Tag: کارڈ

  • سعودی حکام کی اے ٹی ایم کارڈز کے حوالے سے وارننگ

    سعودی حکام کی اے ٹی ایم کارڈز کے حوالے سے وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایک سے زائد اے ٹی ایم کارڈز کے لیے ایک ہی پن کوڈ استعمال نہ کریں ورنہ وہ مشکل میں پڑ سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی بینکوں کے ماتحت میڈیا کمیٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایک سے زائد اے ٹی ایم کارڈ کے لیے ایک ہی پن کوڈ کا استعمال نہ کریں، یہ ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

    میڈیا کمیٹی نے کہا ہے کہ کوئی سعودی یا مقیم غیر ملکی ایک سے زیادہ بینک میں اکاؤنٹ کھلوائے ہوئے ہو اور اس کے پاس ایک سے زیادہ اے ٹی ایم کارڈز ہوں تو ہر کارڈ کے لیے الگ پن کوڈ کا استعمال کریں۔

    کمیٹی کے مطابق تمام کارڈز کا ایک ہی پن کوڈ رکھنے سے مشکل ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ اے ٹی ایم کارڈ چوری کرنے والے یا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرتے وقت خفیہ نمبر پر نظر رکھنے والے زیادہ تر وارداتیں اسی بنیاد پر کرتے ہیں کہ بعض کھاتے دار بہت سارے اے ٹی ایم کارڈ کا ایک ہی خفیہ نمبر اختیار کیے ہوئے ہوتے ہیں۔

    تجارتی مراکز میں بھی اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرتے وقت اس قسم کے کھاتے داروں کے ساتھ وارداتیں ہو رہی ہیں۔

  • عوامی خدمت کے منصوبے سیاسی لیڈروں کی تصاویر سے پاک ہوگئے

    عوامی خدمت کے منصوبے سیاسی لیڈروں کی تصاویر سے پاک ہوگئے

    اسلام آباد: احساس کفالت کارڈ سے بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی تصاویر کیوں ہٹائی گئیں؟ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احساس کفالت کارڈ سے سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں، سیاسی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کیا۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود اس فیصلے کی منظوری دی، یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ آئندہ کارڈ پر صرف قائد اعظم کی تصویر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے اداروں کا سیاست کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، حکومت نے سماجی اداروں کو سیاست سے پاک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قائد کی تصویر ثبوت ہے کہ حکومت سماجی اداروں کا سیاسی استعمال روکے گی، کفالت پروگرام کے ذریعے انتہائی غریب افراد کی ماہانہ مدد کریں گے۔ مستحق خواتین کے بچت بینک اکاؤنٹس بھی کھولے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔

    بے نظیر کارڈ ختم کر کے مستحقین کو احساس کفالت کارڈ پر وظیفہ ملے گا، کارڈ سے نواز شریف اور بے نظیر کی تصاویر ختم کر کے صرف قائد اعظم کی تصویر لگے گی۔

    حکومت ہر ماہ 70 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپے دے گی جبکہ بی آئی ایس پی کے 40 لاکھ بینی فشریز بھی کفالت پروگرام میں شامل ہیں۔

  • اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی کا منفرد دعوت نامہ

    اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی کا منفرد دعوت نامہ

    معروف اداکاروں اقرا عزیز اور یاسر حسین نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا، دونوں کی شادی کا انوکھا و مزاحیہ کارڈ جلد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    اقرا عزیز اور یاسر حسین نے شادی کی تاریخ کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر کیا۔ شادی کے کارڈ میں دونوں کی خوبصورت السٹریشن بنی ہوئی ہے۔

    کارڈ کا متن بھی خاصا دلچسپ ہے۔ کارڈ میں لکھا گیا ہے، خادم صاحب کا لڑکا یاسر (دیر آیا درست آیا)، عزیز صاحب کی لڑکی اقرا (سمجھداری کی مثال)۔

    کارڈ کے مطابق یہ جوڑا رواں برس 28 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہا ہے جس کی وجہ کارڈ پر یہ لکھی گئی کہ سنہ 2020 میں مزید مہنگائی ہوجائے گی۔

    کارڈ کے آخر میں لکھا گیا ہے، تحفوں کی ضرورت نہیں، البتہ سلامی مشوروں کی طرح دیں یعنی دل کھول کر۔

     

    View this post on Instagram

     

    Duaon mai yaad rakhen ❤️ #iqyasirdaviyah card design @ameerzahirali

    A post shared by Yasir Hussain (@yasir.hussain131) on

    خیال رہے کہ اقرا عزیز نے چند ہی ڈراموں سے بہت جلد اداکاری میں اپنا لوہا منوا لیا ہے جبکہ ان کے مداحوں کی تعداد بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

    یاسر حسین نے رواں برس ایک ایوارڈ کی تقریب میں اقرا کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے کچھ لوگوں نے پسند کیا جبکہ کچھ نے اسے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیتے ہوئے اس پر خاصی تنقید کی۔