Tag: کارگو سروس

  • پاکستان اور روس کے درمیان پہلی بار براہ راست کارگو سروس کا آغاز

    پاکستان اور روس کے درمیان پہلی بار براہ راست کارگو سروس کا آغاز

    اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان پہلی بار براہ راست کارگو سروس کا آغاز ہوگیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار روس کیساتھ سمندری راستے سے براہ راست کارگو سروس کا آغاز ہوگیا، سمندری راستے سے تجارت کے آغاز پر نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، روسی حکام اور وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک تقریب میں موجود تھے۔

    وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے تجارتی تعلقات بہترہو رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ روس کی معیشت جی ڈی پی کے لحاظ سے پاکستان سے 5گنا بڑی ہے، ہم ایک جامع آزاد تجارتی معاہدے کی تلاش کر رہے ہیں اور ٹیرف کوکم کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کوفروغ دی جا سکے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارت کو 20 بلین ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت کے ساتھ کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کہ شپنگ سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی شکل ملے گی۔

    براہ راست کارگو سروس شپنگ کے وقت کو ایک ماہ سے 18 دن تک کم کر دے گی، پہلا جہاز آج کراچی پہنچے گا جبکہ دوسرا براہ راست جہاز 29 مئی تک بندرگاہ پر پہنچے گا۔

    اس وقت روس کو پاکستان کی برآمدات 150 ملین امریکی ڈالر ہیں جبکہ درآمدات 300 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔ تاہم، اس براہ راست شپنگ سروس کے نفاذ سے آنے والے برسوں میں روس کو پاکستانی برآمدات میں 2.5 بلین ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔

  • پاکستان اور عراق کے درمیان مسافر کارگو سروس شروع کرنے پر غور

    پاکستان اور عراق کے درمیان مسافر کارگو سروس شروع کرنے پر غور

    بغداد: وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے اپنے عراقی ہم منصب عبداللہ لیابی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مسافر کارگو سروس شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر علی زیدی نے عراق دورے کے موقع پر اپنے ہم منصب عبداللہ لیابی کے ساتھ ملاقات کی۔

    ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان مسافر کارگو سروس کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

    دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے عراقی ہم منصب اور وزیر ٹرانسپورٹ کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہم اداروں اور معیشت کو ٹھیک کرکے جائیں گے، علی زیدی

    عراقی وزیر ٹرانسپورٹ عبداللہ لیابی نے دورے کی دعوت قبول کر لی، وہ اگست میں پاکستان آئیں گے۔ دورے کے دوران کارگو فیری سروس کے آغاز پر بات چیت کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ پی پی اور ن لیگ دور حکومت میں معیشت کو تباہ کیا گیا، ہم اداروں اور معیشت کو ٹھیک کر کے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا قدم بقا کے لیے تھا اور اب معیشت کے استحکام کی طرف جا رہے ہیں۔