Tag: کاروبار کی خبریں

  • ملک میں گوشت کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ

    ملک میں گوشت کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ملک میں گوشت کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے مویشیوں کو فربہ کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں فارمز قائم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں گوشت کی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے 4 لاکھ مویشیوں کو فربہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے جاری کی جانے والی دستاویز کے مطابق بھینسوں کو فربہ کرنے کے لیے ملک بھر میں فارم قائم کیے جائیں گے۔

    دستاویز کے مطابق 7 ہزار کسانوں کو بچھڑے فربہ کرنے کے لیے رجسٹر کیا جائے گا جبکہ 25 ہزار کسانوں کو بھینسوں کو فربہ کرنے کے لیے رجسٹر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 5 لاکھ 95 ہزار مویشی فربہ کیے جائیں گے۔

    مویشیوں کو فربہ کرنے کے لیے 9 ہزار فارمز قائم کیے جائیں گے، 4 سالہ منصوبے پر 2 ارب 38 کروڑ 51 لاکھ لاگت آئے گی۔ منصوبے کے لیے رواں مالی سال 10 کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔

    دستاویز کے مطابق منصوبے کے لیے 20 فیصد فنڈ وفاق اور 80 فیصد فنڈ صوبے دیں گے۔ سندھ میں ایک لاکھ، پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ، گلگت بلتستان میں 15 ہزار، پختونخواہ میں 80 ہزار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 20 ہزار مویشیوں کو فربہ کیا جائے گا۔

  • حکومت کو پاور سیکٹر میں اصلاحات لانا ہوں گی: اسٹیٹ بینک

    حکومت کو پاور سیکٹر میں اصلاحات لانا ہوں گی: اسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حکومت کو پاور سیکٹر کے اخراجات اور سبسڈیز میں کمی کرنا ہوگی، حکومت کو پورے پاور سیکٹر میں اصلاحات لانا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ حکومت کو پاور سیکٹر کے اخراجات اور سبسڈیز میں کمی کرنا ہوگی، پاور سیکٹر کو ادائیگوں میں زیادہ تر کپیسٹی پے منٹس ہوتی ہیں۔ کپیسٹی پے منٹس میں اضافے نے سستے ایندھن کے فائدے کو زائل کر دیا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ٹرانس میشن، ڈسٹری بیوشن کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری درکار ہے، جنریشن کپیسٹی میں اضافے سے بجلی نرخوں میں اضافہ ہوا۔ حکومت کو پورے پاور سیکٹر میں اصلاحات لانا ہوں گی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اصلاحات سے گھریلو اور برآمدی سیکٹر کو سستی بجلی ملے گی، پورے توانائی سیکٹر کو ایفیشنٹ اور مالی طور پر مستحکم ہونا ہوگا۔ آئی پی پیز کے بیشتر معاہدے 4 سے 5 سال میں مکمل ہو رہے ہیں۔ آئندہ معاہدوں میں حکومت کو طویل مدتی پالیسی کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

    اس سے قبل ایک رپورٹ میں اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہونے لگی ہے، رواں مالی سال کے دوران 59 فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 50 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 1 ارب 73 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

  • آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کا اصل مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے، موجودہ حکومتی پالیسیوں میں پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف موجودہ پاکستانی حکومت کے پروگرام میں مدد فراہم کرے گا، معاشی بحالی کا پروگرام دو اہم ستونوں پر مشتمل ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ ان میں پہلے نمبر پر بڑے مسائل کا حل اور دوسرے نمبر پر اداروں کی تنظیم نو شامل ہے۔ معشیت کو لاحق بڑے مسائل میں اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کا توازن، قرضوں کی ادائیگی اور دیگر مالیاتی معاملات شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ ٹیکسوں کا کم حصول ہے، پروگرام میں فنڈ کا زور ٹیکس نیٹ میں اضافے پر ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ مارکیٹ بیسڈ ایکس چینج ریٹ بھی برآمدات کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ سماجی بہبود کے اخراجات میں اضافہ معاشی بحالی کے لیے اہم ہے۔ کاروبار کے لیے ماحول بہتر بنانا، ریڈ ٹیپ کا خاتمہ اور ٹیکس پالیسی ریفامز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

  • قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    اسلام آباد: قطر نے پاکستانی چاول کی درآمدات پر عائد پابندی ختم کر کے چاول کی درآمدات کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صفدر میکری نے کی۔

    اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ قطر اور ایران کی منڈیوں میں چاول کی برآمدات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اگلے 5 سال تک چاول کی برآمدات کو 2 سے 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائیں گے، چین اور انڈونیشیا میں اضافی مارکیٹ رسائی سے چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، حکومتی اقدامات سے درآمدات میں 6 ارب ڈالر کمی ہوئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ 5.9 ارب ڈالر کم رہا، جبکہ اس وقت ملک کا تجارتی خسارہ 31 ارب ڈالر ہے۔

    عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملک میں کھاد کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں، ہم نے قطر کو چاول کی برآمدات شروع کر دی ہے، ایران نے 5 لاکھ ٹن چاول آرڈر کیا جو آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

  • جولائی کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    جولائی کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: جولائی 2019 کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 38 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ صرف ایک شے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال 20-2019 کے پہلے ماہ (جولائی 2019) کے آغاز میں مہنگائی کی شرح میں 0.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے کے دوران کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 4 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ایل پی جی، زندہ مرغی، پیاز، ٹماٹر، چینی، گڑ، چنے کی دال، مٹی کا تیل، دال مونگ، دال ماش، دال مسور، سگریٹ، لہسن، آلو، گندم، آٹا، روٹی سادہ، خوردنی تیل، بیف، مٹن، انڈے، سرخ مرچ، تازہ دودھ ، دہی، مسٹرڈ آئل، باسمتی چاول، اور ویجی ٹیبل گھی سمیت 38 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    جولائی کے آغاز میں صرف کیلے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، گیس نرخ، بجلی کے نرخ، چائے، ملک پاؤڈر، نمک، صابن، اری چاول، سمیت 14 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار، 12 ہزار تا 18 ہزار آمدنی، 18 ہزار تا 35 ہزار اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.90، 0.89، 0.84، اور 0.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3 روپے کمی ریکارڈ

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3 روپے کمی ریکارڈ

    کراچی: گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ ہفتے ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر سے 50 کروڑ اور 10 کروڑ ڈالر ترسیلات سے روپے کی قدر 2 فیصد بڑھی۔

    رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر 4 روپے سستا ہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 161 سے کم ہو کر 157 روپے ہوگئی۔

    اس سے قبل 29 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا تھا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔

    24 سے 28 جون کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 156.83 سے بڑھ کر 160.05 روپے ہوگئی تھی۔ اس ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔

    ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔ ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔

  • لنڈے کے کپڑوں پر بھی 10 فیصد ٹیکس عائد

    لنڈے کے کپڑوں پر بھی 10 فیصد ٹیکس عائد

    کراچی: نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی بیرون ملک سے درآمد کیے گئے استعمال شدہ کپڑوں پر بھی 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگئی۔ استعمال شدہ کپڑے بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کا اطلاق بھی ہوگیا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے پہلے ہی درآمدی استعمال شدہ کپڑوں کی قیمت میں اضافہ ہوچکا تھا جبکہ ڈیوٹی لگنے کے بعد یہ غریبوں کی پہنچ سے بھی باہر ہوجائیں گے۔

    پاکستان سیکنڈ ہینڈ کلوتھنگ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کو ایک فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ٹیکسوں میں اضافے اور مہنگے ڈالر کے باعث اب کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ نئے کپڑے تو خرید نہیں سکتے تھے اب پرانے کپڑے بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے استعمال شدہ کپڑے درآمد کیے گئے تھے۔ مہنگائی کی موجودہ صورتحال سے درآمد کنندگان غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہیں۔

  • ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے کمی

    ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے کمی

    کراچی: گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد آج منگل کے روز انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 30 پیسے سستا ہوگیا جس کے بعد ڈالر 157 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینکوں کے درمیان لین دین میں روپے پر دباؤ میں کمی آئی ہے جس کے بعد روپے کی قدر میں بہتری کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 30 پیسے سستا ہوگیا۔

    انٹر بینک میں آج ڈالر 157 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا تھا، ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔

    صرف ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔

  • ڈالر کی اونچی اڑان، قرضوں میں 12 سو ارب روپے کا اضافہ

    ڈالر کی اونچی اڑان، قرضوں میں 12 سو ارب روپے کا اضافہ

    کراچی: گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں میں 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا، انٹر بینک میں ڈالر 156.83 سے بڑھ کر 160.05 روپے پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

    ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

    اس سے گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 156 روپے پر پہنچ گئی تھی۔

    جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ 5 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہو چکا ہے، ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 588 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

  • ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 52 پیسے اضافہ ہوگیا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 160 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روپے کی قیمت میں کمی جاری ہے اور ڈالر مہنگا ہوتا جارہا ہے، 26 جون 2019 کو انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    ڈالر کی قیمت میں آج 3 روپے 52 پیسے اضافہ ہوگیا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 160 روپے پر پہنچ گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 156 روپے پر پہنچ گئی تھی۔

    جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ 5 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہو چکا ہے، ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 588 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

    گزشتہ ماہ ڈالر کی قیمت کو اچانک پر لگ گئے تھے جس کے بعد لوگوں نے ڈالر خرید کر رکھنا شروع کردیا، ڈالر کی اس ذخیرہ اندوزی کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ ڈالر 153 روپے کی سطح تک تھا۔