Tag: کالعدم جماعت الدعوۃ

  • کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا

    کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا سنادی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر کالعدم جماعت الدعوۃ سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو سزا سنادی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مجرم کو ایک اور 5، 5 سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں، ظفر اقبال اور یحیٰی عزیز کو 5، 5 سال، عبدالرحمان مکی، عبدالسلام کو ایک سال کی سزا دی گئی۔

    اے ٹی سی نے ملزمان کی جائیدادیں بھی قرق کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم پروفیسر ظفر اقبال پر 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، عدالت نے یحییٰ مجاہد کو سزا کے ساتھ 50 ہزار جرمانہ کی سزا دی۔

    ملزم پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی کو ایک سال قید، 20 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی، اسی طرح ملزم حافظ عبدالسلام بن محمد کو ایک سال قید، 20 ہزار جرمانے کی سزا دی گئی۔

    واضح رہے کہ ملزمان کو دہشت گردی کی مالی معاونت کا جرم ثابت ہونے پر سزائیں دی گئی ہیں۔

  • حافظ سعید کی گرفتاری اندرونی معاملہ ہے، شہباز گل

    حافظ سعید کی گرفتاری اندرونی معاملہ ہے، شہباز گل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہے، نیشنل ایکشن پلان ملک بھرمیں جاری ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری میں کوئی بیرونی تعلق شامل نہیں بلکہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے حافظ سعید پر مقدمات ہیں اور وہ ان کا سامنا کریں گے۔

    حافظ سعید کی گرفتاری کے حوالے مزید معلومات فراہم کرنے کے سوال پر ان کا یہ کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد جاری ہے، مزید انفارمیشن شیئرنہیں کرسکتا۔

    کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نیشنل ایکشن کے تحت گرفتار

    یا درہے کہ آج صبح کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں جماعت الدعوۃ  کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    حافظ سعید نے پہلے لشکر ِ طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃ کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔