بالی ووڈ اداکار وکی کوشل نے اپنے گانے ’توبہ توبہ‘ پر اپنی اہلیہ کترینہ کیف کا ردِعمل بتادیا۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار وکی کوشل کی نئی ڈانس ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا ہے، وکی کوشل کی آنے والی نئی فلم ’بیڈ نیوز‘ کے ٹریلر کے بعد نیا گانا ’توبہ توبہ‘ بھی ریلیز کیا گیا ہے۔
اس گانے میں وکی کوشل کی جانب سے کیا گیا پرجوش اور دھماکے دار ڈانس جہاں کروڑوں صارفین کو دنگ کر گیا وہیں بالی ووڈ کے کچھ سپر اسٹارز بھی وکی کے ڈانس کے دیوانے ہوگئے۔
اگرچہ وکی کوشل کے گانے اور ڈانس کو سب نے پسند کیا ہے لیکن سب کو یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کترینہ کو بھی یہ ڈانس پسند آیا کہ نہیں، تاہم وکی کوشل نے اس راز سے پردہ ہٹاتے ہوئے بتایا کہ ’ مجھے سب سے زیادہ بے فکری تب ہوجاتی ہے جب کترینہ کو گانا پسند آجاتا ہے‘۔
وکی کوشل نے انکشاف کیا کہ ’جب کترینہ نے ویڈیو دیکھنے کے بعد کہا کہ یہ اچھا ہے تو میں نے سکون کا سانس لیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے‘۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’ کترنیہ مجھے کہتی رہتی ہیں کہ انہیں پتا ہے کہ مجھے ڈانس پسند ہے، لیکن میں ایک باراتی ڈانسر ہوں اور اچھا ڈانسر نہیں، وہ کہتی ہیں کہ اصل زندگی میں اس طرح کا ڈانس چلتا ہے لیکن مجھے کیمرے کیلئے اپنی انرجی بچا کر رکھنی چاہئے‘۔
وکی کوشل نے مزید کہا کہ ’اس مرتبہ کترینہ میرے کام سے خوش ہیں کیونکہ اس دفعہ میں نے ایکسپریشن، مووز اور ایٹیٹیوڈ کے معاملے میں بھی محنت کی اور وہ اس بات سے بہت خوش تھیں‘۔
واضح رہے ’توبہ توبہ‘ فلم بیڈ نیوز کا گانا ہے جس کی ہدایت کاری آنند تیواری نے کی ہے جبکہ فلم کو مشترکہ طور پر ہیرو یش جوہر، کرن جوہر، اپوروا مہتا، امرت پال سنگھ بندرا اور تیواری نے پروڈیوس کیا ہے، فلم 19 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔