Tag: کامران بنگش

  • 2 کروڑ لینے کے الزام پر کامران بنگش کا ارباب محمد علی کو 50 کروڑ کا نوٹس

    2 کروڑ لینے کے الزام پر کامران بنگش کا ارباب محمد علی کو 50 کروڑ کا نوٹس

    پشاور: 2 کروڑ لینے کے الزام پر کامران بنگش نے ارباب محمد علی کو 50 کروڑ کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے ارباب محمد علی نے صوبائی وزیر کامران بنگش پر 2 کروڑ روپے لینے کا الزام لگایا تھا۔

    کامران بنگش نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ارباب محمد علی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، کامران بنگش نے اس سلسلے میں کہا کہ محمد علی کو 50 کروڑ روپے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، ہتک عزت کے ساتھ کریمنل کیس بھی کیا جائے گا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ارباب محمد علی نے مجھ پر 2 کروڑ روپے لینے کا من گھڑت الزام لگایا، بلدیاتی الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں، اس لیے ارباب محمد علی پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رہا ہوں۔

    میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ، کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام

    قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے 10 رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے امیداروں کو ٹکٹ جاری کیے، 10 میں سے 9 اراکین نے رضوان بنگش کو ٹکٹ جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔

    کامران بنگش نے نوٹس میں کہا ہے کہ ارباب محمد علی جھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگیں۔

  • میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ، کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام

    میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ، کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام

    پشاور: میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر شاہ فرمان پر 5 کروڑ، اور کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے گورنر شاہ فرمان پر پیسے لینے کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے، تحقیقات کا مطالبہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے نے کیا ہے۔

    ارباب محمد علی نے کہا کہ میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ جب کہ کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام ہے، ان الزامات سے ثابت ہوتا ہے کہ گورنر نے وزیر اعظم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

    ارباب محمد علی

    انھوں نے کہا کہ جنھوں نے امپورٹڈ امیدوار کے حق میں فیصلہ دیا تھا ان سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔

    بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار کون؟ تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی تحقیقاتی رپورٹ عمران خان کو پیش کی جا چکی ہے، جس میں ناقص کارکردگی پرگورنر کے پی، اور اسپیکر اسد قیصر سمیت 9 اراکین قومی اسمبلی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں اضلاع کی سطح پر بھی ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے، پشاور میئر کا ٹکٹ گورنر شاہ فرمان، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کی سفارش پر دیا گیا تھا، رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کا مئیر کا امیدوار کم مارجن سے ہارا، میئر کی شکست میں ارباب شہزاد خاندان کی پارٹی امیدوار کی مخالفت بڑی وجہ قرار دی گئی۔

  • خیبر پختونخواہ کابینہ  میں ردوبدل، کامران بنگش وزیر بن گئے

    خیبر پختونخواہ کابینہ میں ردوبدل، کامران بنگش وزیر بن گئے

    پشاور : خیبر پختونخواہ کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے کامران بنگش وزیر بنا دیا گیا ، کامران بنگش کے پاس اطلاعات اور اعلیٰ تعلیم کے قلمدان ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کرتے ہوئے تبدیلیوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، اعلامیے میں کامران بنگش کو معاون خصوصی سے وزیر بنا دیا گیا ، کامران بنگش کے پاس اطلاعات اور اعلیٰ تعلیم کے قلمدان ہوں گے۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخواکابینہ میں ارشد ایوب کوبھی شامل کرلیاگیا ہے جبکہ معاونین خصوصی ریاض خان ، عارف احمدزئی اور محمدظہور کو مشیر مقرر کردیا گیا۔

    یاد رہے رواں سال مئی میں خیبر پختونخواہ کابینہ میں شامل نئے وزرا،مشیراورمعاونین خصوصی کومحکموں کے قلمدان سونپے گئے تھے ، جس کے مطابق فضل شکوروزیرقانون،عاطف خان وزیرخوراک اورانفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کئے گئے تھے۔

    اعلامیہ کے مطابق تاج محمد معاون خصوصی توانائی،شفیع اللہ خان معاون خصوصی جیل خانہ جات ،شکیل احمد وزیرپبلک ہیلتھ انجینئرنگ،خلیق الرحمان مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن تعینات کیا گیا تھا۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے پچھلے تین سالوں میں وفاق اور خیبر پختونخوا کابینہ میں متعدد بار ردوبدل کیا جاچکا ہے۔

  • عید کی تعطیلات میں خیبر پختونخواہ کے تمام سیاحتی مقامات بند

    عید کی تعطیلات میں خیبر پختونخواہ کے تمام سیاحتی مقامات بند

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کرونا ٹاسک فورس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 8 سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے، اب تک صوبے میں ڈھائی لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش نے صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ بہترین حکمت عملی کی بدولت صوبے میں کرونا کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبے میں اس وقت مثبت کیسز کی شرح 8 سے 9 فیصد ہے، زیادہ متاثر اضلاع میں بھی کرونا کیسز میں کمی آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے، دیگر صوبوں سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کروانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔ گروسری، ادویات اور اشیا خور و نوش کی دکانیں 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    کامران بنگش کا کہنا تھا کہ صوبے میں دودھ اور دہی کی دکانیں 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سطح پر بھی کرونا ویکسین خریدنے کی ہدایت کی ہے، اب تک صوبے میں ڈھائی لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔ پختونخواہ کو 6 لاکھ 49 ہزار ویکسین ڈوزز ملے ہیں، روزانہ تقریباً 25 ہزار ویکسینز لگائی جارہی ہیں۔

  • پختونخوا کی 7 جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری

    پختونخوا کی 7 جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی 7 سرکاری جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری عمل میں آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان کے پی حکومت کامران بنگش نے کہا ہے کہ 7 سرکاری جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے، اس سلسلے میں با کردار، با صلاحیت، اور وژن رکھنے والے پروفیسرز کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔

    کامران بنگش نے بتایا کہ یہ تمام وی سی صاحبان اپنی جامعات کے لیے جامع پالیسی مرتب کریں گے۔

    انھوں نے کہا ڈاکٹر ظاہر شاہ یونی ورسٹی آف چترال کے نئے وائس چانسلر منتخب کیے گئے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر امین باچا یونی ورسٹی آف بونیر کے نئے وی سی تعینات کیے گئے ہیں۔

    پختونخواہ میں یونیورسٹیز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام شروع

    ڈاکٹر جہانزیب خان فاٹا یونی ورسٹی درہ آدم خیل کے وی سی تعینات کیے گئے، پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق خیبر میڈیکل یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ہوں گے، پروفیسر ڈاکٹر گل ماجد خان کو اسلامیہ کالج پشاور کا وی سی مقرر کیا گیا، جب کہ ڈاکٹر جہان بخت یونی ورسٹی آف ایگری کلچر کے وائس چانسلر تعینات کیے گئے ہیں۔

    ڈاکٹر غزالہ یاسمین ویمن یونی ورسٹی مردان کی نئی وی سی تعینات کی گئی ہیں، جب کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد کو پاک آسٹریا فکشولے انسٹی ٹیوٹ کا ریکٹر مقرر کیا گیا۔

    کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ​وائس چانسلرز کی تقرری 3 سالہ مدت کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔