Tag: کامیاب قرار

  • افغان طالبان نے ماسکو مذاکرات کو کامیاب قرار دے دیا

    افغان طالبان نے ماسکو مذاکرات کو کامیاب قرار دے دیا

    ماسکو:  افغان طالبان نے ماسکومذاکرات کوکامیاب قرار دے دیا، کانفرنس میں مذاکرات جاری رکھنے اور افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پراتفاق ہوا  ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امن سے متعلق ماسکومیں دورروزہ کانفرنس ختم ہونے کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق روس کی میزبانی میں منعقد کی گئی دورروزہ افغان امن کانفرنس میں طالبان اورافغان سیاسی رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس میں افغان حکومت کے نمائندوں کوکانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی ۔

    کانفرنس کے اعلامیے میں افغان تنازع کے حل کے لئے مذاکرات جاری رکھنے ، افغانستان میں غیرملکی مداخلت کے خلاف اور افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق ہوا۔

    افغان وفد کے سربراہ عباس ستنکزئی نے میڈیا سے گفتگومیں ماسکو مذاکرات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا افغانستان سے غیرملکی فوج کے انخلا کا ٹائم ٹیبل طے نہیں ہوا ہے اوراس بارے میں پیشرفت ہورہی ہے۔

    مزید پڑھیں : طالبان پورے افغانستان پر قبضے کے خواہش مند نہیں ہیں: شیر عباس ستانکزئی

    گذشتہ روز عباس ستنکزئی کا کہنا تھا کہ طالبان بزورِ طاقت پورے ملک پر قابض ہونا نہیں چاہتے کیونکہ اس کی وجہ سے امن قائم ہونا ممکن نہیں، مذاکراتی عمل اپنی جگہ مگر طالبان اُس وقت تک جنگ بندی نہیں کریں گے جب تک غیر ملکی افواج ہماری سرزمین سے چلی نہیں جاتیں۔

    مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’طالبان کے بڑھتے اثرات سے خواتین کو بالکل خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم انہیں شریعت اور افغان ثقافت کے مطابق سارے حقوق اور تحفظ فراہم کریں گے، لڑکیاں اسکول ، یونیورسٹی جاسکیں گی اور خواتین ملازمت کی بھی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے اس سے قبل قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کا ایک طویل دور ہوچکا ہے، جس میں17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے پر بنیادی معاہدہ طے پایا تھا جبکہ فریقین افغانستان سے غیر ملکی افواج کے پرامن انخلاء پر متفق ہوگئے تھے۔

    تاہم افغان صدراشرف غنی کو تاحال افغانستان میں جاری سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

  • این اے 230 بدین : دوبارہ گنتی میں بھی جی ڈی اے کی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کامیاب قرار

    این اے 230 بدین : دوبارہ گنتی میں بھی جی ڈی اے کی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کامیاب قرار

    بدین : این اے 230سے جی ڈی اے کی امیدوار فہمیدہ مرزا دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب قرار پائیں، پیپلزپارٹی نے 5پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کیلئے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کی امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سیدہ فہمیدہ مرزا بدین این اے230میں دوبارہ گنتی کرانے پر کامیاب قرار پائیں ہیں۔اس حلقے میں دس روز سے گنتی جاری تھی۔

    غیرحتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق دوبارہ گنتی پرجی ڈی اے کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو کامیاب قرار دے دیا گیا، انہوں نے95ہزار64ووٹ لیے جبکہ پیپلزپارٹی کے رسول بخش چانڈیو نے93ہزار 999ووٹ حاصل کیے۔فہمیدہ مرزا کو 1065ووٹ کی برتی حاصل ہے۔

    پیپلز پارٹی نے مذکورہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے5پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ ووٹنگ کیلئے عدالت جانے کا اعلان کردیا، پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ5پولنگ اسٹیشنز کےنتائج پر پریزائیڈنگ افسران کے دستخط موجود نہیں تھے، پریزائیڈنگ افسران کی اس غفلت کافائدہ جی ڈی اے کو دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان

    واضح رہے کہ پی پی کے امیدوار رسول بخش چانڈیو نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے رکھی تھی۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد کر رکھا ہے اور اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر ان جماعتوں میں انضمام بھی ہوسکتا ہے۔