قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کی پاکستان نیوزی لینڈ میچ سے قبل کی گئی پیش گوئی درست ثابت ہوگئی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم میچ کھیلا جارہا ہے، جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اب تک کا سب سے بڑا 402 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے ورلڈ کپ کے خصوصی پروگرام میں کامران اکمل نے میچ شروع ہونے سے قبل کہا تھا کہ پاکستان اگر ٹاس جیت لیتا ہے تو اسے پہلے بیٹنگ کرنی چاہئے، مگر اس کے برعکس پاکستان نے پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا اور فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ زیادہ سمجھدار ہے، مجھے تو سارے سائنسدان ہی لگتے ہیں، یہ صرف باتیں کرنے کے لئے آئے ہیں جس میں یہ ماسٹر ہیں، کامران اکمل نے پاکستانی بالرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ حارث روف ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے مہنگے ترین بولر بن گئے۔
پاکستان کے بہترین پیسر آج نیوزی کے خلاف بھی بُری طرح ناکام رہے، آج کے میچ میں انہوں نے دس اوورز میں 85 رنز دیے۔
آج کے اسپیل کے بعد حارث رؤف ورلڈکپ تاریخ میں پاکستان کے سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے، انہوں نے اس ورلڈکپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے کھانے والے بولر ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔