لاہور (8 اگست 2025): گاڑی چیک کرنے کی کوشش پر کار سوار خاتون مشتعل ہو گئی اور لیڈی پولیس اہلکار کو لوہے کی بوتل مار کر زخمی کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے میں ناکہ محمود بوٹی پر تعینات رباب نامی لیڈی پولیس اہلکار نے ایک گاڑی کو چیکنگ کی غرض سے روکا۔ تاہم کار سوار خاتون نے گاڑی کو چیک کرانے سے انکار کر دیا اور مشتعل ہو کر کار کو چیکنگ کے لیے روکنے والی لیڈی پولیس اہلکار کے سر پر بوتل مار کر اس کو زخمی کر دیا۔
ناکہ پر موجود پولیس نے فوری طور پر مشتعل خاتون جس کا نام سمیرا بتایا جاتا ہے، اس کو حراست میں لے کر تھانہ مناواں منتقل کر دیا ہے۔ جس کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ناکہ محمود بوٹی پر معمول کی چیکنگ جاری تھی۔ مذکورہ خاتون کی گاڑی وہاں آئی تو ڈیوٹی پر موجود لیڈی پولیس اہلکار نے خاتون کو گاڑی سائیڈ پر کرنے کا کہا تھا، لیکن خاتون نے قانون پر عملدرآمد کے بجائے جھگڑا کیا اور لیڈی اہلکار کو زخمی بھی کیا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ کار سوار خاتون نے نہ صرف گاڑی چیک کرانے اور لیڈی اہلکار کو زخمی کر کے قانون کی خلاف ورزی کی۔ بلکہ ناکہ پر موجود اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور دھمکیاں بھی دیں اور گاڑی راستے میں کھڑی کر کے ایسٹرن بائی پاس ٹریفک کو بھی بلاک کر دیا۔