Tag: کاشف بھٹی

  • قومی ٹیم کے اسپنر کاشف بھٹی کرونا وائرس سے کلیئر قرار

    قومی ٹیم کے اسپنر کاشف بھٹی کرونا وائرس سے کلیئر قرار

    مانچسٹر: ڈربی میں موجود قومی ٹیم کے اسپنر کاشف بھٹی کو انگلش کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کاشف بھٹی کے دو ٹیسٹ منفی آچکے ہیں، انگلینڈ پہنچنے پر ان کا ایک ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر سیلف آئسولیشن میں رکھا گیا تھا، کاشف بھٹی اب اسکواڈ جوائن کرسکتے ہیں۔

    ای سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کاشف بھٹی کا کرونا ٹیسٹ پہلی انفیکشن کی باقیات کے سبب مثبت آیا تھا، پبلک ہیلتھ اور ایک وائرالوجسٹ کی ہدایت پر کھلاڑی کو سیلف آئسولیشن میں رکھا گیا تھا۔

    کاشف بھٹی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کا کہنا تھا کہ کاشف بھٹی کا معاملہ ای سی بی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، ان کو دو ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ بھیجا گیا تھا ان کا ایئر لائن کے لیے کرایا جانے والا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سیریز کے پروٹوکول کے مطابق انگلینڈ کے بائیو سیکیور ماحول کے تمام تر انتظامات کا دائرہ اختیار انگلش کرکٹ بورڈ کا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل : خرم منظوراورکاشف بھٹی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

    پی ایس ایل : خرم منظوراورکاشف بھٹی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

    کراچی : پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے جبکہ کراچی کنگز نے نوابشاہ کے کاشف بھٹی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے۔ جاندارشا ٹس اور بولرز کو پریشان کرنے والے مایہ ناز اوپنر خرم منظور پی ایس ایل کی سب سے مقبول اور مہنگی ٹیم کراچی کنگز کا حصہ بن گئے ہیں۔

    انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے خرم منظور ہر فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کو منواچکے ہیں۔ ڈومیسٹک ہو یا کلب کرکٹ یا پھر انٹرنیشنل میچ خرم کو جب بھی چانس دیا گیا اس نے پرفارم کرکے دکھایا۔ خرم نے ہمیشہ اپنے بلے سے ناقدین کو بھرپورجواب دیا۔

    کراچی بلوز کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کاچیمپئن بنانے میں بھی خرم منظور کا اہم کردار تھا۔ خرم منظور نے فائنل میں کراچی وائٹس کے خلاف بیالیس گیندوں پر ستر رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

    قائد اعظم ٹرافی میں بھی خرم کو ڈھائی سو رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ خرم منظور اب پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کے شیر ہیں۔

    علاوہ ازیں پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کیلئے کراچی کنگز نے نوابشاہ کا ستارہ چن لیا، کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ بہت خوش ہیں، پی ایس ایل میں نوابشاہ کے آل راؤنڈر کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

    کاشف بھٹی کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ امید ہے وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ والدہ نے کہا کہ کاشف کو اس کی محنت کا صلہ مل گیا۔ پی ایس ایل میں کاشف بھٹی اب دنیا کے انٹرنیشنل اسٹارز کے ساتھ جگمگائیں گے اور پی ایس ایل میں اپنا جادو دکھائیں گے۔