Tag: کالا کوٹ

  • پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب بار کونسل پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کے لیے وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انکوائری کے لیے طلب کرنے پر مشتعل وکلا نے نامعلوم افراد کے ساتھ لاہور میں پنجاب بار کونسل کے دفتر پر دھاوا بول دیا، بار کونسل میں توڑ پھوڑ اور خوف و ہراس پھیلانے پر 8 وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس نے وکلا کے خلاف سول لائن تھانے میں سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، مقدمے میں دہشت گردی، جان سے مارنے کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل ہیں۔

    مقدمے میں نامزد کیے گئے ملزمان میں 2 خواتین سمیت 8 افراد شامل ہیں، نامزد ملزمان نے پنجاب بار کونسل کے عملے سمیت دیگر افراد پر تشدد کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی۔

    ملزمان کو سوشل میڈیا پر ججز اور وکلا سے متعلق تضحیک آمیز پوسٹ اپلوڈ کرنے پر طلب کیا گیا تھا، مقدمہ سیکریٹری پنجاب بار کونسل اشرف راہی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔

    مقدمہ متن کے مطابق مسلح ملزمان نے پنجاب بار کونسل انکوائری کی درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دیں، ملزمان نے پنجاب بار کے اسٹینو، سیکشن آفیسر اور دیگر عملے کو یرغمال بنایا، پولیس کی مداخلت کے بعد ملزمان کی گرفت سے تمام افراد کو بازیاب کرایا گیا۔

    پولیس نے حملے میں ملوث ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لیا، مقدمے میں عامر، ندیم، نسرین چوہان، حنا رحمان، کرامت، ساجد، علی نفیس اور مختار نامزد کیے گئے ہیں۔

  • پی آئی سی بند ہونے سے امراض قلب کے مریض دربدر، ایمرجنسی آج کھولنے کا فیصلہ

    پی آئی سی بند ہونے سے امراض قلب کے مریض دربدر، ایمرجنسی آج کھولنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بند ہونے کی وجہ سے امراض قلب میں مبتلا مریض در بہ در ہو گئے ہیں، جس کے سبب حکومت نے آج رات سے پی آئی سی کی ایمرجنسی کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی سی بند ہونے کی وجہ سےامراض قلب کے مریض در بہ در ہو گئے ہیں، مریضوں کو آج مختلف ٹیسٹوں اور انجیو گرافی کی تاریخیں ملی ہوئی تھیں، تاہم دور دراز سے آئے مریض جب اسپتال پہنچے تو دروازے بند ملے۔

    کارڈیالوجی میں مریضوں کو کئی مہینوں کا وقت دیا جاتا ہے، اپنی تاریخ پر پی آئی سی پہنچنے والے مریضوں کا کہنا تھا کہ انھیں آج ٹیسٹ کی تاریخ ملی تھی لیکن اندر نہیں جانے دیا جا رہا، ایک مریضہ نے اے آر وائی نیوز کے نمایندے کو بتایا کہ ان کے سینے میں درد ہے لیکن اسپتال میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی سی حملہ کیس؛ گرفتار وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا

    ادھر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو آج رات سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، پی آئی سی کی ایمرجنسی میں مرمت کا تمام کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے، بیڈز کو ترتیب سے لگا دیا گیا، آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز اور دیگر مشینری بھی ترتیب سے لگا دی گئی ہے۔

    اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ آج رات ایمرجنسی کو مریضوں کے لیے کھول دیا جائے گا، جب کہ اِن ڈور اور آؤٹ ڈور کی سروسز کل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے دو دن قبل وکیلوں نے کالے کوٹوں میں ملبوس پی آئی سی پر دھاوا بول کر شدید توڑ پھوڑ کی تھی اور اسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچا دیا تھا۔