گیس صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ گیس کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے تاہم فکسڈ چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بجٹ کے بعد عوام پر گیس کا بم پھوڑ دیا گیا ہے۔ اوگرا نے صارفین کے لیے گیس کی قیمت تو برقرار رکھی ہے، تاہم فکسڈ چارجز میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اوگرا نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اوگرا نوٹيفکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 روپے بڑھا دیے گئے ہیں جب کہ 1.5 کیوبک میٹر کھپت والے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 1500 روپے کر دیے گئے ہیں۔
اوگرا نے 1.5 کیوبک میٹر سے زائد والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز میں سو فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے اور ایسے صارفین کے فکسڈ چارجز میں ایک ہزار روپے اضافہ کر کے فکسڈ چارجز 2 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں۔
پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 200 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب ان صارفین کو فکسڈ چارجز کی مد میں 400 روپے کے بجائے 600 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
گیس کے بلوں میں فکسڈ چارجز کے اضافے سے عوام بالخصوص غریب طبقہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اوگرا نے آج گیس کے بلک صارفین، پاور سیکٹر اور انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی سے اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس اور صنعتی صارفین کے لیے قیمتوں میں دس فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔