Tag: کاروبار کی خبریں

  • ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    بیجنگ: ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں 67 سینٹس فی بیرل کا اضافہ ہوگیا۔

    خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 1.96 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 70 سینٹ اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 36 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مختلف ممالک اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ایشیائی ممالک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر اپنے خام تیل کے اسٹاک کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کے مالکان کو مزید سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہوں کے لیے قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کو تنخواہ کی ادائیگی میں مزید سہولت فراہم کردی گئی ہے، کاروباری افراد جنہوں نے ملازمین کو تنخواہ خود ادا کردی ہے ان کو بھی قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

    اسٹیٹ بینک نے 10 اپریل کو ریفنانس اسکیم کا اعلان کیا تھا، اسکیم کے تحت کاروباری افراد سستے قرضے لے سکتے ہیں تاکہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر سکیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق وہ افراد جنہوں نے اپریل میں قرضے کی درخواست دی لیکن وہ منظور نہیں ہوئے یا وہ انتظار میں ہیں، اب وہ کاروباری افراد مئی میں کلیم داخل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے مئی 2020 کی تنخواہ ادا کردی لیکن ان کے قرضے منظور نہیں ہوئے انہیں بھی یہ قرضہ مل سکے گا۔

  • گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: اپریل کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.72 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.72 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 9.84 فیصد رہی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں آلو، دودھ، کیلا، چاول، دہی اور دالیں شامل ہیں۔ مرغی کی قیمت میں بھی 7.72 فیصد اضافہ ہوا۔

    گزشتہ ہفتے 11 اشیا بشمول انڈے، پیاز، ٹماٹر، لہسن اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی آئی، 27 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    اس سے قبل ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں مہنگائی میں 0.8 فیصد کمی ہوئی۔ اپریل میں مہنگائی کم ہو کر 8.5 فیصد ہوگئی، مارچ میں مہنگائی کی شرح 10.2 فیصد تھی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ جولائی تا اپریل کے 10 ماہ میں مہنگائی 11.22 فیصد رہی، رمضان کی آمد کے باعث متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

    10 ماہ میں شہری علاقوں میں دال مونگ 101 فیصد مہنگی ہوئی، آلو 92 فیصد، دال ماش 68 فیصد، دال مسور 47 فیصد، انڈے 44 فیصد اور پیاز 41 فیصد مہنگی ہوئی۔

    اسی عرصے کے دوران دال چنا 31 فیصد، بیسن 29 فیصد، چینی 27 فیصد، گندم 17 فیصد، آٹا 15 فیصد, گوشت 14 فیصد, گھی 26 فیصد, کوکنگ آئل 22 فیصد اور ادویات 13 فیصد مہنگی ہوئیں۔

  • ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    کراچی: رواں برس اپریل میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی کمی آئی، برطانوی پاؤنڈ 205 روپے سے کم ہوکر 199 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں ڈالر سستا ہونے سے دیگر کرنسی بھی سستی ہوگئی، اپریل میں انٹر بینک میں ڈالر 6.53 روپے سستا ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر 166.70 سے سستا ہو کر 160.17 کا ہوگیا۔ ڈالر سستا ہونے سے یورو، برطانوی پاؤنڈ، سعودی ریال اور درہم بھی سستا ہوگیا۔

    اپریل میں یورو 8.96 روپے سستا ہوا اور یورو کی قیمت 183.14 سے کم ہو کر 174.18 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح ایک ماہ میں برطانوی پاؤنڈ 5.68 روپے سستا ہوا جس کے بعد برطانوی پاؤنڈ 205.41 سے کم ہو کر 199.73 روپے کا ہوگیا۔

    اس عرصے میں سعودی ریال 1.77 روپے سستا ہو کر 42.60 روپے کا ہوگیا جبکہ اماراتی درہم بھی 1.78 روپے سستا ہو کر 43.60 روپے کا ہوگیا

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 161 روپے 90 پیسے پر پہنچ گئی۔

    اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں 76 پیسے کمی ہوئی تھی جس کے بعد ڈالر 161.12 سے کم ہو کر 160.36 روپے پر بند ہوا۔

    ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر سستا ہونے سے مہنگائی کی شرح بھی کم ہوگی۔

  • ڈالر کی قیمت میں 1.43 روپے اضافہ

    ڈالر کی قیمت میں 1.43 روپے اضافہ

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 161 روپے 90 پیسے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 43 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 160.47 سے بڑھ کر 161 روپے 90 پیسے پر پہنچ گیا۔

    اس سے قبل کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 76 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 161.12 سے کم ہو کر 160.36 روپے پر بند ہوا، ڈالر کی کمی کے اثرات تجارتی معاملات پر بھی پڑ رہے ہیں۔

    ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر سستا ہونے سے مہنگائی کی شرح بھی کم ہوگی۔

  • کویت نے تیل کی پیداوار میں کمی شروع کردی

    کویت نے تیل کی پیداوار میں کمی شروع کردی

    کویت سٹی: کویت نے تیل کی پیداوار میں کمی شروع کردی، کویتی وزیر پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ کویت اوپیک پلس اور اوپیک کے رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ جدوجہد کے حق میں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت نے اوپیک پلس کے تاریخی معاہدے کے مطابق یومیہ تیل کی پیداوار میں 2.24 ملین بیرل کی کمی شروع کردی ہے۔

    ایک کویتی عہدیدار کے مطابق کویت نے تیل کی پیداوار میں کمی کا آغاز اوپیک پلس معاہدے پر عملدر آمد یکم مئی سے ایک ہفتے قبل ہی شروع کردیا ہے۔

    کویتی عہدیدار کے مطابق کویت آئل کمپنی نے برقان آئل فیلڈ کے کئی کنویں بند کردیے ہیں اور اصلاح و مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ کویتی وزیر پیٹرولیم خالد الفاضل نے ان غیر ملکی اخباری رپورٹوں کی تردید کی تھی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کویت پر تیل پیداوار میں کمی جلد از جلد شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    غیر ملکی اخبارات کے مطابق کویت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ یکم مئی سے قبل ہی تیل پیداوار سے متعلق اوپیک پلس کے معاہدے پر عمل درآمد فوراً شروع کردے۔

    الفاضل نے کہا کہ تیل پیداوار میں کمی کا فیصلہ کویت کا ریاستی اختیار ہے، کویت اوپیک پلس اور اوپیک کے رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ جدوجہد کے حق میں ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، گزشتہ ہفتے قیمت میں اضافے کے بعد آج پھر کمی دیکھی جارہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کی کمی ہوئی جس کے بعد امریکی خام تیل 25 ڈالر 93 سینٹس فی بیرل کا ہوگیا۔

    اسی طرح برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد کی کمی ہوئی جس کے بعد برینٹ خام تیل 30 ڈالر 3 سینٹس کا ہوگیا۔

    گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا تھا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ سنبھلنے لگی

    مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ سنبھلنے لگی

    کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک ماہ کی بدترین مندی کے بعد بالآخر سنبھالا لینے لگی، گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 512 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 12.49 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 3 ہزار 512 پوائنٹس اضافے سے 31 ہزار 621 پر بند ہوا۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 31 ہزار 816 اور کم ترین سطح 27 ہزار 461 رہی۔

    گزشتہ کاروباری ہفتے میں 1.13 ارب شیئرز کے سودے 37 ارب روپے میں طے پائے، سرمایہ کاروں کو کاروباری ہفتے میں 542 ارب کا فائدہ ہوا ہے۔

    مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروباری ہفتے کے اختتام پر 6016 ارب روپے ہوگئی۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے اسٹاک ایکسچینج سمیت پوری معیشت پر بدترین اثرات دیکھے جارہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل مندی کا شکار تھی۔

    تاہم حکومتی کوششوں کے بعد بالآخر رواں ہفتے مارکیٹ نے سنبھالا لیا، اسٹاک مارکیٹ میں 3 روز قبل 100 انڈیکس میں 12 سو 8 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔

    2 روز قبل اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 273.94 پوائنٹس بڑھا تھا جبکہ گزشتہ کاروباری روز بھی انڈیکس میں 12 سو 77 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔

    آخری کاروباری روز مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 1 کھرب 41 ارب 26 کروڑ 48 لاکھ روپے کے اضافے سے بڑھ کر 60 کھرب 16 ارب 39 کروڑ 91 لاکھ روپے ہوگئی۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بدترین کمی کے بعد اب اضافہ دیکھا جارہا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر تک ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافہ قیمتوں پر ممکنہ معاہدے کی امید پر ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور سعودی عرب میں قیمتوں پر معاہدہ جلد متوقع ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں اس وقت خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر ہے، روس اور سعودی عرب نے پیداوار بڑھانے کے ساتھ قیمتوں میں بھی کمی کی ہے۔

    مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • معیشت کے لیے خوشخبری، ملکی پیداوار میں اضافہ

    معیشت کے لیے خوشخبری، ملکی پیداوار میں اضافہ

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات نے خوشخبری سنا دی، دسمبر 2019 کے بعد جنوری 2020 میں بھی ملکی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ملکی پیداوار پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دسمبر 2019 کے مقابلے میں جنوری 2020 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 7 فیصد بڑھی، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 3.37 فیصد کمی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پہلے 7 ماہ فوڈ بیورج، تمباکو، کھاد، پیپر اینڈ بورڈ اور چمڑے کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ سال گزشتہ کی نسبت جولائی تا جنوری آٹو سیکٹر، فارما، اسٹیل اور الیکٹرانکس کی پیداوار میں کمی ہوئی۔

    یاد رہے کہ دسمبر 2019 میں بھی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور جنوری میں ہونے والا اضافہ اس سے بھی زیادہ تھا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں خوراک اور مشروبات سیکٹر، ٹیکسٹائل سیکٹر، پیپر اینڈ بورڈ، چمڑے کی صنعت، فارما سیکٹر اور الیکٹرونکس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    دوسری طرف آٹو سیکٹر، انجینئرنگ پروڈکٹس، آئرن اینڈ اسٹیل کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی تھی۔