نائجیریا کے شہر میدا گری میں ایک کتے نے وفاداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک شادی کو خودکش دھماکے کا نشانہ بننے اور درجنوں افراد کو مرنے سے بچالیا۔
نائجیرین حکام کے مطابق کتے نے اس وقت خود کش حملہ آور پر حملہ کردیا جب وہ اپنے آپ کو دھماکے سے اڑانے والا تھا۔ کتے نے اسے اپنے پنجوں اور دانتوں سے بری طرح زخمی کردیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ نو عمر حملہ آور کا تعلق ممکنہ طور پر بوکو حرام سے تھا۔
ان کے مطابق کتے کے حملے سے حملہ آور بوکھلا گیا اور وہ خود کو اس کے حملوں سے بچانے کی کوشش میں لگ گیا جس کے بعد اسے مہلت نہیں ملی کہ وہ دھماکہ خیز مواد کو اڑاتا۔
واقعے میں کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا تاہم اس ہاتھا پائی کے دوران ہونے والے دھماکے میں کتا مارا گیا۔
تقریب کے میزبان بوبا احمد کا کہنا ہے کہ ان کے مہمان کتے کے بہت شکر گزار ہیں جس نے اپنی جان دے کر ان سب کی جان بچا لی۔ ان کا کہنا تھا کہ کتا شادی میں آئے ہوئے ایک مہمان کا تھا۔
یاد رہے کہ جس روز یہ واقعہ پیش آیا اسی روز مذکورہ مقام سے تھوڑے ہی فاصلے پر 3 خود کش بمباروں نے مختلف مقامات پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔
چوتھا خودکش حملہ آور ممکنہ طور پر اس شادی کو نشانہ بنانے آیا تاہم کتے کی بہادری سے افسوسناک سانحہ رونما ہونے سے بچ گیا۔
اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو میں واقع ایک چڑیا گھر میں 3 چیتے کے بچوں کو پالنے کے لیے ایک کتے کو رکھ لیا گیا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق یہ ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ ان بچوں کو ان کی ماں نے چھوڑ دیا تھا۔ تینوں مادہ بچے اس وقت نہایت چھوٹے تھے اور ان کی نگہداشت کے لیے کسی ایسے وجود کی ضرورت تھی جو ماں کی طرح ان کے ساتھ رہ سکے۔
اس مقصد کے لیے 6 سال کے ایک آسٹریلین شیفرڈ کتے کو رکھا گیا ہے جسے اس کی باقاعدہ تربیت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ عمل ایسا ہی ہے جیسے کوئی سروگیٹ ماں ہوتی ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر یہ نہ کیا جاتا تو اپنی ماں کی عدم موجودگی کی وجہ سے چیتے کے بچے بیمار ہوسکتے تھے اور ان کی موت کا بھی خطرہ تھا۔
تاہم اب کتے کی صورت انہیں ایسا وجود میسر آگیا ہے جس سے وہ ممتا حاصل کرسکتے ہیں اور اس کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں۔
لاس اینجلس: امریکا میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے کتے کو زبردستی پانی میں بھیجنے اور کتے کے اپنے ٹرینر سے لڑنے کی ویڈیو نے طوفان مچادیا اور جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
ہالی ووڈ کی فلم ’آ ڈاگز پرپز‘ ایک کتے اور اس کے مالکوں کی کہانی ہے۔ فلم میں کتے کی وفاداری اور انسانوں سے محبت کو دکھایا گیا۔
ویڈیو میں کوئی یہ کہتا ہوا بھی سنائی دے رہا ہے، ’یہ پانی میں جانے تک سکون سے نہیں بیٹھے گا، اسے پانی میں پھینک دو‘۔
کتے نے آخری حد تک مزاحمت کی اور اپنے پنجوں سے کنارے کو پکڑ لیا۔ بعد ازاں دیکھا گیا کہ کتا پانی کے بہاؤ کو برداشت نہیں کر سکا اور ڈوبنے لگا جس کے بعد فلم کا عملہ حرکت میں آیا اور کتے کو پانی سے باہر نکال لیا گیا۔
ویڈیو کے لیک ہوتے ہی ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور یورپ بھر میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
عالمی تنظیم پیٹا کا کہنا ہے، ’ہم امید کرتے ہیں کہ کتوں سے محبت کرنے والے افراد اس فلم کا بائیکاٹ کریں گے تاکہ لوگوں کو پیغام ملے کہ کتوں کے ساتھ بھی انسانیت کا سلوک کیا جائے‘۔
کینیڈا میں بھی جانوروں کی ایک تنظیم نے جانوروں سے انسانیت سوز سلوک کے الزام میں فلم سازوں کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروادی ہے۔
فلم میں پس پردہ کتے کی صدا کاری کے فرائض انجام دینے والے اداکار جوش گیڈ بھی اس ویڈیو کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا، ’ایک جانور کو اس بے دردی سے، اس کی مرضی کے خلاف ایسی صورتحال میں ڈالنا نہایت ہی افسوسناک صورتحال ہے اور اس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے‘۔
دوسری جانب فلم کے ہدایت کار لیسی ہال اسٹروم نے بھی ویڈیو دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ ان کی موجودگی میں پیش نہیں آیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم میں شامل تمام جانوروں کو سیٹ پر ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مذکورہ واقعہ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فلم ’آ ڈاگز پرپز‘ میں ڈینس کائد اور برٹ روبرٹسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ویسے تو کتے کو ایک دفادار جانور سمجھا جاتا ہے اور اس کی وفا داری کی مثالیں دی جاتی ہیں، لیکن کتے میں وفا داری کے علاوہ بھی بہت سی خصوصیات پائی جاتی ہیں جنہیں جان کر آپ بہت حیران ہوں گے۔
حال ہی میں ماہرین نے ایک تحقیق میں بتایا کہ کتوں کی یادداشت کے بارے میں اس سے قبل جو اندازے لگائے گئے تھے وہ کافی حد تک غلط ہیں اور کتوں کی یادداشت دراصل اندازوں سے کہیں زیادہ تیز ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ نے ماضی قریب میں کتوں کے سامنے جو کیا ہوگا وہ کتوں کو یاد رہتا ہے اور ممکن ہے اگر وہ آپ ہی جیسی صورتحال کا سامنا کریں تو وہ وہی کریں گے جو آپ نے کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ عمل کتوں کے لیے ماضی میں سفر کرنے جیسا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر وہ اپنے مالک کو چھتری کو اس طرح سے چھوتے ہوئے دیکھیں گے تو جب بھی وہ دوبارہ اس چھتری کو دیکھیں گے، ان کے ذہن میں پرانا منظر تازہ ہوجائے گا اور پھر وہ وہی کریں گے جیسا ان کے مالک نے کیا تھا۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ کتے جن چیزوں سے اپنے مالک کو خوش ہوتا دیکھتے ہیں وہ ان کو زیادہ یاد رکھتے ہیں اور بعد میں وہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنے مالک کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اپنے مالک کو خوش کرنا کتوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل بھی کتوں پر ایک تحقیق کی گئی تھی جس سے پتہ چلا تھا کہ کتے خواب میں بھی اپنے مالک کی خوشبو، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔
کتوں کی دوسری خوبی ذہانت ہے۔ اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کتے الفاظ اور موسیقی کو سمجھنے کے لیے دماغ کے انہی حصوں کو استعمال کرتے ہیں جو انسان استعمال کرتے ہیں۔ یعنی موسیقی اور الفاظ جس طرح انسان پر اثر انداز ہوتے ہیں اسی طرح کتوں پر بھی ہوتے ہیں۔
تو گویا ثابت ہوا کہ کتے میں ذہانت اور وفاداری دونوں حد درجہ موجود ہیں۔ یہ دونوں خصوصیات آج کل بہت نایاب ہیں لہٰذا آپ کو بھی سنجیدگی سے کتا پالنے پر غور شروع کردینا چاہیئے۔
آپ نے جانوروں کی دوستی اور محبت کی کئی کہانیاں سنی ہوں گی۔ ویسے تو ہر نسل کا جانور دوسری نسل کے جانور سے ذرا دور ہی رہتا ہے تاہم کچھ جانور اس فرق کو بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے آپس میں دوست بن جاتے ہیں۔
ایسی ہی ایک اور مثال کینیڈا میں دیکھنے میں آئی جہاں ایک سیاح نے نہایت خوبصورت اور حیرت انگیز منظر ریکارڈ کیا۔ اس کی ریکارڈ کی ہوئی ویڈیو میں ایک برفانی ریچھ ایک کتے سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے اس کے سر پر ہاتھ پھیر رہا ہے۔
اس سے پہلے بھی کئی بار ایسا ہوچکا ہے کہ قصے کہانیوں میں دشمن دکھائے جانے والے جانور آپس میں ایک دوسرے کے دوست بن جاتے ہیں۔
چند روز قبل بھی انٹرنیٹ پر ایسی ہی کچھ تصاویر دیکھی گئیں جن میں چند مینڈک ایک مگر مچھ کی پیٹھ پر سواری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو بنانے والے کا کہنا ہے کہ وہ اس برفانی ریچھ کے قریب تو نہیں جاسکا، تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ یہ مادہ ریچھ ہے جو کتے سے اپنی ممتا کا اظہار کر رہی ہے۔ اب ممتا تو کسی کے بھی بچے کو دیکھ کر امڈ سکتی ہے، خصوصاً مادہ میں جس کی فطرت میں ہی ممتا موجود ہو۔
جو افراد پالتو جانور رکھنے کے شوقین ہیں، وہ جانتے ہوں گے کہ جانور سوتے ہوئے عجیب و غریب انداز میں حرکت کرتے ہیں جس سے یوں لگتا ہے جیسے وہ خواب میں اپنی کوئی پسندیدہ چیز دیکھ رہے ہوں۔
یہی حال کتوں کا بھی ہے۔ کتے سوتے ہوئے اکثر اپنے پنجوں کو اس زاویے سے موڑتے ہیں جیسے خواب میں وہ کسی بلی کا پیچھا کررہے ہوں۔
شاید ہمیں لگتا ہو کہ کتے سوتے ہوئے خواب میں اپنا پسندیدہ کھانا یا کوئی پسندیدہ چیز دیکھتے ہوں گے، لیکن سائنسدانوں نے اس کا جواب تلاش کرلیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کتے خواب میں ان افراد کو دیکھتے ہیں جس سے وہ بہت زیادہ قریب ہوتے ہیں، اور ایسا شخص ان کے مالک کے علاوہ بھلا اور کون ہوسکتا ہے۔
کتے خواب میں اپنے مالک کی خوشبو، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔
کیا آپ جانتے ہیں جس طرح انسانوں کے جذبات ہوتے ہیں اسی طرح جانوروں اور درختوں کے بھی جذبات ہوتے ہیں۔ جیسے انسان غم، خوشی، تکلیف اور راحت محسوس کر سکتا ہے اسی طرح درخت اور جانور بھی ان تمام کیفیات کو محسوس کر سکتے ہیں۔
ماہرین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جب ہم کسی درخت یا پودے کے قریب بیٹھ کر خوشگوار گفتگو کریں اور انہیں پیار سے چھوئیں تو ان کی افزائش کی رفتار میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ نہایت صحت مند ہوتے ہیں۔
اس کے برعکس اگر پودوں اور درختوں کا خیال نہ رکھا جائے، یا ان کے سامنے منفی اور نفرت انگیز گفتگو کی جائے تو ان پر بھی برا اثر پڑتا ہے اور وہ مرجھا جاتے ہیں۔
اس کی مثال ایسی ہی ہے کہ جب ہم کسی بچے کی حوصلہ افزائی اور تعریف کریں تو وہ اپنی استعداد سے بڑھ کر کام سر انجام دیتا ہے جبکہ جن بچوں کو ہر وقت سخت سست سننی پڑیں، برے بھلے الفاظ کا سامنا کرنا پڑے ان کے کام کرنے صلاحیت کم ہوجاتی ہے۔
اب بات کرتے ہیں جانوروں کی۔ جانوروں کو اپنے مالک کی جانب سے پیار اور نفرت کے رویے کا احساس تو ہوتا ہی ہے، اور وہ اکثر خوش ہو کر ہنستے اور تکلیف کا شکار ہو کر روتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ اپنے ساتھیوں کی جدائی کو بھی ایسے ہی محسوس کرتے ہیں جیسے انسان اپنے قریبی عزیز کے بچھڑنے پر دکھ کا شکار ہوتے ہیں۔
یہاں ہم نے جانوروں کی کچھ ایسی ہی تصاویر جمع کی ہیں جن میں وہ اپنے ساتھی، اولاد یا ماں کی جدائی پر افسردہ اور غمگین نظر آرہے ہیں۔ ان تصاویر کو دکھانے کا مقصد یہ احساس دلانا ہے کہ جانوروں کے بھی نازک جذبات ہوتے ہیں اور انہیں ان کے پیاروں سے جدا کر کے قید کرنا ہرگز انسانی عمل نہیں۔
یہ تصاویر دیکھ کر یقیناً آئندہ آپ بھی جانوروں کا خیال رکھیں گے۔
اس کتے کی غیر موجودگی میں اس کے بچوں پر کسی شکاری جانور نے حملہ کردیا اور انہیں مار ڈالا۔ کتے کا دکھ ہر صاحب دل کو رونے پر مجبور کردے گا۔
بھارت کی ایک سڑک پر ایک کتا اپنے ساتھی کی موت پر اس قدر افسردہ ہے کہ اسے یہ احساس بھی نہیں کہ سڑک سے گزرنے والی کوئی گاڑی اس کے اوپر سے بھی گزر سکتی ہے۔
ایک چڑیا اپنے چڑے کی موت پر رو رہی ہے۔
ننھے معصوم سے اس کتے کو یقیناً شدید تکلیف پہنچی ہے جو اس کی آنکھوں میں آنسو لانے کا باعث بنی۔
ہاتھی کا ننھا بچہ اپنی ماں کی موت پر شدید دکھ کا شکار ہے اور اس کی آنکھوں سے آنسو رواں ہیں۔
ایک چڑیا گھر میں موجود بن مانس اپنے ساتھی کی موت پر اداس بیٹھا ہے۔ اس کے پیچھے کھڑے ننھے بچے بھی اس کی توجہ حاصل کرنے سے محروم ہیں۔
نہایت ظالمانہ طریقے سے قید کیے گئے اس بندر کی تکلیف اور اداسی اس کے انداز سے عیاں ہے۔
گدھے کو عموماً ایک بوجھ ڈھونے والا جانور خیال کیا جاتا ہے اور اسے بغیر کسی احساس کے شدید تکالیف سے دو چار کیا جاتا ہے۔ یہ سوچے بغیر کہ جو بوجھ اس پر لادا جارہا ہے کیا وہ اسے اٹھانے کی سکت رکھتا بھی ہے یا نہیں۔
اور ایک پالتو کتا جب اپنے مالک کی قبر پر گیا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور اسے یاد کر کے رونے لگا۔
دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد نیا آئی فون 7 خریدنا چاہتی ہے اور آئی فون 7 اس وقت سب سے بڑا موضوع بحث بن چکا ہے۔ چین میں بھی ایک شخص نے اپنے کتے کے لیے 8 آئی فون 7 خرید ڈالے۔
ہر شخص جہاں آئی فون کے نئے ماڈل کا دیوانہ ہے وہیں وینگ سیکونگ نے سوچا کہ اس کا کتا کیوں پیچھے رہے۔ اس نے ایک نہیں بلکہ اپنے کتے کے لیے 8 آئی فون خرید ڈالے۔
وینگ سیکونگ چین کے دولت مند ترین افراد میں سے ایک ونگ جیانلن کا بیٹا ہے۔ آئی فون خریدنے کے بعد اس نے کتے کی تصویر سوشل میڈیا پر ڈالی جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔
ستم ظریف نے لکھ ڈالا، ’سمجھ نہیں آرہا لوگ سوشل میڈیا پر کس چیز کے لیے دکھاوا کر رہے ہیں۔ کیا مجھے بھی کچھ دکھاوا کرنا چاہیئے؟ لیکن ایسا کرنے کے لیے کچھ ہے نہیں‘۔ اور دکھاوا نہ کرنے والی تصویر میں کتے کے ساتھ 8 آئی فون 7 فون موجود ہیں۔
وینگ سیکونگ اکثر و بیشتر اپنے کتے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا رہتا ہے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے کتے کو دنیا بھر کی سہولیات اور سامان آسائش فراہم ہے۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے کتے کی ایک تصویر شیئر کرچکا ہے جس میں وہ ایپل کی 2 مہنگی ترین گھڑیاں پہنے ہوئے ہے۔
اس کی تصاویر پر اکثر لوگ تبصرہ کرتے ہیں، ’افسوس! ایک کتا بھی ہم سے بہتر حالت میں ہے‘۔
لاس اینجلس: آپ نے بے شمار خوبصورت کتے دیکھے ہوں گے جنہیں دیکھتے ہی بے اختیار پیار آجاتا ہے۔ آئیے آج آپ کو ایسے ہی ایک معصوم اور پیارے سے کتے سے ملواتے ہیں۔
لاس اینجلس میں رہنے والا یہ کتا جف غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ہے۔
اپنی معصوم حرکات اور نرم ملائم سی جسامت کے باعث یہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کا تارا بن جاتا ہے۔
جف دراصل ایک ایتھلیٹ کتا ہے۔
یہ اپنی اگلی 2 ٹانگوں پر بھی چل سکتا ہے۔
جف صرف اپنی پچھلی اور اگلی ٹانگوں سے چلنے والے تیز رفتار کتے کا عالمی اعزاز بھی رکھتا ہے۔
جف کو اسکیٹ بورڈ چلانے میں بھی مہارت حاصل ہے۔
یہی نہیں وہ معروف گلوکارہ کیٹی پیری کے گانے ’ڈارک ہاؤس‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکا ہے۔