Tag: کامیابی پر مبارکباد

  • وزیراعظم عمران خان  کی ترک صدر کو مقامی سطح پر الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

    وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر کو مقامی سطح پر الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو مقامی سطح پر الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستانی عوام مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترک صدر رجب طیب اردوگان کو مقامی سطح پر الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کےعوام ان کی مزیدکامیابیوں کےلیےدعاگوہیں۔

    خیال رہے ترکی کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران اوراتحادی جماعتوں کا پلڑا بھاری ہے۔ اپوزیشن جماعت نے انقرہ میں مئیرکا انتخاب جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیرسرکاری نتائج کے مطابق صدر طیب اردوگان کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی نے اکیاون فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔حکمران جماعت کی اتحادی پارٹیوں کے امیدوار بھی اپوزیشن امیدواروں سے آگے ہیں۔

    ترک صدرطیب اردوگان نے بلدیاتی انتخابات کواہم قراردیا ہے۔

    ترکی کے بلدیاتی انتخابات میں پانچ کروڑ سترلاکھ رائے دہندگان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔کچھ بڑے شہروں میں مئیرکا براہ راست انتخاب بھی کیا گیا۔

    اردوگان نے عوام سے خطاب میں کہا تھا کہ اگر کچھ کمی رہ گئی ہے تو یہ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اسے ٹھیک کریں، کل صبح سے آغاز کرتے ہوئے ہم دیکھیں گے کہ ہم سے کیا کمی رہ گئی ہے اور اسے ٹھیک کریں گے۔

  • نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چند عاقبت نااندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے ملاقات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلٰی نے کہا کہ آپ کی کامیابی عمران خان کے نئے پاکستان کی جیت ہے، نئے پاکستان کی تعمیر میں ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا، اب عوام کی خاطر سب کچھ بدلنا ہے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم پنجاب سے سینیٹ کی نشست پر کامیاب

    یاد رہے گذشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ سے پنجاب میں خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پرانتخاب ہوا، پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم نےایک سو اکاسی ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ حسان کو ایک سو انہتر ووٹ ملے۔

    یہ نشست پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سرور کے استعفے کےبعد خالی ہوئی تھی، چوہدری سروراس وقت پنجاب کے گورنرہیں۔

  • سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    اسلام آباد : سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اس وقت عالمی منظرنامے پر مرکزنگاہ بنے ہوئے ہیں، سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں عمران خان کے لیے دعا کی اور کہا کہ ہم سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔

    خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی کے بعد اسلام آباد میں موجود سعودی سفارت خانے میں تعینات سفیر عمران خان کو مبارک باد دینے کے لیے بنی گالہ پہنچے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


    مزید پڑھیں : سعودی سفیر کی بنی گالہ آمد، عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد


    سعودی حکام اور حکومت کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچایا جبکہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے اور آپسی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    ملاقات کے دوران سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، سعودی حکومت ان خیالات اور جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    عمران خان نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب ، برادر اسلامی ممالک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، پی ٹی آئی حکومت تعلقات کو ایک نئی جہت سےہم کنارکرے گی، ہماری خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کو خاص مقام حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کوانتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔

  • عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کے لئے مثبت ثابت ہوگا،ظہیر عباس

    عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کے لئے مثبت ثابت ہوگا،ظہیر عباس

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیرعباس کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کےلئے مثبت ثابت ہوگا، پرانا دوست ہے جانتا ہوں جو کہتا ہے وہ کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے سابق و موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے بنی گالہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے، جہاں وہ عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    روانگی سے قبل ظہیر عباس نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے لیے نئی اننگز کھیلنے جا رہے ہیں، ان کو مبارکباد دیتا ہوں، کرکٹ اور کھیلوں کی بہتری کےلئے عمران خان کے ساتھ ہوں۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کےلئے مثبت ثابت ہوگا، پرانا دوست ہےجانتا ہوں جو کہتا ہے وہ کرتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پاکستان میں تبدیلی اور بہتری ہوگی۔


    مزید پڑھیں : سرفراز کی قیادت میں‌ کھلاڑیوں‌ کی بنی گالہ آمد، مبارکباد


    یاد رہے  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، عمرگل، محمد حفیظ اور وقار یونس بنی گالا پہنچے تھے اور عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔

    سابق کپتان وقار یونس کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ بڑا پرانا تعلق اور پیار ہے، عمران خان کی کامیابی کا سن کر مبارکباد دینے آسٹریلیا سے آیا ہوں، عمران خان کے آنے سے کرکٹ نہیں تمام کھیلوں کے حالات بہتر ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔