Tag: کارروائی

  • سانگھڑ: سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو گرفتار

    سانگھڑ: سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو گرفتار

    سانگھڑ: سندھ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر سانگھڑ کے علاقے شہداد پور میں پولیس نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو گرفتار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو عمران ابڑو سے ٹی ٹی، مشتبہ موٹر سائیکل اور منشیات برآمد ہوئیں۔ گرفتار ڈاکو 12مقدمات میں اشتہاری اور روپوش تھا، پولیس نے متعدد بار گرفتاری کے لیے چھاپے مارے لیکن ڈاکو ہاتھ نہیں آیا تھا۔

    کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    بالاآخر آج کی اہم کارروائی میں یہ سنگین جرائم کا ملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

    خیال رہے کہ آج سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے موسمیات میں کارروائی کرتے ہوئے مفتی شامزئی اور مفتی جمیل کے مبینہ قاتل حیدر زیدی عرف سلیم بھائی کو گرفتار کیا تھا۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر کسٹم اہلکار کی مسافروں سے رشوت کی وصولی

    لاہور ایئرپورٹ پر کسٹم اہلکار کی مسافروں سے رشوت کی وصولی

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آئے مسافروں سے کسٹم اہلکار نے 100 ریال رشوت وصول کر کے جانے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں نے رشوت وصول کرنے پر کسٹم اہلکار کے خلاف ایئرپورٹ ڈیوٹی منیجر کو درخواست دی جس میں میاں بیوی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گھریلواستعمال کی اشیا بیرون ملک سے لانے پرکسٹم عملہ بلیک میل کرتا رہا۔

    درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ گھریلو استعمال کے لیے 10 الیکٹرک سوئچ ریاض سے لایا تھا، کسٹم ملازم مقصود نے 100 ریال رشوت وصول کر کے جانے دیا۔ مسافرمیاں بیوی پی آئی اے کی پرواز 726 کے ذریعے ریاض سے لاہور پہنچے تھے۔

    مسافر کی درخواست پر ایئرپورٹ پرتعینات سی اے اے کے ڈیوٹی ٹرمینل منیجر نے کارروائی کرتے ہوئے کسٹم ملازم سے مسافر کے 100 ریال واپس دلوائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں لاہور ایئرپورٹ پر روانگی لاؤنج پر سامان کی چیکنگ کے دوران کسٹم اہلکاروں کی مسافروں سے سرعام رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

  • ٹرمپ کو مواخذے کی کارروائی میں شامل ہونے کی دعوت

    ٹرمپ کو مواخذے کی کارروائی میں شامل ہونے کی دعوت

    واشنگٹن: امریکی کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مواخذے کی کارروائی میں شامل ہونے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی نے آئندہ ہفتے سماعت میں شرکت کے لیے ٹرمپ کو خط لکھ دیا، جس میں انہیں مواخذے کی کارروائی میں خصوصی طور پر شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ اور ان کے وکلا سماعت کے دوران گواہان سے سوالات کرسکیں گے۔ چیئرمین جوڈیشری کمیٹی جیرلڈنیڈلر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو جاری انکوائری میں حصہ لینے کا پورا موقع دیا جارہا ہے، صدارتی مواخذے کی انکوائری کو مکمل اور منصفانہ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    دوسری جانب صدرٹرمپ کو فلوریڈا کے شہر سن رائز میں جلسے کے دوران مواخذے کی کارروائی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا، جبکہ ردعمل میں ٹرمپ نے مواخذے کی انکوائری کو انتقامی کارروائی اور پاگل پن قرار دے دیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کبھی بھی مواخذے کی حمایت نہیں کریں گے۔

    مواخذے کی کارروائی ، گواہوں نے ٹرمپ کے خلاف بیان دے دیا

    واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات سے متعلق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اس معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ امریکہ کے 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برخاست کیا جائے یا نہیں؟ ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ ذاتی مفاد کے لئے انہوں نے صدارت کے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے۔

    امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کے لیے قرارداد منظور کی تھی ، ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 232 جبکہ مخالفت میں 196 ووٹ پڑے۔ دو ڈیموکریٹس نے بھی اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

  • کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایس ڈی پی او کینٹ سرکل ڈی ایس پی یونس رضا کی قیادت میں ایس ایچ او اور دیگر عملے نے ہنہ بائی پاس پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔

    ڈیس ایس پی یونس رضا کے مطابق کارروائی کے دوران 17موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے جبکہ تین گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کی گئی۔

    دریں اثنا ڈی ایس پی یونس رضا نے کہا کہ ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانا خود کشی کے مترادف ہے والدین کو بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں نہیں دینا چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی کئی بار کارروائیاں کیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا لیکن اس مہم میں اساتذہ والدین کا کردار انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ آج کل والدین نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں دے دیتے ہیں جوغیرقانونی عمل ہے۔

  • ای بے کا امیزون کے تین مینجرز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

    ای بے کا امیزون کے تین مینجرز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

    واشنگٹن : نئے الزام کے بعد امریکا کی دو بڑی ای کامرس کمپنیوں کے درمیان مہینوں سے چلنے والا تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ای بے نے ایمیزون کے تین منیجرز پر کمپنی کے ہنرمند فروخت کنند گان کو توڑنے کے لیے سازش کرنے کا الزام لگایا ہے،نئے الزام کے بعد امریکہ کی دو بڑی ای کامرس کمپنیوں کے درمیان مہینوں سے چلنے والا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

    امریکا کے ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمہ میں ای بے نے دعویٰ کیا کہ ایمیزون کے تین سینئر مینیجرز کمپنی کے سینکڑوں فروخت کنندگان کو اکسایا جارہا کہ وہ (ای بے) کمپنی کے خفیہ پیغام رسانی کے نظام کے ذریعے لوگوں کو ایمیزون پلیٹ فارم پر مدعو کریں۔

    ای بے کے مقدمے کے مطابق ایمیزون کے مینیجرز منظم اور مربوط انداز سے ای بے کو اپنے ہی فروخت کنندگان اور ملازمین کے ذریعے نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں۔

    ایمیزون پر متضاد طرز عمل کا نیا الزام ایک ایسے وقت میں لگا ہے جب امریکی حکام پہلے ہی اس کی مارکیٹ طاقت اور تیسری پارٹی کے فروخت کنندگان کے ساتھ تعلق کے الزام میں جانچ پڑتال کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے رابطہ کرنے پرایمیزون نے موقف دینے سے معذوری ظاہر کی۔ اعلیٰ فروخت کنند گان کو اپنی طرف راغب کرنا اور رکھنا دونوں بڑی ای کامرس کمپنیوں کے لیے ہمیشہ سے اہم ترین رہا ہے۔

    دونوں بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں زیادہ سے زیادہ مارکٹ میں حصہ پانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی ہیں اور فروخت کنند گان کواپنی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتی ہیں۔

  • اطالوی پولیس کی نیونازی گروپ کے خلاف کارروائی، اسلحے کی کھیپ برآمد

    اطالوی پولیس کی نیونازی گروپ کے خلاف کارروائی، اسلحے کی کھیپ برآمد

    روم : اٹلی میں نیو فاشسٹ سیاسی جماعت کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرکےاسلحے کی بڑیکھیپ قبضے میں لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کو اطالوی حکام نے نیو فاشسٹ پارٹی فورزا نووا کے جو افراد حراست میں لیے ہیں، ان میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے جسے اس سیاسی جماعت نے انتخابات میں اپنا امیدوار بنایا تھا۔

    اس منظم کارروائی کے دوران ایک مکان پر بھی چھاپا مارا گیا تھا۔اسی کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے اسکارپین مشین گن، آتشین اسلحے میں استعمال ہونے والے تین سو چھ اجزاء ، بیس لمبی سنگینیں (رائفل کی نالی پر چڑھانے والی بینٹ) اور مختلف قسم کے ہتھیاروں کے لیے آٹھ سو گولیاں اپنے قبضے میں لی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قبضے میں لیے گئے تمام ہتھیار جرمنی، آسٹرین اور امریکی کے ساختہ ہیں،جس گھر پر چھاپا مارا گیا وہاں سے نیو نازی پروپیگنڈے پر مشتمل مواد بھی دستیاب ہوا ہے۔

    پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ایک انتہائی اچھی حالت میں فضا سے فضا میں مار کرنے والا میزائل بھی دستیاب ہوا ہے،یہ میزائل کسی وقت قطری فوج کے زیر استعمال رہا تھا، اسی آپریشن کے دوران خود کار رائفلوں کی کھیپ بھی پکڑی گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران سوئٹزرلینڈ کے بیالیس سالہ شہری اور اکاون سالہ اطالوی باشندے کو حراست میں لیا گیا ہےجن سے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ اطالوی انتہا پسندوں کے روس نواز مشرقی یوکرائنی باغیوں کے ساتھ مل کر لڑائی میں شامل ہونے کے معاملے کی چھان بین بھی جاری ہے۔فی الوقت اطالوی پولیس نے دہشت گردی کے امکان پر غور نہیں کیا ہے۔

    اٹلی کے انسداد دہشت گردی کے ایک اہلکار کے مطابق بظاہر ابتدائی معلومات سے ایسے شواہد سامنے نہیں آئے کہ یہ تمام ہتھیار روم حکومت کے خلاف یا ملک کے اندر استعمال کرنے کے لیے جمع کیے گئے تھے۔

    پولیس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس اسلحے کی فروخت میں تین افراد ملوث تھے اور وہ یورپی انتہا پسندوں کو رابطے میں لا کر یہ ہتھیار فروخت کرنے کی کوشش میں تھے، یہ بھی بتایا گیا کہ اس بروقت کارروائی سے ان ہتھیاروں کی مزید فروخت کو روک دیا گیا ہے۔

    اطالوی پولیس نے نیو فاشسٹ پارٹی کے خلاف کی جانے والی کارروائی کو ایک اہم مشن قرار دیا ہے،انتہا پسندی اطالوی سیاسی جماعت فورزا نووا پارٹی نے ان ہتھیاروں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، اسی طرح انتہائی دائیں بازو کے وزیر داخلہ اور نائب وزیراعظم ماتیو سالوینی نے بھی اس کارروائی پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

  • رینجرزکی لیاری میں کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

    رینجرزکی لیاری میں کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ گینگ وار کی جانب سے انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا، برآمد اسلحے میں 2 ایل ایم جی، 2 ایس ایم جی، 3آٹھ ایم ایم رائفل، ریپیٹر،ایک 9 ایم ایم پسٹل، ایمونیشن اور25 آوان بم بھی شامل ہیں۔

    سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ اسلحہ، ایمونیشن ممکنہ دہشت گردی کے لیے چھپایا گیا تھا۔

    رینجرزکی کراچی میں کارروائی، ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر گلستانِ جوہر کے علاقے پرفیوم چوک میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان تابش ندیم، محمد یاسر علی اور فرقان رشید کو گرفتارکیا تھا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

  • حجام کرام نے سیاسی شعار بلند کیے تو سخت کارروائی ہوگی، سعودی حکومت

    حجام کرام نے سیاسی شعار بلند کیے تو سخت کارروائی ہوگی، سعودی حکومت

    ریاض : سعودی حکومت نے جاری بیان میں حج کے موقع پرگڑ بڑپھیلانے والوں کو سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے حج بیت اللہ کے لیے آنے والے مہمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت کی برکات سمیٹنے، شعائر حج کی ادائی اورفریضہ حج کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے پر مرکوز رکھیں اورہرقسم کے مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی کی الائشوں سے خود کو دور رکھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز سعودی کابینہ کے اجلاس کےبعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حجاج کرام کا سیاسی، مسلکی اور فرقہ وارانہ نعروں میںملوث ہونا مناسب نہیں۔ اس طرح کے تصرفات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص یا گروپ کی طرف سے حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والا بیان وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ شبانہ نے پڑھ کر سنایا،اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اسلام کے پانچویں رکن یعنی حج کی ادائی کے لیے آنےوالے فرزندان توحید کا خیر مقدم کیا اور ان کے فریضہ حج اور مناسک حج کی ادائی کی توفیق اور عبادت کی قبولیت کی بھی دعا کی۔

    شاہ سلمان نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر حجاج کرام کو مناسک کی ادائیگی کے دوران ہرممکن مدد، سہولت اور آسانی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز شاہ سلمان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی غور کیا گیا، کابینہ نے سنہ 2020ءکے آخر تک تیل کی پیداوار کم کرنے کے ‘اوپیک’ کے فیصلے کو سراہا۔

    کابینہ نے جمہوریہ سوڈان میں احتجاجی تحریکوں اور مسلح افواج کے درمیان طے پائے شراکتِ اقتدار کے سمجھوتے کا بھی خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں یمن، شام، لیبیا کی صورت حال اور ایران کی طرف سے خطے میں بڑھتی مداخلت اور اس کی روک تھام پربھی غور کیا گیا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ سب کمیٹی پرائس کنٹرول کومصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

    وزیراعلی‌ٰ پنجاب نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والےعناصرکے خلاف بلا امتیاز کارراوئی کی جائے، ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔

    سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔

    وزیر اعظم کی مہنگائی میں اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافےکا نوٹس لیا تھا۔

    وزیراعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنز اسلام آباد کو مہنگائی کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قیمتوں کے کنٹرول کے قوانین پر موثر عملدرآمد کے لیے فوری لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

    وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • ایف اے ٹی ایف کا کرپٹو کرنسی کے خلاف کارروائی کا آغاز

    ایف اے ٹی ایف کا کرپٹو کرنسی کے خلاف کارروائی کا آغاز

    لندن : بٹ کوائنز جیسی ڈیجیٹل کوائنز (کرپٹو کرنسی) کو منی لانڈرنگ جیسے غیر قانونی عمل کےلئے استعمال کیے جانے سے روکنے کےلئے منی لانڈرنگ کے عالمی نگراں ادارے نے اقدامات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق 30 سال قبل منی لانڈرنگ کو روکنے کےلئے قائم ہونے والے ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے اپنے رکن ممالک کو بتایا کہ کرپٹو کرنسی پر نظر رکھی جائے تاکہ ڈیجیٹل کوائنز کو کیش کی منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہونے سے روکا جاسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے یہ اقدام عالمی قانون پر عمل در آمد کروانے والے اداروں کی کرپٹو کرنسی کو منی لانڈرنگ جیسے جرائم میں استعمال کیے جانے کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر سامنے آیا۔

    ایف اے ٹی ایف کے بیان میں کہا گیا کہ ممالک کرپٹو کرنسی سے متعلق اداروں، جیسے ایکسچینجز اور کسٹوڈینز کی نگرانی اور انہیں رجسٹر کریں گے، صارفین کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور مشتبہ ٹرانزیکشنز کی اطلاع دیں گے۔

    ایف اے ٹی ایف کے صدر مارشل بلنگسلیا کے مطابق پوری دنیا کو اس کے خطرات کا سامنا ہے، قوموں کو فوری طور پر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کا یہ اقدام عالمی سطح پر 300 ارب ڈالر کے کوائنز کی تجارت کرنے والی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ہے۔دنیا بھر میں کرپٹو سے متعلق اداروں کی نمائندگی کرنے والے صنعتی ادارے گلوبل ڈیجیٹل فنانس نے ایف اے ٹی ایف کے قواعد کو قبول کیا۔

    ان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیانا بیکر ٹیلر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی، کرپٹو کرنسی کے بھیجنے اور وصول کرنے والے شخص کی تفصیلات فراہم کرنے کی تجاویز پر عمل کرنا مشکل کام ہوگا مگر ہمیں یہ کرنا ہوگا۔