Tag: کانفرنس

  • جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    تل ابیب : اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے جون کے آخری ہفتے میں امریکا، روس اور اسرائیل پر مشتمل سربراہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیریڈ کوشنر نے 1967ء کے بعد پہلی بار امریکا کا تیار کردہ اسرائیل کا نقشہ نیتن یاھو کو پیش کیا جس میں مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیلی ریاست کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    امریکی ایلچی جیریڈ کوشنر، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی امن مندوب جیسن گرین بیلٹ پر مشتمل وفد نے یروشلم میں نیتن یاھو کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ایران کے لیے امریکی ایلچی برائن ہک اور امریکا میں اسرائیلی سفیر رون دیرمر بھی موجود تھے، ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے تناظر میں جون کے آخر میں بحرین میں عالمی اقتصادی کانفرنس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسرائیل میں کنیسٹ کے دوبارہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم جاری ہوگی مگر ہم بحرین میں اقتصادی کانفرنس کا انعقاد ضرور کریں گے۔

    اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

  • پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے: علی زیدی

    پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے: علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے، ملک میں کاروباری ماحول سازگار بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سیرا کانفرنس کے موقع پر امریکا پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر اس موقع پر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ملاقاتیں کریں گے۔

    کانفرنس کے شرکا سے توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی کے پروگرام میں ہیوسٹن اور لاس اینجلس بندرگاہوں کا دورہ بھی شامل ہے۔

    دورے کے دوران علی زیدی کی اہم امریکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ امریکا میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو امریکی قانون ساز اسمبلیوں میں اٹھانے کی حکمت عملی پر گفتگو ہوگی۔

    اس موقع پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے، ملک میں کاروباری ماحول سازگار بنا رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ موزوں ترین وقت ہے۔

    علی زیدی نے مزید کہا کہ پاکستانی برادری کو سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کر کے زرمبادلہ لائیں گے۔

    اس سے قبل علی زیدی نے کہا تھا کہ پاکستان پہلے سیکیورٹی زون تصور کیا جاتا تھا، اب اکنامک زون بن چکا ہے۔

  • پلوامہ حملے کے بعد چین نے مثبت کردار ادا کیا: وزیر خارجہ

    پلوامہ حملے کے بعد چین نے مثبت کردار ادا کیا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد چین نے مثبت کردار ادا کیا۔ حالیہ برسوں میں سی پیک نے پاک چین دوستی کو نئی جہت دی، منصوبے سے کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق کانفرنس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات سے مسائل کے حل کا کہا، سی پیک سے چین اور پاکستان کے تعلقات میں مزید وسعت آئی ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک کے آئندہ مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، اب دونوں ملکوں کے سربراہ سی پیک پلس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ چین سے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ سی پیک دونوں ملکوں کی خطے کی ترقی کی خواہش کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد وزیر اعظم نے قائدانہ کردار ادا کیا، وزیر اعظم نے خارجہ پالیسی کو تعمیری انداز میں آگے بڑھایا۔ حکومت خارجہ پالیسی کو عوامی امنگوں کے مطابق چلا رہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کے بعد چین نے مثبت کردار ادا کیا۔ حالیہ برسوں میں سی پیک نے پاک چین دوستی کو نئی جہت دی، منصوبے سے کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے۔ وزیر اعظم کے کامیاب دورہ سے سی پیک پلس کا آغاز ہوا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی دکھائی دے رہی ہے، کشیدگی میں کمی ایک مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستان نے سفارتی کوششوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارا وفد کرتار پور راہداری پر مذاکرات سے متعلق نئی دہلی جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں امریکی وزیر خارجہ کے کردار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بتانا نہیں چاہتا تھا لیکن پرائیویٹ ڈپلومیسی نے کام دکھایا ہے، امریکا نے پرائیویٹ ڈپلومیسی کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کیا۔ چین، روس، ترکی، سعودی عرب اور دیگر ممالک نے بھی کردار ادا کیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر ترقیاتی کام کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل پاکستان کے مفاد میں ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عوام کو غربت سے نکالنے کے چینی تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے سماجی و اقتصادی ترقی کےمواقع ملیں گے۔

    وزیر اعظم نے سی پیک کے دوسرے فیز میں صنعتی تعاون پر توجہ اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو تیاریوں کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوسرے فیز میں چین کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔

  • وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی روانہ

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی روانہ ہو گئے جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان میں سیکیورٹی صورت حال سے متعلق جرمنی کے شہر میونخ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی میونخ میں روس، جرمنی، ازبکستان اور کینیڈا سمیت مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملیں گے اور امریکی کانگریس اور سینیٹ کے ارکان کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی میونخ کانفرنس میں افغانستان سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

    وزیرخارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں استحکام لانے کے لیے امن کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

    افغان قیادت کوافغان عوام کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے‘ شاہ محمود قریشی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری سمیت متعدد رہنماؤں نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے پاکستان کے اندورنی معاملات پرتبصرے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر کی ٹویٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات ہمارے معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں، افغان قیادت کو چاہیے کہ افغان عوام کے دیرینہ مسائل اور مصائب پر توجہ دے۔

  • بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان بلدیاتی نظام سے خوش نہیں، تبدیلی چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق بلدیاتی نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔ بلدیاتی نظام سے متعلق سفارشات پر وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔

    علیم خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت میں 90 فیصد مسلم لیگ ن کے لوگ ہیں، مسلم لیگ ن کے لوگ ہی اختیارات سے متعلق پریشان ہیں۔ تمام لوگوں کو اختیارات دیں گے۔ میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ بلدیاتی انتخاب میں تمام جماعتیں حصہ لیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی نظام کو با اختیار اور مالی خود مختاری دینا ہے، نئے نظام میں یو سی، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کونسل کو بااختیار بنائیں۔ حمزہ شہباز نظام کو ٹھیک کر دیتے تو آج ایسا نہیں ہوتا۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ بطور پارٹی چیئرمین عمران خان میئرز کا چناؤ کریں گے، نو منتخب ایم این ایز، ایم پی ایز اپنے حلقوں میں میئر کی مہم چلائیں گے۔ عوام سیاسی لوگوں کو اپنی ترجمانی کے لیے منتخب کرتے ہیں۔ منشور میں بلدیاتی نظام سے متعلق تمام معلومات درج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو بلائیں گے مشاورت کریں گے۔ پوچھیں گے 2001 بلدیاتی نظام میں کیا کمی بیشیاں تھیں۔ تمام نظام کو ایک چھتری کے نیچے لانا پڑے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم میں 50ہزار پودے ذاتی حیثیت میں لگاؤں گا، پچاس ہزار پودوں کی قیمت خود برداشت کروں گا۔

  • پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے کوشاں ہے: وزیر اعظم

    پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے کوشاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسز میں کمی پر کام کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے سے بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سائنس پالیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑاخطرہ ہے اور اسی کی طرف فوری توجہ دینا ہوگی۔ اسموگ کے روزمرہ زندگی پر بدترین اثرات آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عمل پیرا ہے اور 20 فیصد ماحول کے لیے تباہ کن یعنی گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی پر عمل کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال کول پاور پلانٹ کا حکومتی اشتہار تنقید کی زد میں

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے تمام ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان اپنی 50 فیصد توانائی کی ضروریات گیس سے پوری کر رہا ہے جبکہ فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کو گیس پر منتقل کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کےمطابق قابل تجدید توانائی کے شعبے پر توجہ دے رہے ہیں۔ آئندہ سال ملک میں فرنس آئل کی درآمد ختم ہو جائے گی۔ ’پاکستان میں گرین ہاؤس گیسز کا اخراج ایک فیصد سے بھی کم ہے‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں 10 کروڑ مقامی پودے لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ ملک میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج ے اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ منصوبے کے آغاز کے دن کو نیشنل گرین ڈے کا نام دیا گیا تھا۔

    مذکورہ منصوبے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے 50 کروڑ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خرچ کیے جانے تھے جبکہ بقیہ رقم صوبوں کو دی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں ۔

  • بیت المقدس، او آئی سی کا آئندہ اجلاس پاکستان میں بلایا جائے، دفاع پاکستان کونسل

    بیت المقدس، او آئی سی کا آئندہ اجلاس پاکستان میں بلایا جائے، دفاع پاکستان کونسل

    لاہور : دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام تحفظ بیت المقدس کانفرنس میں مقررین نے او آئی سی کا آئندہ اجلاس پاکستان میں طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لیے عملی جدوجہد کرنے کا اعلان کردیا.

    لاہور کے استنبول چوک میں دفاع پاکستان کونسل نے بیت المقدس کی آزادی کے لیے کانفرنس کا اہتمام کیا، جس سے مولانا سمیع الحق نے خطاب کرتے ہوئے جہاد کو ضروری قرار دیا.

    سربراہ جمعیت علمائے اسلام کا مزید کہنا تھا کہ بیت المقدس مسلمانوں کی مقدس عبادت گاہ اور ایک پاک سرزمین ہے جس سے مسلمانوں کا عقیدت اور احترام کا مضطوب رشتہ ہے، اس موقع پر انہوں نے او آئی سی کا اگلا اجلاس پاکستان میں طلب کرنے کا مطالبہ بھی کیا.

    جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ امریکہ کا اقدام خطے میں امن کو تباہ کرنے کا باعث بنے گا اور ٹرمپ کو اندازہ نہیں کہ اس نے آگ میں پٹرول چھڑک دیا ہے جو خود امریکا کے لیے خطرناک ثابت ہو گا.

    انہوں نے فلسطین کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کسی بھی قسم کی اشتعال سے باز رہے ورنہ وہ خود کو تباہی سے نہیں بچا سکے گا.

    جلسہ عام سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی خطاب کیا انہوں نے بیت المقدس کی آزادی کے لیے مسلمانوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان حکمران خواب غفلت میں سوئے ہوئے ہیں.

    بیت المقدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر جماعتوں کے قائدین کا کہنا تھا کہ  خود مختار فلسطین ریاست اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے حکمرانوں نے کوئی مؤثر قدم نہ اٹھایا تو عوام میدان میں آ جائیں گے.

  • وزیراعظم نواز شریف آج چارملکی کاسا کانفرنس میں شرکت کریں گے

    وزیراعظم نواز شریف آج چارملکی کاسا کانفرنس میں شرکت کریں گے

    دوشنبے: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج تاجکستان میں چار ملکی کاسا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں آج ہونے والی چار ملکی کاسا کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کےعلاوہ افغانستان، کرغزستان اورتاجکستان کےصدور شریک ہوں گے۔

    خیال رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔


    پاکستان اور تاجکستان کے درمیان کئی یادداشتوں پر دستخط


    بعد ازاں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور تاجک صدر نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کےدرمیان زرعی یونیورسٹی راولپنڈی سمیت دیگرمنصوبوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

    تاجک صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دینا چاہتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان کاسا 1000 بجلی منصوبے کو اہمیت دیتا ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • اسلام آباد، اقتصادی تعاون تنظیم کی کانفرنس یکم مارچ کو ہوگی

    اسلام آباد، اقتصادی تعاون تنظیم کی کانفرنس یکم مارچ کو ہوگی

    اسلام آباد : اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی عالمی کانفرنس یکم مارچ کو منعقد ہو گی جس کے لیے دارالحکومت میں انتظامیہ کی جانب سے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کی کانفرنس یکم مارچ کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے سینئر حکام (ایس او ایم) کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت سینئر حکام نے سربراہ اجلاس کے لیے سفارشات کی منظوری دے دی ہے جب کہ اعلان میں رکن ممالک کےدرمیان تجارت، روابط، مواصلات اور توانائی کے شعبےمیں تعاون پراتفاق کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ای سی او سربراہ اجلاس کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اقتصادی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام وزرائے خارجہ آج پہنچ رہے ہیں۔

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ سربراہ اجلاس پاکستان اور ای سی او کے لیے تاریخی موقع ہے جس کے لیے دارالحکومت میں منعقد ہونے والی اقتصادی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

  • ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج امرتسر میں شروع ہوگی

    ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج امرتسر میں شروع ہوگی

    اسلام آباد: ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج بھارت کے شہر امرتسر میں شروع ہوگی۔پہلے روز سیکریٹریز اور دوسرے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج بھارت کے شہر امرتسر میں شروع ہو رہی ہے جس کے لیےسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خارجہ سرتاج عزیز کریں گےجوکل چندگھنٹےکےلیےبھارت جائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نےبھارت کو مذاکرات کی کوئی درخواست نہیں دی پاک بھارت وفود سائیڈ لائن پرملاقات نہیں کریں گے۔

    دو روزہ کانفرنس میں پاکستان،سعودی عرب،چین،ترکی،ایران،روس سمیت چالیس ممالک کے وفود اور علاقائی وبین الاقوامی تنظیمیں شرکت کریں گی۔

    کانفرنس میں افغانستان اورپڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی تعاون بڑھانے،سیکیورٹی خطرات سےبچاؤاور علاقائی صورتحال کے معاملات زیر غور آئیں گے۔

    مزید پڑھیں:سرحدی کشیدگی کے باوجود پاکستان ہارٹ ایشیا کانفرنس میں‌ شرکت کرے گا، دفتر خارجہ

    واضح رہے کہ اس سےقبل دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہناتھا کہ پاکستان بھارت میں منعقد ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا، پاکستان کی شرکت کا مقصد خطے میں امن کو فروغ دینا ہے۔