اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود کشمیر چوک کے قریب پولیس مقابلے میں کارلفٹر گینگ کے 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے اسلام آباد پولیس پچھلے دو ماہ سے خطرناک گینگ کے تعاقب میں تھی، ذرائع نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ یہ گینگ مری کے طرف نکلا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس اطلاع پر اے وی ایل سی، سی آر ٹی اور اے ٹی ایس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے لگائے آج صبح کشمیر چوک ناکے پر موجود پولیس ٹیموں نے مری روڈ سے آتی ان کی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان 2 گاڑیوں میں سوار تھے جنہوں نے روکنے پر پولیس ٹیموں پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کے مطابق کار سواروں کی فائرنگ سے ان کے اپنے تین ساتھی ہلاک ہوگئے، فائرنگ میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی جبکہ دوسری گاڑی سے فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے، دو ہلاک شدگان کی شناخت الیاس خان سکنہ چارسدہ، وقاص خان سکنہ چارسدہ ہوئی ہے زخمی عورت کی شناخت حسیبہ امجد کے نام سے ہوئی۔
اسلام آباد پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم الیاس خان خطرناک کارلفٹر گینگ کا سرغنہ جبکہ باقی گینگ ممبر ہیں، ملزمان نے رات کو مری سے گاڑی چوری کی اور فرار ہورہے تھے جبکہ دوسری گاڑی لاہور سے چھینی گئی تھی۔