Tag: کامران ٹیسوری

  • گورنر سندھ کراچی کی نہاری کے بعد لاہور کے سری پائے کھانے پہنچ گئے

    لاہور: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی کی نہاری کے بعد لاہور کے سری پائے کھانے کے بھی شوقین نکلے، سری پائے کھانے وہ مزنگ چورنگی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہور میں بھی عوامی انداز اپنایا، جس طرح وہ کراچی میں نہاری کھانے کے لیے فیڈرل بی ایریا گئے تھے، ویسے ہی لاہور میں وہ مشہور سری پائے کھانے مزنگ چورنگی پہنچے۔

    گورنر سندھ نے لاہوری عوام کے ساتھ سری پائے کا مزہ لیا، اس موقع پر شہریوں نے کامران ٹیسوری کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری لاہور کے دورے پر ہیں، انھیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے دعوت دی تھی، گزشتہ روز انھوں نے گورنر پنجاب سے ملاقات بھی کی تھی۔

    کراچی میں گورنر سندھ نے کوٹ اتار کر اور آستینیں چڑھا کر مغز نلی نہاری کھائی تھی، اس موقع پر انھوں نے کہا تھا ’’میری صحت دیکھ لیں میں کھانے پینے کا شوقین ہوں، لیکن میں کسی کو ’کھانے پینے‘ نہیں دوں گا۔‘‘

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ’مولا جٹ‘ دیکھنے کے بعد کیا کہا؟

    کامران ٹیسوری نے دل چسپ بات بتائی کہ انھیں گورنر شپ کے 70 دنوں میں رات کا کھانا دو مرتبہ کھانا پڑا، ایک دفعہ اہلیہ کے ساتھ دوسری مرتبہ لوگوں کے ساتھ۔

    انھوں نے کہا ’’میں نے اہلیہ کو کبھی نہیں بتایا کہ میں کھا چکا ہوں، آج بھی تھوڑا بہت اہلیہ کا دل رکھنے کے لیے ان کے ساتھ کھاؤں گا۔‘‘

  • ’غلطیوں کی وجہ سے طاقت کھو دی، طاقت نہ ہو تو حقوق نہیں صرف بخشش ملتی ہے‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ غلطیوں کی وجہ سے طاقت کھو دی اگر طاقت نہ ہو تو حقوق نہیں صرف بخشش ملتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے کوئی مسیحا نہیں آئے گا ہمیں خود ہی مسیحا بننا پڑے گا، شہر غریب ہوگیا لوگ گھر بیچنے پر مجبور ہیں جس کے پاس گاڑی تھی وہ موٹرسائیکل پر آگیا آج کراچی کے نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مجبوری کی وجہ سے نوجوان اپنا حق بھی نہیں مانگ پارہے ہیں، کراچی کے لوگ صرف، بجلی۔ گیس، پانی کے انتظار میں ہوتے ہیں، نوجوانوں سے ناکوں پر مجرموں جیسا سلوک رکھا جاتا ہے۔

    گورنر سندھ نے فاروق ستار کا شکریہ ادا کرتا ہوئے کہا کہ یہاں موجود ایک ایک ساتھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں میرا یہاں آنے کا مقصد صرف اور صرف جوڑنا ہے ہم سب شہر کراچی کے راستوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں، شہر کراچی اور یہاں رہنے والوں کے دلوں پر زخم ہیں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ’ہم سب بٹ چکے ہیں ان زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، سمندر بھی اس شہر میں ہے لیکن پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی صرف ٹینکر میں موجود ہے۔

    ’آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں‘ فاروق ستار

    ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ یہ میری ٹیم ہے یہ سب ایک ساتھ آئیں گے، آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تو صرف رسم ہے اب تاریخ طے کرنی ہے کہ کب جانا ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد انشا اللہ شامل ہوگی، ہم پوری محنت جانفشانی اور نیک نیتی کے ساتھ جائیں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ آج سے پہلے ایسی نیو ایئر نائٹ نہیں منائی، گورنر سندھ کا شکر گزار ہوں کہ میرے گھر تشریف لائے، ہمارا پورا تعاون ان کے ساتھ ہے۔

  • گورنر سندھ گھر میں اہلیہ کا ہاتھ بٹانے میں بھی ماہر نکلے

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گھر میں اہلیہ کا ہاتھ بٹانے میں بھی ماہر نکلے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کوٹ اور ٹائی پہن کر نومولود ذوالقرنین کو نہلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی ساتھ ہی والدین کے لیے پیغام بھی شیئر کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گورنر سندھ سوٹ، ٹائی پہن کر مگ میں پانی بھرکے نومولود ذوالقرنین کو نہلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ’یہ ان سب لوگوں کو بتا رہا ہوں جو پورا دن کام کرتے ہیں لیکن والدین کو اپنے بچوں کا اسی طرح خیال رکھنا چاہیے۔‘

  • ’کراچی کا بیٹا اور مہاجر ہونے پر فخر ہے‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ مجھے کراچی کا بیٹا اور مہاجر ہونے پر فخر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے زیر اہتمام مہاجر کلچر ڈے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    کامران ٹیسوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے میرا نام گورنر کے لیے تجویز کیا تھا، اہل کراچی، سندھ کی خدمت کے لیے مجھ کو مامور کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اہل کراچی کو اب بجلی پانی سے بھی محروم کیا جارہا ہے، اہل کراچی کو جلد تمام محرومیوں سے چھٹکارا دلانا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ مجھ کو کراچی کا بیٹا اور مہاجر ہونے پر فخر ہے ہم سب کو مل کر کراچی اور پاکستان کی رونقیں بحال کریں گے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام مہاجر کلچر ڈے کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے کارکنان ریلیوں کی صورت میں تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔

     

  • مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کا خصوصی انٹرویو

    مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کا خصوصی انٹرویو

    کراچی: مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ رہنماؤں نے انھیں شہر میں اختلافات ختم کیے جانے کا یقین دلایا ہے، میں چاہتا ہوں کہ سیاسی جماعتیں مل کر عوام کے مفاد کے لیے کام کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کامران ٹیسوری کے گورنر بننے کے بعد سے وہ کراچی کے مختلف سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں، گزشتہ دنوں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ کراچی کی سیاست میں کیا ہونے جا رہا ہے؟

    اس سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے انھیں یقین دلایا ہے کہ اختلافات اور نفرتیں ختم ہونی چاہیئں، وہ دونوں بھی چاہتے ہیں کہ شہر دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنے، یہ ملاقاتیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ صوبے، شہر اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں کو کام چاہیے، لوگ نہیں سننا چاہتے کہ ہم ایک دوسرے کو ٹھیک کریں، وہ چاہتے ہیں ہم اس شہر کو ٹھیک کریں۔

    گورنر سندھ کے واضح کیا کہ ان کا مشن تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، انھوں نے کہا ’’چاہتا ہوں تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھ کر عوام کے مفاد کے لیے کام کریں۔‘‘

    ’’کیا سب کو ایک جگہ بٹھانے کی آپ کی یہ کوشش کامیاب ہو جائے گی؟‘‘ اے آر وائی کے اس سوال پر گورنر سندھ نے کہا ’’کوشش کی جائے اور اس کا فوری حل نہ نکلے تو وہ صرف کوشش ہی رہ جاتی ہے، مجھے یقین ہے کہ سب محبت سے مل جل کر صوبے میں رہیں گے اور رونقوں کو بحال کریں گے۔‘‘

    ایم کیو ایم کے ساتھ پیپلز پارٹی کے معاہدوں پر انھوں نے کہا کہ جس نے وعدے اور معاہدے کیے ان کو پورا کرنے چاہیئں، جو معاہدہ دستخط شدہ ہو اور اس کے ضامن شہباز شریف، بلاول بھٹو اور زرداری ہوں تو اس پر عمل ہونا چاہیے، میرا کام ہے کہ میں معاہدے پورے نہ ہونے پر یاد دہانی کراتا رہوں، باقی کام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا ہے کہ وہ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن کے قابو، سفاک ڈکیت نے مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا

    اسٹریٹ کرائمز پر گورنر سندھ نے کہا ’’میں کیا کوئی خاموش نہیں بیٹھے گا، اس پر جلد قابو نہ کیا گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، کراچی کے شہری بے چین ہیں تو میں بھی سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔‘‘

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سب کی باڈی لینگویج ایک ہے، اب یہ وقت اس شہر اور صوبے کو مل کر چلانے کا ہے، جہاں تک بات ایم کیو ایم میں واپسی کا ہے، تو کون پارٹی میں کب آئے گا اس کا فیصلہ ایم کیو ایم قیادت نے کرنا ہے، خالد مقبول فیصلہ کریں گے کون کس طرح اور کب واپس ہوگا۔

  • جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا: گورنر سندھ

    جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے دورے کے موقع پر طلبہ اور اساتذہ سے خطاب میں اعلان کیا کہ اس ماہ آپ کو ان شاء اللہ خوش خبری ملے گی، اور اس درس گاہ کو یونیورسٹی کا درجہ ضرور ملے گا۔

    جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آمد کے موقع پر گورنر سندھ کا زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کی جانب سے استقبال کیا گیا، انھوں نے جامعہ کے شعبہ بیرون میں مختلف ممالک کے طلبہ سے ملاقاتوں کے علاوہ مہتمم مفتی نعمان نعیم سے بھی ملاقات کی۔

    کامران ٹیسوری نے کہا دنیا بھر سے طلبہ یہاں آ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں، یہ جامعہ ایک ریاست کا کام کر رہی ہے، اسے یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، کسی بھی دینی ادارے کو پہلی بار یونیورسٹی کا درجہ ملے گا، میرا جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رہے گا۔

    انھوں نے کہا میں سی ایس ایس کی تمام تیاریوں کی جامعہ بنوریہ میں ہی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیتا ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ان کے حکم پر ایک ایپ بنایا جا رہا ہے، جن کو ملازمت نہیں ملتی وہ اس پر ہم سے رابطہ کریں گے، تو ہم انھیں ملازمت فراہم کریں گے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا مفتی نعیم مرحوم سے میرا قریبی تعلق تھا، میں اپنی تمام پریشانیوں میں اس سے رابطے میں رہتا تھا، انھوں نے ایک ایسی درسگاہ بنائی جس کی مثال نہیں ملتی، امید ہے مفتی نعیم کے صاحب زادے اس جامعہ کو مزید وسعت دیں گے۔

    گورنر سندھ نے کہا میں اس ادارے کے گیٹ چوکیدار سے لے کر اس کے مہتمم اعلیٰ تک سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • ’کراچی روشنیوں کا شہر تھا اب دوبارہ مجرموں کا شہر نہیں بننے دینا‘

    ’کراچی روشنیوں کا شہر تھا اب دوبارہ مجرموں کا شہر نہیں بننے دینا‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا اسے اب دوبارہ مجرموں کا شہر نہیں بننے دیناہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نارتھ ناظم آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اس موقع پر اولمپیئن اصلاح الدین، ڈاکٹر جنید علی شاہ ودیگر افراد موجود تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اصلاح الدین ہاکی کے لی جو کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے آج ڈاکٹر محمد علی شاہ بہت یاد آرہے ہیں، انہوں نے طویل عرصے تک کھیلوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر اور بلدیاتی ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم کے ہوں گے جبکہ بلدیاتی قوانین میں ترامیم، حلقہ بندیوں کے مطالبے پر عمل کیا جائے گا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ہم تین چیزوں پر کام کررہے ہیں ایک لوگوں میں محبت، دوریوں کا خاتمہ کرکے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

     مزید پڑھیں: مولا جٹ بن کر ہی پاکستان کی بہتری کیلیے کام کروں گا، گورنر سندھ

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں جس کے در پر جاسکتا ہوں جارہا ہوں، ہمیں صحت کے ساتھ تعلیم کے شعبے پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت کے ساتھ صحت، تعلیم کے نئے پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے گورنر کے تعلقات اچھے ہونا چاہیے میرے دروازے مراد علی شاہ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، کراچی کو ایسے شخص کی ضرورت ہے جو اس کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کرنے گیا تھا، ان سے کہا صوبے کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کے لیے تیار ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیاست سیاسی جماعتوں کا کام ہے میں جوکرسکا وہ کروں گا، حیدرآباد میں یونیورسٹی کا ہمارا پرانا مطالبہ تھا جس پر عمل ہوا ہے۔

  • نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کون ہیں؟

    نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کون ہیں؟

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما کامران ٹیسوری گورنر سندھ کے عہدے پر فائز ہو گئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 5 مئی 1974 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کے ایک کاروباری خاندان سے ہے۔

    کامران ٹیسوری نے بھی اپنا خاندانی کاروبار سنبھالا اور سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں 3 بار بزنس مین آف دا ایئر کا ایوارڈ جیتا۔

    کامران ٹیسوری نے 12 سال قبل سیاست میں قدم رکھا اور اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کر کے کیا، 4 سال بعد کامران ٹیسوری نے مسلم لیگ فنکشنل کو خیرباد کہہ کر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی۔

    صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں انھیں ڈپٹی کنوینر کا عہدہ ملا تاہم 2018 میں سینیٹ انتخابات میں ڈاکٹر فاروق ستار کے نامزد کردہ کامران ٹیسوری کو پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کر لی۔

    کامران ٹیسوری نے بھی فاروق ستار کا ساتھ دیا تھا، جس پر ایم کیو ایم نے فاروق ستار اور کامران ٹیسوری کو پارٹی سے نکال دیا۔

    9 ستمبر 2022 کو کامران ٹیسوری نے ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور رابطہ کمیٹی نے انھیں ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کیا۔

  • صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 101، ون کے تحت کامران ٹیسوری کی بہ طور گورنر سندھ منظوری دے دی۔

    گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد سے خالی تھا، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے نئے گورنر سندھ کی تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی گئی تھی۔

    سندھ اور وفاقی حکومتوں کی مشاورت کے بعد کامران خان ٹیسوری کا نام عہدے کے لیے فائنل کیا گیا تھا۔

  • الیکشن 2018: عامر لیاقت ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے، کامران ٹیسوری

    الیکشن 2018: عامر لیاقت ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے، کامران ٹیسوری

    کراچی: ایم کیو ایم پی آئی بی کے ڈپٹی کنوینئر کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت ایم کیو ایم میں واپس آئیں گے اور ممکنہ طور پر وہ 2018 کے انتخابات میں متحدہ کے امیدوار ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ایم کیو ایم کے حوالے سے اچھی خبر آسکتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں لیڈر شپ کا مسئلہ ہو یا نہ ہو مگر ووٹر متحد ہے، 2018 کا الیکشن ہم ساتھ مل کر ہی لڑیں گے۔

    حیدرعباس رضوی کی وطن واپسی پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ’آئندہ 24 گھنٹوں بہت اہم ہیں، مجھے لگتا ہے عامر لیاقت الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے‘۔

    مزید پڑھیں: عامرلیاقت حسین ٹکٹ نہ ملنے پرپی ٹی آئی سے ناراض

    ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر نے مزید کہا کہ عامر لیاقت کی پوزیشن ایسی ہے ماں کو چھوڑ کرجائے تو وہ واپس بھی آجاتاہے، اس لیے وہ جہاں بھی ہیں وہاں وہ سکون میں نہیں وہ ایک بار پھر جلد ایم کیو ایم کا حصہ ہوں گے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے پارلیمانی اجلاس میں بات ہوئی، وہ جذباتی آدمی ہیں جو دل میں ہوتا ہے اسے زبان پر لے آتے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت پارٹی سے کہیں نہیں جارہے ہیں انہیں ہم جلدی منا بھی لیتے ہیں کیونکہ سیاست میں صبرو تحمل کے ساتھ معاملات کو دیکھتے ہوئے تنقید کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں