Tag: کار حادثہ

  • رحیم یار خان: تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    رحیم یار خان: تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    رحیم یار خان: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی فیملی کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں موٹر وے ایم فائیو پر ترنڈہ محمد پناہ انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق، جب کہ 5 زخمی ہو گئے ہیں۔

    موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کی شکار فیملی سکھر سے ایم فائیو کے ذریعے ملتان جا رہی تھی۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں اور زخمی قریبی اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

  • یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فلوریڈا: ایک ایسی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جو ہرگز کسی فلمی سین پر مبنی نہیں، بلکہ ایک اصلی فاسٹ اینڈ فیورس سین دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ہائی وے پر نوجوان خاتون سے تیز رفتار کار بے قابو ہو گئی، اور وہ سڑک کے کنارے کھڑے ٹو ٹرک کے ریمپ پر چڑھ دوڑی، اور اگلے لمحے وہ ہوا میں کئی میٹر بلند اڑتی نظر آئی۔

    کار ایک 21 سالہ خاتون چلا رہی تھی، جو اس ہولناک حادثے میں خوش قسمتی سے بچ گئی، لیکن اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اب اس کی حالت سنبھل چکی ہے۔

    یہ حادثہ جارجیا ہائی وے پر پیش آیا، جب بدھ کو سڑک پر لانڈس کاؤنٹی پولیس کی جانب سے ہائی وے پر جارجیا اسٹیٹ پٹرول کی مدد کی جا رہی تھی، یہاں ہائی وے کو درمیان میں گھاس کا قطعہ بنا کر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک سڑک کے کنارے ٹو ٹرک کھڑا تھا جس کا ریمپ نیچے کیا گیا تھا۔

    باڈی کیمرہ لگائے ایک نائب شیرف ٹو ٹرک کی سمت چل رہا تھا، جب اچانک ایک بے قابو کار آئی اور ریمپ پر چڑھ دوڑی، کار نے ٹرک کے پچھلے حصے میں لگے بیریئر کو توڑا اور ہوا میں بلند ہو گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سڑک کنارے ٹوو ٹرک سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی کافی دور دوسری گاڑی پر جا گری ہے۔

  • سعودی عرب میں کار سوار خاتون کو دل دہلا دینے والا حادثہ

    سعودی عرب میں کار سوار خاتون کو دل دہلا دینے والا حادثہ

    ریاض: سعودی عرب کے جازان ریجن میں ایک کار سوار خاتون کو دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں خاتون کی جان چلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جازان ریجن کی صبیا کمشنری میں کار کےحادثے میں ایک خاتون ڈرائیور جاں بحق ہو گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثہ صبیا کمشنری کی شاہراہ عام پر پیش آیا، گاڑی خاتون ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر بجلی کے پول سے ٹکرا گئی تھی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ خاتون ڈرائیور نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ریسیکو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں، اور خاتون کی لاش کو اسپتال کے سرد خانے منتقل کیا گیا۔

  • نیشنل ہائی وے پر خوفناک حادثے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ہائی وے کے اسٹیل موڑ پر ہونے والے خوف ناک کار حادثے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیز رفتاری سے گاڑی چلانا دو گھروں کے چراغ گل کر گیا، یہ حادثہ 2 روز قبل پیٹرول پمپ پر پیش آیا تھا، جس میں ایک تیز رفتار کار پمپ پر ری فیولنگ کراتے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔

    فوٹیج میں پیٹرول پمپ پر ٹرک کو فیولنگ کراتے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران ایک تیز رفتار کار آئی اور کھڑے ہوئے ٹرک سے بری طرح ٹکرا گئی۔

    حادثہ ہوتے ہی کار سے دھواں اٹھنے لگا، حادثے کے بعد کار کو مکمل تباہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    حادثے کے بعد پیٹرول پمپ کا عملہ فوری مدد کے لیے پہنچا تھا اور کار میں موجود افراد کو نکالا بھی گیا، تاہم حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد نے بعد میں دم توڑ دیا تھا۔

  • ویڈیو: بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی

    کہا جاتا ہے کہ حادثہ کبھی بھی کہیں‌ بھی رونما ہو سکتا ہے، ایسی ہی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    یہ ویڈیو ایک ہیئر کٹنگ سیلون کی ہے، جب دکان میں بال بنوانے کے لیے بیٹھے افراد پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی، واقعہ دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گیا۔

    ہم سب ہی جانتے ہیں کہ سڑکوں اور گلیوں میں گاڑی حادثے رونما ہوتے رہتے ہیں، اور ہم وہاں سے گزرتے ہوئے احتیاط بھی برتتے ہیں لیکن کون سوچ سکتا ہے کہ باربر شاپ میں بیٹھے افراد بھی کسی کار حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں، یقیناً ایسی جگہ ایسے حادثے کے لیے نہایت غیر متوقع جگہ ہو سکتی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیلون کے اندر پانچ افراد موجود ہیں، دو کرسیوں پر بیٹھے بال بنوا رہے ہیں، جب کہ ایک شخص بینچ پر بیٹھا اپنی باری کے انتظار میں ہے۔

    اچانک کچھ غیر معمولی ہلچل ہوئی تو دکان کے اندر بیٹھے افراد چونک اٹھے، لیکن صورت حال اتنی تیز رفتاری سے تبدیل ہوئی کہ وہ خود کو ٹھیک سے نہیں بچا سکے۔

    بینچ پر بیٹھا شخص تیزی سے اٹھا، کیوں کہ انھوں نے ایک بے قابو کار کو دکان کی طرف آتے دیکھ لیا تھا، اسی لمحے ایک سفید رنک کی کار گھس آئی اور اس شخص کو بری طرح زخمی کر گئی۔

    اس حادثے میں دوسرے لوگ بھی زخمی ہوئے، جب کہ حادثے کے وقت وہ سبھی شدید صدمے میں آ گئے تھے۔

  • ویڈیو: تیز رفتار کار کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: تیز رفتار کار کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک تیز رفتار کار کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آتے دکھایا گیا ہے۔

    یہ ویڈیو ازبکستان کے ریجن اذہان کی ہے، جہاں ایک سڑک پر یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار کار ڈیوائڈر سے ٹکرانے کے بعد خوف ناک طور سے الٹ گئی۔

    کار الٹنے کے بعد وہ سڑک کی دوسری جانب اڑتی ہوئی جا گری، اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، ویڈیو میں گاڑی کے اگلے حصے میں بھڑکتی ہوئی آگ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    کار ڈیوائڈر کے ساتھ اتنی زور سے ٹکرائی تھی کہ اس کا اگلا حصہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا تھا، ویڈیو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے جیسے کسی ہالی ووڈ فلم کا کوئی منظر ہو۔

    تاہم، اس حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

  • بھیانک حادثہ، موٹر سائیکل سوار خاتون کیمرے میں ہوا میں اڑتی ہوئی دکھائی دی (ویڈیو)

    بھیانک حادثہ، موٹر سائیکل سوار خاتون کیمرے میں ہوا میں اڑتی ہوئی دکھائی دی (ویڈیو)

    کیرلا: بھارت میں ایک بھیانک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو اس طرح ٹکر ماری کہ خاتون ہوا میں اڑتی ہوئی دور جا گری۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کی شام ریاست کیرلا کے شہر مالاپورم میں سڑک پر ایک کار نے غلط ٹیک اوور کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل کو بری طرح ٹکر مار دی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    اس حادثے کی فوٹیج قریب موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ٹکر لگتے ہی موٹر سائیکل سے ہوا میں اڑتی ہوئی دور جا گری ہے۔

    متوفی کی شناخت عبدالقادر کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی اہلیہ رقیہ کے ساتھ گھر کی طرف جا رہا تھا، وہ ایک رشتے دار سے ملنے گئے تھے کہ واپسی پر مخالف سمت میں آنے والی کار نے انھیں ٹکر مار دی۔

    فوٹیج میں کار کے ڈرائیور کی نہایت غلط انداز میں ڈرائیونگ دیکھی جا سکتی ہے، اس نے غلط اوورٹیک کی کوشش کی جس کی وجہ سے ایک شخص کی جان چلی گئی۔ عبدالقادر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ چند ہی روز قبل متحدہ عرب امارات سے چھٹی پر گھر آیا تھا۔

    حادثے کے نتیجے میں عبدالقادر نے موقع ہی پر دم توڑا، جب کہ ان کی اہلیہ رقیہ اس وقت نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • کار بے قابو ہونے کے بعد اڑ کر مکان کی چھت میں گھس گئی

    کار بے قابو ہونے کے بعد اڑ کر مکان کی چھت میں گھس گئی

    یوریکا: امریکی ریاست میسوری میں ایک علاقے میں لڑکوں نے کار بو قابو ہونے کے بعد ایک مکان کی چھت میں گھسا دی، مالک مکان کا بستر چند فٹ دوری پر اس کی زد میں آنے سے بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست میسوری کے چھوٹے سے شہر یوریکا میں ایک عجیب و غریب کار حادثہ پیش آیا، دو لڑکے گریجویشن پارٹی سے نکلنے کے بعد گھر جا رہے تھے کہ کار بے قابو ہو گئی، اور پھر وہ ہوا میں اڑتے ہوئے ایک گھر کی چھت میں جا گھسی۔

    یہ حادثہ اتوار کو رات ڈیڑھ بجے پیش آیا، گھر کے مکین ابھی سو رہے تھے کہ اچانک چھت سے آفت نازل ہو گئی، انھوں نے دیکھا کہ ایک کار ان سے 6 فٹ کی دوری پر چھت پھاڑ کر آ گھسی ہے۔

    دو لڑکے گریجویشن پارٹی سے سفید شیورولیٹ میلیبو میں گھر لوٹ رہے تھے، کہ کسی وجہ سے کار اچانک بے قابو ہو گئی، کار سڑک سے اتری اور مکانوں کی قطار کی طرف اس کا رخ ہو گیا، ایسے میں ایک ریمپ اس کے سامنے آ گیا، اور کار کئی چیزوں سے ٹکراتی ہوئی ایک گھر کی چھت میں جا گھسی۔

    گاڑی اس بستر سے محض چھ فٹ دوری پر ٹھہر گئی تھی جس پر گھر کے مالکان سو رہے تھے، دونوں لڑکے صحیح سلامت گاڑی سے نکلے اور مزے سے چلتے ہوئے پہلے بیڈ روم سے اور پھر گھر کے مین دروازے سے باہر نکل گئے۔

    رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا، سب خوش قسمت رہے، شہر کے ڈپٹی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بستر پر دو افراد تھے، جب کہ بچے نیچے سو رہے تھے، بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا لیکن سب محفوظ رہے۔

    گھر کے رہائشی اور کار مالک سے متعلق ابھی میڈیا کو شناخت جاری نہیں کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ وہ انتظار کر رہے ہیں کہ انشورنس کمپنیاں ہونے والے نقصان سے متعلق معاملات طے کر لیں۔

  • سعودی عرب میں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کی موت

    سعودی عرب میں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کی موت

    جدہ: سعودی عرب میں ایک کار حادثے میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام کا ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کام کرنے والے ایک 32 سالہ کشمیری سید اسرار اندرابی کی ایک کار حادثے میں موت واقع ہو گئی ہے۔

    اسرار کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے ہے، اسرار کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ وہ آج پیر کی صبح گاڑی میں کام کے لیے نکلا تھا، کہ راستے میں گاڑی خوف ناک حادثے کا شکار ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق کار حادثہ اتنا شدید تھا کہ کشمیری شہری سید اسرار کی موت موقع پر ہی واقع ہو گئی تھی۔ حادثے کے بعد ریسکیو نے اسرار کو اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

    متوفی کچھ عرصے سے ملازمت کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا، چاڈورہ ٹاؤن میں رہائش پذیر اسرار کے گھر والوں کو حادثے کی اطلاع ملی تو گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔

    حادثے میں انتقال کرنے والے کشمیری کے رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ آج دن میں ایک بجے کے آس پاس اہل خانہ کو اس اندوہ ناک حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد سے وہ غم و اندوہ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • خوفناک حادثے میں بچ جانے والی بچی کو پولیس اہلکار نے کس طرح دلاسا دیا؟ ویڈیو دیکھیں

    خوفناک حادثے میں بچ جانے والی بچی کو پولیس اہلکار نے کس طرح دلاسا دیا؟ ویڈیو دیکھیں

    نیواڈا: امریکی ریاست نیواڈا میں ہائی وے پولیس اہل کار نے ایک خوف ناک کار حادثے کی متاثرہ 5 سالہ بچی کو دلاسا دینے کے لیے ایک ایسا عمل کیا، جس نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیواڈا ہائی وے پیٹرول اہل کار نے ایک کار حادثے کی متاثرہ روتی ہوئی بچی کو گلے لگا کر اور گود میں اٹھا کر دلاسا دیا، اس منظر کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔

    یہ واقعہ 24 مئی کو فلیمنگو روڈ پر لاس ویگاس کے قریب پیش آیا تھا، نیواڈا ہائی وے پیٹرول سدرن کمانڈ نے متاثرہ بچی کو دلاسا دینے کی یہ ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی جو پولیس اہل کار کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگے کیمرے اور خود ان کے بدن پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔

    نیواڈا ہائی وے پیٹرول کا کہنا تھا کہ اہل کار کُوِن کو حادثے کی اطلاع ملی تھی، جس پر وہ جائے حادثہ پہنچا تو اس نے ایک گاڑی دیکھی جس کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہو کر پچک گیا تھا۔

    کار کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ حادثہ ہوتے ہی ایئر بیگ کھل گئے تھے، جس کی وجہ سے کار سواروں کو چوٹیں نہیں آئیں۔ بچی کی ماں نے فری وے اسپید کے ساتھ ہائی وے کی حفاظتی دیوار میں گاڑی دے ماری تھی، جس سے اس کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہوا، گاڑی میں اس وقت بچی، اس کی ماں اور ایک مرد سوار تھے، تاہم حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    کیمروں میں ریکارڈ والے مناظر کے مطابق جب اہل کار ان کے قریب پہنچا تو ننھی بچی بار بار شکریہ ادا کرنے لگی، تھینک یو تھینک یو، جس پر اہل کار نے بھی کہا تھینک یو، کیا آپ ٹھیک ہیں؟ بچی رو پڑی اور کہا میں ٹھیک ہوں، اور پھر بانہیں کھول کر اہل کار کی طرف بڑھی، جس پر اہل کار گھٹنے کے بل بیٹھ گیا اور بچی کو گلے لگا کر گود میں اٹھا لیا۔ اس دوران بچی روتی رہی اور پولیس اہل کار اسے دلاسا دیتا رہا۔

    نیواڈا ہائی وے پیٹرول نے ٹویٹ میں لکھا کہ اہل کار کُوِن نے بہت اچھا عمل کیا، ایسے مواقع پر ہم دردی بہت کارآمد ثابت ہوتی ہے، کیوں کہ بعض اوقات آپ کو بس یہ چاہیے ہوتا ہے کہ کوئی گلے لگا کر کہے کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔