Tag: کامیاب افراد

  • یہ 6 عادات آپ کو ناکام بنا سکتی ہیں

    یہ 6 عادات آپ کو ناکام بنا سکتی ہیں

    ماہرین کا ماننا ہے کہ ہمارے اندر موجود مثبت اور منفی عادات زندگی میں ہمارے مقام کا تعین کرتی ہیں۔ یہ عادات اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ہم زندگی میں کامیاب ہو سکیں گے یا ناکام رہ جائیں گے۔

    ان عادات کو اگر اختیاری طور پر بھی اپنایا جائے تب بھی یہ آپ کی ناکامی کو کامیابی اور کامیابی کو ناکامی میں بدل سکتی ہیں۔

    کامیاب افراد کی زندگی کا ایک لازمی اصول *

    ہم نے اس سے قبل آپ کو کامیاب شخصیت بنانے والی کئی عادات اور کئی گر بتائے، آج ایسی عادات سے واقفیت حاصل کریں جو آپ کو ناکام بنا سکتی ہیں۔ اگر آپ میں ان میں سے کوئی بھی عادت موجود ہے تو اسے فوراً سے بیشتر ترک کردیں۔

    :خود ترسی کی عادت

    fear

    زندگی میں کبھی بھی خود ترسی کا شکار مت ہوں۔ اپنی برائیوں اور خامیوں پر نظر رکھنا صرف اسی صورت میں فائدہ مند ہے جب آپ انہیں درست کر سکتے ہوں، لیکن اگر قدرتی طور پر آپ میں کوئی ایسا نقص موجود ہے جو درست نہیں ہوسکتا تو اسے صرف نظر کریں۔

    اپنی قسمت کو، اپنے آپ کو برا بھلا کہنا چھوڑ دیں۔ ہاں اچھے کام پر اپنی تعریف کرنا نہ بھولیں۔ جیسے دوسروں کو برا بھلا کہنا ان کا مورال گرانے اور تعریف کرنا ان کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے،اسی طرح یہ اصول خود اپنے اوپر بھی نافذ ہوتا ہے۔

    لہٰذا اپنی پرانی غلطیوں کو یاد کر کے ان پر خود کو برا بھلا کہنا چھوڑ دیں اور کامیاب زندگی کی طرف پہلا قدم بڑھائیں۔

    :کنجوسی سے بچیں

    tip

    اگر آپ کوئی کاروبار کریں، اور خریدار آپ کو آپ کی محنت کا معاوضہ نہ دے اور کم پیسے لینے پر اصرار کرے تو آپ کا ردعمل کیا ہوگا؟ یقیناً آپ ایسے خریداروں سے دور رہنا چاہیں گے۔ اسی طرح ملازمت کے دوران جب آپ کی تنخواہ میں اضافہ ہوتا ہے تو آپ کے دل میں اپنی کمپنی کے لیے کیسے جذبات پیدا ہوتے ہیں؟ یقیناً خوشگوار اور شکر گزاری کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔

    جب آپ دوسروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ آپ کو آپ کی محنت کا پورا معاوضہ دیں، تو اس کے لیے آپ بھی ان افراد کو پورا معاوضہ دیں جن سے آپ کام لے رہے ہیں۔ جیسے آپ کے گھر کے ملازم، ریستوران کے ویٹر یا خریداری کے دوران دکاندار۔

    حد درجہ کنجوسی سے گریز کریں اور کھلے دل کے مالک بنیں۔

    :ناکامی کا خوف

    panic

    اپنی ملازمت سے نکالے جانے کا خوف آپ کو چیلنجز قبول کرنے سے روکتا ہے اور یہ عمل آپ کی کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

    :آمدنی سے زیادہ خرچ

    earning

    کنجوسی کا مظاہر کرنا غلط عادت ہے تاہم اپنی آمدنی سے زیادہ خرچ کرنا بھی ایک غلط عمل ہے۔ اپنے خرچوں کو اپنی آمدنی کے دائرے میں رکھیں۔

    :ناپسندیدہ کام کرنا

    boring

    ایسی ملازمت کرنا جو آپ کو پسند نہ ہو، آپ کی ترقی کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ آپ ایسے کام سے کبھی خوش نہیں ہوں گے اور نہ اس میں آگے بڑھنے کی جدوجہد کریں گے۔

    اگر شومئی قسمت آپ کو ایسی کوئی ملازمت مل بھی گئی جو آپ کے مزاج سے مطابقت نہیں رکھتی تو دن میں کچھ وقت نکال کر وہ کام ضرور کریں جس سے آپ کو خوشی ملے، جیسے میوزک بجانا، مصوری کرنا، لکھنا۔

    یہ عادت آپ کو اکتاہٹ میں مبتلا ہونے سے بچائے گی۔

    :قریبی عزیزوں سے دوری

    family

    کامیاب افراد اپنی کامیابی کے ساتھ اپنے قریبی عزیزوں اور اہلخانہ کو ہم قدم رکھتے ہیں۔ ان کے بغیر آپ کامیاب ہوسکتے ہیں لیکن خوش نہیں رہ سکتے۔

    اسی طرح اگر آپ اپنے گھر والوں سے دور رہیں گے تو برے وقت میں آپ کوحوصلہ دینے کے لیے کوئی آگے نہیں بڑھے گا۔ لہٰذا اپنے اہل خانہ کو اپنی زندگی کا لازمی جز بنائیں۔

  • کامیاب افراد اپنی چھٹیاں کیسے گزارتے ہیں؟

    کامیاب افراد اپنی چھٹیاں کیسے گزارتے ہیں؟

    کامیاب افراد کی ایک بہترین عادت یہ ہوتی ہے کہ وہ کام میں ہی اپنی تفریح کا ذریعہ ڈھونڈتے ہیں۔ ان کا کام ہی ان کو خوشی اور طمانیت فراہم کرتا ہے۔

    لیکن اس کے باوجود کامیاب افراد چھٹیوں پر بھی جاتے ہیں اور بعض اوقات فارغ بھی بیٹھتے ہیں۔ لیکن ان کی چھٹیاں گزارنے کا انداز عام افراد سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔

    آئیے دیکھتے ہیں کامیاب افراد اپنی چھٹیوں میں کیا کرتے ہیں۔

    :منصوبہ بندی

    کامیاب افراد اپنی چھٹیوں کا وقت منصوبہ بندی کرنے میں ضائع نہیں کرتے بلکہ وہ یہ کام پہلے ہی سے کرلیتے ہیں۔

    عام افراد چھٹی کے دن سوچتے ہیں کہ آج کیا کیا جائے، کہاں جایا جائے اور اسی میں ان کا آدھا دن گزر جاتا ہے۔

    کامیاب افراد یہ تمام منصوبہ بندی پہلے ہی کرلیتے ہیں۔ وہ ہوٹل، ٹیبل یا جگہوں کی بکنگ، سواری کی بکنگ پہلے سے کرلیتے ہیں جبکہ بچوں کے ساتھ گزارے جانے والے وقت کے بارے میں بھی سوچ کر رکھتے ہیں کہ وہ کیسے گزارا جائے گا۔

    :کام مکمل کر کے جانا

    7

    کامیاب افراد لمبی چھٹیوں پر جانے سے پہلے تمام ادھورے کام مکمل کر کے جاتے ہیں تاکہ چھٹیوں میں وہ ریلیکس رہیں۔

    چھٹیوں کے بعد وہ نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کرتے ہیں جو جوش و جذبے سے بھرپور ہوتی ہے۔

    :ٹیکنالوجی گائیڈ لائنز

    2

    چھٹیوں پر جانے سے پہلے کامیاب افراد اپنے ساتھیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی کے کچھ اصول طے کر جاتے ہیں۔

    مثلاً کسی ضروری کام کی صورت میں انہیں کس فون یا ای میل کے ذریعہ رابطہ کیا جائے اور کس وقت رابطہ کیا جائے۔

    چھٹیوں کے دوران کامیاب افراد اپنے لیپ ٹاپ اور موبائل سے دور رہتے ہیں اور مقررہ وقت میں ان چیزوں کو استعمال کرتے ہیں۔

    :کچھ نہ کرنا

    3

    لمبی چھٹیوں پر جانے والے کامیاب افراد کا ایک دن ایسا بھی ہوتا ہے جس میں وہ واقعتاً کچھ بھی نہیں کرتے۔

    تنہا رہنا اور دماغ کو کچھ وقت کے لیے خالی چھوڑنا بھی دماغی و جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے اور ماہرین اس کی تصدیق کر چکے ہیں۔

    :خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا

    6

    کامیاب افراد اپنی چھٹیاں عموماً خاندان اور دوستوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔

    :قریبی جگہوں پر جانا

    4

    شہر یا ملک سے باہر جانے کے لیے کم از کم 4 سے 5 دن کی چھٹی چاہیئے۔ کامیاب افراد بعض دفعہ قریبی جگہوں پر جا کر سال میں 2 سے 3 دفعہ مختصر چھٹیاں بھی گزارتے ہیں۔

    کچھ افراد چھٹی لیتے ہیں اور اسے اپنے گھر کی لائبریری میں گزارتے ہیں۔ اس سے وہ دماغی طور پر تازہ دم ہو جاتے ہیں۔

    :فطرت سے لطف اندوز ہونا

    8

    کامیاب افراد اپنی چھٹیوں میں فطرت کو شامل رکھتے ہیں اور سر سبز مقامات، جھیلوں اور پہاڑوں کے قریب گزارتے ہیں۔

    فطرت سے قریب رہنا آپ کے دماغی خلیات کو متحرک کرتا ہے اور اس سے دماغ میں سرگرم عمل کیمیائی مادوں میں کمی آتی ہے۔

    :کام سے متعلق تفریح

    5

    کامیاب افراد اپنی پسند کی کئی ایسی جگہوں پر جانا چاہتے ہیں جو ان کے کام سے بھی متعلق ہوتی ہے مثلاً کوئی اداکار، اداکاری کے کسی عالمی ادارے کا دورہ کرنا چاہے گا، یا ٹیکنالوجی کا ماہر گوگل اور فیس بک کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنا چاہے گا لیکن وقت کی کمی کے باعث وہ اپنے ارادے پر عمل نہیں کر پاتے۔

    ایسے موقع پر چھٹیاں ان کے لیے بے حد فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور وہ کام سے متعلق اپنی پسند کے مقامات پر جاتے ہیں۔

    اس سے نہ صرف وہ اپنی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ اپنے کام کے لیے بھی نئے خیالات سوچنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

    :دنوں کی تبدیلی

    9

    بعض کامیاب افراد ایسے دنوں میں بھی چھٹیاں لیتے ہیں جو کام کے دن ہوتے ہیں جیسے پیر، منگل، بدھ۔ اس کی جگہ وہ ہفتہ اور اتوار کو آفس جاتے ہیں تاکہ تنہائی میں وہ سکون سے زیادہ کام کرسکیں۔

    :آگے کے بارے میں سوچنا

    10

    چھٹیوں کی آخری رات کامیاب افراد گزرے ہوئے لمحات سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نئی توانائی سے اپنے کام کے بارے میں سوچتے ہیں اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا عزم کرتے ہیں۔

  • خود اعتماد افراد کی 8 عادات

    خود اعتماد افراد کی 8 عادات

    دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ وہ یقین کی دولت سے مالا مال ہوتے ہیں اور اپنے لیے کسی کام کو ناممکن نہیں سمجھتے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ خود اعتمادی اور ہر معاملے میں اعتماد کا مظاہرہ کرنا کامیابی کی علامت ہے۔ پر اعتماد لوگوں کی کچھ عادات ہوتی ہیں جن کو اپنا کر آپ بھی پراعتماد اور اس کے بعد کامیاب لوگوں کی فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔

    بہانے بازی سے گریز

    پراعتماد لوگ بہانے بازی سے گریز کرتے ہیں۔ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور انہیں درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    دنیا کے بے شمار کامیاب لوگوں کو ابتدا میں بے شمار مسائل کا سامنا پڑا۔ اگر وہ ان مسائل کو بڑا سمجھ کر ان کے آگے ہار مان جاتے تو آج دنیا ان سے ناواقف ہوتی۔ کامیاب لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل اور ناکافی وسائل کی شکایت کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرتے ہیں اور اپنا سفر جاری رکھتے ہیں۔

    آرام دہ ’زون‘ سے باہر نکلنا

    پراعتماد لوگ آرام دہ زندگی گزارنے سے گریز کرتے ہیں۔ یاد رکھیں آرام دہ طرز زندگی آپ کے خوابوں کو قتل کردیتا ہے اور آپ کوئی مشکل اٹھانے کے قابل نہیں رہتے۔ پراعتماد لوگ ایسے طرز زندگی کو چھوڑ کر مشکل اور چیلنجنگ زندگی گزارتے ہیں۔

    آج کا کام آج کرنا

    پراعتماد لوگ آج کا کام آج ہی کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ اسے کل پر نہیں ٹالتے۔

    لوگوں کو پرکھتے نہیں

    لوگوں کو پرکھنا آپ کا کام نہیں۔ جس طرح آپ اپنی زندگی میں لوگوں کی مداخلت ناپسند کرتے ہیں اسی طرح کوئی یہ نہیں چاہے گا کہ آپ بھی دوسروں کی زندگی پر فیصلہ صادر کریں۔ لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں۔

    مقابلہ بازی سے گریز

    پراعتماد لوگوں کا مقابلہ اپنے آپ سے ہوتا ہے۔ وہ دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز کرتے ہیں جس کے باعث وہ حسد اور جلن جیسے منفی جذبات سے محفوط رہتے ہیں۔

    دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز اس لیے بھی کرنا چاہیئے کیونکہ ہر شخص کے حالات زندگی مختلف ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ جس شخس کی کامیابی سے جلن کا شکار ہوں اس نے اپنا بچپن نہایت مشکل حالات میں گزارا ہو۔

    لوگوں کو خوش یا مطمئن رکھنا آپ کا کام نہیں

    لوگوں کی خوشی کا خیال رکھنا، یا کسی چیز کے بارے میں یقین دہانی کروانا آپ کا مسئلہ نہیں۔ اگر آپ ان کی خوشی کا خیال رکھیں گے تو اپنی خوشی سے محروم ہوجائیں گے۔

    زندگی کے حقائق کو قبول کرنا

    پراعتماد لوگ خوابوں میں رہنے کے بجائے زندگی کے تلخ و شیریں حقائق کو قبول کرتے ہیں اور ان کا سامنا کرتے ہیں۔

    lf-3

    خود کو محدود نہ کرنا

    خود کو محدود مت کریں۔ نئے نئے تجربات کرتے رہیں چاہے آپ عمر کے کسی بھی حصہ میں ہوں۔ کوئی کام کرنا نہیں بھی آتا تب بھی اسے کرنے کی کوشش کریں اور اپنی صلاحیتوں کو وسعت دیں۔

    یاد رکھیں! خود اعتمادی کامیابی کی سیڑھی ہے۔ جو افراد خود اعتمادی سے محروم ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔


     

  • وہ 7 عادات جو آپ کو کامیاب اور امیر بنا سکتی ہیں

    وہ 7 عادات جو آپ کو کامیاب اور امیر بنا سکتی ہیں

    دنیا میں موجود تمام کامیاب اور دولت مند افراد کی کچھ عادات مشترک ہوتی ہیں۔ دراصل یہ عادات ہی ہوتی ہیں جو لوگوں کو کامیاب بناتی ہیں۔

    مثال کے طور پر اگر آپ صبح دیر سے اٹھنے کے عادی ہیں تو آپ بے حد نقصان اٹھا سکتے ہیں۔ آپ کی کلاسز چھوٹ سکتی ہیں۔ آپ اپنی ملازمت پر دیر سے پہنچیں گے۔ صبح آپ کسی سے کاروباری ملاقات نہیں کرسکتے کیونکہ آپ جانتے ہیں آپ صبح نہیں اٹھ سکیں گے۔

    اس طرح آپ ایسے بہت سے مواقع ضائع کردیں گے جو آپ کی کامیابی کے لیے سیڑھی بن سکتے ہیں۔

    یاد رکھیں کہ اگر آپ اپنی صبح کا آغاز صحیح انداز سے کریں گے تو آپ کا سارا دن اچھا گزرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ کامیاب افراد اپنی صبحوں کا آغاز بہترین طریقوں اور عادات سے کرتے ہیں۔

    کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کون سی عادات ہیں جو کامیاب اور دولت مند افراد صبح اٹھ کر انجام دیتے ہیں؟

    :سب سے پہلے اٹھنا

    wu-1

    صبح اس وقت اٹھنا جب سب سو رہے ہیں شروع میں تو مشکل لگے گا، لیکن دنیا کے 90 فیصد کامیاب افراد اسی عادت کے پابند ہیں۔ صبح کا وقت تخلیقی صلاحیتوں کے استعمال کے لیے بہترین ہے۔ اس وقت کوئی چیز آپ کے کام میں خلل نہیں ڈالتی اور آپ پرسکون ہو کر بڑے سے بڑا کام سر انجام دے سکتے ہیں۔

    صبح جلدی اٹھ جانے سے آپ کو دن کے کئی گھنٹے اضافی مل جاتے ہیں اور آپ اپنے کئی کام مکمل کر سکتے ہیں۔ یہی نہیں آپ اپنے آفس یا کسی دوسرے کام پر جانے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر آرام سے تیار ہوسکتے ہیں۔

    :جسم کو متحرک کرنا

    wu-2

    اگر آپ صبح جلدی اٹھ گئے ہیں لیکن نیند میں ہیں تو جلدی اٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ نیند بھگانے اور فوری توانائی حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ورزش کرنا ہے۔

    ضروری نہیں کہ آپ کوئی بھاری بھرکم ورزش کریں جو آپ کو تھکا دے۔ اس کے لیے ہلکی پھلکی چہل قدمی بھی کافی ہوگی۔ صبح ورزش آپ کے جسم کے بند اعضا کو کھول دیتی ہے اور وہ بہترین طور پر اپنے افعال انجام دیتے ہیں۔

    :بھرپور ناشتہ

    wu-3

    صبح کا ناشتہ بے حد ضروری ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق یہ نہ صرف آپ کی توانائی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ آپ کو موٹاپے سے بھی بچاتا ہے۔

    اکثر افراد صبح بھوک نہ لگنے کی شکایت کرتے ہیں جس کے باعث وہ ناشتہ نہیں کرتے اور یوں سارا دن غنودگی اور تھکن کا شکار رہتے ہیں۔ صبح ہلکی پھلکی ورزش سے آپ کو بھوک بھی لگ جائے گی اور آپ ایک بہترین ناشتے کے ساتھ اپنے دن کا آغاز کر سکیں گے۔

    اپنے ناشتہ میں پروٹین جیسے مچھلی، انڈے، دلیہ وغیرہ شامل رکھیں اور غیر صحت مند غذائی اجزا سے پرہیز کریں۔

    :باخبر رہنا

    wu-4

    صبح گھر سے نکلنے سے پہلے حالات سے ضرور باخبر رہیں۔ اکثر آدھی رات میں کوئی ایسا واقعہ رونما ہوجاتا ہے جو اگلی صبح سب کی زبانوں پر ہوتا ہے۔ اگر آپ اخبار نہیں پڑھیں گے تو آپ بے خبر رہیں گے۔

    ناشتے کے دوران سرسری سا اخبار پڑھنے کو اپنی عادت بنالیں۔

    :فہرست بنانا

    wu-5

    اپنے دن بھر میں سر انجام دیے جانے والے کاموں کی فہرست بنائیں۔ یہ کام آپ اس وقت کریں جب آپ صبح صادق میں اٹھیں۔ اس سے ایک تو آپ کو کاموں کو نمٹانے میں آسانی ہوگی۔ دوسرا آپ اپنے لیے ٹارگٹ سیٹ کر سکیں گے کہ فلاں کام آج ہر حال میں انجام دینا ہے۔

    دن کے اختتام پر اس فہرست کو دیکھیں اور جب آپ دیکھیں گے کہ آپ یہ تمام کام انجام دے چکے ہیں تو آپ کو طمانیت کا احساس ہوگا۔

    :طویل المعیاد منصوبہ بندی

    wu-6

    صرف ایک دن کی منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ ساتھ طویل المعیاد منصوبہ بندی بھی کریں۔ اپنی زندگی کا ایک واضح مقصد بنائیں اور ہر روز اس تک پہنچنے کے لیے قدم قدم آگے بڑھیں۔

    یاد رکھیں، امیر اور کامیاب ترین لوگ ایک رات میں ہی اس مقام تک نہیں پہنچتے۔ ان کی کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت، رت جگے اور کٹھن دن ہوتے ہیں جو عموماً لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔

    :نیا دن ۔ نئی امید

    wu-7

    ہر نیا طلوع ہوتا سورج نئی امیدیں اور مواقع لے کر آتا ہے۔ کبھی بھی یہ مت سوچیں کی آج آپ کا برا دن ہے۔ ہوسکتا ہے دن کے اختتام پر آپ کے لیے کوئی بہترین چیز موجود ہو۔

    اگر کوئی دن ایسا بھی ہے جو آپ کے خیال میں برا ہے تو اس کے بارے میں زیادہ مت سوچیں۔ اگلے دن میں یقیناً آپ کے لیے کچھ بہترین ہوگا۔ مایوسی اور ناامیدی سے دور رہیں اور ہر حال میں خوش رہنے کی کوشش کریں۔

  • دولت مند افراد ایک جیسا لباس کیوں پہنتے ہیں؟

    دولت مند افراد ایک جیسا لباس کیوں پہنتے ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں امیر اور کامیاب لوگ ایک جیسے کپڑے کیوں پہنتے ہیں؟

    چلیئے کچھ عرصہ پیچھے چلتے ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ اپنے گھر بیٹی کی پیدائش کے باعث ’پیٹرنٹی لیو‘ پر تھے۔ اس سے قبل یہ چھٹیاں صرف ماؤں کو ہی دی جاتی تھیں لیکن پھر لوگوں کو احساس ہوا کہ ایک باپ کو بھی اپنے نومولود بچے کے پاس وقت گزارنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا ماں کو، چنانچہ اس مقصد کے لیے آفسز میں ’پیٹرنل لیو‘ کا قانون متعارف کروایا گیا اور مارک زکر برگ نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

    دو ماہ کی چھٹیوں کے بعد جب مارک کو آفس جانا تھا تو اس سے ایک دن قبل انہوں نے اپنی ایک تصویر فیس بک پر شیئر کی جس میں وہ اگلے دن پہنے جانے والے لباس کے لیے پریشان تھے۔

    مگر دیکھنے والے حیران رہ گئے کہ الماری میں ان کے پاس صرف دو ہی رنگوں کی کئی ٹی شرٹس تھیں۔ اور وہ دو رنگ بھی ایک دوسرے سے ملتے جلتے تھے۔

    ایسا ہی کچھ معامہ ایپل کے بانی آنجہانی اسٹیو جابز کے ساتھ تھا۔ انہیں کئی عوامی اجتماعات میں کم و بیش ایک ہی سیاہ شرٹ میں دیکھا گیا۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے دنیا کے یہ 2 کامیاب اور دولت مند ترین انسان اس معاملے میں اتنی ’غربت‘ کا مظاہرہ کیوں کرتے ہیں؟

    jobs

    اس کے پیچھے وہ وجہ ہے جس کے باعث یہ لوگ آج اتنے کامیاب اور دولت مند ہیں۔

    کامیاب اور دولت مند افراد عموماً اپنے اوپر سوچ و بچار کرنے میں کم وقت خرچ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ سادگی پسند ہوتے ہیں۔

    ان کی نظر بڑے مقاصد پر ہوتی ہے لہٰذا وہ اس سوچ میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے کہ ’آج کیا پہنا جائے‘۔

    mark

    اس سے انہیں کئی فائدے ہوتے ہیں جو آپ بھی جانیئے۔

    اس عادت سے ان کا وقت بچتا ہے۔ وہ بے مقصد شاپنگ مالز میں گھومنے، شاپنگ کرنے، اور نت نئے لباسوں پر ضائع کیے جانے والے وقت کو نئی تخلیقات  ایجاد کرنے میں صرف کرتے ہیں۔

    اس سے انہیں ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔ وہ اس بات سے بالکل آزاد ہوجاتے ہیں کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچیں گے۔

    ان کی توانائی دیگر بامقصد کاموں میں خرچ ہوتی ہے۔

    وہ کبھی بھی برا لباس نہیں پہنتے کیونکہ ایک بار جو لباس ان پر سوٹ کرے وہ اسی کو اپنا ’ٹریڈ مارک‘ بنا لیتے ہیں۔

    اور یہی نہیں، ایک جیسے کپڑے پہننے سے وہ نئے فیشن کو اپنانے کے لیے بے جا پیسہ خرچ کرنے سے بھی بچ جاتے ہیں۔

    آپ کا اس آئیڈیے کو اپنانے کے بارے میں کیا خیال ہے؟