Tag: کالام

  • وادی کالام میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

    وادی کالام میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

    سوات : وادی کالام میں شاہی باغ میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اضلع سوات کی وادی کالام میں شاہی باغ کے مشہور سیاحتی مقام پر انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

    شاہی باغ میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے، جاں بحق افراد میں ماں بیٹی اور دو بہن بھائی شامل ہیں۔

    ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ مردان سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے سات افراد ہفتے کے روز کشتی کی سواری سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ کشتی پانی میں اچانک بند ہوجانے سے الٹ گئی۔

    مزید پڑھیں : مسافروں سے بھری کشتی تربیلہ جھیل کی دلدل میں پھنس گئی

    کشتی میں دس افراد سوار تھے، جن میں سے پانچ افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا جبکہ دو خواتین کی لاشیں شاہی باغ کے مقام سے اور دو بچوں کی لاشیں دریائے سوات سے برآمد ہوئی تھیں۔

    کشتی مالک کے پاس این اوسی نہیں تھا اور غیرقانونی طور پر کشتی چلا رہا تھا، جس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر سوات نے غیرقانونی کشتی چلانے پر دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پابندی لگادی ہے۔

  • کالام میں سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا

    کالام میں سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا

    کالام کے علاقہ پشمال  میں گزشتہ سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا ہے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کمزور پل تیار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کامران کامی کی رپورٹ مطابق کالام کے علاقہ پشمال  میں گزشتہ سیلاب سے تباہ ہونے والا پل تاحال تعمیر نہ ہو سکا ہے مقامی افراد نے اپنے مدد آپ کے تحت لکڑیوں کا پل تعمیر کیا جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پل  پر مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس پل کی منظوری حکومت نے دی ہے مگر مقامی افراد کے مطابق فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے اس پر تعمیراتی کام شروع نہ کیا گیا ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس پل پہ لوگوں کی آمدورفت ہوتی رہتی ہے،  جیسے آج اس پل سے اک شادی شدہ جوڑے کو بھی گزارا گیا اور شادی کا سامان بھی اس پل کے ذریعے دریا کے پار منتقل کیا گیا جس سے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

     مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ جلد از جلد اس پل پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے تاکہ مقامی افراد کے مشکلات کم ہو سکیں۔

  • سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    پشاور: سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی علاقے کالام سمیت دیگر علاقوں میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے بری طرح متاثر مقامی آبادی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی فراہمی میں سردیوں کو مد نظر رکھا جائے، اور موسم کے حوالے سے ضروری اشیا کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

    سردی سے بچاؤ کے سامان میں رضائی، سرانہ، تکیہ، مردانہ و زنانہ گرم شالیں، ہائی جین کٹس، جرابیں، گرم کوٹ اور بچوں کے گرم سوٹ وغیرہ شامل ہیں۔

    برداشت آرگنائزیشن خیبر پختون خوا اور مردان اینڈیور لائینز کلب کی جانب سے سردیوں سے بچاؤ کا امدادی سامان کالام کے متاثرہ علاقوں اتروڑ، کالام، گاؤں بان پالبر، لائیکوٹ پشمال، چم گھڑی، اور پشمال بوڈے کمر کے 300 متاثرین میں نجی ادارے افکو کے تعاون سے امدادی سامان تقسیم کیا۔

    اس موقع پر پاکستان آرمی اور ایف سی کے آفیسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ادارے کی چیئرپرسن نیلم طورو نے کہا متاثرہ بالائی علاقوں میں خواتین اور بچوں کو امدادی سامان کی بہت ضرور ہے۔

  • دریائے سوات میں ایک بار پھر سیلاب، کالام میں ایک گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گیا

    دریائے سوات میں ایک بار پھر سیلاب، کالام میں ایک گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گیا

    سوات: دریائے سوات میں ایک بار پھر سیلاب آ گیا، جس سے کالام میں ایک گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے سوات میں ایک بار پھر اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے، جس سے کالام بازار میں 30 دکانوں پر مشتمل 2 مارکیٹیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

    سیلاب کے باعث کالام میں فالیر نامی گاؤں صفحہ سے مٹ گیا، گاؤں کے 15 مکانات سیلاب ساتھ بہا کر لے گیا۔

    ضلعی انتظامیہ نے دریائے سوات میں لکڑی پکڑنے اور ماہی گیری اور نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے، مختلف علاقوں میں لکڑی پکڑنے، ماہی گیری اور نہانے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

    آئندہ 36 گھنٹوں میں سوات سے دوسرا سیلابی ریلا دریائے کابل میں پہنچے گا

    ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 209 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، لکڑی پکڑنے والوں سے بھاری تعداد میں سلیپر ضبط کر لیے گئے۔

    واضح رہے کہ دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر 1 لاکھ 34 ہزار کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

    سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

    ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق سوات سے 1 لاکھ 60 ہزار کیوسک کا دوسرا ریلا دریائے کابل میں آنے کا امکان ہے۔ انھوں نے کہا آئندہ 36 گھنٹوں میں سوات سے دوسرا ریلا دریائے کابل میں پہنچے گا، ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ فلڈ سیل کے مطابق یہ ریلا آئندہ 2 روز میں گزرے گا۔

  • کالام کا ہنی مون ہوٹل سیلاب بہا لے گیا، لوگ گرتے ہوٹل کو دیکھ کر خوفزدہ

    کالام کا ہنی مون ہوٹل سیلاب بہا لے گیا، لوگ گرتے ہوٹل کو دیکھ کر خوفزدہ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں کالام کا ہنی مون ہوٹل سیلاب بہا لے گیا، لوگ گرتے ہوٹل کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کالام بازار اور ہوٹلز سیلابی ریلے میں بہہ گئے، دکانیں اور 150 سے زائد مکانات بھی دریا برد ہو گئے۔

    کالام میں سب سے بڑا اور قیمتی ہوٹل بھی سیلاب کی زد میں آ کر گر گیا، لوگ گرتے ہوٹل کو دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔

    سوات میں اب تک 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب میں بحرین بازار بھی ڈوب گیا ہے اور کئی رابطہ پل بھی سیلاب میں بہہ گئے۔

    سیلابی ریلا ہنی مون ہوٹل سمیت متعدد ہوٹلز ساتھ بہا کر لے گیا، سوشل میڈیا پر ہوٹل گرنے کے مناظر وائرل ہو گئے ہیں، کالام بحرین میں متعدد پلوں سمیت 4 مساجد بھی شہید ہو گئے ہیں۔

    سیلابی ریلے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مینگورہ بائی پاس میں بھی سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

    سوات پولیس لائن میں بھی پانی داخل ہونے سے پولیس اہل کاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، عوام بے یارو مددگار حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

    کئی گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں، اب بھی سوات کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس سے پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    سیاحوں کے لیے الرٹ

    بحرین اور کالام کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، موسلادھار بارش کی وجہ سے سوات میں سیلابی صورت حال ہے، ترجمان این ایچ اے نے کہا کہ سیاح اور مقامی افراد غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

    این ایچ اے نے کہا ہے کہ این 95 اور این 90 پر بحرین سے کالام سیکشن تک صورت حال تشویش ناک ہے، سیلاب نے بحرین پل کے ساتھ ساتھ اپروچ روڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔

  • کالام میں عالمی طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار

    کالام میں عالمی طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار

    پشاور : خیبر پختونخواہ حکومت نے سوات کی تحصیل کالام میں عالمی طرزکا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، کالام کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ 358 ملین روپے سے مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے صوبےمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کےفروغ کے لئے اہم قدم کرتے ہوئے سوات کی تحصیل کالام میں عالمی طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

    وزیراعلیٰ نے اسٹیڈیم کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے ، 120 کنال رقبے پر محیط کالام کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ 358 ملین روپے سے مکمل ہوگا۔

    دستاویز محکمہ سیاحت میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم کی تعمیر 2 سال میں مکمل کی جائے گی اور اسٹیڈیم میں بیک وقت 6 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ملک امین اسلم نے اپنے انتخابی حلقے ضلع اٹک میں 10 نئے کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا اعلان کیا تھا اور تحصیل حضرو کے علاقے چیچیاں میں کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا تھا کرکٹ گراؤنڈز کلین گرین پاکستان ویژن کے تحت بنائے جائیں گے، پی ٹی آئی حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

    واضح رہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے بھی ایک سال قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 40 کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دی تھی، منصوبے  کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈز پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر 2 کروڑ کی منظوری دی گئی تھی۔

  • کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی وادی کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا، جس میں 20 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے وادئ کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی، کالام کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر 60 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

    صوبے کے محکمہ کھیل و سیاحت کا کہنا ہے کہ کالام اسٹیڈیم میں 20 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جب کہ اس کی تعمیر کی لاگت کا اندازہ 607 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے، صوبے میں اسکولوں کی تعمیر اور بحالی پروگرام SCRP کے تحت صوبے میں 4.5 ارب کی لاگت سے 128 اسکولوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

    اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 54 دوسرے میں 74 اسکولوں پر کام ہو رہا ہے، اس منصوبے پر 3.2 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

    صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے نہ صرف بجلی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • سیاحت کا فروغ: 3 سیاحتی علاقوں کے لیے اہم فیصلہ

    سیاحت کا فروغ: 3 سیاحتی علاقوں کے لیے اہم فیصلہ

    پشاور: ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 سیاحتی علاقوں کے لیے اہم فیصلہ کرلیا گیا، فیصلہ مذکورہ علاقوں کا قدرتی حسن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیاحتی مقامات کالام، کمراٹ اور کیلاش کے لیے الگ اتھارٹیز کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹیز کے قیام سے ان علاقوں کی سیاحت کو مزید تقویت ملے گی، اتھارٹیز علاقوں کا قدرتی حسن برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں ہر اتھارٹی 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو قوانین کی خلاف ورزی پر کارورائی کا اختیار ہوگا۔

    دستاویزات کے مطابق سیل تعمیرات یا عمارت کی خلاف ورزی پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، بغیراجازت رہائشی اسکیموں سے متعلق 3 سال قید یا 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

    اسی طرح تجاوزات کے مرتکب افراد کو 3 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں ہوں گی۔

    خیال رہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سنہ 2022 تک پاکستان میں 60 نئے سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سیاحت کے شعبے میں نقصان اٹھانا پڑا، سردیوں میں سیاحتی مقامات میں سیاحوں کے لیے سہولیات کو یقینی بنائیں گے۔

  • کالام کے علاقہ پشمال میں لینڈ سلائیڈنگ، سیاح پھنس گئے

    کالام کے علاقہ پشمال میں لینڈ سلائیڈنگ، سیاح پھنس گئے

    کالام: سوات کے سیاحتی مقام کالام کے علاقے پشمال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین کالام روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کالام میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کالام اور پشمال کے اطراف میں سڑک ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے، جہاں بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔

    لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب سیاح اور مقامی افراد بھی پھنس گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کھولنے کے لیے ریسکیو کا کام جاری ہے، مٹی کا تودہ گرنے سے کالام بحرین روڈ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق سڑک کھولنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ صبح تک سڑک ٹریفک کے لیے بحال کر دی جائے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سوات میں مارٹرگولہ پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق


    واضح رہے کہ بارہ دن قبل صوبہ خیبر پختونخواہ میں سوات کی تحصیل مٹہ میں ایک پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے تھے، پرانا مارٹر گولہ مٹہ کے گاؤں میں کھیت میں پڑا ہوا تھا۔