کے بڑے صوبوں میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    افغانستان سے پاکستان کے بڑے صوبوں میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے افغانستان سے پشاور، پنجاب اور سندھ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے پشاور میں منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے بڑے صوبوں میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پشاور میں چار سدہ روڈ کے قریب ملزم سے 6 کلو ہیروئن برآمد کیا گیا ، پشاور کا رہائشی ملزم مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔

    ترجمان کے مطابق پوچھ گچھ پرگرفتار ملزم  نے گھر میں مزید ہیروئن کی موجودگی کا انکشاف کیا، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اے این ایف کی ٹیم نے قریب واقع گھر پر چھاپہ مارا  کارروائی کے دوران گھر کی بالائی منزل سے مزید 78 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوا۔

    اےاین ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 84 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، مذکورہ گھر ملزم کی جانب سے منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • کراچی اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے کی چھالیہ ضبط

    کراچی اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے کی چھالیہ ضبط

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل کیا جانے والا سامان ضبط کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس انسداد اسمگلنگ ٹیم کراچی نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 6 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑلیا۔

    ترجمان کسٹم کا کہنا ہے کہ موچکو کے علاقے میں کراچی داخل ہونے والے ڈمپر کو روکا گیا، ڈمپر میں بھاری مقدار میں اسمگل شدہ مضر چھالیہ ضبط کی گئی، ضبط شدہ چھالیہ اور گاڑی کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے ہے۔

    ترجمان کے مطابق سپر ہائی وے اور گھگر پھاٹک پر بھی مختلف گاڑیوں کو روکا گیا، دونوں گاڑیوں سے مضر صحت چھالیہ اور گٹکا برآمد ہوا، ضبط کی گئی گاڑیوں اور سامان کی مالیت 1 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔

    دیگر کارروائیوں میں مختلف اسمگل کیے جانے والے ٹرک، ڈیزل، سگریٹ، گٹکا، غیر ملکی ٹائر، کپڑے، دودھ اور کھانے کی اشیا پکڑی گئیں۔ ضبط شدہ سامان کی کل مالیت 6 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔

  • ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی میں کالعدم ایس آر اے (سندھو دیش لبریشن آرمی) کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم رستم علی کالعدم ایس آر اے کا ماسٹر مائنڈ ہے، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔

    حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 8 مقدمات کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں درج ہیں، گرفتار ملزم ایک اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ہدایات اپنے دیگر ساتھیوں کو دیا کرتا تھا۔

  • سعودی عرب: ٹیکس سے بچنے کے لیے معلومات چھپانے پر بھاری جرمانہ ہوسکتا ہے

    سعودی عرب: ٹیکس سے بچنے کے لیے معلومات چھپانے پر بھاری جرمانہ ہوسکتا ہے

    ریاض: سعودی حکام نے ٹیکس سے بچنے کے لیے معلومات چھپانے پر کارروائیوں کا لائحہ عمل جاری کیا ہے، جرمانے کی انتہائی حد 15 ہزار ریال تک جاسکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ٹیکس مقاصد کے لیے مطلوبہ معلومات ظاہر نہ کرنے پر کارروائی کے لیے لائحہ عمل جاری کیا ہے، 5 خلاف ورزیوں پر 15 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

    وزیر خزانہ محمد الجدعان نے لائحہ عمل کی منظوری دی ہے جسے جمعہ 26 اگست کو سرکاری گزٹ ام القریٰ میں شائع کیا گیا۔

    ام القریٰ گزٹ کے مطابق لائحہ عمل 11 دفعات پر مشتمل ہے، لائحہ عمل میں ان صورتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جسے خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، خلاف ورزی کے الزام اور جرمانے پر اعتراض کا طریقہ کار بھی متعین کیا گیا ہے۔

    لائحہ عمل کی پانچویں دفعہ میں مالیاتی اداروں پر کسی بھی خلاف ورزی کے ارتکاب کی صورت میں جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔

    لائحہ عمل میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹیکس رپورٹ مئی کی 31 تاریخ سے قبل ٹیکس رپورٹ فائل نہ کی گئی تو اس پر 500 ریال جرمانہ ہوگا، ہر دن تاخیر پر 500 ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ اس کی انتہائی حد 15 ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔

    اگر ٹیکس معلومات کا اقرار نامہ مطلوبہ شکل میں پیش نہ کیا گیا تو اسے خلاف ورزی شمار کیا جائے گا جس پر متعلقہ اقرار نامے پر 5 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔

    اگر ٹیکس رپورٹ میں مطلوبہ معلومات غلط یا ناقص درج کی گئیں تو یہ خلاف ورزی کے دائرے میں آئے گا اور اس پر 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا، مقررہ معیار کے مطابق معلومات فراہم نہ کیے جانے کو بھی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔

    لائحہ عمل میں خبردار کیا گیا کہ اگر ڈیوٹی پر موجود اہلکار کے ساتھ تعاون نہ کیا گیا اور مطلوبہ معیار کے حوالے سے اس کے اختیارات کو چیلنج کیا گیا تو یہ خلاف ورزی شمار ہوگی، اور اس پر 3 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

  • جاب انٹرویو کے دوران خاتون سے ذاتی سوالات، کمپنی کے خلاف کارروائی

    جاب انٹرویو کے دوران خاتون سے ذاتی سوالات، کمپنی کے خلاف کارروائی

    ریاض: سعودی عرب میں ملازمت کے لیے انٹرویو کے دوران ایک خاتون سے ذاتی سوالات پوچھنے پر مذکورہ کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے خبردار کیا ہے کہ ملازمت کے انٹرویو کے دوران کسی بھی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات نہیں پوچھے جا سکتے۔

    ایک سعودی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات پوچھے جانے پر متعلقہ ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ترجمان سعد آل حماد نے جمعرات کو بتایا کہ اعلیٰ عہدیداروں کو جیسے ہی پتہ چلا کہ ایک مقامی خاتون سے انٹرویو کے دوران نجی نوعیت کے سوالات کیے گئے ہیں تو فوری طور پر ایکشن لے لیا گیا۔

    ترجمان نے ٹویٹر پر بتایا کہ مقامی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات سے متعلق پوسٹ سوشل میڈیا پروائرل ہونے پر صارفین نے ناگواری کا بھی اظہار کیا تھا۔

    وزارت کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جب بھی قانون کی خلاف ورزی ان کے علم یا مشاہدے میں آئے فوری طور پر رابطہ نمبر 19911 یا وزارت کی ایپ پر مطلع کریں۔