Tag: کتب میلہ

  • ’’یہ کتابوں کی خوشبو کی آخری صدی ہے‘‘، ’’عالمی کتب میلے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا‘‘

    ’’یہ کتابوں کی خوشبو کی آخری صدی ہے‘‘، ’’عالمی کتب میلے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا‘‘

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں جاری 5 روزہ کراچی انٹرنیشنل بک فیئر کا آج آخری روز ہے، گزشتہ روز بھی کتب میلے میں شہریوں کا رش لگا رہا، اور بڑی تعداد میں کتابیں خریدی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو چوتھے روز ایکسپو سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جو لوگ کراچی عالمی کتب میلے کا انعقاد کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں، یہ صدی کتابوں کی خوشبو کی آخری صدی ہے، اس کی جتنی خوشبو سمیٹی جا سکتی ہے سمیٹ لیا جائے۔

    نگراں وزیر اطلاعات احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی کتب میلے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے، لاکھوں لوگ آ رہے ہیں، میں کل بھی یہاں آیا تھا آج بھی آیا ہوں، یہ کتب میلہ ایک مثبت رجحان کی طرف اشارہ ہے، اس طرح کے کتب میلے کی روایت برقرار رہنی چاہیے۔

    خالد مقبول کا کہنا تھا کہ کراچی کے حوالے سے یہ پروپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ یہ شہر علم، فہم، دانش اور ادب سے دور ہے، آج یہ سوچ دم توڑ چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج کل بہت اچھی کتب چھپ رہی ہیں، میں اس وقت زیادہ تر سوشل سائنسز کی کتب کا مطالعہ کرتا ہوں۔

    پبلشرز کی جانب سے خالد مقبول کو کتب کا تحفہ بھی دیا گیا، احمد شاہ نے بتایا کہ میں بہت سے کتب کا مطالعہ کرتا ہوں، کون کون سے نام بتاؤں، فنون و ادب، اردو، انگریزی ادب، فلسفہ، فکشن کی کتابیں بھی پڑھتا ہوں۔

  • کراچی میں عالمی کتب میلے کا آغاز

    کراچی میں عالمی کتب میلے کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 17 ویں عالمی کتب میلے کا آغاز ہوگیا، میلے میں 17 ممالک کے 40 سے زائد ادارے اپنی کتب پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 5 روزہ کتب میلے کا آغاز جمعرات 8 دسمبر سے ہوگیا جو اتوار 12 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا۔

    کتب میلے میں کتابوں کے 330 اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں مقامی و بین الاقوامی مصنفین کی کتابیں موجود ہیں، 17 ممالک کے 40 ادارے میلے میں اپنی کتابیں پیش کریں گے۔

    کتب میلے میں 60 سے 70 فیصد رعایت پر کتابیں دستیاب ہوں گی۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔