Tag: کالعدم ٹی ٹی پی

  • کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گرد  گرفتار

    کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گرد گرفتار

    کراچی : محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سےکالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    کارروائیاں منگھوپیر اور کشمیر روڈ کے علاقوں میں کی گئیں جن کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اللہ نور اور سرفراز شامل ہیں، جبکہ القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے سلیم، جہانزیب اور امداد اللہ کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تمام دہشت گرد فتنہ الخوارج اور القاعدہ برصغیر کے نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گرد پڑوسی ملک میں عسکری تربیت حاصل کرچکے ہیں اور کراچی میں بڑی تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

  • کراچی  سے  کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ گرفتار

    کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ گرفتار

    کراچی : شہر قائد سے کالعدم ٹی ٹی پی کااہم کارندہ گرفتار کرلیا ، ملزم نے سوشل میڈیا پر دھمکی دی تھی کہ ہم کراچی آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ نے تاج کمپلیکس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کارندے کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم خلیل الرحمان کاتعلق نورولی گروپ سے ہے، ملزم نے دسمبر 2024 میں قائداعظم کے مزار پر ویڈیو بنا کر افغانستان بھیجی تھی ، ملزم نےٹی ٹی پی کا کمانڈر مصباح کےحکم پر مختلف علاقوں کی ویڈیو بناکربھیجی تھی۔

    ملزم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل اوردھمکی دی تھی کہ ہم کراچی آگئے ، ملزم افغانستان میں دہشت گردی کی ٹریننگ بھی حاصل کرچکاہے ،سی ٹی ڈی

    ملزم کوانٹیلی جنس ونگ نےتکنیکی اورسی سی ٹی وی فوٹیج کی مددسےگرفتارکیا ، یہ ڈیفنس ایریامیں کالعدم ٹی ٹی پی کی چاکنگ میں بھی ملوث ہے۔

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کالعدم ٹی ٹی پی سے خبردار کردیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کالعدم ٹی ٹی پی سے خبردار کردیا

    نیویارک: پاکستان نے سلامتی کونسل کو کالعدم ٹی ٹی پی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کیلئے ایک چھتری کے طور پر ابھر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کیلئے چھتری بن رہی ہے۔

    منیر اکرم کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت خطے اور عالمی امن کوخطرات سےنمٹنےمیں ناکام رہی ہے، القاعدہ، کالعدم ٹی ٹی پی، کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسی تنظیمیں شامل ہیں، یہ تنظیمیں پاکستان اور خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچارہی ہے۔

    مستقل مندوب نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی القاعدہ کیساتھ وابستگی دہشت گردی کے عالمی خطرے میں تبدیل کرسکتی ہے، 6 ہزار جنگجوؤں پرمشتمل ٹی ٹی پی افغانستان میں سرگرم بڑی دہشت گرد تنظیم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سے سرحدی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان پرحملے کرتی ہے، ان حملوں میں پاکستانی فوجی، شہری اور ریاستی ادارے نشانہ بنے اور حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

    پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ ٹھوس شواہد ہیں کابل حکام ان حملوں کی سرپرستی بھی کررہے ہیں، پاکستان روزانہ دہشت گرد حملوں کا سامنا کررہا ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان پر حملوں کیلئے افغانستان سے فنڈنگ اور لاجسٹک سپورٹ ملنے  کا انکشاف

    کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان پر حملوں کیلئے افغانستان سے فنڈنگ اور لاجسٹک سپورٹ ملنے کا انکشاف

    نیویارک : اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان پر حملوں کیلئے افغانستان سے فنڈنگ اور لاجسٹک سپورٹ مل رہی ہے ، جس سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی، افغانستان کا کردار اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ کارکردگی پر اقوام متحدہ کی رپورٹ سامنے آگئی۔

    اقوام متحدہ کی تجزیاتی معاونت اورپابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم نے سلامتی کونسل میں رپورٹ پیش کردی، جس میں افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی اقوام متحدہ نے بھی پاکستانی موقف کی تائید کی۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کالعدم تحریک طالبان کو پاکستان پر حملے کیلئے سرحد پار سے مالی مدد ملتی رہی ہے اور افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کو فنڈز اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جارہی ہے، افغان طالبان کی حمایت نے کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملے تیز کرنے کے قابل بنایا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں دو درجن سے زائد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں، گروہ نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کی سلامتی کیلئے بڑا چیلنج بن چکے۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے دہشت گرد گروپوں کےاثرات مزید بڑھ گئے اور داعش کی افغانستان میں بڑھتی کارروائیاں اور افغان طالبان کی معاونت خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے۔

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اپنی کارروائیاں پھیلانے کی کوشش میں داعش خراسان کو ایک اہم دھچکا لگا ، پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے داعش خراسان کی بیرونی آپریشنزبرانچ کوناکام بنادیا اور داعش کےاہم دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا، گرفتاردہشت گردوں میں عادل پنجشیری، ابو منذر اور کاکا یونس شامل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فتنہ الخوارج نےپاکستان میں 600 دہشت گردحملوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کی، امداد کے نتیجے میں فتنہ الخوارج نے افغانستان کے مختلف صوبوں میں نئے تربیتی کیمپ قائم کیے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فتنہ الخوارج نے نئے تربیتی کیمپ کیلئے طالبان کے اندر اپنے حامیوں کی بھرتی کی، افغانستان میں دہشت گردتنظیموں کے درمیان بڑھتا تعاون خطےکی سیکیورٹی کیلئے سنگین چیلنج بن چکا۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اورافغان طالبان کےدرمیان بڑھتاتعاون ایک نیااور خطرناک رجحان ہے، ان گروپوں کےدرمیان بڑھتے ہوئے تعلقات نےخطے میں ایک نیا غیر علاقائی خطرہ پیدا کیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان اورفتنہ الخوارج کےدرمیان خودکش بمباروں اور جنگجوؤں کی فراہمی پر تعاون ہو رہا ہے،یہ گروپ خطے کے دیگر گروپوں کے لیے ایک چھتری تنظیم کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان کےصوبوں بدخشاں،ہلمند،قندھار، قندوز میں داعش کےحامیوں میں اضافہ ہوا، بامیان میں غیر ملکی سیاحوں پرحملے میں طالبان کےڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس مولوی نیک محمد عضیفہ ملوث تھے اور داعش خراسان کےنائب مولوی رجب نے افغانستان میں کئی اہم خودکش حملوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔

    افغانستان داعش خراسان کی افزائش اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کا محور بن چکا ہے، یہ دہشت گردگروہ افغانستان کے مختلف صوبوں میں جنگجوؤں کو تربیت فراہم کرتا ہے اور تمام دہشت گرد، کارروائیوں ، جنگجوؤں کی تربیت اور فنڈنگ میں ملوث تھے۔

    کالعدم بی ایل اے نے پاکستان کےجنوبی علاقوں میں کئی بڑے حملے کیے اور اپنی صفوں میں خواتین کوبھی شامل کیا، مجیدبریگیڈ نےبھی اس دوران اہم حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، ان کے روابط ایسٹ ترکستان اسلامی موومنٹ، ترکستان اسلامی پارٹی، فتنہ الخوراج اور داعش کیساتھ ہیں۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے لیے قمر باجوہ نے کہا تھا،عمر ایوب

    کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے لیے قمر باجوہ نے کہا تھا،عمر ایوب

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر قمر باجوہ نے کہا تھا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں قمر باجوہ نے مذاکرات کا کہا تھا یہ پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ 550 ارب روپے کا پیٹرول اسمگل ہوکر آتا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے، وفاقی حکومت نے اب تک 1500 ارب روپے ادا نہیں کیے، پنجاب خسارے میں ہے، خیبرپختونخوا سرپلس دکھا رہا ہے۔

    عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں غیریقینی صورتحال ہے، سیاسی استحکام سے معاشی استحکام جڑا ہوا ہے، تحریک انصاف کے دور میں امن تھا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک سے حالات کشیدہ ہوں گے تو دہشت گردی بڑھے گی، کسی کو اجازت نہیں دیتے کہ وہ ہمارے ملک میں مداخلت کرے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ امن کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، ہمارے دور میں پاک افغان ٹریڈ ہوئی، چاہتا ہوں امن کو فروغ دیا جائے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سب سے بڑی سیاسی پارٹی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

    گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان سب کو معاف کرنے کو تیار ہیں، ہر معاملے کیلیے ایک ٹائم فریم ہونا چاہیے، حکومت کے سامنے مطالبات تحریری رکھیں گے اور پھر ردعمل دیکھیں گے کہ حکومت کتنی سنجیدہ ہے۔

  • پاکستان میں دہشت گردوں کا ناپاک منصوبہ، نور ولی محسود کا گھناؤنا کردار

    پاکستان میں دہشت گردوں کا ناپاک منصوبہ، نور ولی محسود کا گھناؤنا کردار

    پاکستان میں دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنائے جانے میں تیزی آئی ہے، ٹی ٹی پی کے خارجی نور ولی کی آڈیو لیک نے اس کے ناپاک منصوبوں کو ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی کی آڈیو لیک پر پاکستانی عوام کا ردعمل سامنے آگیا، عوام کا کہنا ہے کہ افغانستان کو چاہیے کہ وہ ایسے دہشت گردوں کو ملک سے نکال دے۔

    پاکستانی عوام کا کہنا ہے کہ ہمارے سکیورٹی اہلکاروں کو ان خارجیوں کے سروں کو کچلنا چاہئے، یہ دہشت گرد صرف ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں بد امنی پھیلے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج سے مطالبہ کرتے ہیں ایسے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ٹی ٹی پی کے سربراہ کی گفتگو سے ثابت ہوتاہے کہ یہی لوگ ملک دشمن عناصر ہیں۔

    پاکستانی عوام کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان مکمل طور پر پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے، ہم ٹی ٹی پی کے گھناؤنے منصوبے کی مذمت کرتے ہیں، یہ لوگ پاکستانی عوام کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے ان لوگوں کو سخت سزا ملنی چاہئے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی حافظ گل بہادر گروپ کے 2 دہشتگرد گرفتار

    کالعدم ٹی ٹی پی حافظ گل بہادر گروپ کے 2 دہشتگرد گرفتار

    کراچی: سی ٹی ڈی نے کالعدم ٹی ٹی پی کیلئے فنڈز جمع کرنے والے ’حافظ گل بہادر گروپ‘ کے 2 دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی ٹیرارزم فنانسنگ یونٹ سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے جنجال گوٹھ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے لیے فنڈنگ کرنے والے دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

      ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق تحریک طالبات پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، ملزمان ابوذر اور یعقوب محسود سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے افغانستان میں ٹی ٹی پی قیادت سے رابطے میں تھے۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق وزیر ستان سے ہے جو حال ہی میں فنڈنگ آپریشن کیلئے کراچی واپس آئے تھے لیکن سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش اینٹی ٹیرارزم یونٹ نے انہیں گرفتار کیا۔

    آصف اعجاز شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے فنڈنگ کی رقم برآمد کرکے مزید انٹیروگیشن کی جارہی ہے۔

  • دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے کے لیے غیر قانونی ٹرک اڈا چلانے والے 2 سہولت کار گرفتار

    دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے کے لیے غیر قانونی ٹرک اڈا چلانے والے 2 سہولت کار گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں غیر قانونی ٹرک اڈا چلانے والے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 سہولت کار گرفتار کر لیے گئے۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    دہشت گردوں کی سہولت کاری پر حکومت سندہ نے فورتھ شیڈول میں بھی نوٹیفائڈ کیا تھا، ملزمان حسن گل محسود اور بشیر کے قبضے سے دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کی کثیر رقم برآمد ہوئی، ملزمان نے امیر کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کی ہدایت پر جدید اسلحہ خریدا تھا، یہ ہتھیار فنڈنگ سے حاصل کردہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے سے خریدا گیا۔

    ملزمان کی نشان دہی پر 2 نائن ایم ایم پستول برآمد کیے گئے، ملزمان سپر مارکیٹ علاقہ تھانہ گلزار ہجری پر غیر قانونی ٹرک اڈا چلا رہے تھے، اور اڈے سے حاصل منافع سے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتے تھے۔

    ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں ٹیرر فنڈنگ و اسلحے کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

  • گرفتار کمانڈر نصراللہ کے کالعدم ٹی ٹی پی  سے متعلق سسنی خیز انکشافات

    گرفتار کمانڈر نصراللہ کے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق سسنی خیز انکشافات

    کوئٹہ : گرفتار کمانڈر نصراللہ کے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے ، جس میں بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو پیسہ کہاں سے ملتا ہے؟

    تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشتگرد نصراللہ نے ویڈیو بیان میں پاک افغان بارڈر پر پاک فوج کی چوکیوں پر حملوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کےدوران افغانستان فرارہوگیا تھا۔

    نصراللہ کا کہنا تھا کہ بیت اللہ محسود کے پلیٹ فارم سے تخریبی کارروائیوں میں حصہ لیتا تھا، وزیرستان، ڈی آئی خان میں بھی تخریبی کارروائیاں کیں گرفتاری کےوقت کالعدم ٹی ٹی پی کے دفاعی کمیشن کےسربراہ کےطورپر کام کررہا تھا۔

    گرفتار کمانڈر نے انکشاف کیا ان سب دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بھارتی ایجنسی را کا ہاتھ تھا، بھارتی ایجنسی’’را‘‘کی خواہش ہے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم ٹی ٹی پی کا اتحاد ہو۔

    دہشت گرد نے بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو تمام پیسہ راسے آتا ہے اور ان کے تمام کمانڈرافغانستان میں کھلےعام گھوم رہےہیں جبکہ بہت سے گمشدہ لوگ افغانستان میں موجود ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نورولی کی کابل میں بھارتی ایجنٹوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، بشیر زیب اور نور ولی افغانستان میں آزادگھومتے ہیں، نورولی دوسروں کے بچوں کو دہشتگردی کیلئے استعمال کرتا ہے لیکن اپنے 9بچوں کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں کرتا۔

    نصراللہ نے مزید بتایا کہ نورولی کابل میں بی ایل اے کمانڈر بشیر زیب سے بھارتی سفارتخانے میں ملتاہے، کالعدم بی ایل اے،کالعدم ٹی ٹی پی کاہدف پاک چین دوستی اورسی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔

    گرفتار دہشت گرد کا کہنا تھا کہ مولوی نورولی محسود سمیت کالعدم ٹی ٹی پی کی تمام قیادت افغانستان میں موجود ہے۔

  • افغان طالبان، ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت

    افغان طالبان، ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت

    افغان طالبان، کالعدم ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت ہوئے۔

    طالبان کے افغانستان پر قابض ہونے کے بعد پاکستان نے بارہا افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کو روکے، پاکستان نے متعدد بار افغانستان کو شواہد پیش کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کو پناہ فراہم کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں  نے متعدد بار پاکستان میں حملے کروائے اور ملک کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں کیں، رواں سال کے اوائل میں بشام میں چینی انجینئرز پر حملہ اور جون میں دیر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ بھی ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں کی واضح مثالیں ہیں۔

    پاکستان سمیت کئی ممالک نے افغانستان سے ہونے والی ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں پر انتہائی تشویش کا اظہار بھی کیا، دوسری جانب افغان حکومت کی بارہا تردید کے باوجود ٹی ٹی پی کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    افغان طالبان ٹی ٹی پی کے ارکان کو سرحدی علاقوں سے ہٹا کر باقاعدہ اب افغانستان کے مختلف صوبوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق افغان سرزمین پر طالبان ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کو پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں خصوصاً صوبہ خوست میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    طالبان کے اس اقدام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ برسوں سے ٹی ٹی پی کو افغان طالبان کی سرپرستی حاصل ہے
    کیا ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے شواہد منظر عام پر آنے کے بعد بھی افغان طالبان اپنی سرزمین سے اٹھنے والی دہشت گردی سے انکار کرتے رہیں گے؟