Tag: کالعدم تحریک طالبان پاکستان

  • کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری

    کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری

    حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے باعث کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو اب فتنہ الخوارج کہا جائے گا، دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کیلئے ‘مفتی’ اور ‘حافظ’ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ  تمام خط وکتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ’خارجی‘ لکھا اور پڑھا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کا مقصد ٹی ٹی پی تنظیم کی حقیقی نوعیت اور نظریے کی عکاسی کرنا ہے، نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی کہ ہدایات کو فوری لاگو کریں۔

    نوٹیفکیشن وفاقی وزارتوں اور دیگر انتظامی کنٹرول کے تحت محکموں اور اداروں کو ارسال کردی گئی۔

  • کراچی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا  دہشت گرد گرفتار

    کراچی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی : سی ٹی ڈی پولیس نے کراچی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد ولی رحمان کو گرفتار کر کے دستی بم برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیرکے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد ولی رحمان کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ولی رحمان کے قبضے سے دستی بم برآمد ہوا، ولی رحمان متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہاہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ گرفتاردہشت گردکاتعلق کمانڈرعظمت اللہ عرف طارق گروپ سےہے، دہشت گرد نے ساتھیوں کےہمراہ سنہ 2004 میں جنوبی وزیرستان میں فورسز پر اور سنہ 2006 میں ایف سی قلعہ سپلوئے پر حملہ کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ دہشت گرد نے ہلاک کمانڈرقاری حسین سے خودکش حملےکی ٹریننگ حاصل کی تھی۔

    حکام کے مطابق دہشت گرد ولی رحمان گرفتاری کے خوف سے 2009 میں دبئی فرار ہوگیا تھا، اس کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کو معاشرے اور ریاست کا دشمن سمجھتے ہیں، نگران وزیراعظم

    کالعدم ٹی ٹی پی کو معاشرے اور ریاست کا دشمن سمجھتے ہیں، نگران وزیراعظم

    اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو معاشرے اورریاست کا دشمن سمجھتے ہیں، ریاست کی بقا کیلئے آخری حد تک لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاس امریکی اسلحے کی موجودگی سے متعلق سوال پر کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پاس امریکی اسلحے کی موجودگی کے شواہد ہیں، اٹہتر گھنٹےمیں جب افغان فوج غائب ہوئی تو ان کا اسلحہ کہاں گیا۔

    انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کوئی الزام نہیں لگا رہا، شواہد موجود ہیں کہ امریکی اسلحہ مشرق وسطی تک فروخت ہوا اوراس کے نتائج کا ہم سامناکررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کومعاشرے اورریاست کا دشمن سمجھتے ہیں، ریاست کی بقا کیلئے آخری حد تک لڑیں گے۔

    غیرقانونی طور پر ملک میں مقیم افغانوں کو واپس بھیجنے سے متعلق سوال پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘ افغانوں کے دل و دماغ جیتنے کا ہدف ہی غلط ہے، ہماری ذمہ داری پاکستان ہے افغانستان نہیں، ہم چاہتے ہیں غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان واپس جائیں، جوافغان سمجھتےہیں ان کا یہاں کاروبار ہے وہ ویزہ لے کر واپس آئیں۔’

    انہوں نے تسلیم کیا کہ ‘ویزوں کے نظام کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ ’چاہے دو لاکھ ہوں یا 60 ہزار درخواستیں انہیں مربوط نظام کے تحت سہولت دی جانی چاہیے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔’

  • پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشت گردی کے خلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد عثمان غنی عرف عرفان گرفتار کرلیا گیا، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق باجوڑی گروپ سے ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے، دہشت گرد سنہ 2019 میں افغانستان گیا تھا۔ دہشت گرد نے طالبان کمانڈر قاری عبید اللہ عرف قاری ثاقب سے ملاقات کی تھی۔

    ملزم نے جدید اقسام کےاسلحے اور بارود چلانے کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نے چارمنگ باجوڑ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، حملے میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گرد کا ہجرت اللہ عرف مجلس عرف جٹ کو کراچی میں بھاری رقوم دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ عثمان غنی اپنے ساتھیوں کے ساتھ فیس بک کے ذریعے رابطے میں رہتا تھا، دہشت گرد باجوڑ سے افغانستان کےخفیہ راستوں کی معلومات رکھتا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، دہشت گرد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان بونیر گروپ کا کمانڈر گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر رحمت شاہ کو کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

    انچارج کا کہنا ہے کہ رحمت شاہ کے سر پر 20 لاکھ کا انعام تھا، پختونخواہ حکومت نے اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر انعام رکھا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش بونیر میں دہشت گردی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    چوہدری صفدر کے مطابق سنہ 2009 میں مذکورہ دہشت گرد نے بونیر میں پولیس چوکی پر حملہ کیا تھا اور اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ ملزم نے اسی سال ایف سی کیمپ پر حملہ کر کے قبضہ کیا تھا۔ چوکی پر ایک ماہ تک قبضہ کر کے اسلحہ استعمال کرتے رہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن پر دہشت گرد کیمپ کا قبضہ چھوڑ کر فرار ہوئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم کی حوالگی کے لیے پختونخواہ پولیس سے رابطہ کر لیا گیا۔

  • حساس اداروں کا سندھ حکومت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کی تفصیلات طلب

    حساس اداروں کا سندھ حکومت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد: حساس اداروں نے محکمہ داخلہ سندھ سے دہشت گردی کے مقدمات، اور اس میں ملوث شدت پسندوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے دہشتگردی کے مقدمات میں سزا پانے اور بری کئے جانےو الے افراد کی تفصیلات مانگی ہیں۔

    حساس اداروں کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ ملزمان کو بری کیوں کیاگیا، ملزمان کے خلاف ثبوت کمزور تھے یا ان کامقدمہ درست طور پر نہیں چلایا گیا۔

     حساس اداروں نے دہشتگردی میں ملوث افراد کے مکمل کوائف، اہل خانہ اور تنظیموں سے تعلق کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جبکہ عدالتوں سے بری کئے گئے افراد کی نگرانی کے حوالےسے بھی سوالات کئے گئے ہیں۔

  • بلوچستان کےعلاقےسنجاوی میں آپریشن کالعدم طالبان کے7 دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان کےعلاقےسنجاوی میں آپریشن کالعدم طالبان کے7 دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں سات دہشتگرد مارے گئے۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر فورسز نے بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشتگرد مارے گئے ہیں ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر شامل ہے ، قتل کئے گئے دہشتگردوں کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں۔

  • کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے 4مبینہ دہشت گرد گرفتار

    کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے 4مبینہ دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: سانحۂ پشاور کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں میں تیزی آگئی ہے، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے درجن سے زائد کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکاخیزمواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    ذرائع کے کہنا ہے کہ تین دہشتگردوں کا تعلق وزیرستان سے اور ایک ازبک باشندہ ہے، گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلئے خفیہ مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی میں قصبہ کالونی ،فرنٹیر کالونی اور اتحاد ٹاؤن میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی، جس میں کالعدم تنظیم کے پانچ کارندے گرفتار کرلیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

  • کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کی پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی

    کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کی پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی

    کراچی : کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

    حساس ادارے کی جانب سے وفاقی وزارتِ داخلہ ، وزارتِ داخلہ سندھ ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے، حساس ادارے کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

    جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عدنان رشید کی سربراہی میں حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، پانچ خودکش حملہ آور تیار کئے گئے ہیں، عدنان رشید اس حملے کیلئے فنڈنگ اور خودکش حملہ آوروں کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    رپورٹ میں مستقبل قریب میں خودکش حملے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد پرویز مشرف کو طبی معائنے کیلئے اسپتال لیجاتے وقت نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    حساس ادارے نے وفاقی وزارتِ داخلہ ، وزارتِ داخلہ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا ہے، سابق صدر کی سیکیورٹی فول پروف بنانے اور خودکش حملہ آوروں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔