Tag: کانفرنس

  • سپریم کورٹ میں ملکی آبادی سے متعلق دو روزہ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

    سپریم کورٹ میں ملکی آبادی سے متعلق دو روزہ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

    اسلام آباد: لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر  اہتمام ملکی آبادی سے متعلق سپریم کورٹ میں دو روزہ کانفرنس کے  انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر  اہتمام ملکی آبادی سے متعلق دو روزہ کانفرنس کے  انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دو روزہ کانفرنس 14 اور 15 جولائی کو سپریم کورٹ عمارت میں ہوگی، کانفرنس کا آغاز اور اختتام پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال شرکت کریں گے۔

    کانفرنس کے دیگر سیشنز میں سپریم کورٹ کے دیگر ججز شرکت کریں گے، کانفرنس میں اعلی عدلیہ کے ججز ، بین الاقوامی ماہرین بشمول سفارتکار شرکت کرینگے۔

  • سعودی عرب میں سکوں کی تاریخ پر کانفرنس: عباسی دور کی ملکہ زبیدہ کا ذکر

    سعودی عرب میں سکوں کی تاریخ پر کانفرنس: عباسی دور کی ملکہ زبیدہ کا ذکر

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سکوں کی تاریخ پر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام مسلمان بادشاہوں اور ملکاؤں کی جانب سے جاری کیے گئے سکوں کی تاریخ پیش کی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامی کرنسی کی تاریخ پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    کانفرنس میں دنیا بھر کے ماہرین کنگ عبد اللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں شماریات، سکے، بینک نوٹوں اور تمغوں کے مطالعہ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

    18 مئی کو بین الاقوامی میوزیم ڈے کے موقع پر ہونے والی اس تقریب کا اہتمام سعودی عجائب گھر کمیشن نے کیا تھا جس کا مقصد اسلامی سکوں کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مملکت کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنا ہے۔

    کانفرنس کے اسپیکر ڈاکٹر ایلین بیرن نے قدیم اور قرون وسطیٰ کے دور میں دی گریٹ کوئینز آف اسلام کے نام سے ہونے والے سیشن میں خواتین حکمرانوں کے بااثر کردار پر گفتگو
    کی۔

    ڈاکٹر ایلین بیرن نے ان خواتین کی ہمت اور ذہانت کے بارے میں گفتگو کی جس کی وجہ سے وہ تاریخ کے دھارے کو تشکیل دینے میں کامیاب ہوئیں۔

    انہوں نے شجر الدر، اور زبیدہ بنت جعفر جیسی ملکاؤں کا حوالہ دیا جو اسلامی دنیا کی پہلی ملکہ تھیں اور جنہوں نے اپنے نام سے سکے جاری کیے تھے۔

    ڈاکٹر ایلین بیرن نے جنیوا میں نومسماٹیکا جینیویس ایس اے نامی کمپنی کی بنیاد رکھی جو 2000 سے سکے فروخت اور نیلام کر رہی ہے اور قیمتوں کے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

    ڈاکٹر بیرن ویانا اور روم میں حکومتی عجائب گھر کے منصوبوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بتانے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا کہ سکے نہ صرف عربی دنیا بلکہ پوری دنیا کی ثقافت کے لیے کتنے اہم ہیں۔

    ایک اور مقرر ڈاکٹر احمد الدسوقی جو قاہرہ یونیورسٹی کے شعبہ اسلامی آثار قدیمہ کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں نے بازنطینی دینار کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ خالص عرب اسلامی پیسوں کی منتقلی کا مرحلہ ایک بڑا واقعہ تھا جس نے اسلامی ریاست کو اس وقت کی عالمی طاقتوں خاص طور پر بازنطینی ریاست کی سطح پر لا کھڑا کیا۔

  • پاکستان کا بیشتر حصہ تاحال سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے: بلاول بھٹو

    جنیوا: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بیشتر حصہ تاحال سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، ملک میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنیوا میں منعقدہ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے، آج اقوام عالم تاریخی تباہی کا سامنا کرنے والے پاکستان سے یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ متاثرہ لوگوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یورپی یونین کے سامنے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی قدرتی آفات سے بچنے کے لیے پاکستان نےفریم ورک بنایا ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کا آدھا کام پاکستان اپنے وسائل سے کرے گا۔ یہ کانفرنس عالمی برادری کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بیشتر حصہ تاحال سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، ملک میں ہر 7 میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا ہے، سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے۔

    خیال رہے کہ ریزیلینٹ پاکستان ڈونرز کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور اقوام متحدہ کر رہے ہیں۔

    کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان، وزرا، اعلیٰ نمائندے، عالمی مالیاتی ادارے، فاؤنڈیشنز، بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں اور نجی شعبوں، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شریک ہیں۔

    ڈونرز کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا۔

    کانفرنس میں بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔

  • اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات کی تجاویز

    اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات کی تجاویز

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد کردہ کانفرنس کے دوران سیلاب سے نمٹنے کے لیے مختلف چیلنجز کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ اداروں نے اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات پر تجاویز دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پوسٹ مون سون جائزہ رابطہ کانفرنس 2022 کا انعقاد ہوا۔

    کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی، کانفرنس میں پی ڈی ایم ایز، وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    متعلقہ اداروں نے رواں سال مون سون بارشوں کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی، کانفرنس کے دوران اس سال سیلاب سے نمٹنے کے لیے مختلف چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

    کانفرنس میں متعلقہ اداروں نے اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات پر تجاویز دیں۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ منصوبہ بندی اور لائحہ عمل تشکیل دے۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، مساجد میں علما کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں، ماسک مہنگے ہوں تو کاغذ سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، کرونا 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ ہماری مدد کرے گا، یہاں وائرس نہیں پھیلے گا۔ خطرہ ہوا تو قوم تیار ہے، ہم تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ بند کر دیا ہے، یہی صورتحال رہی تو حج سے متعلق ہدایات بھی آسکتی ہیں۔ ایران میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 2، 3 روز کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں، جاپان میں اپریل تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماسک مہنگے ہوں تو پیپر سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ مساجد میں علما بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ہم نے قوم کو کرونا وائرس کے خدشات سے متعلق جلدی تیار کر لیا ہے۔

  • افغان مہاجرین کے لیے صحت اور تعلیم میں دوہرا معیار نہیں اپنایا جارہا: وزیر خارجہ

    افغان مہاجرین کے لیے صحت اور تعلیم میں دوہرا معیار نہیں اپنایا جارہا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین سے صحت اور تعلیم میں دوہرا معیار روا نہیں رکھا گیا، کانفرنس میں اتفاق ہوا ہے کہ مہاجرین کی واپسی ڈیل کا حصہ ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان مہاجرین کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیائی لحاظ سے جڑے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے مشترکہ طور پر خطے کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے، مہاجرین کی میزبانی میں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کا کردار اہم ہے۔ مستقبل کے لیے پارٹنر شپ بنانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے 40 سال افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے، مہاجرین سے صحت اور تعلیم میں دوہرا معیار روا نہیں رکھا جارہا۔ مہاجرین کو پورے ملک میں آنے جانے کی آزادی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں اتفاق ہوا کہ مہاجرین کی واپسی ڈیل کا حصہ ہونی چاہیئے، مہاجرین کے لیے غیر روایتی ڈونرز کے طریقہ کار کو اختیار کرنا چاہیئے۔

    خیال رہے کہ افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 سال مکمل ہونے پر منعقدہ اس خصوصی کانفرنس میں گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیر اعظم عمران خان نے شرکت کی تھی۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امیر ممالک مہاجرین کے مسئلے کو تقسیم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہمیں اسلامو فوبیا کا سامنا کرنا پڑا، اسلام اور دہشت گردی کو ایک نظر سے دیکھا گیا اور مسلمان مہاجرین کو دیگر کی نسبت زیادہ تکالیف کا سامنا رہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین ہے افغان مہاجرین نے دنیا میں سب سے زیادہ تکالیف اٹھائیں، ہماری حکومت نے شروع سے ہی افغان امن کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی، پاکستان میں 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں اور یہ دنیا میں افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا میزبان ہے۔

  • نیول چیف کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس

    نیول چیف کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس

    اسلام آباد: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس کی زیر صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔

    کانفرنس میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں کشمیر اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا، نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہے۔

    اس سے قبل ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس اور کوسٹل ایریا میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا تھا، نیول چیف نے اسپیشل سروس آپریشنل ٹریننگ سینٹر کا افتتاح بھی کیا تھا۔

    نیول چیف نے یو اے وی لانچنگ سائٹ کا دورہ بھی کیا، نیول چیف کو لانچنگ سائٹ پر یو اے وی سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

  • کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کانفرنس کا انعقاد

    کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کانفرنس کا انعقاد

    کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ہونے والی کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب وزیر داخلہ تھا تو کے 4 کے روٹ بنانے والے کا پوچھا تھا، جب پروجیکٹ کی قیمت آئی تو میں وزیر اعلیٰ سندھ بن گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شہر کے مسائل کے حل کے لیے کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت مختلف جماعتوں کے نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیر داخلہ تھا تو کے 4 کے روٹ بنانے والے کا پوچھا تھا، اجلاس میں سب نے کہا تھا مشکل روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مجھے کہا گیا آپ اس پر اعتراض نہ کریں، پروجیکٹ میں تاخیر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے ایف ڈبلیو او کو روٹ 2 سال میں مکمل کرنے کی درخواست کی تھی، روٹ 25 بلین روپے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ایف ڈبلیو او نے کہا کہ یہ پروجیکٹ 42 بلین روپے کا ہے۔ اگر نظر ثانی میں جاتے تو مزید تاخیر ہوتی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے منصوبے کو 2 حصوں ایک سول اور دوسرا ٹیکنیکل میں تقسیم کیا، جب اس کی قیمت آگئی تو میں وزیر اعلیٰ سندھ بن گیا تھا، پتہ چلا کہ پروجیکٹ پر 31 بلین مزید خرچ ہوگا تو کابینہ نےخود کرنے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ پر سندھ حکومت نے 21 بلین روپے خود دینے کا وعدہ کیا۔ عام انتخابات کے بعد جیسے ہم واپس آئے تو کچھ مسائل ہوئے۔ ہمیں ماہرین نے کہا کہ 12.9 بلین روپے کی جو لاگت کی ہے وہ ٹھیک نہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے 3 پمپ رکھے تھے، آپ نے لاگت کم کرنے کے لیے ایک پمپ کم کردیا، فیز ٹو کے لیے نیا چینل بنانا ہوگا تو کس طرح بلاسٹنگ کریں گے، ہم نے نیسپاک کو تھرڈ پارٹی ڈیزائن ویریفکیشن کے لیے کام دیا۔

    کانفرنس میں سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے، واٹر بورڈ سندھ حکومت کو ہینڈل نہیں کرنا چاہیئے، کے 4 کا جب تصور کیا گیا تب کے 3 مکمل ہو رہا تھا، اگلے 50 سال کے لیے کے 4 کی ضرورت تھی۔

    انہوں نے کہا کہ 1000 فٹ کوریڈور کراچی کے پانی کی ضرورت کے لیے تھا، 130 کلو میٹر کے 4 اسٹرپ ہیں اس میں پمپنگ سب سے مہنگی چیز ہے۔ سنہ 2014 میں 50 فیصد فنانشل شیئرنگ پر اتفاق ہوا، جو بھی نئی سڑک تعمیر ہو اس کو پانی کی لائن پہلے سے دی جائے۔

  • امریکا میں دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سے متعلق کانفرنس کا آغاز

    امریکا میں دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سے متعلق کانفرنس کا آغاز

    واشنگٹن: امریکا میں دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سے متعلق کانفرنس کا آغاز ہوگیا، اس کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں شروع ہونے والی کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے جوہری عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے ماہرین اپنے خیالات کا اظہارکریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کی سمت میں کام کرنے کے لیے امریکا میں دو روزہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے جوہری عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے ماہرین جوہری ترک اسلحہ کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ایک ماحول بنانے پر اپنے اپنے خیالات کا اشتراک کریں گے۔

    اس کانفرنس میں جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک اور جن ممالک کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہیں، ان کے علاوہ وہ ملک بھی حصہ لیں گے جنہوں نے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں۔

    ایران کو جوہری ہتھیاروں کا حامل نہیں دیکھنا چاہتے، امریکی صدر

    دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے سے متعلق امریکا کی جانب سے کانفرنس ایسے میں شروع ہوئی ہے کہ خود امریکا کے پاس سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں اور وہ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ جبکہ امریکی حمایت کی وجہ سے اسرائیل کے پاس بھی سیکڑوں ایٹمی وار ھیڈز ہیں لیکن ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔