Tag: کاروبار کی خبریں

  • وزیر اعظم کا کامیاب دورہ سعودی عرب، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    وزیر اعظم کا کامیاب دورہ سعودی عرب، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس میں 39 ہزار 271 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ چند دنوں کی مندی کے بعد زبردست تیزی دیکھی گئی۔

    دن کے آغاز پر مارکیٹ میں 100 انڈیکس میں 11 سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد انڈیکس 38 ہزار 800 سے اوپر ٹریڈ کرنے لگا۔

    پورے دن میں 8 ارب روپے مالیت کے 33 کروڑ شیئرز کا ریکارڈ کاروبار کیا گیا۔

    دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 15 سو 56 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 ہزار 271 پر بند ہوا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں تھے جہاں پاکستان نے 12 ارب ڈالرز کا امدادی پیکج حاصل کر لیا۔

    سعودی عرب ادائیگیوں میں توازن پر 3 جبکہ ادھار پر تیل کے لیے 9 ارب ڈالر دے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر ایڈوانس دیے جائیں گے۔ ایڈوانس ایک سال کے لیے ہوگا۔

    سعودی عرب سے اقتصادی و معاشی معاہدہ تین سالہ ہوگا۔ پاکستان سعودی عرب چوتھے سال معاہدے کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔

    سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوگا۔

    دوسری جانب گزشتہ کئی روز سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی جارہی تھی۔ گزشتہ روز 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کے دوران 630 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 37 ہزار 714 پوائنٹس پر بند ہوا۔

  • مہنگائی کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

    مہنگائی کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

    کراچی : ماہ اگست میں مہنگائی میں اضافے کی شرح چار سال کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی، مہنگائی میں اضافے کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ چار فیصد رہی ، مرکزی بینک نے مہنگائی مقررہ ہدف سے زائد ہونے کی پیشن گوئی کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اگست میں افراط زر کی شرح چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ مہنگائی مقررہ ہدف سے زائد ہونے کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔

    ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ چار فیصد رہی، رواں مالی سال کے لئے حکومت نے افراط زر کا ہدف چھ فیصد مقرر کیا ہے۔

    اگست میں بنیادی افراط زر کی شرح سات اعشاریہ سات فیصد رہی جو کہ تین سال دس ماہ کی بلند ترین سطح ہے، خوردنی اشیاء میں مہنگائی کی شرح تین اعشاریہ تین فیصد رہی۔

    اگست میں ٹماٹر کی قیمت میں اڑتالیس فیصد، پیاز چھبیس فیصد گوشت کی قیمت ساڑھے دس فیصد بڑھی جبکہ تعلیمی اخراجات میں تیرہ فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ معاشی ماہرین کے مطابق میں افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جون میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 5.21 فی صد رہی جو کہ اکتوبر2014 سے اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے، ماہرین کی پیشن گوئی کےمطابق دسمبر دوہزاراٹھارہ تک شرح سود 8.5 فیصد ہوجانے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی نے معاشی اعداد وشمار اور خاص طور پر افراط زر کا جائزہ لینے کے بعد دو ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بنیادی شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد شرح سود ساڑھے سات فیصد ہوگئی تھی۔