Tag: کامیاب جوان” پروگرام

  • سندھ کے نوجوانوں کے لئے بڑی خوشخبری

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل سے وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کوسندھ کےمختلف اضلاع میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ، وزیراعظم سے مشاورت کےبعد حتمی پلان تشکیل دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے کامیاب جوان پروگرام کا سندھ میں آغاز ہونے جارہا ہے ، وزیراعظم عمران خان گورنر ہاوس سے وفاقی منصوبہ کا آج آغاز کریں گے۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل سے وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی ، جس میں کامیاب جوان پروگرام کوسندھ کےمختلف اضلاع میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم سے مشاورت کےبعدحتمی پلان تشکیل دیا جائے گا۔

    گورنر سندھ نے کہا وزیراعظم نے ہمیشہ اپنے نوجوانوں پر اعتماد کیا، نوجوان ملک کو اوپر لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، کامیاب جوان جیسامنصوبہ پہلے کبھی شروع نہیں کیا، وزیراعظم سندھ کےنوجوانوں کی حوصلہ افزائی کےلیےخود آ رہےہیں۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی صوبے کا ہووہ ہمارا اثاثہ ہے، جس نے اثاثے پر توجہ نہیں دی اس کا اپنا نقصان ہے، وزیراعظم اپنے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    اس موقع پروزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کامیاب جوان منصوبہ ملکی معیشت میں مرکزی کرداراداکرےگا، وسائل کی عدم دستیابی نوجوانوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننےدیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو آج خصوصی مبارکباد دیتاہوں، سندھ کانوجوان حکومتی سرپرستی میں روزگار حاصل کر سکےگا، پروگرام کےذریعےبے روزگار نوجوانوں کی مکمل مددکریں گے۔

  • نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے اور نوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں قرض کی فوری ادائیگی پر مشاورت ہوئی۔

    پنجاب میں نوجوانوں کو 15 دن میں قرض کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان خود نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔

    اس مقصد کے لیے وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے، ملاقات میں وزیر اعظم کے دورے اور شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان اور ہنر مند پروگرام نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے، ماضی میں کسی نے نوجوانوں پر اتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی۔ پروگرام سے روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی آسکے گی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا، پنجاب سے 8 لاکھ نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے آچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں نوجوانوں کو بہترین رہنمائی اور تربیت دیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر قرض کی فوری تقسیم شروع کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو جلد روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام: قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، عثمان ڈار

    کامیاب جوان پروگرام: قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے قرضوں کے تعین کے لیے کردار اور اہلیت دونوں اہم ہیں۔ قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجیز میں آگے لانا چاہتے ہیں، کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 15 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ فاٹا کے نوجوان کو 35 لاکھ روپے اپنا سافٹ ویئر ہاؤس شروع کرنے کے لیے دیا گیا، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں نوجوانوں کو قرضے دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں انفرا اسٹرکچر موجود نہیں، قرضوں کے تعین کے لیے کردار اور اہلیت دونوں اہم ہیں۔ قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں پر توجہ دیں تو یہ پاکستان کو ترقی دیں گے، یہ ایک شروعات ہے انشا اللہ مزید منصوبے بھی آئیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضوں کے لیے درخواستیں دیں، پروگرام کی بڑی بات یہ ہے کہ حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قرضوں کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں سے کیے گئے عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے۔ تمام قرض میرٹ پر دیے جائیں گے۔ عمران خان کا یقین ہے کہ قوم اور معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر فلاح اور ترقی پائے گا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام ، قرض ملنے پر نوجوان خوشی سے نہال

    کامیاب جوان پروگرام ، قرض ملنے پر نوجوان خوشی سے نہال

    اسلام آباد : کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض ملنے پرنوجوان شہری بھی خوشی سےنہال ہیں، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے برسوں پرانا خواب پورا کردیا، بغیرکسی سفارش قرض مل رہا ہے،وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کے خوابوں کوحقیقت میں بدلنے کا حکومتی منصوبہ کا آج سے عملی آغاز ہونے جارہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے کامیاب درخواست گزاروں کو وزیراعظم آفس مدعو کرلیا، کامیاب درخواست گزاروں میں رقم کی تقسیم آج سے شروع ہوگی۔

    قرض ملنے پر نوجوان شہری بھی خوشی سے نہال ہیں ، درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ سوچا نہیں تھا 10دن میں 50لاکھ روپے تک قرض ملے گا، 10 سال سے بوتیک بنانے کا خواب پورا نہیں کر پارہی تھی، وزیراعظم کا منصوبہ آج میرا خواب پورا کررہا ہے۔

    میثم علی نے کہا 35 لاکھ روپے قرض ملا، اپنا سافٹ ویئر ہاؤس بناؤں گا اور درخواست گزار کا کہنا تھا کہ قرض کے لئے کسی کی سفارش کرناپڑی نہ ہی انتظارکیا، گیسٹ ہاؤس بنانا چاہتی تھی رقم کا بندو بست نہیں ہو پارہا تھا، وزیراعظم کی شکرگزار ہوں، اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکوں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے

    معاون خصوصی برائےیوتھ افیئرزعثمان ڈار نے اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج سے نوجوانوں کا بڑا فلیگ شپ منصوبہ شروع کررہے ہیں، وزیراعظم نوجوانوں میں 1 ارب کی تقسیم کا مرحلہ شروع کریں گے، نہ کوئی سفارش نہ میرٹ پر سمجھوتہ اور بلاتفریق قرض تقسیم ہورہا ہے، نوجوان اپنا کاروبار کریں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنائیں۔

    خیال رہے کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پروگرام کے تحت1 سے50 لاکھ تک کے چیک نوجوانوں کو دئیے جائیں گے۔

    پروگرام کے تحت فاٹا اور قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر سے نوجوانوں کو رقوم کی ادائیگی ہوگی، مرکزی تقریب کے بعد صوبوں میں رقم کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔

  • کامیاب جوان پروگرام سے نوجوانوں کو با اختیار بنائیں گے، اسد عمر

    کامیاب جوان پروگرام سے نوجوانوں کو با اختیار بنائیں گے، اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے نوجوانوں کو با اختیار بنائیں گے، نوجوان قوم کامستقبل ہیں یہ ملکی ترقی کا سبب بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا بہت بڑا اثاثہ ہیں، نوجوان کی کامیاب زندگی ہمارا مقصد ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کاروبار کی شروعات چھوٹے پائلٹ پراجیکٹ سے کرنا چاہیے، ہمیشہ بڑا سوچو اور چھوٹے کام سے آغاز کرکے آگے بڑھاجائے، کام شروع کرنے سے نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹارٹ اپ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے، یہ پروگرام لاہور اور دیگر شہروں میں بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور کاروبار بڑھیں گے، نوجوان اپنے آئیڈیاز لے کر آئیں تو حوصلہ افزائی کریں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے نوجوانوں کو با اختیار بنائیں گے، نوجوان قوم کامستقبل ہیں یہ ملکی ترقی کاسبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گلہ ہے ان کی بات نہیں سنی جاتی۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ طلبہ یونینزکے معاملے پر بھی بات چیت چل رہی ہے، نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کی بات سنی جائے گی۔

  • نوجوانوں کے لیے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو، وزیراعظم

    نوجوانوں کے لیے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نوجوانوں کے لیے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی یوتھ افیئرزعثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کو کامیاب جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ پیش کر دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو پروگرام کی شفافیت، میرٹ اور درخواستوں پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ صرف 20 دنوں میں 10لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

    عثمان ڈار نے بتایا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے 1 سے5 لاکھ تک قرض کی درخواستیں دیں، 6 لاکھ سے زائد نوجوان نئے کاروبار کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سب سے زیادہ درخواستیں پنجاب اور پختونخواسےموصول ہوئیں، درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل شروع کردیا ہے، قرض کی تقسیم آئندہ ماہ ہوگی۔

    وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کی زبردست پذیرائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے پر معاون خصوصی عثمان ڈار کو شاباشی دی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں حکومتی سرپرستی ہرحال میں یقینی بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یقین ہے کامیاب جوان پروگرام معاشی بہتری میں سازگار ثابت ہوگا، نئے کاروبار سے اقتصادی صورت حال میں بھی بہتری آئے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے درپیش روزگار کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئیے۔

  • کامیاب جوان پروگرام  میں 1لاکھ تک کا قرضہ بلاسود ہوگا ،عثمان ڈار

    کامیاب جوان پروگرام میں 1لاکھ تک کا قرضہ بلاسود ہوگا ،عثمان ڈار

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سیاست سے پاک ہے، 1لاکھ تک کا قرضہ بلاسود ہوگا، 21 سے 45 سال تک کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں، ہماری کوشش ہےکہ دسمبرسے تمام درخواستوں پرکام شروع ہوجائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور مشیر برائے نوجوان امور عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کامیاب جوان ٹیم کو مبارکبادپیش کرتاہوں ، وزیراعظم کی ہدایت ہے کامیاب جوان پروگرام شفاف ہوناچاہیے، کامیاب جوان پروگرام میں 2لاکھ سے زائد درخواستیں مل چکی ہیں،  ماضی کے یوتھ پروگرام میں 90ہزار نوجوانوں نےدرخواستیں دی تھیں اور نوجوانوں کو بینکوں کے باہر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا۔

    کامیاب جوان پروگرام میں 2لاکھ سے زائد درخواستیں مل چکی ہیں

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان کی لانچنگ پہلا فیز تھا، بینکوں کیساتھ مکمل کوآرڈینیشن ونگ چل رہاہے، نوجوان گھر بیٹھے کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بن سکتےہیں۔

    عثمان ڈار نے کہا ہیکرزکامیاب جوان کی ویب سائٹ کوہیک نہیں کرسکے، سائبرحملوں کو ناکام بنانے پراین ٹی سی ٹیم کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، کامیاب  جوان پروگرام پر کچھ لوگوں کوکنفیوژن تھی ، پروگرام کےتحت ایک سے 5لاکھ تک 6فیصدانٹرسٹ ریٹ ہوگا اور 1لاکھ تک قرضے پر انٹرسٹ فری  ہوگا۔

    پروگرام کےتحت ایک سے 5لاکھ تک 6فیصدانٹرسٹ ریٹ ہوگا

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے یوتھ پروگرام سیاست کی نذر ہوئے تھے ، 5 سے 50لاکھ تک 8 فیصد انٹرسٹ ریٹ ہوگا،کوشش ہےدسمبر سے قرض کی فراہمی شروع ہوجائے، 21 سے 45سال تک کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ نوجوان بھی پروگرام میں درخواست دے سکتے ہیں۔

    معاون خصوصی نے کہا پہلےآئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر قرضے دیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام میں تعلیم کی کوئی شرط نہیں ہے، دوسرے فیز میں اقلیتوں اور خصوصی افراد کو پروگرام میں شامل کریں گے۔

    پہلےآئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر قرضے دیے جائیں گے

    مشیر برائے نوجوان امور کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کو ایز آف ڈوئنگ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، ماضی میں صرف پیسے بانٹے گئے مگر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں تھا، کامیاب جوان پروگرام گیم چینجر ثابت ہوگا۔

  • کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی، 72 گھنٹوں میں 1لاکھ 90 ہزار درخواستیں موصول

    کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی، 72 گھنٹوں میں 1لاکھ 90 ہزار درخواستیں موصول

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں نے کامیاب جوان پروگرام کا زبردست خیرمقدم کیا ہے، جدید نظام کے تحت نوجوان گھر بیٹھے 5 منٹ میں اپلائی کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کو ملک بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے، لانچنگ کے 72 گھنٹوں میں 18 لاکھ نوجوان نے ویب سائٹ وزٹ کیا، کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک 1 لاکھ 90 ہزار آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔

    کامیاب جوان پروگرام نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ، سابق دور میں مریم نواز کی جانب سے شروع کیا گیا پروگرام بھی پیچھے رہ گیا، لیگی حکومت کے یوتھ پروگرام کے5 سال میں 90 ہزاردرخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

    وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں نے کامیاب جوان پروگرام کا زبردست خیرمقدم کیا ہے، جدید نظام کے تحت نوجوان گھر بیٹھے 5 منٹ میں اپلائی کرسکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی کے منصوبوں میں تکنیکی رکاوٹیں زیادہ تھیں، درخواست گزاروں میں بڑی تعداد طلبا اور فارغ التحصیل جوانوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام سے متعلق معلومات کے لیے KamyabJawan.gov.pk وزٹ کریں۔

    پروگرام اتنا شفاف ہے کہ میں بھی کسی کو قرض نہیں دلا سکوں گا: عثمان ڈار

    یاد رہے 17 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی منصو بے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلاسود جبکہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔

    وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ ہوگا اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں، کامیاب جوان پروگرام میں سفارش نہیں چلے گی، میرٹ پر کام ہوگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام وزیر اعظم آفس سے مانیٹر کیا جائے گا، میں خود اس کو مانیٹر کروں گا، سارے پاکستان کے لیے ایک یوتھ فاؤنڈیشن بنائیں گے، جس میں نوجوانوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملے گا، کوشش کریں گے پاکستان میں تعلیم کا ایک ہی نصاب آئے، بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم اور ٹیکنالوجی بھی دینی ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام کو حقیقت بنانے کے لیے زیادہ محنت کرنی ہوگی: اسد عمر

    کامیاب جوان پروگرام کو حقیقت بنانے کے لیے زیادہ محنت کرنی ہوگی: اسد عمر

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کو حقیقت بنانے کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت کرنی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام کے انعقاد پر عثمان ڈار کو مبارک باد دی، اور سراہا کہ یہ پروگرام یہاں تک آپ کی محنت سے پہنچا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا پروگرام سے لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کی زندگی بہتر ہوگی، لیکن ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں، اسے حقیقت بنانے کے لیے اور بھی محنت کرنی ہوگی۔

    اسد عمر کے ٹویٹ پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی اظہار تشکر کیا، انھوں نے کہا کام یاب جوان پروگرام کی تشکیل و ترتیب میں آپ کی رہنمائی ہمیشہ ساتھ رہی، پروگرام کو حقیقت بنانے میں آپ کا کردار سب سے اہم تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کردیا

    عثمان ڈار نے اسد عمر کو مخاطب کر کے کہا یہ پراجیکٹ آپ کی دل چسپی اور مدد سے ممکن ہو سکا، میں اور پاکستان کے نوجوان آپ کے شکر گزار ہیں۔

    یاد رہے 17 اکتوبر کو وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ایک شان دار تقریب کے دوران کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلا سود جب کہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہوگا اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں، کامیاب جوان پروگرام میں سفارش نہیں چلے گی، میرٹ پر کام ہوگا۔