Tag: کامیاب آپریشن

  • پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ،  4 اہم دہشت گرد گرفتار

    پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ، 4 اہم دہشت گرد گرفتار

    راولپنڈی : بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 4 اہم دہشت گرد گرفتار کر لئے۔

    تفصیلات کے مطابق 5 مارچ 2025 کو بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریبی علاقے ٹوبہ کاکڑی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا اور اس دوران 4 اہم دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں سے کلاشنکوفیں، دستی بم اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دراندازی کے مزید شواہد سامنے آگئے، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان دہشتگردوں کے ملوث ہونے میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی بڑھنے لگی ہے۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ مختلف دہشت گرد تنظیموں کو افغان طالبان کی مکمل حمایت، سہولت کاری اور سر پرستی حاصل ہے۔

    ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن کی کامیابی میں مقامی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا تاہم گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بار بار شواہد دینے کے باوجود افغان عبوری حکومت کی خاموشی دراصل دہشت گردوں کی حمایت ہے۔

    دفاعی ماہرین نے بتایا کہ مقامی لوگوں کا دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ لڑنا خوش آئند امر ہے، پاکستان میں دہشتگردی کی لہر میں اضافے کی بنیادی وجہ افغانستان کی سرزمین پر پنپتی دہشتگرد تنظیمیں ہیں۔

    یاد رہے پہلے بھی کئی افغان دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جہنم واصل ہو چکے ہیں، ہلاک افغان دہشتگردوں میں افغان صوبے باغدیس کے گورنر کا بیٹا خارجی بدرالدین بھی شامل تھا۔

    28 فروری 2025 کو ہلاک ہونے والا افغان دہشتگرد مجیب الرحمان افغانستان کی حضرت معاذ بن جبل نیشنل ملٹری اکیڈمی میں کمانڈر تھا۔

    افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے جس پر بین الاقوامی سطح پر فوری کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے، دہشت گردوں کے ساتھ پاکستان میں گھسنے والے زیادہ تر افغان شہری یا تو مارے جاتے ہیں یا پکڑے جاتے ہیں۔

  • 4 ٹانگوں والے نوجوان کا کامیاب آپریشن

    4 ٹانگوں والے نوجوان کا کامیاب آپریشن

    دنیا میں انسان کے دو ہاتھ اور دو پیر کے ساتھ پیدا ہوتا ہے لیکن ایک نایاب چار پیر والے نوجوان کی کامیاب سرجری کرکے اس کے دو پیر علیحدہ کر دیے گئے۔

    دنیا میں عجیب الخلقت انسانوں کی پیدائش عام بات ہے۔ آپ نے بھی کبھی نہ کبھی تین ہاتھ یا تین پیروں والے بچوں کی پیدائش سنی ہوگی۔ بھارت میں 17 سال قبل ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے چار پاؤں تھے۔ اب اس نوجوان کا کامیاب آپریشن کر کے دو اضافی ٹانگیں جسم سے علیحدہ کر دی گئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عجیب الخلق نوجوان اتر پردیش کے ضلع بالیا سے تعلق رکھتا ہے جس کی پیدائشی چار ٹانگیں تھیں اور دو ٹانگیں پیٹ سے جڑی ہوئی تھیں اور اس کی وجہ سے اس کی نشوونما متاثر ہو رہی تھی۔

    مذکورہ نوجوان کو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کرکے اس کی اضافی ٹانگیں علیحدہ کر دیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان اضافی ٹانگوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھا اور آٹھویں جماعت کے بعد تعلیم چھوڑ دی تھی۔ معاشرے میں مذاق بننے کے باعث یہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہو رہا تھا جب کہ یہ اضافی ٹانگیں اس کے دیگر جسمانی اعضا کو بھی نقصان پہنچا سکتی تھیں جس کے باعث ڈاکٹروں نے اس کی سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔

    کامیاب سرجری کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم میں شامل ڈاکٹر کرشنا نے بتایا کہ اس قسم کے کیسز جنہیں طبی زبان میں "نامکمل پیراسائٹک جڑواں” کہا جاتا ہے، ایک کروڑ افراد میں صرف ایک بار دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ی

    دنیا بھر میں اب تک صرف 42 ایسے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کسی انسان کے جسم میں چار ٹانگیں موجود ہوں۔

    https://urdu.arynews.tv/dead-bodies-out-from-the-grave-what-happened/

  • سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب سمبازا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں6دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ژوب کے علاقےسمبازہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں6دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیزمواد برآمد ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمےکیلئے آپریشن جاری رہے گا۔

    ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

  • سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودیہ کے دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ اسپتال میں سعودی ڈاکٹرز نے 16 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد تنزانیہ کے سیامی جڑواں بچے جو آپس میں جڑے ہوئے تھے، انہیں علیحدہ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جس کے بعد کامیاب آپریشنز کی تعداد 59 تک پہنچ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سرجیکل آپریشن کو 9 مرحلوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔ جبکہ اس میں 16 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

    نرسنگ اور ٹیکنیکل کے علاوہ پیڈیاٹرک سرجری، پلاسٹک سرجری،اینستھیزیا، پیڈیاٹرک سرجری اور آرتھوپیڈکس کے شعبوں کے 35 کنسلٹنٹ اور ماہرین اس آپریشن میں حصہ لیتے ہیں۔

    انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سیامی جڑواں بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام نے 33 سال کے دوران 24 ممالک سے 133 کیسز کی نگرانی کی اور 58 کیسز کو الگ کیا اور یہ 59 واں کیس ہے، جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، مملکت کے تمام صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے کہا ہے کہ مملکت کے صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا جس پر مال گاڑیوں کے ساتھ مسافر ٹرینیں مستقل بنیادوں پر چلائی جائیں گی۔

    عرب اخبار نے ٹی جی اے کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی اور صنعتی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے سے قبل سروے کیے جائیں گے۔

    ان سرویز ساے حاصل شدہ معلومات کے مطابق صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی ہوگی جو صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی بڑی پیش رفت ہوگی۔

  • کراچی، بچے کا کامیاب آپریشن، سینے میں گھسا پیچ کس نکال لیا گیا

    کراچی، بچے کا کامیاب آپریشن، سینے میں گھسا پیچ کس نکال لیا گیا

    کراچی: شہر قائد کے اسپتال قومی ادارہ برائے امراض قلب میں بچے کا کامیاب آپریشن کرکے سینے میں گھسا پیچ کس نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کرکے بچے کے سینے میں گھسا پیچ کس نکال لیا، دیگر اسپتالوں نے بچے کا آپریشن کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز انور خان کے مطابق کراچی میں ارسلان نامی بچے کے سینے میں کھیل کے دوران پیچ کس گھس گیا تھا، قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ڈاکٹروں نے پیچیدہ آپریشن کے ذریعے بچے کی زندگی بچالی۔

    رپورٹ کے مطابق سینے میں پیچ کس گھسنے کے بعد بچے کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا تاہم وہاں بچے کا آپریشن کرنے سے انکار کردیا گیا کیونکہ سینے میں جس جگہ اسکریو ڈرائیور لگا تھا وہاں دماغ اور دل کی وینز ہوتی ہیں۔

    بعدازاں قومی ادارہ برائے امراض قلب لے جایا گیا جہاں کامیاب آپریشن کے بعد پیچ کس نکال لیا گیا۔

    ارسلان کے والدین کا کہنا ہے کہ بچہ ماموں کے گھر رہتا ہے جہاں کھیل کے دوران اسکریو ڈرائیور سینے میں پیوست ہوگیا تھا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن میں تاخیر سے بچے کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا تھا تاہم بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اسے جلد ڈسچارج کردیا گیا جائے گا۔

  • بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپور : کڈنی سینٹر بہاولپور میں گردے کی پہلی کامیاب پیوند کاری مکمل کرلی گئی، گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بڑی خوش خبری آگئی، کڈنی سینٹر بہاولپور نے گردے کی کامیاب پہلی پیوند کاری مکمل کر لی۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔ کڈنی سینٹر میں بہاولنگر کے رہائشی 26 سالہ مظہر حسین کے گردے کی پیوند کاری کی گئی، پہلے کامیاب آپریشن میں 15رکنی ٹیم نے حصہ لیا۔

    کڈنی سینٹر کے ہیڈ پرو فیسر ڈاکٹر شفقت علی تبسم کا کہنا ہے کہ یہ بڑا مشکل اور اہم مرحلہ تھا لیکن کامیابی سے مکمل ہوا، پورے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے اچھی خبر ہے، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے رولز کے مطابق پہلی کامیاب سرجری ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں : سینیٹ اجلاس : انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا ترمیمی بل2018متفقہ طور پر منظور

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض اور ڈونر کی حالت بلکل ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ بہاولپور کڈنی سینٹر میں اب ہر ہفتے آپریشن ہوا کریں گے، حکومت فنڈز کی فراہمی میں تعاون کرے تو مریضوں کو آپریشن کے ساتھ ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کی جاسکتی ہیں۔

  • کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی : ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر رہنے والے مریض کو نئی زندگی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی اسپتال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلا دیتھرم کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، ٹرائیمک جنرل اسپتال میں کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے، جس میں مریض کے پھیپڑوں میں پیس میکر لگایا گیا ہے۔

    ستائیس سالہ مریض ڈاکٹر دانیال علی آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر تھے ان کا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، مذکورہ آپریشن امریکا اور برطانیہ سے آنے والے ڈاکٹروں نے کیا، اس کامیاب آپریشن کے بعد اب پیس میکر کے ذریعے مریض کے پھیپھڑے باآسانی کام کرسکیں گے۔

    مذکورہ آپریشن چھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جسے امریکا اور برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر ڈان ہیلی اور ڈاکٹر ڈیلی گور نے انجام دیا، مریض کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ان داکٹروں نے اس حوالے سے پاکستانی ڈاکٹروں کو بھی تربیت دی ہے۔

    یاد رہے کہ ستائیس سالہ ڈاکٹردانیال علی حسب معمول اپنی ڈیوٹی پر جانے کیلئے گھر سے نکلنے کی تیاری کر ہی رہے تھے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور بے ہوش ہوگئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہان ان کا آٹھ ماہ تک علاج ہوتا رہا تاہم کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

    بعد ازاں تشخیص ہوئی کہ ان کے پھیپڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے پورے جسم نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا، مریض کو نالی کے ذریعے خوراک دی جا رہی تھی۔