Tag: کار ڈرائیور

  • ٹریفک حادثے میں ایک اور شہری جاں بحق، کار ڈرائیور گرفتار، مقدمہ بھی درج

    ٹریفک حادثے میں ایک اور شہری جاں بحق، کار ڈرائیور گرفتار، مقدمہ بھی درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک اور شہری کی قیمتی جان تلف ہو گئی، پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے، حادثہ ملیر کینٹ کے قریب سڑک پر رات گئے پیش آیا تھا، جس پر متوفی وسیم کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    سچل پولیس نے حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا ہے، ملزم عبدالرافع کو سچل تھانے منتقل کر دیا گیا، جس کی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئی، اس حادثے کے نتیجے میں کار کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    ٹریفک حادثہ میں تباہ شدہ موٹر سائیکل

    متوفی کے بھائی نے ایف آئی آر میں لکھوایا کہ اس کے بھائی کی موٹر سائیکل کو کار سوار نے ٹکر ماری، جس سے بھائی شدید زخمی ہوا، اور پھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔

    مدعی کے مطابق کار سوار عبدالرافع غفلت اور لاپرواہی سے تیز کار چلا رہا تھا، جس کے باعث جان لیوا حادثہ پیش آیا، اس لیے گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    ویڈیو: پولیس مقابلے کے بعد بدمست اہلکاروں کا ایمبولنسوں کے ہمراہ ’’فتح‘‘ کا جلوس، شدید ہوائی فائرنگ

    واضح رہے کہ کراچی میں ٹینکرز، ڈمپرز اور دیگر گاڑیوں کی غفلت کے باعث ٹریفک حادثات تشویش ناک حد تک بڑھ گئے ہیں، جس میں قیمتی انسانی جانیں تلف ہو رہی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے۔

  • ڈرائیور کار کے بونٹ پر چمٹے شخص کو گھسیٹتا ہوا لےگیا، ویڈیو

    ڈرائیور کار کے بونٹ پر چمٹے شخص کو گھسیٹتا ہوا لےگیا، ویڈیو

    ڈرائیور اپنی کار کے بونٹ پر چمٹے ہوئے شخص کو گھسیٹتا ہوا تین کلو میٹر دور تک لے گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ملزم ڈرائیور نے بحث کرنے کی پاداش میں ایک شخص کو اپنے کار کے بونٹ پر 3 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک گھسیٹا۔

    مذکورہ واقعہ اس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی۔

    سی سی ٹی وی کلپ میں، متاثرہ شخص کو گاڑی کے بونٹ پر چمٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جو کہ بظاہر گاڑی کو ’روکنے‘ کی کوشش کررہا ہے، تاہم ڈرائیور بونٹ پر لٹکے ہوئے شخص کے ساتھ کار کو 3 کلومیٹر فاصلے تک لے گیا۔

    اطلاعات کے مطابق ملزمان اور متاثرہ شخص کے درمیان جھگڑا ان کی کاروں کے درمیان تصادم کے بعد شروع ہوا۔ متاثرہ شخص نے ملزم کو موقع سے بھاگنے سے روکنے کی کوشش کی، مبینہ طور پر وہ اپنی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ مانگ رہا تھا۔

    تین کلو میٹر دور تک جانے کے بعد متاثرہ شخص خود کو اس مصیبت سے چھڑانے میں کامیاب ہوا، بعدازاں اس نے پولیس میں واقعے کی شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر کوشامبی پولیس اسٹیشن میں مذکورہ ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

    پولیس اہلکار نے بتایا کہ شکایت کے فوراً بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر گاڑی کی شناخت کی گئی اور ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے اس کی کار کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ویڈیو: سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کے لیے کار ڈرائیور نے عجیب حرکت کر دی

    ویڈیو: سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کے لیے کار ڈرائیور نے عجیب حرکت کر دی

    آج کے اس ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیادہ سے زیادہ مقبول ہونے کے لیے لوگ کچھ بھی کرجاتے ہیں، یقیناً آپ کی نظروں سے بھی ایسی کئی ویڈیوز گزری ہوں گی جس دیکھ کر آپ حیران رہ گئے ہوں گے۔

    نوجوان نسل اب اسی دوڑ میں شامل ہے کہ اس کی بنائی گئی ریل سب سے منفرد ہو جس سے  سوشل میڈیا پر ان کی شناخت بن سکے۔ اس عمل میں وہ نہ صرف قانون کو توڑتے ہیں بلکہ اپنی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں ساتھ ہی  دوسرے لوگوں کی جانیں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ اتر پردیش کے آگرہ میں پیش آیا ہے جہاں ایک شخص ریلوے پلیٹ فارم کے اندر گاڑی لے گیا۔ رپورٹس کے مطابق کار ڈرائیور سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے لیے ریلز بنانا چاہتا تھا۔

    لیکن کار ڈرائیور کو ایک ریل بنانے کے لیے گاڑی کو ریلوے پلیٹ فارم پر لے جانا بڑا مہنگا پڑ گیا، میڈیا رپورٹ کے مطابق پلیٹ فارم پر موجود ایک شہری نے اس کار ڈرائیور کے خلاف ریلوے ایکٹ 159 اور 147 کے تحت مقدمہ درج کرادیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی شروع کردی۔

    واضح رہے کہ بھارت کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر  وائرل ہے، نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر جروور سنگھ کالسی نے اپنے دوست گرپریت سنگھ کے ہمراہ  شاہد کپور  اور  اداکار کی ویب سیریز ‘فرضی’ کا سین اصل میں کیا اور ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کردی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔