میلسی : کبڈی کے کھلاڑی روشن اقبال کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ روشن اقبال کو پیسوں کے لیے زہر دے کر قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹبہ سلطان پور کے علاقے میں کبڈی کے کھلاڑی روشن اقبال کی موت، جسے پہلے خودکشی قرار دیا جا رہا تھا، اب قتل قرار دے دیا گیا۔
مقتول کے والد محمد اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو کرن بی بی، حافظہ بی بی اور ایک نامعلوم شخص نے زہر دے کر قتل کیا۔
ایس ایچ او اشرف ظہور کا کہنا تھا کہ مقتول روشن اقبال اور ملزمہ کرن بی بی کے درمیان 12 لاکھ روپے کا لین دین تھا، کرن بی بی نے مختلف اوقات میں مقتول سے رقم لی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ روشن رقم لینے کرن بی بی کے گھر گیا جہاں اسے ساتھی خاتون حافظہ بی بی اور ایک نامعلوم شخص کی مدد سے زہر دے کر قتل کر دیا گیا اور بعدازاں واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
حکام کے مطابق چار روز قبل پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ چک 166-ڈبلیو بی میں روشن اقبال نے خودکشی کر لی ہے۔ تاہم والد کے بیان کے بعد پولیس نے دو خواتین اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایس ایچ او ٹبہ سلطان پور چوہدری اشرف ظہور کے مطابق مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ، ملزمان فرار ہیں تاہم انہیں جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔