Tag: کال سینٹر

  • کراچی: پی ای سی ایچ ایس میں کال سینٹر میں پھنسے 30 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

    کراچی: پی ای سی ایچ ایس میں کال سینٹر میں پھنسے 30 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

    کراچی(20 اگست 2025): ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کراچی میں بارش کے بعد پی ای سی ایچ ایس کے کال سینٹر میں پھنسے خواتین سمیت 30 ملازمین کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کو مون سون کی شدید بارش کے باعث عمارت میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا، بانی جانے کے باعث کال سینٹر کے ملازمین عمارت کے اندر پھنس گئے تھے۔

    ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ہنگامی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام ملازمین کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، کال سینٹر کے عملے میں خواتین بھی شامل تھیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کو حالیہ دنوں میں بڑے پیمانے پر بارش کے باعث سیلاب کا سامنا ہے کیونکہ مون سون کی شدید بارشوں نے شہر کے ناقص نکاسی آب کے نظام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کئی نشیبی علاقوں، تجارتی اداروں، اور رہائشی علاقوں میں پانی بھر جانے کی اطلاع ہے۔

    حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آنے والے دو دنوں میں مزید تیز بارشوں کی وارننگ دی ہے۔

    دریں اثنا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کہا کہ پاکستان بھر میں انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئی ہیں جو شدید بارش کے بعد متاثر ہوئی تھیں۔

  • کراچی :کال سینٹر میں ویڈیو بناتے ہوئے طالب علم کی موت کیسے ہوئی؟سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی :کال سینٹر میں ویڈیو بناتے ہوئے طالب علم کی موت کیسے ہوئی؟سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : کال سینٹر میں ویڈیو بناتے ہوئے میٹرک کے طالب علم عبداللہ کی موت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد کال سینٹرمیں فائرنگ سے نوجوان کی موت کے واقعے میں کال سینٹرکے باہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج فائرنگ سےپہلےاوربعد کی ہے۔

    ٕجس میں دیکھا جاسکتا ہے نوجوان عبداللہ کال سینٹر میں اپنے دوست کے ہمراہ داخل ہوا ، دونوں کال سینٹرمیں جانے کے لیے پیدل پہنچے۔

    فائرنگ کےبعد عبداللہ کے دوست کو باہر نکلتے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس کے مطابق زیرحراست مبینہ ملزم نے بیان میں کہا کال سینٹرمیں پستول سے ویڈیو بنا رہے تھے، ویڈیو بناتے ہوئے اچانک گولی چل گئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والا پستول کال سینٹر کے مالک کا ہے ،پستول کال سینٹر میں موجود ٹیبل کی دراز میں رکھا رہتا تھا۔

  • بینک نمائندہ بن کر صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے والا کال سینٹر عملہ گرفتار

    بینک نمائندہ بن کر صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے والا کال سینٹر عملہ گرفتار

    کراچی: سائبر کرائم سرکل کراچی نے بینک نمائندہ بن کر صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے والا کال سینٹر عملہ گرفتار کر لیا۔

    سائبر کرائم سرکل کراچی نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث جنریشن 96 نامی کال سینٹر پر چھاپا مار کر کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان میں عبدالحمید، شاہان افضل اور نعمان علی شامل ہیں، جو خود کو بینک نمائندہ ظاہر کر کے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جعلی کال کرتے تھے، اور اس طرح صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کر کے اس کا غلط استعمال کرتے تھے۔

    ملزمان جعل سازی سے حاصل کردہ ڈیبٹ کارڈز کو ہوائی ٹکٹ خریدنے اور ہوٹل کی بکنگ کے لیے استعمال کرتے تھے، انھوں نے مذکورہ کارڈز سے مقامی اور بین الاقوامی طلبہ کے لیے داخلہ فیس بھی ادا کی، اور جائیداد کی خریداری سمیت مختلف لین دین کے لیے بھی ڈیبٹ کارڈز کا استعمال کیا۔

    ملزمان دھوکا دہی سے گاہکوں کو مختلف مصنوعات کی خریداری پر آمادہ کرتے تھے، جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں، اور پیسے وصول ہونے کے باوجود پراڈکٹ ڈیلیور نہیں کی جاتیں تھیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • بھارت: بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والے گرفتار

    بھارت: بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والے گرفتار

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو بے روزگار افراد کو نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے پیسے بٹور رہے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی میں ایک فرضی کال سینٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پکڑ میں آگیا جہاں معروف کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹا جارہا تھا۔

    کووڈ 19 کی وجہ سے ملازمت کے بحران میں ملزمان نے بہترین ملازمت اور تنخواہ کا لالچ دے کر متعدد افراد کے ساتھ فراڈ کیا۔ ملزمان لوگوں کو ملازمت فراہم کرنے کے نام پر آن لائن پیمنٹ کے ذریعے رجسٹریشن فیس کے طور پر 22 سو روپے وصول کرتے تھے۔

    دہلی پولیس نے سینٹر پر چھاپہ مار کر 4 خواتین سمیت 9 ملزمان گرفتار کیا، پولیس نے موقع واردات سے 5 لیپ ٹاپ، 5 موبائل فون اور 8 سم کارڈز بھی ضبط کیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان بے روزگار نوجوانوں کو کال کر کے مختلف کمپنیوں میں ملازمت دینے کا وعدہ کر کے انہیں لالچ دیتے تھے۔

    رجسٹریشن فیس حاصل کرنے کے بعد مذکورہ نوجوان کو فرضی انٹرویو لیٹر اور اپائنٹمنٹ لیٹر بھیجا جاتا اور اضافی رقم جمع کروانے کو کہا جاتا، فرضی تقرری نامہ بھیجنے سے قبل وہ امیدوار کے بجٹ کے مطابق 10 ہزار سے لے کر 40 ہزار روپے تک کی رقم اس سے وصول کرتے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار شدہ لوگوں میں سے ایک ملزم آشیش، میرٹھ سے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرچکا ہے، اور لاک ڈاؤن سے قبل ایک بینک میں ملازمت کر رہا تھا۔ دیگر ملزمان کا کوئی تکنیکی تجربہ نہیں۔