Tag: کبڈی

  • کبڈی کے نیشنل پلیئر وقاص کو قاتل نے سر میں گولی مار دی، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    کبڈی کے نیشنل پلیئر وقاص کو قاتل نے سر میں گولی مار دی، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    لاہور: کبڈی کے نیشنل پلیئر وقاص کو کاہنہ میں میچ کے دوران گراؤنڈ میں قاتل نے سر میں گولی مار دی۔

    تفصیلات کے مطابق کاہنہ، لاہور میں کبڈی کے بہترین کھلاڑی وقاص کو کبڈی کے میچ کے دوران سر عام قتل کر دیا گیا، قاتل کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

    واقعےکی دل دہلا دینے والی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں قاتل کو کبڈی پلیئر پر پیچھے سے آ کر فائر کرتے دیکھا جا سکتا ہے، مقتول اس وقت مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے۔

    سر میں گولی لگنے سے کبڈی پلیئر وقاص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تھے، پولیس نے قاتل کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ فوٹیج کے مطابق قاتل نے پیچھے سے آ کر بہت قریب سے وقاص کے سر میں گولی مار دی۔

    وقاص نے ملکی سطح پر کبڈی کے متعدد مقابلوں میں حصہ لیا اور مقابلے جیتے، وہ کاہنہ کبڈی ٹیم کے کپتان تھے اور ہر سال مقامی سطح پر میچ میں کامیاب ہوتے تھے۔

  • ایشیا کبڈی کپ اور ورلڈ کبڈی کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

    ایشیا کبڈی کپ اور ورلڈ کبڈی کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

    اسلام آباد: ایشیا کبڈی کپ 2022 اور ورلڈ کبڈی کپ 2024 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایشیا کبڈی کپ 2022 اور ورلڈ کبڈی کپ 2024 کی میزبانی پاکستان کے حصے میں آ گئی ہے۔

    سیکریٹری کبڈی فیڈریشن محمد سرور رانا نے کہا سیف گیمز میں بھی کبڈی ایونٹ شامل کیا گیا ہے، رواں سال کبڈی کے متعدد ایونٹس کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کرتارپور میں پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیموں میں میچز ہوں گے، دونوں ٹیموں کے مابین 3 میچز کھیلے جائیں گے، روزانہ میچ کے بعد بھارتی ٹیم واپس اپنے ملک چلی جائے گی۔

    محمد سرور رانا نے کہا دنیا بھر کے سکھ کرتارپور میں ٹیموں کے مابین میچز کے منتظر ہیں۔

    پاکستان بھارت کو ہرا کر پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا

    یاد رہے لاہور میں کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے فائنل میں پاکستان بھارتی ٹیم کو شکست دے کر پہلی بار کبڈی کا عالمی چیمپئن بن گیا تھا، کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو پچھاڑا اور بھارت کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔

    16 فروری 2020 کو بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی تھی، بھارتی ٹیم 6 مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح رہ چکی ہے اور یہ اس کی پہلی شکست تھی۔

  • ’’بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں‘‘

    ’’بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں‘‘

    لاہور: وزیرکھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں اس کا ثبوت عالمی کبڈی کپ میں دنیا بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت کرنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنرہاؤس پنجاب میں کبڈی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کبڈی کھلاڑیوں کی دستاربندی کی، گورنر پنجاب نےکبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

    اس موقع پر وزیرکھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلے کرانے کا کریڈٹ پنجاب حکومت کو جاتا ہے، سری لنکا اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آئیں، پاکستان میں کبڈی ورلڈکپ کو بہت زیادہ دیکھا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں 2دن ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

    پاکستان بھارت کو ہرا کر پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا

    دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کبڈی فائنل میں پہلے ہاف میں سب نروس تھے، کھلاڑیوں کی محنت کی بدولت کامیابی ہمارا مقدر بنی، سرلنکا ٹیم پر حملے کے وقت سنگاکارا بھی موجود تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ سنگاکارا کی بہادری پر داد دیتا ہوں کہ وہ دوبارہ آئے، قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل بنانے کا سوچ رہے ہیں، سیکیورٹی اداروں کاشکریہ،آج سکون کا سانس لے رہے ہیں، عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔

  • کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا

    کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا

    لاہور: کبڈی ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں جوڑ پڑ گیا۔

    ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جب کہ بھارت نے آسٹریلیا کو زیر کر فیصلہ کن معرے کے لیے کوالیفائی کیا۔

    سیمی فائنل میں پاکستان نے حریف کھلاڑیوں کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ٹائٹل کی دوڑ میں جگہ بنائی، پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھا اور ایران کو باآسانی شکست دی۔

    فائنل میں پاکستان اور بھارت میں ٹاکرا ہوگا، روایتی حریفوں میں کل جوڑ پڑے گا۔ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اور کل اقبال اسٹیڈیم میں زور آزمائی کریں گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے کینیڈا، آسٹریلیا اور آذربائیجان کو شکست دی تھی جب کہ بھارت کو ایران سے سخت مقابلے کا سامنا رہا تھا۔

  • ڈی آئی خان میں کبڈی کی پریمئرلیگ کا انعقاد

    ڈی آئی خان میں کبڈی کی پریمئرلیگ کا انعقاد

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان کی تاریخ کے کھیلوں کے بڑے ایونٹ’ڈیرہ پریمئرلیگ‘ کاافتتاح کردیاگیا، ایونٹ میں خیبر پختونخواہ اورپنجاب سے کبڈی کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

    ریجنل سپورٹس آفیس کی زیرنگرانی پاک فوج اورانتظامیہ کے تعاون سے منعقدہونے والے ” ڈیرہ پریمئرلیگ”کی افتتاحی رنگارنگ تقریب میں مہمان خصوصی ضلع ناظم اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیررائوعمران سرتاج تھت تقریب میں ڈپٹی کمشنر برکت اللہ مروت ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرظہوربابرآفریدی ،ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی ،تحصیل ناظم سردار عمرامین خان گنڈہ پورکے علاوہ تحصیل ناظمین ، مختلف محکموں کے سربراہان موجودتھے ۔

    تمام مہمانوں نے ’ڈیرہ پریمئرلیگ‘کاافتتاح ڈی پی ایل کی ٹرافی کی رونمائی کرکے کیا۔اس موقع پررنگارنگ پروگرام پیش کیے گئے ۔تقریب میں کھلاڑیوںاورلوگوں کی بڑی تعدادموجودتھی۔ ڈیرہ پریمئرلیگ میں پنجاب اورخیبرپختونخواکے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے ۔ کبڈی کے مقابلوں کے لیے پنجاب کے 16پہلوانوں کے علاوہ ڈیرہ اورلکی مروت کے 16پہلوان بھی حصہ لے رہے ہیں ۔

    کبڈی کاپہلامقابلہ رستم پہلوان فضل پہلوان آف کیچ اوررستم بہاولپورحنیف پہلوان کے درمیان کھیلاگیاجس میں رستم پہلوان ، فضل پہلوان آف کیچ نے رستم پہلوان حنیف پہلوان کو شکست دی۔ تقریبات کے دوران مارشل آرٹ کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیاگیا۔ مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسڈکامظاہرہ کیااورمہمانوں نے تمام ٹیموں کے ساتھ الگ الگ گروپ فوٹوبھی بنوائے ۔

    یہ مقابلے 9دسمبر 2018تک جاری رہیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی نے کہاکہ پاک فوج اورانتظامیہ کے تعاون سے ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی کے زیراہتمام ڈیرہ پریمئرلیگ کامظاہرہ ڈیرہ کے کھیلوں کی تاریخ کابڑامظاہرہ ہے۔

    کھیلوں کی صحت مندسرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی حکومت ،پاک فوج کے ساتھ مل کرہرممکن اقدامات اٹھائے گی ۔ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ریجنل سپورٹس دفترکی کارکردگی مثالی ہے اوراس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی نے کہاکہ ریجنل سپورٹس دفترعلاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کے مقابلے کرتارہے گااوراس میں مزید بہتری آئے گی ۔

  • کبڈی کی عالمی تنظیم کابھارت کو چیمپئین ماننے سے انکار

    کبڈی کی عالمی تنظیم کابھارت کو چیمپئین ماننے سے انکار

    بھارت : کبڈی کی عالمی تنظیم نے اپنا فیصلہ سنادیا۔بھارت کو چیمپئین ماننے سے صاف کردیا انکار،تفصیلات کے مطابق کبڈی کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کی کامیابی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

    بھارت میں ہونے والا ایونٹ کبڈی ورلڈ کپ نہیں تھا۔اس میں عالمی قوانین کا اطلاق نہیں ہوا۔کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد تو آئندہ برس کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سربراہ دیوراج چتر ویدی کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹس میں غیر جانب دار امپائرز مقرر ہوتے ہیں لیکن اس ایونٹ میں ایسا نہیں ہوا۔

    وہ بھارت کو چیمپئین نہیں مانتے۔ فائنل میں امپائرنگ کی ذمہ داری بھارتی ریفریز نے اداکی اور پاکستان کے خلاف فیصلے جاری کئے۔

    پاکستانی کپتان اور مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی امپائروں کے فیصلوں کوجانبدارانہ قرار دیا تھا جس کی شکایت کبڈی کی عالمی تنظیم سے بھی کی گئی تھی۔

  • ورلڈ کپ کبڈی میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کی وطن واپس پہنچ گئی

    ورلڈ کپ کبڈی میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کی وطن واپس پہنچ گئی

    لاہور: کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعدپاکستان کی مینز اینڈ ویمنز ٹیم وطن واپس پہنچ گئیں، واہگہ بارڈر پر دونوں ٹیموں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

     کپتان اور آفیشلز کا کہنا ہے کہ فائنل میں بے ایمانی ہوئی، وہ ہار کر نہیں جیت کر وطن واپس آئے ہیں۔ واضح رہے کہ فائنل میں امپائرز نے متنازع فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کو فاتح قرار دیا جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے کیا بھرپور احتجاج کیا، امپائرز نے میچ کے اختتامی لمحات میں کچھ ایسے فیصلے کئے جو بھارت کے حق میں گئے اور پاکستان میچ جیتتے جیتتے ہارگیا، میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے امپائرز پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا ۔

  • ورلڈ کپ کبڈی میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کی آج وطن واپسی

    ورلڈ کپ کبڈی میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کی آج وطن واپسی

    لاہور: بھارت میں ورلڈ کپ کبڈی میں شرکت کے بعد قومی ٹیم آج وطن واپس پہنچ رہی ہے۔ فائنل میچ امپائرز کے بھارت کے حق میں بعض فیصلوں کی وجہ سے متنازع ہوگیا تھا۔

    کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل متنازع ہوگیا۔ امپائرز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ گیا۔ امپا ئروں نے کھیل کا جنازہ نکال دیا۔ پاکستان کی جیت کو ہار میں تبدیل کردیا۔

    فائنل میں امپائرز نے متنازع فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کو فاتح قرار دیا جس پر کھلاڑیوں نے بھرپور احتجاج کیا ۔ امپائرز نے میچ کے اختتامی لمحات میں کچھ ایسے فیصلے کئے جو بھارت کے حق میں گئے اور پاکستان میچ جیتتے جیتتے ہارگیا۔

    میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے امپائرز پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا ۔ منتظمین نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کی اور پاکستان کی وطن واپسی بھی مؤخر کردی گئی۔

    سوال یہ ہے کہ کمیٹی جانبدار نہیں ہوگی اس کی یقین دہانی کون کرائے گا؟؟؟ بھارت نے میچ میں جیسے ہی سبقت حاصل کی میچ فوری کیوں ختم کردیا گیا؟؟

    کوئی ایک فیصلہ بھی پاکستان کے حق میں کیوں نہیں آیا؟؟؟ یہ تمام سوال اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ دال میں کچھ تو ضرور کالا ہے۔

  • ایمپائر کا متنازعہ فیصلہ، پاکستان کبڈی ورلڈ کپ جیتنے میں ناکام 

    ایمپائر کا متنازعہ فیصلہ، پاکستان کبڈی ورلڈ کپ جیتنے میں ناکام 

    بھارتی شہر جالندھر میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان چھایا رہا قومی پہلوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بھارتی کھلاڑیوں کی ایک نہ چلنے دی۔

    پے در پے شکست کے بعد کبڈی ورلڈ کپ کی انتظامیہ سٹ پٹا گئی پاکستان کو پورے میچ میں برتری حاصل رہی لیکن آخری کوارٹر میں امپائر نے متنازعہ فیصلے کرکے پاکستان کی جیتی ہوئی بازی بھارت کی گود میں ڈال دی۔

    قومی کھلاڑی امپائر کے تعصابانہ فیصلوں کے باوجود بھارتی کھلاڑیوں پر وار کرتے ہیں ہے لیکن اختتامی لمحات میں امپائر نے یک طرفہ فیصلہ دیتے ہیں دو قیمتی پوائنٹ بھارت کو دے دیے جو فیصلہ کن ثابت ہوئے۔

    امپائرز کے اپنے ساتھ ملا کر، متنازعہ فیصلے کرکے ’’گھر میں بلی بھی شیر ہوتی ہے‘‘کی مثل کو درست ثابت کرتے ہوئے کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل اپنے نام کرلیا۔

  • کبڈی فائنل: پاکستانی اوربھارتی پہلوان آج ٹکرائیں گے

    کبڈی فائنل: پاکستانی اوربھارتی پہلوان آج ٹکرائیں گے

    جالندھر: کبڈی کے میدان میں حکمرانی کس کی ہوگی؟ فیصلہ آج ہوجائے گا۔ حتمی مقابلے میں دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا سنسنی خیز ٹاکرا ہوگا۔

    بھارت میں آج کبڈی کبڈی اور صرف کبڈی ہوگی۔دوہزار چودہ ورلڈ کپ کبڈی کا فاتح کون ہوگا۔فیصلہ کن جنگ کے لئے میدان سج گیا۔ پہلوانوں نے کمر کس لی ۔ شائقین کو فائنل کا بے صبری سے انتظارہے۔

    بھارت مسلسل ساتویں مرتبہ ٹائٹل کے حصول کے لئے میدان میں اترے گا۔ ادھر پاکستان کے پاس پہلی مرتبہ چیمپئین بننے کا سنہری موقع ہے۔

    پاکستان اس سے پہلے تین مرتبہ فائنل میں پہنچا اور تینوں مرتبہ ہی اسے بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی پہلوانوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

    دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔ لیکن آج ایک ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا ہی پڑے گا۔ پاکستانی پہلوان گزشتہ ورلڈ کپ فائنلز کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے تاب ہیں۔

    پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا شمار دنیائے کبڈی کی خطرناک اور مضبوط ٹیموں میں ہوتا ہے اور ماہرین نے دونوں ٹیموں کی حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔