Tag: کامیڈین

  • کپل شرما بھی کرن جوہر کے نقشِ قدم پر؟ ویڈیو نے سب کو حیران کردیا

    کپل شرما بھی کرن جوہر کے نقشِ قدم پر؟ ویڈیو نے سب کو حیران کردیا

    بھارت کے معروف کامیڈین و اداکار کپل شرما نے وزن کم کرکے سب کو حیران کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق کامیڈین کپل شرما نے بدھ کی ممبئی ایئرپورٹ پر نظر آئے جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں کپل وزن میں کمی کے بعد پہلے سے کہیں زیادہ دبلے نظر آرہے ہیں۔

     ممبئی ائیرپورٹ کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپل شرما ٹی شرٹ میں موجود ہیں، ویڈیو دیکھ کر مداح بھی حیران رہ گئے اور بعض نے پریشانی کا اظہار کیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کپل شرما نے اکشے کمار کی فٹنس سے متاثر ہو کر جم جانا شروع کیا اور وہ روزانہ صبح سویرے اٹھ کر جم جاتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق فروری سے کپل شرما سخت ٹریننگ لے رہے ہیں، روزانہ دو گھنٹے جم میں ورزش کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کک باکسنگ کی بھی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب کپل شرما کے نئے روپ پر مداحوں نے بھی دلچسپ تبصرے کیے ہیں، کسی نے لکھاکہ طبیعت ٹھیک نہیں کیا کپل کی؟

    ایک اور صارف نے کہا کہ لگتا ہے کپل بھی کرن سے متاثر ہوکر ان کے نقش قدم چل رہے ہیں، ایک اور صارف نے کہا کہ آج کل ایسے کیسے ہوگئے؟

    کپل کے ایک اور پرستار نے لکھا کہ وہ اچھا لگ رہا ہے، ایک شخص نے تبصرہ کیا بھئی سب اتنے پتلے کیسے ہو رہے ہیں، ہمیں بھی بتادو۔

  • کرن جوہر اپنی نقل کرنے والے کامیڈین پر برس پڑے

    کرن جوہر اپنی نقل کرنے والے کامیڈین پر برس پڑے

    ممبئی: بالی ووڈ کے نامور فلمساز کرن جوہر نے اُن کی نقل اُتارنے والے کامیڈین کیتن سنگھ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارت کے کامیڈی شو ’میڈنیس مچائیں گے انڈیا کو ہنسائیں گے‘ کا پرومو آن ائیر ہوا جس میں کامیڈین کیتن سنگھ نے فلمساز کرن جوہر کی نقل اُتاری تھی۔

    پرومو دیکھ کر کرن جوہر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں کامیڈی شو کا نام لیے بغیر نوٹ جاری کیا۔

    کرن جوہر نے کہا کہ میں اپنی ماں کے ساتھ بیٹھا ٹیلی ویژن دیکھ رہا تھا تو اسی دوران میرے سامنے ایک قابل احترام چینل کے ریئلیٹی کامیڈی شو کا پرومو آیا جس میں ایک شخص غیر معمولی ذوق میں میری نقل کر رہا تھا۔

    فلمساز نے کہا کہ میں اپنے ناقدین اور بے نام لوگوں سے اس طرح کی حرکت کی توقع رکھتا تھا لیکن جب میری اپنی ہی انڈسٹری کے لوگ میرے خلاف ایسی حرکتیں کریں گے تو مجھے ضرور دُکھ ہوگا۔

    کرن جوہر نے مزید کہا کہ مجھے اس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 25 سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے، میری ہی انڈسٹری کے لوگ میری بےعزتی کر رہے ہیں، یہ دیکھ کر مجھے غصہ تو نہیں آتا لیکن دُکھ ضرور ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس کامیڈی شو میں بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی بھی موجود تھیں جو کرن جوہر کی نقل اُتارنے پر کامیڈین کیتن سنگھ کو سراہا رہی تھیں۔

    دوسری جانب کامیڈین کیتن سنگھ نے ٹائمز ناؤ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ میرا ارادہ کرن کو تکلیف پہنچانا کبھی نہیں تھا، میں کرن جوہر سے معافی مانگنا چاہتا ہوں،  میں ان کے کام اور ان کے شو کا بہت بڑا مداح ہوں، میرا مقصد انہیں تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔

  • تابش ہاشمی نے سسرال جاکر والدہ کو کہنی کیوں ماری؟

    تابش ہاشمی نے سسرال جاکر والدہ کو کہنی کیوں ماری؟

    کراچی : پاکستان کے معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان تابش ہاشمی پہلی بار سسرال جاکر بھی شرارت سے باز نہ آئے۔

    یوٹیوب پر ’ٹو بی اونیسٹ‘ کے نام سے مقبول شو کی میزبانی کرنے والے تابش ہاشمی اور ان کی اہلیہ حرا نے شرکت کی اور اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تابش ہاشمی نے بتایا کہ میرے والد اور حرا کے دادا آپس میں بہت گہرے اور بچپن کے دوست تھے یہ دوستی بعد ازاں رشتے داری میں بدل گئی۔

    تابش کی اہلیہ حرا نے بتایا کہ ایک دن جب ان کی فیملی ہمارے گھر آئی تو تابش نے مجھے دیکھ کر اپنی امی کو چپکے سے کہنی ماری جو میرے بھائی نے دیکھ لیا تھا، حرا کے مطابق تابش کی یہ یکطرفہ محبت تھی۔

    تابش کا کہنا تھا کہ ہماری شادی کو 12 سال ہوگئے اور کیونکہ میں بہو کی طرح کا داماد ہوں اس لیے شادی کے بعد میرا روپ نکھر گیا۔

     

  • کپل شرما کو شو کے دوران کون سا لفظ کہنے سے منع کیا گیا؟

    کپل شرما کو شو کے دوران کون سا لفظ کہنے سے منع کیا گیا؟

    معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کا کہنا ہے کہ شو کرنے سے قبل بعض دفعہ انہیں کچھ لفظوں کے استعمال سے منع کیا جاتا ہے۔

    بالی وڈ اداکار اور کامیڈین کپل شرما نے کہا ہے کہ حال ہی میں ایک چینل پر پروگرام سے قبل انتظامیہ نے انہیں لفظ پاگل استعمال کرنے سے منع کیا تھا۔

    کپل شرما واٹ ویمن وانٹ ودھ کرینہ کپور میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی فلم زویگاڈو سے متعلق اور دوسرے سوالات کے دلچسپ جواب دیے۔

    طنز و مزاح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کامیڈینز کو کچھ معاملات میں محتاط رہنا پڑتا ہے۔

    جب ان سے کرینہ کپور نے پوچھا کہ 10 سال قبل لوگ جس مذاق سے محظوظ ہوتے تھے اب اس پر غصہ کر جاتے ہیں، اس لیے پروگرام کی تیاری کرتے وقت کن باتوں کو مدنظر رکھتے ہیں؟

    اس پر کپل شرما نے بتایا کہ جب میں امرتسر سے شوبز میں آیا اس وقت پنجاب میں مذاق اس حد تک عام تھا کہ شادیوں کے موقع پر لڑکی والے دولہے کو مختلف ناموں سے پکار کر چھیڑتے تھے جبکہ جسمانی خدوخال پر بھی جملے کسے جاتے تھے جو کہ وہاں کی ثقافت میں شامل تھا مگر اب یہ باتیں ’باڈی شیمنگ‘ بن گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب چینلز کے لیے پروگرام کرتے ہیں تو ان کی جانب سے آپ کو کچھ الفاظ نہ بولنے کی ہدایات دی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں ہی ایک چینل کی جانب سے مجھے کہا گیا کہ آپ لفظ پاگل استعمال نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی اور میں نے پوچھا کیوں، جس پر بتایا گیا کہ دراصل اس پر لوگ برا مان جاتے ہیں۔

    کپل شرما نے لفظ پاگل کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک ایسا لفظ ہے جسے ہم عام طور پر اپنے بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

  • معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    لاہور: ملک کے معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کامیڈین طارق ٹیڈی کا رضائے الہیٰ سے انتقال ہو گیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ 20 روز سے لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    طارق ٹیڈی کے صاحب زادے جنید نے بتایا کہ ان کے والد کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا، پہلے نجی اسپتال میں پھر پی کے ایل آئی میں ان کا علاج جاری تھا۔

    بیٹے نے بتایا کہ 4 روز قبل طارق ٹیڈی کی طبیعت کچھ سنبھل گئی تھی، تاہم گزشتہ رات کو ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی، اور وہ صبح 8 بجے انتقال کر گئے۔

    لاہور : اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری

    طارق ٹیڈی 12 اگست 1976 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ طارق ٹیڈی پر ان کی سابقہ بیوی عاصمہ بی بی نے فیملی عدالت میں بچیوں صفا اور مروا کا خرچ دینے کا کیس بھی دائر کر رکھا تھا۔

  • معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے خلاف ہندو انتہا پسند ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے، حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

    منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

    گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

    اب حال ہی میں ان کا ایک شو حیدر آباد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر ایک بار پھر انتہا پسند متحرک ہوگئے۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر منور فاروقی کا شو ہوا تو وہ پروگرام کے مقام کو نذر آتش کر دیں گے اور منور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جائے گا۔

    راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ کامیڈین منور فاروقی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

    انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

    راجہ سنگھ نے تلنگانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو خط بھی لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ منور کو شو کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے اور امن و امان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

  • عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد کب تک متوقع ہے؟

    کراچی: شدید علیل اداکار عمر شریف کے بیرون ملک علاج کے لیے روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس کی جناح ٹرمینل پر آمد منگل تک متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف کامیڈین اور فلم اداکار عمر شریف کے علاج کی غرض سے امریکا روانگی کے لیے تمام دستاویزات جمع کرائی جا چکی ہیں، جب کہ ایئر ایمبولینس کی آمد منگل تک متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کمپنی کو پیر کی صبح تک ڈالرز میں ادائیگی کر دی جائے گی، عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔

    دریں اثنا، ایئر ایمبولینس کی آمد سے قبل سی اے اے سے پیشگی اجازت لی جائے گی، ایئر ایمبولینس کی کراچی سے روانگی کے بعد ری فیولنگ کا شیڈول طے کیا جائے گا۔

    دو دن قبل کامیڈین عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے جاری کیے گئے تھے، جس پر سندھ حکومت نے امریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کیا، عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی اہلیہ زریں عمر ساتھ جائیں گی، جب کہ امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب سرجری کے انتظامات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے، رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔

  • مشہور مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 16 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    مشہور مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 16 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    24 مئی 2005ء کو مشہور مزاحیہ اداکار رنگیلا اپنے مداحوں سے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے تھے۔ آج رنگیلا کی سولہویں برسی ہے۔

    رنگیلا کا اصل نام سعید علی خان تھا، وہ 1937ء میں ننگر ہار، افغانستان میں پیدا ہوئے تھے۔ بعد میں ان کا خاندان پشاور منتقل ہوگیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد رنگیلا لاہور چلے آئے اور وہاں پینٹر کے طور پر کام کرنے لگے۔ لاہور میں‌ انھیں فلمیں دیکھنے کا موقع ملا جس نے انھیں اداکاری کی طرف مائل کیا۔

    1957ء میں ہدایت کار عطا اللہ ہاشمی کی فلم داتا میں ایک مختصر سا کردار نبھاکر رنگیلا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ بعدازاں شباب کیرانوی کی فلم ثریا اور اشفاق ملک کی فلم گہرا داغ نے انھیں مقبول مزاحیہ اداکار بنا دیا۔ 1968ء میں ریلیز ہونے والی فلم سنگ دل کو ان کے فلمی کیریئر کا ایک نیا موڑ کہا جاتا ہے۔ اس کے اگلے چند برس بعد رنگیلا نے ذاتی پروڈکشن ہائوس کھول لیا اور اپنی فلم کے لیے کہانی بھی خود لکھی اور پروڈیوسر بھی بنے۔ ان کی فلم نے زبردست کام یابی حاصل کی۔ ان کی فلموں عورت راج، سونا چاندی اور انسان اور گدھا کو خوب پذیرائی ملی۔

    رنگیلا نے کامیڈین کے طور پر شہرت حاصل کرنے اور انڈسٹری میں‌ اپنی جگہ بنانے کے بعد خود کو بحیثیت فلم ساز، ہدایت کار نہ صرف منوایا بلکہ زبردست کام یابیاں‌ سمیٹیں، انھوں نے گلوکاری بھی کی اور فلموں کے لیے اپنی آواز میں گانے بھی ریکارڈ کروائے تھے۔

    رنگیلا نے مجموعی طور پر 660 فلموں میں کام کیا جن میں اردو، پنجابی اور بعض فلموں‌ کے ڈبل ورژن شامل ہیں۔ رنگیلا کو فلمی دنیا میں‌ متعدد اعزازات سے نوازا گیا جب کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا گیا تھا۔

  • عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے مشہور کامیڈین اور تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار عمر شریف شو بز کی جگمگاتی دنیا میں کیسے آئے؟ اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں وہ خود اس کے حوالے سے بتاتے ہیں:

    گجراتی ڈراموں کے ڈائریکٹر اور ایکٹر آر کے پٹیل آدم جی ہال میں ایک ڈراما کر رہے تھے، میں بھی وہاں گیا تھا، اس وقت میں چھوٹے چھوٹے کردار کرتا تھا، جیسا کہ کوئی ڈراما چل رہا ہے اور کوئی اداکار نہیں آیا، کوئی مر گیا ہے، کسی کو دیر ہو گئی، کوئی ایکسیڈنٹ ہو گیا، تو ایسے مواقع پر مجھے کہتے کہ آ جاؤ بھئی۔

    انھوں نے کہا کہ ایسے ہی ایمرجنسی ایکٹر کے طور پر ان کا کام جاری تھا جس کے لیے وہ دو سو، تین سو اور پانچ سو روپے لیتے تھے، ایسے میں آدم جی ہال میں آر کے پٹیل کا ڈراما ساس کی آس چل رہا تھا، اس وقت میں برابر والے ہال میں ایک ڈرامے میں کام کر رہا تھا، تو میرے پاس ایک پیغام آیا کہ صبا صاحب آپ کو بلا رہے ہیں۔

    جب میں گیا تو انھوں نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے جانتے ہو، میں نے کہا نہیں، تو انھوں نے کہا میں صمد یار خان ہوں، اور یہاں ہمارے ڈرامے کے اداکار آر کے پٹیل انتقال کر گئے ہیں کل رات کو، ان کی تدفین بھی ہو چکی، مسئلہ یہ ہے کہ رات کو ڈرامے کا شو ہے اور وہ مرکزی کردار کر رہے تھے، تو اس کے لیے آپ کو بلوایا ہے۔

    عمر شریف نے بتایا کہ یہ سن کر میں حیران ہو گیا کہ دو گھنٹے بعد شو ہے، اور میں مرکزی کردار کیسے کر سکتا ہوں، اتنی جلدی سارا ڈراما کیسے یاد ہو سکتا ہے، لیکن صمد یار خان نے کہا کہ بیٹا میری عزت کی بات ہے، جس پر میں نے ہامی بھر لی۔

    انھوں نے کہا کہ حافظہ اچھا تھا، اور وہی آج تک کام آ رہا ہے، میں اللہ کا نام لے کر چلا گیا، ادھر میرا میک اپ چل رہا تھا اور ادھر میں اپنے ڈائیلاگ یاد کر رہا تھا، اور تمام سیچوئیشنز کو ذہن نشین کرنے لگا۔

    عمر شریف نے مزید بتایا کہ ہندو کریکٹر کا گیٹ اپ تیار ہو گیا تھا، اور میں نے خود کو پوری طرح ذہنی طور پر تیار کر لیا، اور پھر میں اسٹیج پر آ گیا، پہلا ہی سین ہندی منتر پڑھنے کا تھا، اور میں نے اسے اپنے طور پر عجیب و غریب طرح سے پڑھا، اس میں اپنا عربی انداز شامل کیا، اور پھر ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس ڈرامے کے لیے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا، پھر انھوں نے ہی مجھے برما شیل کے پورے سال کے شو بھی دے دیے، پھر ایک ڈرامے کے لیے گاڑی بھی ملی اور پورے سال کا پیٹرول بھی ملا۔

  • مشہور اسٹیج اداکار کو عدالت کی طرف سے آخری موقع

    مشہور اسٹیج اداکار کو عدالت کی طرف سے آخری موقع

    لاہور: فیملی کورٹ نے مزاحیہ اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی عدالت نے اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کر نے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔

    بچوں کے خرچے کی درخواست اداکار طارق ٹیڈی کی سابق اہلیہ عاصمہ بی بی نے دائر کر رکھی ہے، جس پر فیملی جج مائرہ حسن  نے سماعت کی۔

    درخواست میں سابق اہلیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میں بچیوں کا خرچہ اکیلی برداشت نہیں کر سکتی، طارق ٹیڈی کئی کئی ماہ بچیوں کا خرچ ادا نہیں کرتا۔

    عدالت نے طارق ٹیڈی کو بچیوں کا خرچہ ادا کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ طارق ٹیڈی آئندہ سماعت پر بچیوں کا خرچہ ادا کریں۔

    اس سے قبل خرچہ ادا نہ کرنے پر عدالت متعدد بار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔ مارچ میں فیملی کورٹ نے طارق ٹیڈی کو بچیوں کا ماہانہ خرچہ 34 ہزار روپے باقاعدگی سے ادا کرنے کا حکم دیا تھا، طارق ٹیڈی اور ان کی اہلیہ کے درمیان 2011 میں علیحدگی ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے طارق ٹیڈی پاکستان کے مقبول تھیئٹر کامیڈین ہیں، وہ فوری اور چھبتے جواب دینے کے لیے مشہور ہیں، ٹیڈی پنجابی اسٹیج ڈرامے کرتے ہیں اور انھوں نے فلم سلاخیں میں اداکاری کی۔