Tag: کار

  • چین نے کار بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا

    چین نے کار بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا

    بیجنگ: چین کی کمپنی نے دنیا کی ارزاں ترین کار تیار کر لی ہے جس کی قیمت صرف 930 ڈالر ہے۔

    چین نے کار بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، ایسی کار تیار کر لی جسے دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے،اور اس کار کی خاص بات یہ ہے کہ آپ آن لائن آرڈر کریں، کار آپ کے گھر تک پہنچا دی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی چینگ زو ڑائلی کار انڈسٹری کی جانب سے تیار کی جانے والی کار چینگلی کی قیمت صرف 930 ڈالر ہے۔

    کار کی قیمت پاکستانی روپوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ طاقت ور اور بڑی بیٹریوں کے ساتھ اس کی قیمت 1200 ڈالر ہے جو پاکستانی دو لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔

    چینی کمپنی کے مطابق یہ کار دنیا کی سستی ترین برقی کار ہے اور اس کی قوت ایک ہارس پاور سے کچھ زائد ہے لیکن یہ زیادہ سے زیادہ 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے۔اتنی کم قیمت میں کار میں دیگر اہم لوازمات شامل ہیں جن میں ایئر کنڈیشننگ، سسپینشن، ہیٹر، ریڈیو اور ریورس کیمرہ بھی لگا ہوا ہے۔

  • لندن: برطانیہ کے حساس علاقے میں غیر قانونی طور پر باربی کیو پارٹی کرنا منچلوں کو مہنگا پڑگیا۔

    پارٹی ایک کار کے اندر کی جارہی تھی جو ممنوع علاقے میں ایک جگہ کھڑی کی گئی تھی اور اسے سیکیورٹی اہلکاروں کی نظروں سے بچانے کے لیے کیموفلاج کیا گیا تھا، اس علاقے میں ایسی سرگرمیوں پر پابندی ہے، تاہم منچلوں نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا شوق خفیہ طریقے سے پورا کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح اسٹڈلینڈ کے علاقے میں باربی کیو کی مہک آنے پر ڈیوٹی پر موجود افسران نے جگہ کا تعین کرنے کی کوشش کی اور جلد ہی ایک ایسی کار تک پہنچ گئے جس میں باربی کیو کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق اس کار کو سب کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کے لیے کیمو فلاج کیا گیا تھا اور وہاں باربی کیو کی تیاری کی جارہی تھی۔

    برطانوی پولیس نے مذکورہ کار کی تصویر کو سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا تاہم اس کارروائی میں کسی گرفتاری یا جرمانے سے متعلق اور نوجوانوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

  • دمام: گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار سسٹم

    دمام: گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار سسٹم

    ریاض: سعودی شہر دمام میں گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار دروازہ نصب کردیا گیا، جلد ایسا آٹو میٹک دروازہ دیگر مقامت پر بھی نصب کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وئرس سے حفاظت کی خاطر مشرقی ریجن کی بلدیہ نے گاڑیوں کو سینی ٹائز کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سینی ٹائزنگ گیٹ شاہراہ پر نصب کردیا۔

    بلدیہ کے ریجنل ترجمان محمد الصفیان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو خودکار انداز میں سینی ٹائز کرنے کے لیے بنایا جانے والا گیٹ جدید ترین ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے۔

    گیٹ میں انتہائی حساس سینسرز لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں کی آمد کے ساتھ ہی سسٹم کو آن کردیتے ہیں جس سے مخصوص نوزلز کے ذریعے جراثیم کش مواد گاڑیوں پر اسپرے کیا جاتا ہے۔

    خود کار سینی ٹائزنگ گیٹ کے بارے میں ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیٹ 5 میٹر بلند اور 7 میٹر چوڑا ہے اور اس سے منسلک ٹینک کی گنجائش 600 لیٹر ہے جس میں جراثیم کش مواد اسٹور کیا جاتا ہے، ٹینک 16 مربع میٹر پر محیط ہے، خود کار گیٹ سے فی سیکنڈ 2 لیٹر جراثیم کش مواد کا اسپرے کیا جاتا ہے۔

    دمام شہر میں اپنی نوعیت کا واحد سینی ٹائزنگ گیٹ شاہ سعود بن عبدالعزیز شاہراہ پر نصب کیا گیا ہے جبکہ مستقبل قریب میں اس قسم کے مزید گیٹ بھی دیگر شاہراہوں پر لگائے جائیں گے۔

    بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیٹ کی تنصیب کا بنیادی مقصد لوگوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کی خاطر کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو ہر طرح سے محفوظ کیا جائے تاکہ اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

    دمام میں اس سے قبل بھی مارکیٹوں میں شاپنگ ٹرالیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار یونٹ نصب کیا گیا تھا، بعد ازاں دیگر صوبوں میں بھی اس قسم کے یونٹس نصب کیے گئے۔

  • 10 سالہ بچے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، ویڈیو وائرل

    10 سالہ بچے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، ویڈیو وائرل

    تومسک: روس میں تیز رفتار کار چلانے والے 10 سالہ بچے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں لڑکا اپنی چار سالہ بہن کو کہہ رہا ہے کہ پولیس ہمیں نہیں پکڑ سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہر تومسک میں پولیس نے تیز رفتار کار چلانے والے 10 سالہ بچے کو پکڑ لیا، گاڑی میں لڑکے کی 4 سالہ بہن بھی موجود تھی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 10 سالہ بچہ سڑک پر مخالف سمت میں 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنے والد کی ٹویوٹا ہائی لینڈر چلا رہا ہے اور اس کے ساتھ اس کی چار سالہ بہن بھی کار میں موجود ہے۔

    ویڈیو میں لڑکا اپنی بہن سے کہہ رہا ہے کہ پولیس ہمیں نہیں پکڑ سکتی جبکہ اس کی بہن کہتی ہے کہ پولیس ہمیں پکڑ کر جیل میں ڈال دے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، پولیس نے بتایا کہ جب بچہ کار لے کر نکلا اس وقت اس کے والدین شاپنگ کر رہے تھے۔توقع کی جا رہی ہے کہ والدین کو بچوں کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل امریکا میں پولیس نے ایک پانچ سالہ بچے کو اپنی والدہ کی گاڑی چلاتے ہوئے ہائی وے سے اس وقت پکڑا جب وہ اپنے جیب خرچ یعنیٰ تین ڈالر سے لیمبرگینی کار خریدنے کیلی فورنیا جا رہا تھا۔

  • کار چور کی موت نے کار کے مالک کو مشکل میں ڈال دیا

    کار چور کی موت نے کار کے مالک کو مشکل میں ڈال دیا

    ممفس : امریکا میں کار چوری کر کے بھاگنے والے شخص پر فائرنگ کرنا گاڑی کے مالک کو مہنگا پڑگیا، فائرنگ سے چور کی ہلاکت کے بعد شہری کیخلاف ہی قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ممفس میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک میراتھون کیش ایکسپریس میں ایک شخص ایک گاڑی نکالتا ہوا نظر آتا ہے۔

    اس کے پیچھے 2 افراد بھاگتے ہوئے آرہے ہیں جن میں سے ایک کے بارے میں علم ہوا ہے کہ وہ کار کا مالک ہے۔

    کار کا 25 سالہ مالک فائرنگ کرتا ہوا چور کے پیچھے آیا، گولی لگنے سے کار چرانے والا  مبینہ ملزم ہلاک ہوگیا جس کے بعدپولیس نے مالک کو گرفتار کرکے اس  کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کار کا مالک اپنی گاڑی کھلی چھوڑ کر اسٹور کے اندر گیا تھا اور جب اس نے اپنی گاڑی کو باہر جاتے دیکھا تو وہ چلاتا ہوا باہر بھاگا اور اس نے فائرنگ بھی کی، پولیس کے مطابق کار چور کو متعدد گولیاں لگی ہیں جس سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ  کارکا مالک  واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا تاہم کچھ دیر بعد وہ خود پولیس کے سامنے پیش ہوگیا، کیس کا ٹرائل جلد شروع کردیا جائے گا۔

  • گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑ کر جانے سے گاڑی چوری کی وارداتوں اور دیگر حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب ایسی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جائے گی، ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تو مالک کے خلاف چالان کاٹے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جارہے ہیں۔

    اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ انہیں اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

    ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہو رہی ہیں جن میں سے بیشتر واقعات میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں ہوتی ہے جس میں چور بغیر کسی زحمت کے باآسانی گاڑی چرا لیتے ہیں۔

    محکمہ سیفٹی کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی بچوں کی موجودگی میں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دی جاتی ہے۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیئر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔

    حفاظتی قوانین کے تحت خاص ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

  • کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    بیجنگ: پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں، پالتو جانور ناصرف آپ کو کسی بھی مشکل میں ڈال سکتے ہیں بلکہ جانی اور مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ہوا چین کے صوبے ژیجوائنگ میں جہاں ایک شہری نے اپنا پالتو کتا گاڑی میں چھوڑا جس کے بعد اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑگیا، کتے نے ازخود گاڑی چلا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا تو کیا لیکن انجام برا ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی شہری کی گاڑی میں اس کا پالتو کتا موجود تھا جب اس نے سڑک کنارے کار پارک کی، تاہم اس نے گاڑی کا انجن کھلا چھوڑ دیا تاکہ وہ جلد واپس آکر منزلِ مقصود پر روانہ ہوگا۔

    پھر کیا تھا، کتے نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور گاڑی کی گیراسٹک چھیڑ دی جس کے بعد کار سڑک کنارے موجود مصنوعی تالاب( واٹر پول) میں جاگری اور مالک کو لینے کے دینے پڑگئے، پانی میں گرنے کے باعث اندرونی حصے گل گئے اور گاڑی میں نصب برقی آلات بھی خراب ہوگئے۔

    اسی لیے کہا جاتا ہے کہ بےزبان جانوروں پر کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیئے۔

  • مستقبل کی کار پیش کردی گئی

    مستقبل کی کار پیش کردی گئی

    چین میں گاڑیوں کے ڈیزائن میں مزید جدت پیدا کرتے ہوئے ایسی گاڑی پیش کردی گئی جو فولڈ ایبل اسکرینز سے مزین ہے۔

    چین کے شمالی صوبے ہیبی میں منعقدہ چائنہ انٹرنشیل ڈیجیٹل اکانومی ایکسپو میں کانسیپٹ وہیکل پیش کی گئی جس میں ہر جگہ فولڈ ایبل اسکرینز مزین ہیں۔

    اسے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں گاڑی صرف آمد و رفت کا ذریعہ نہیں ہوگی بلکہ تفریح کا ذریعہ بھی ہوگی اور دوران سفر کاروباری امور بھی انجام دیے جاسکیں گے۔

    گاڑی کے اسٹیئرنگ ویل اور گیئر لیول بھی ٹچ اسکرین سے آراستہ ہیں۔ اسٹیئرنگ ویل کی اسکرین موسم کی صورتحال اور نقشہ فراہم کرتی ہے۔

    چین میں منعقدہ ایکسپو میں اس گاڑی کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

  • کراچی: ٹرالر اور کار میں تصادم، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: ٹرالر اور کار میں تصادم، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہرقائد میں سپرہائی وے کے قریب ٹرالر اور کار میں ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپرہائی وے کے قریب ٹرالر اور کار میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کراچی کے علاقے محمود آباد کے رہائشی ہیں، قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    کراچی: تیزرفتارکارکو حادثہ،1 شخص جاں بحق، متعدد افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں سال 21 جون کو کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل رواں برس یکم مئی کو کوئٹہ سے کراچی جانے والی کار باغبانہ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر بند دکان میں جا گھسی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت چار افراد غلام حسن ، محمد حسن ،سردار گل اور مستری صادق جاں بحق اور مصری خان شدید زخمی ہوگیا تھا۔

  • شکارپور میں ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    شکارپور میں ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں مسافرکوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور کار میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 خواتین سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب چمن بائی پاس روڈ پر تیز رفتار آئل ٹینکر دکان میں گھس گیا، حادثے میں دکاندار زخمی ہوگیا۔ حادثے میں ٹینکر میں موجود آئل بہہ گیا، دکان زمین بوس ہوگئی۔

    یاد رہے کہ 9 جون کو صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔