Tag: کارٹونسٹ

  • ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

    ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

    ترکیہ میں ایک ہفت روزہ میگزین میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت موسٰی علیہ السلام کا گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پرکارٹونسٹ اور ایڈیٹرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ گستاخانہ خاکہ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب تھا، خاکے کی اشاعت پرمذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق 26 جون 2025 کے شمارے میں شائع ہونے والے ایسے کارٹون کے حوالے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جو کھلے عام مذہبی اقدار کی توہین کرتا ہے، خاکے کی اشاعت میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔

    خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ سامنے آتے ہی استنبول کے وسطی علاقے میں واقع ایک بار جہاں اکثر میگزین کے عملے کے افراد موجود ہوتے ہیں، پر مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول دیا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے بعد ازاں ایکس پر ویڈیو شیئر کی جس میں متنازع کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو گرفتار کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جس شخص نے یہ گستاخانہ خاکہ بنایا اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    قرآن پاک کی توہین گستاخانہ اور ناقابل قبول عمل ہے، پوپ فرانسس

    کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین سے وابستہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں دو ایڈیٹر ان چیف اور منیجنگ ایڈیٹر شامل بھی ہیں۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے مذکورہ معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیا کی شان میں گستاخی کریں گے، ان سے قانون کے مطابق بازپرس کی جائے گی۔

  • ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایوارڈ یافتہ سیاسی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے بانی اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس سے متعلق طنزیہ کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    کارٹونسٹ این ٹیلنس نے اخبار کے مالک امریکی ارب پتی تاجر جیف بیزوس کے کاروبار سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر احتجاجاً نوکری چھوڑی، اخبار نے کارٹون شائع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    کارٹون میں جیف بیزوس کے ساتھ ساتھ فیس بک اور میٹا کے بانی مارک زکربرگ اور اوپن اے آئی کے مالک سیم آلٹ مین کو ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے اور پیسوں کے تھیلے اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    کارٹون میں مکی ماؤس کو بھی سجدے کی حالت میں دکھایا گیا ہے، ڈزنی کی ملکیت اے بی سی نیوز نے پچھلے مہینے ٹرمپ کے دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے کو حل کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان

    این ٹیلنس کا کہنا ہے کہ اس کے پچھلے کارٹون بھی مسترد کیے گئے تھے، لیکن یہ پہلی بار تھا کہ اس کے ”نقطہ نظر“ کی وجہ سے کارٹون نہ چھپا ہو، یہ گیم چینجراور آزاد صحافت کے لیے خطرہ ہے۔

    این ٹیلنس طویل عرصے سے واشنگٹن پوسٹ سے بہ طور کارٹونسٹ وابستہ رہی ہیں، اخبار کے ادارتی صفحے کے ایڈیٹر ڈیوڈ شپلی نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کارٹون کو ’دہرائے جانے‘ سے بچنے کے لیے شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس لیے نہیں کہ اس نے اخبار کے مالک کا مذاق اڑایا۔

  • مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    اوٹاوا/واشنگٹن : کینیڈین پبلیشنگ کمپنی نے مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش پر گولف کھیلتے ٹرمپ کی ڈرائنگ بنانے والے کارٹونسٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔

    کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔

    ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا،ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔

    مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔