Tag: کاسمیٹکس

  • زوم کالز کی وجہ سے لوگوں میں کاسمیٹکس کے استعمال میں اضافہ

    زوم کالز کی وجہ سے لوگوں میں کاسمیٹکس کے استعمال میں اضافہ

    کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر میں ناقابل تلافی معاشی نقصان کیا وہیں کچھ شعبے ایسے بھی ہیں جو اس وبا کے دوران خوب پھلے پھولے، کاسمیٹکس انڈسٹری بھی انہی میں سے ایک ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کاسمیٹکس انڈسٹری کے لیے نہایت خوش آئند ثابت ہوئی ہے۔

    یہ ایک عام تاثر ہے کہ کرونا وبا کے دوران کئی پہلوؤں سے افراد بہتر رویوں کے قریب ہوئے ہیں، ان میں گھر کے ماحول کو بہتر بنانے، ساتھ رہنے والوں کے ساتھ خوشگواریت، قوت مدافعت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ چہرے کو بھی بہتر بنانا شامل ہے۔

    اس تناظر میں کاسمیٹکس سرجن نے وبا میں منفعت بخش صورت حال کو زوم بوم کا نام دیا ہے، کاسمیٹکس انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ کیمرے سے ہونے والی کانفرنسوں نے افراد کو بہتر روپ اپنانے کی جانب راغب کیا ہے۔

    ایک کاسمیٹکس سرجن ڈاکٹر ڈینیئل زاٹلر کا کہنا ہے کہ زوم کانفرنسوں نے لوگوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ بہتر دکھائی دیں کیونکہ وہ گھنٹوں کیمرے کے سامنے ہوتے ہیں۔ امریکا میں ہونے والے ایک حالیہ سروے میں 86 فیصد افراد نے بتایا کہ انہیں زوم کانفرنسوں کی وجہ سے کاسمیٹکس کی ضرورت محسوس ہوئی ہے۔

    ایک تحقیقی ادارے گرینڈ ویو ریسرچ کے مطابق سن 2020 میں دنیا بھر میں ایستھیٹکس میڈیسن کی مارکیٹ کا حجم 86 بلین ڈالر سے زائد رہا اور سنہ 2028 تک اس میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافے کا قوی امکان ہے۔ لاک ڈاؤن کے باوجود امریکا میں جلد کے ڈاکٹروں کے پاس 60 فیصد مریضوں کی تعداد بڑھی ہے۔

    ڈاکٹر ڈینیئل زاٹلر کا مؤقف ہے کہ خود کو بہتر بنانا ایک بہتر عمل ہے اور اب وبا رہے یا نہ رہے، لوگوں میں خود کو بہتر بنانے کا احساس باقی رہے گا اور اسی باعث پلاسٹک سرجری کے ماہرین کے پاس مریضوں کی تعداد بھی بڑھتی رہے گی۔

  • سپر ہائی وے : کاسمیٹکس کے سامان سے بھرا کنٹینر لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    سپر ہائی وے : کاسمیٹکس کے سامان سے بھرا کنٹینر لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    کراچی : سپرہائی وے پر ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرکے تاجروں کے کنٹینرز کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتارکرکے دو کروڑ مالیت کا سامان برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیرانویسٹی گیشن ملک الطاف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے ملیرکے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سامان سے بھرے ہوئے کنٹینرز کو لوٹنے والے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے.

    گرفتارملزمان چند روز قبل کراچی سے لاہور بھیجے گئے تھے، ان ملزمان نے کاسمیٹکس کے سامان سے بھرا ٹرک لوٹ لیا تھا.

    ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے بھنگوریہ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ روپے مالیت کا کاسمیٹکس کا سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتارملزم کے ایک ساتھی کو پشاور سے بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گروہ میں مزید چھ سے آٹھ افراد شامل ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

     

  • لاہور:بیوٹی ایکسپو کا انعقاد، نت نئے ملبوسات کی نمائش

    لاہور:بیوٹی ایکسپو کا انعقاد، نت نئے ملبوسات کی نمائش

    لاہور میں دو روزہ بیوٹی ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، نت نئے ملبوسات، جیولری اور کاسمیٹکس کی نمائش کی گئی۔

    لاہور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں دو روزہ بیوٹی ایکسپو میں بدلتے موسموں کے اعتبار سے رنگارنگ عروسی اور پارٹی ویر ملبوسات کے ساتھ ساتھ جیولری کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔

      بیوٹی ایکسپو میں ماڈلز نے مختلف برانڈز کے خوبصورت ملبوسات اور نت نئے زیورات زیب تن کرکے ریمپ پر کیٹ واک کی، جسے شائقین فیشن نے بے پناہ سراہا اور دل کھول کر داد دی۔

      بیوٹی ایکسپو میں مردوں کے علاوہ لاہوری خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ایکسپو میں متعارف کروائے گئے نئے فیشن سے بے پناہ محظوظ ہوئے۔