Tag: کالعدم تنظیم

  • کالعدم تنظیم کے کارندے مقدمات میں بری ہونے کا سبب سامنے آ گیا

    کالعدم تنظیم کے کارندے مقدمات میں بری ہونے کا سبب سامنے آ گیا

    کراچی: کالعدم تنظیم کے کارندے مقدمات میں پولیس افسران ہی کی وجہ سے بری ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس افسران ہی کالعدم تنظیم کے کارندوں کے بری ہونے کا سبب بننے لگے ہیں، انسداد دہشت گردی عدالت میں چینی قونصل خانے پر حملے کے کیس میں 2 برس گزرنے کے باوجود ایک بھی گواہ کا بیان قلم بند نہ کیا جا سکا۔

    آج کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے کے مدعی ایس آئی اشفاق اور آئی او کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا، جج نے کہا دو سال گزر گئے لیکن مدعی مقدمہ گواہی کے لیے نہیں آیا، تفتشی افسر بھی گواہان کو پیش کرنے میں ناکام ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا پولیس کی عدم دل چسپی کے باعث یہ مقدمہ التوا کا شکار ہے، عدالت نے تفتشی افسر اور مدعی مقدمہ ایس آئی اشفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ دونوں افسران 7 جون کو عدالت میں پیش ہوں۔

    اس مقدمے میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف، اور اسلم نامی ملزمان گرفتار ہیں، جب کہ مقدمے میں 15 ملزمان مفرور ہیں، جن میں حر بیار مری، علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر شامل ہیں۔

    عدالت مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، پولیس کے بیان کے مطابق واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو انڈین ایجنسی را نے مالی معاونت کی تھی، عبداللطیف سمیت دو ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں، دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ 164 اپنا بیان قلم بند کرایا۔

    پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی، اور انھوں نے چینی قونصلیٹ پر حملے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد فراہم کیا، انھوں نے ہلاک دہشت گرد کے ساتھ حملے سے قبل چینی قونصل خانے کی ریکی بھی کی تھی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو انڈین ایجنسی را اور بیرون ملک سے معالی معاونت حاصل ہے، جب کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 23 نومبر 2018 کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن پولیس اہل کاروں نے اسے ناکام بنا دیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہل کار اور 2 شہری شہید، جب کہ 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

  • کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد سے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں میں سمیع اللہ عرف ارشد اور محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار شامل ہیں، یہ ملزمان پاک فوج، نیوی، رینجرز اور پولیس کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سیاسی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے، ملزمان نے عبداللہ دانش اور نعیم عرف ماسٹر کے ساتھ مل کر کارروائی کی، ملزمان نے عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے ساتھ مل کر بھی کارروائی کی تھی، ان ملزمان نے مزید دو افراد عطاالرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر سے مل کر بھی کارروائی کی۔

    رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے ماسٹر مائنڈ عطاالرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر پہلے سے گرفتار ہیں، یہ ملزمان دہشت گردوں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں، ان پرحکومت سندھ نے فی کس 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے، ملزمان کی نشان دہی پر دہشت گردی میں استعمال اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان میں منصور احمد عرف بلال عرف ابراہیم عرف شیخ بھائی اور فضل غنی عرف شفیق عرف نجیب شامل ہیں۔ ملزمان سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں مطلوب ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ سے ہے، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزم عسکری تربیت یافتہ اورمتعدد بار افغانستان جاتے رہے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم منصور کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 30 لاکھ انعام رکھا تھا، ملزم منصور چمن بلوچستان اور اسپن بولدک میں روپوش رہا، ملزم جنداللہ گروپ کے کراچی کے امیر ثاقب کا قریبی ساتھی ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزم فضل غنی کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 20 لاکھ انعام رکھا تھا، ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے ضلع غربی میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کیے تھے۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2  کارندے گرفتار

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے ضلع غربی میں رینجرز نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع غربی میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کرلیے۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان میں رشید عرف خان بابا اور اسماعیل عرف چپس والا شامل ہیں، ملزمان سوات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

    ترجمان کے مطابق رشید عرف خان بابا گرفتار ی کے ڈر سے سوات سے فرار ہو کر کراچی آیا تھا، ملزم کالعدم تنظیم کے بھتہ گروپ کے لیے کارروائیاں کرتا تھا، ملزم اسماعیل عرف چپس والا کراچی کا رہائشی، کالعدم تنظیم کا سہولت کار ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 20 اپریل 2019 کو بھتہ نہ دینے پر دکان مالک پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے بعد دکان کے مالک نے ملزمان کو ایک لاکھ روپے بھتہ دیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 28 اگست کو شیر شاہ میں کباڑ کا کارو بار کرنے والے سے ایک کروڑ بھتے کا مطالبہ کیا، ملزمان نے بھتہ نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی۔

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان بونیر گروپ کا کمانڈر گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر رحمت شاہ کو کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

    انچارج کا کہنا ہے کہ رحمت شاہ کے سر پر 20 لاکھ کا انعام تھا، پختونخواہ حکومت نے اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر انعام رکھا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش بونیر میں دہشت گردی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    چوہدری صفدر کے مطابق سنہ 2009 میں مذکورہ دہشت گرد نے بونیر میں پولیس چوکی پر حملہ کیا تھا اور اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ ملزم نے اسی سال ایف سی کیمپ پر حملہ کر کے قبضہ کیا تھا۔ چوکی پر ایک ماہ تک قبضہ کر کے اسلحہ استعمال کرتے رہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن پر دہشت گرد کیمپ کا قبضہ چھوڑ کر فرار ہوئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم کی حوالگی کے لیے پختونخواہ پولیس سے رابطہ کر لیا گیا۔

  • سکھر: پولیس مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرد گرفتار

    سکھر: پولیس مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرد گرفتار

    سکھر: سندھ پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرفتار کرکے اسلحہ اور دھماکہ خیزمواد برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور سکھر لنک روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشتگرد گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گرد سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم 2016 میں خانپور عیدگاہ میں خودکش دھماکے میں ملوث ہے، دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    ملزم کی شناخت حسین بخش عرف ملا بخش بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گرد سے تفتیش شروع کردی ہے، ملزم کی مدد سے دیگر ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم تنظیم جنداللہ کا مطلوب دہشت گرد گرفتار

    خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اپریل میں ہی کے پی کے شہر ایبٹ آباد میں سی ٹی ڈی ہزارہ نے یہ اہم کارروائی کی اس موقع پر داعش کا نیٹ ورک چلانے والا مبینہ دہشت گرد مجیب الرحمان گرفتار کیا تھا،گرفتار مبینہ دہشت گرد کراچی اور پنجاب میں بڑی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھا جن میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، بینک ڈکیتیوں سمیت سنگین دہشت گردی کی وارداتیں شامل تھیں۔

  • حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد گرفتار

    حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد گرفتار

    گوجرانوالہ: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے علی پور چوک گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں محمد اکمل اور غلام حسین کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، نفرت انگیز لٹریچر اور نقدی برآمد کی گئی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن بر وقت کارروائی کرتے ہوئے انھیں گرفتار کر لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دو خودکش حملہ آوروں سمیت چھ دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے کہ تین دن قبل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کاروائی میں 2 خود کش حملہ آوروں اور خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے تھے۔

    اس سے قبل جولائی میں راولپنڈی میں سی ٹی ڈی اہل کاروں نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد راولپنڈی میں تخریبی کارروائی کرنا چاہتا تھا، سی ٹی ڈی حکام نے خفیہ اطلاع پر راولپنڈی کے علاقہ منکیال میں کام یاب کارروائی کر کے اسے پکڑا۔

  • ملتان : سی ٹی ڈی سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور نقشے برآمد

    ملتان : سی ٹی ڈی سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور نقشے برآمد

    ملتان : سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں مقابلہ کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک کردیئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ خفیہ اطلاع پر اہلکار جب کارروائی کیلئے پہنچے تو دہشت گردوں نے ٹیم پر فائرنگ کردی۔

    سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں رضوان عرف ڈاکٹر اور عمران عرف ساقی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر،عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے نقشے اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونیوالی رقم برآمد کرلی گئی۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، ملزمان حساس ادارے کے تین اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

    انہوں نے ایک امریکی شہری کو بھی اغوا کیا تھا۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں نے سمندری کے علاقے میں سیکیورٹی گارڈز کو قتل کرکے کیش وین بھی لوٹی تھی۔

  • اورماڑہ دہشت گردی‘ پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا

    اورماڑہ دہشت گردی‘ پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا

    اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے اورماڑوہ میں دہشت گردی کا واقعہ پر پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا، سانحے میں 10 پاک بحریہ، 3 پاک فضائیہ اور ایک کوسٹ گارڈ کا اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اورماڑہ میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان نے احتجاج کیا ہے ۔ مراسلے میں کہاگیاکہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا پہلے بھی ایران سے کئی بارمطالبہ کر چکے ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کے گروپ کے خلاف کارروائی کے لیے پہلے بھی ایران سے کئی بار مطالبہ کیا جاچکا ہے، پاکستان اس سرگرمی سے متعلق ایران سے پہلے ہی انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کرچکا تھا، بدقسمتی سے اس ضمن میں ایران کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    پاکستان کی جانب سے ایران کو دیے گئے مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران سے تعلق رکھنے و الے دہشت گردوں کی جانب سے 14 افراد کا قتل انتہائی تشویش ناک ہے۔ ایران ان جماعتوں کے خلاف با ضابطہ کارروائی کرے ۔

    دوسری جانب پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملے پر ایرانی وزیرخارجہ نے بھی اپنا بیان جاری کردیا۔ا یرانی وزیر خارجہ جواد ضریف نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔جواد ظریف نے کہاکہ یہ حملہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران پرروانگی سے قبل کیا گیا، جس سے دہشت گردوں کے عزائم واضح ہوتے ہیں۔

    جواد ظریف نے کہاکہ دہشت گرد، انتہا پسند اوران کے معاون دونوں مسلم ریاستوں کے تعلقات سے خوف زدہ ہیں۔ جواد ظریف نے کہاکہ ایران ،پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں دہشت گردی کے سدباب کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

    پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس تازہ پیش رفت کے بعد صحافیوں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوسٹل ہائی وے واقعے کی ذمہ داری بلوچ دہشت گرد تنظیموں نے قبول کی، ایسے علاقوں کی نشاندہی کرلی ہے جہاں ان عناصر کو تربیت دی جاتی ہے۔ ایرانی حکام کو ایسے علاقوں کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران سرحدی علاقے میں ٹریننگ کیمپوں کو ٹریس کیا گیا ہے، امید کرتے ہیں ایرانی حکام ان عناصر کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایران اور پاکستان کے دیرینہ اورمضبوط تعلقات ہیں۔ ہمارے پاس فرانزک ثبوت موجود ہیں جو شیئر کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے یقین دلایا ہے کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کریں گے، ایک بلوچستان دہشت گرد تنظیم بی آر آئی اے نے ذمہ داری قبول کی۔ افغانستان سے بھی ایکشن کی توقع کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کل سے ایران کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ ایران کی سپریم سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ، ملاقاتوں میں دہشت گردی ، پاک ایران گیس پائپ لائن سمیت کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • کشمور: پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کشمور: پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کشمور: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں پولیس کا نواحی علاقے میں دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں پولیس نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے کشمور کے نواح میں کشمور پولیس کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا، جس میں پولیس نے ایک دہشت گرد کو پکڑ لیا۔

    ایس ایس پی کشمور پولیس نے بتایا کہ مقابلے میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ 3 کلو بارودی مواد، 2 ہینڈ گرینیڈ اور 3 ڈیٹو نیٹر بھی برآمد کیے گئے۔

    کشمور پولیس کے مطابق ملزم نے 2009 میں ڈیڑہ موڑ پر ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکا تھا، جس میں پاک فوج کے 5 جوان زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں، اپوزیشن کو آن بورڈ لیا: شہریار آفریدی

    ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار کیا جانے والے دہشت گرد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔

    خیال رہے کہ تین دن قبل وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن میں تمام اداروں اور اپوزیشن کو آن بورڈ لیا گیا ہے، انھوں نے کہا فرقہ واریت پھیلانے والے ملک دشمن ہیں۔

    انھوں نے کہا حالیہ ایکشن کالعدم تنظیموں اور انفرادی شخصیات کے خلاف ہو رہا ہے، ان کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں، عالمی ذمہ داری کے تحت دہشت گردوں کی فنانسنگ بند کی جا رہی ہے، نیز یہ ایکشن نا قابل واپسی ہے۔