Tag: کاپی رائٹ

  • سعودی تعلیمی نصاب میں اہم مضمون شامل کرنے کا فیصلہ

    سعودی تعلیمی نصاب میں اہم مضمون شامل کرنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب نے تعلیمی نصاب میں کاپی رائٹ کا مضمون شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی کاپی رائٹ اتھارٹی اور وزارت تعلیم نے تعلیمی نصاب میں کاپی رائٹ کے موضوعات بھی شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ میں حقوقِ دانش کے تحفظ کے حوالے سے شعور و آگہی پیدا کرنا ہے۔

    طلبہ کو اس اقدام کے ذریعے سعودی وژن 2030 کے تحت قومی معیشت کے فروغ میں کاپی رائٹ کے قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    کاپی رائٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر عبدالعزیز السویلم نے کہا کہ کاپی رائٹ سے متعلق آگہی کو قومی مزاج میں شامل کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اور سعودی قیادت کاپی رائٹ کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔

    اتھارٹی کے مطابق تعلیمی نصاب میں کاپی رائٹ کے موضوعات تعلیمی مراحل کے مطابق شامل کیے جائیں گے، اور یہ مضمون پڑھانے کے لیے طلبہ کے ذہنی و فکری معیار کو مدنظر رکھا جائے گا۔

    نصاب کے علاوہ بھی سعودی وزارت تعلیم اور سعودی کاپی رائٹ اتھارٹی کی شراکت سے متعدد اقدامات اور پروگرام شروع کیے جائیں گے، اساتذہ کو بھی کاپی رائٹ کے حوالے سے ٹریننگ کورس کرائے جائیں گے، جس میں کاپی رائٹ کی تعلیم کے جدید طریقوں سے اساتذہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

    رپورٹس کے مطابق کورین کاپی رائٹ ایجنسی اس سلسلے میں تعاون کرے گی۔

  • سعودی عرب: قانون کی خلاف ورزی پر سرکاری ادارے کو جرمانہ

    سعودی عرب: قانون کی خلاف ورزی پر سرکاری ادارے کو جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر ایک سرکاری ادارے کو جرمانہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی اتھارٹی برائے کاپی رائٹ نے قانون کی خلاف ورزی پر ایک سعودی سرکاری ادارے کو جرمانہ کر دیا ہے۔

    سرکاری ادارے کے خلاف کارروائی ایک شہری کے دعوے پر کی گئی ہے، جس نے کہا تھا کہ سرکاری ادارے نے اس کی ڈیجیٹل تخلیق کا غیر قانونی طور پر استعمال کیا ہے، سعودی اتھارٹی برائے کاپی رائٹ نے سرکاری ادارے کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ فریق کو 25 ہزار ریال معاوضہ ادا کرے گا۔

    اتھارٹی کے مطابق سرکاری ادارے نے ڈیجیٹل تخلیق استعمال کرنے سے قبل اس کے مالک سے اجازت نہیں لی تھی، اتھارٹی کی جانب سے ماہرین کی ٹیم نے دعوے کی صداقت کا جائزہ بھی لیا۔

    ادارے کو شہری کو معاوضہ دینے کے علاوہ قانون کی خلاف ورزی پر سرکاری خزانے میں 5 ہزار ریال جمع کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    اتھارٹی نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں کاپی رائٹ کے قانون کے مطابق ہر شخص کو کاپی رائٹ کے حقوق کی پابندی کرنی ہے، کسی بھی قسم کے حقوق دانش کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

  • معروف امریکی گلوکارہ ریحانہ پر چوری کا الزام

    معروف امریکی گلوکارہ ریحانہ پر چوری کا الزام

    امریکی گلوکارہ ریحانہ پر جرمن گلوکاروں نے گانے چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ تاحال ریحانہ نے اس الزام کا کوئی جواب نہیں دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمن آرٹسٹ کنگ خان اور ان کی بیٹی صبا لو نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے کاسمیٹکس اشتہار میں ان کی اجازت کے بغیر ان کے گیت کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔

    ریحانہ کی ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

    باپ بیٹی کی جوڑی نے گیت کا استعمال فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اس معاملے پر گلوکارہ یا برانڈ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    32 سالہ گلوکارہ ریحانہ پر اس سے قبل بھی ایسے الزامات لگتے رہے ہیں۔