Tag: کتے

  • پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز متعارف

    پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز فروخت کے لیے پیش کردیے گئے، کالر کی مالیت 20 لاکھ روپے ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پالتو جانوروں کی ایک دکان (پیٹ کارنر) نے کتوں کے لیے خوبصورت ہیروں کے کالرز متعارف کروائے ہیں۔

    کالر کی قیمت 10 ہزار ڈالر (تقریباً 20 لاکھ روپے) ہے اور ہر کالر پر سونے اور ہیروں سے بنا ’بو‘ کی شکل کا ایک کلپ ہوگا، اس کے ساتھ ہیروں کے اصل ہونے اور ان کی ساخت سے متعلق ایک سرٹیفکیٹ بھی ہوگا۔

    اس میں 2.6 قیراط کے ہیروں کے ساتھ 6 سے 7 قیراط کے اصلی روبی سونے میں جڑے ہوں گے۔

    پیٹ کارنر کلائنٹس کی مرضی کے مطابق ان کے پالتو جانوروں کے لیے کالر یا دیگر آرائشی اشیا بنانے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔

    پیٹ کارنر کے چیف آفیسر سدارتھ مہیندر کا کہنا ہے کہ کتے انسان کے سب سے اچھے دوست ہوتے ہیں اور ہیرے اور جواہرات قدرت کی سب سے قیمتی اور خوبصورت تخلیقات میں سے ایک ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کے کلائنٹس اپنے پالتو جانوروں کے لیے بہترین چیز چاہتے ہیں تاکہ وہ سب سے مختلف نظر آئیں۔

    ہم نے جو چیز بنائی ہے وہ کتوں کے آرام اور آرائش کو دیکھتے ہوئے بنائی ہے، اس سے وہ مختلف بھی نظر آئیں گے۔ ہم آنے والے مہینوں میں ایسی مزید اشیا بھی متعارف کروائیں گے۔

  • کتے کو گھر میں اکیلا چھوڑنے کا دل دہلا دینے والا انجام (ویڈیو دیکھیں)

    کتے کو گھر میں اکیلا چھوڑنے کا دل دہلا دینے والا انجام (ویڈیو دیکھیں)

    امریکی ریاست میسوری میں گھر پر اکیلے رہ جانے والے کتنے نے خود کو اور گھر کو بڑی مشکل میں ڈال دیا۔

    پالتو جانوروں کو گھر پر اکیلا چھوڑنے کا مشورہ نہیں دیا جاتا، خاص طور پر اگر وہ پریشانیاں پیدا کرتے ہوں، یا اکیلے رہ جانے پر پریشانی کا شکار ہو جاتے ہوں، بعض اوقات پالتو جانور اپنے آپ کو بہت مشکل میں ڈال سکتے ہیں اگر ان کی نگرانی نہ کی جائے، یہ واقعہ اس کی ایک بڑی مثال ہے۔

    امریکی ریاست میسوری میں ایک گھر کے اندر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں وہ خوف ناک لمحہ ریکارڈ ہوا جب ایک پالتو کتا باورچی خانے میں گیا اور گیس کا چولھا آن کر کے آگ لگانے کا باعث بن گیا۔

    فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ لگنے کے وقت گھر کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا، اور اہل کاروں نے گھر سے دو کتوں کو نکال کر بچایا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد، تفتیش کاروں نے کہا کہ دو میں سے ایک کتے نے کچن میں پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو کر چولھے پر رکھے پین میں کھانے کی چیز دیکھنے کی کوشش کی، اور اس دوران غلطی سے شعلہ جل گیا۔

    اہل کاروں کے مطابق پین میں اب بھی کھانا موجود تھا اور آگ جلنے کے بعد پین میں موجود چکنائی نے آگ پکڑ لی، جو تقریباً آٹھ منٹ تک جلتی رہی۔

    خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی بھی کتے کو کوئی چوٹ نہیں آئی، تاہم اچانک آگ لگنے سے گھر کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا۔

  • مریم نواز کا صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ پر معذرت سے انکار

    مریم نواز کا صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ پر معذرت سے انکار

    لاہور: مریم نواز نے صحافیوں کے متعلق آڈیو لیک کا اعتراف کر لیا، تاہم انھوں نے صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ پر واضح طور پر معذرت سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں پریس کانفرنس کے موقع صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ حالیہ آڈیو میں آپ اور پرویز رشید صحافیوں کو کتا کہہ رہے ہیں، کیا اس پر معذرت کریں گی۔

    مریم نواز نے صحافی کو جواب دیا کہ میں کوئی معذرت نہیں کروں گی، پہلے جواب دیا جائے پرویز رشید کے ساتھ میری نجی بات چیت کیوں ریکارڈ کی گئی، ایک تو وہ ریکارڈ کی گئی اور پھر وزار کو دی گئی، پہلے مجھ سے معذرت کی جائے، پھر اس معاملے پر بات کروں گی۔

    مریم نواز نے پرویز رشید سے گفتگو کی آڈیو ٹیپ کو تو تسلیم کر لیا، لیکن صحافیوں کو بھونکنے والے کتے بولنے پر معذرت سے انکار کیا، ان کا مؤقف تھا کہ پہلے تو ان سے ٹیلی فون ریکارڈ کرنے پر معذرت کی جانی چاہیے، انھوں نے کہا ہماری ٹیلی فونک گفتگو کیسے ریکارڈ کی گئی اس کا جواب دینا چاہیے، ہم پرائیویٹ کیا گفتگو کرتے ہیں، اس پر کسی سے کیوں معذرت کریں۔

    مریم نواز کی آڈیو، پی ایف یوجے کا ن لیگ کا بائیکاٹ کرنے اور عدالت جانے کا اعلان

    مریم نواز نے کہا پرویز رشید اور میں کیا بات کرتے ہیں یہ ہماری پرائیویٹ گفتگو تھی، میں نے کسی کی کوئی ٹیپ ریلیز نہیں کی، لوگوں کی آڈیو ویڈیو ٹیپس آ جاتی ہیں، میری آڈیوز کا موازنہ دوسری ٹیپس کے ساتھ نہ کریں، دوسروں کی ٹیپس تو وہاں سے آ جاتی ہیں۔

    انھوں نے آڈیو لیک پر بات چلی جانے پر کہا کہ میری پریس کانفرنس فارن فنڈنگ سے متعلق ہے، اسی پر سوال ہونا چاہیے، انصاف دینے والے اداروں سے ہم سب کو سوال کرنا چاہیے، انھیں فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی کرنی چاہیے، نواز شریف، مریم نواز جیل جا سکتے ہیں تو عمران خان کے خلاف بھی کیس چلنا چاہیے، جو سلوک ہمارے ساتھ ہوا وہی سلوک عمران خان کے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔

  • امریکا کا کابل ایئر پورٹ پر ملنے والے کتوں سے ’اظہار لاتعلقی‘

    امریکا کا کابل ایئر پورٹ پر ملنے والے کتوں سے ’اظہار لاتعلقی‘

    واشنگٹن: امریکا نے کابل ایئر پورٹ پر ملنے والے کتوں سے ’اظہار لاتعلقی‘ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کابل ایئر پورٹ پر گزشتہ روز پنجروں میں بند ملنے والے کتے معمہ بن گئے ہیں، یہ سمجھا جا رہا ہے تھا کہ امریکی فوجی جاتے جاتے اپنے کتے چھوڑ گئے تھے۔

    تاہم امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے اپنے ایک سوشل میڈیا بیان میں ان کتوں کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج، فوجی کتوں سمیت کسی بھی کتے کو کابل ایئر پورٹ پر چھوڑ کر نہیں آئی۔

    جان کربی نے یہ بھی واضح کیا کہ انٹرنیٹ پر زیرگردش تصاویر ان جانوروں کی ہیں جو ’کابل اسمال اینیمل ریسکیو‘ کی نگہداشت میں تھے۔

    خیال رہے کہ کابل ایئر پورٹ پر امریکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد طالبان اہل کاروں کو پنجروں میں بند کتے ملے تھے جس پر امریکا نے وضاحت دی ہے کہ پنجروں میں قید کتوں کا امریکی فوج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    امریکا میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے امریکی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ انخلا کے دوران فوج کتوں کو دشمنوں کے ہاتھوں مرنے کے لیے کابل چھوڑ آئی ہے۔

  • کتے ٹی وی پر کیا دیکھتے ہیں؟

    کتے ٹی وی پر کیا دیکھتے ہیں؟

    کتوں کی اپنی مالک سے محبت بے مثال ہے، انسان کی ذرا سی محبت اور توجہ کتوں کو ان کا بے دام غلام بنا دیتی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کتے جب اپنے مالک کے ساتھ ٹی وی دیکھتے ہیں تو انہیں ٹی وی پر کیا دکھائی دیتا ہے؟

    ایک تحقیق کے مطابق کتے جب ٹی وی اسکرین کی طرف دیکھتے ہیں تو ان کی آنکھ کی اندرونی ساخت کی وجہ سے انہیں اسکرین جھلملاتی اور جلتی بجھتی دکھائی دیتی ہے۔

    اسکرین کا یہ جلنا بجھنا کتے کے لیے ایک سیکنڈ میں 50 سے 70 بار ہوتا ہے یعنی ٹی وی کی اسکرین ایک سیکنڈ میں 50 سے 70 بار جلتی بجھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹی وی دیکھنا کتوں کے لیے مشکل ہوسکتا ہے۔

    تاہم وہ اپنے مالک کی توجہ پانے اور اس کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے یہ مشکل کام بھی سر انجام دیتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے اپنے مالک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، ان کے مطابق کتے خواب میں بھی ان افراد کو دیکھتے ہیں جس سے وہ بہت زیادہ قریب ہوتے ہیں، اور ایسا شخص ان کے مالک کے علاوہ بھلا اور کون ہوسکتا ہے۔

    کتے خواب میں اپنے مالک کی خوشبو محسوس کرتے ہیں، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔

    گویا کتے ہر وقت اپنے مالک کے بارے میں سوچتے ہیں حتیٰ کہ سوتے ہوئے بھی۔ یہی وجہ ہے کہ کتے کی وفاداری ضرب المثل ہے۔

  • پالتو کتوں کی رجسٹریشن فیس 2 ہزار روپے سے زائد

    پالتو کتوں کی رجسٹریشن فیس 2 ہزار روپے سے زائد

    کراچی: شہر قائد کے علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس اور کلفٹن کے پالتو کتے اب رجسٹرڈ ہوں گے، کنٹونمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ کلفٹن اور ڈیفنس میں کتا رکھنے والے افراد کو کوائف جمع کروانا ہوں گے، اس سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے رجسٹریشن فارم بھی جاری کر دیے۔

    ڈیفنس فیز سکس میں چند دن قبل دو کتوں نے ایک راہ گیر وکیل پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد کنٹونمنٹ حکام نے پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا۔

    ایک کتے کی رجسٹریشن فیس 2250 روپے ہوگی، کتوں کو کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے ایکشن 119 کے تحت رجسٹرڈ کروایا جائے گا، جب کہ کتے کی رجسٹریشن کی اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔

    سی بی سی کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے کتوں کے مالکان کو جرمانے کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ کتوں کے کاٹے کے واقعات اتنے زیادہ بڑھ گئے ہیں، کہ اب سندھ بھر میں 18 لاکھ آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کے لیے 75 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے انڈس اسپتال کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

    سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    محکمہ بلدیات سندھ نے ریبیز کنٹرول پروگرام کے نام سے یہ نیا منصوبہ منظور کر لیا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین، چِپ، ٹیگ لگانے سمیت دیگر اخراجات پر 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

    دستاویزات کے مطابق کتوں کی 18 لاکھ کی آبادی 40 فی صد پِلّوں، 35 فی صد ماداؤں اور 25 فی صد نر کتوں پر مشتمل ہے، آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے الگ سے 80 ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے۔

    آوارہ کتوں کی ویکسینیشن کی جائے گی، جن پر ویکسین کا اثر 3 سال تک رہے گا، کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال ہوں گے۔

  • کراچی: کتوں کے کاٹنے پر وکیل نے 2 افراد کو گرفتار کروا دیا

    کراچی: کتوں کے کاٹنے پر وکیل نے 2 افراد کو گرفتار کروا دیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں وکیل کو 2 کتوں نے کاٹ لیا جس کے بعد وکیل کی شکایت پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے ساؤتھ زون فیز 6 میں کتوں نے وکیل کو کاٹ لیا جس پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    خوفناک حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں وکیل کو صبح سویرے واک کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ایک بنگلے کے باہر موجود 2 کتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

    وکیل کو دیکھتے ہی دونوں کتے جھپٹ پڑے، کتوں کے نگران نے چھڑانے کی بہت کوشش کی تاہم معاملہ خراب ہوتے دیکھ کر نگراں وکیل اور کتوں کو چھوڑ کر بھاگ نکلا۔

    بعد ازاں زخمی وکیل نے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا، وکیل کا کہنا تھا کہ سڑک سے گزرنے والا شہری مجھے اسپتال لے کر گیا۔

    پولیس نے کتوں کے نگران سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

  • لاڑکانہ: آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا

    لاڑکانہ: آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے ایک روز میں 7 بچوں سمیت 26 افراد کو کاٹ لیا، تمام متاثرہ افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا، متاثرین میں 7 بچے، 6 خواتین اور 13 مرد شامل ہیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کا تعلق لاڑکانہ، رتو ڈیرو اور ڈوکری سے ہے، تمام متاثرہ افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کو اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین لگائی گئی ہے۔

    اس سے قبل خیر پور میں ایک روز میں 7 بچیوں سمیت 18 شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے سے اسپتال جا پہنچے تھے۔

    زخمی ہونے والے افراد کو جب اسپتال منتقل کیا گیا تو بیشتر زخمیوں کو ویکسین نہ مل سکی، جس کے باعث متاثرہ افراد اور ان کے ورثا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق سال 2020 میں کتے کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 25 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    6 مئی 2021 کو سندھ ہائیکورٹ میں آوارہ کتوں کی روک تھام اور کتے کے کاٹے کی ویکیسن سے متعلق درخواست پر عدالت نے کہا تھا کہ کتے کاٹنے پر اگر متعلقہ افسران پر 50 ہزار ہرجانہ لگا دیں تو واقعات کم ہوجائیں گے۔

  • پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    امریکا میں 2 پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی پر حملہ کردیا، بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ پولیس نے کتوں کے اپنے قبضے میں لے لیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست شمالی کیرولینا میں پیش آیا، بچی کا باپ صرف چند لمحے کے لیے کمرے میں بچی اور کتوں کو اکیلا چھوڑ کر نکلا تھا کہ گھر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

    وہ الٹے قدموں واپس دوڑا تو بچی کو خون میں لت پت بے حس و حرکت پایا۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو باپ بچی کو طبی امداد دے کر اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق بچی اسپتال جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔

    پالتو کتوں کو اینیمل کنٹرول ادارے نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، مالک کے مطابق اس سے قبل کتوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا تھا۔

  • کتوں اور گھوڑوں کے لیے پنشن کی منظوری

    کتوں اور گھوڑوں کے لیے پنشن کی منظوری

    وارسا: پولینڈ میں سرکاری خدمات انجام دے کر ریٹائر ہونے والے کتوں اور گھوڑوں کو پنشن دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، پنشن کی حد 600 سے 1400 ڈالر تک ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولینڈ میں سرکاری طور پر خدمات سر انجام دینے والے کتوں اور گھوڑوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولش وزیر داخلہ ماریوس کامینسکی کا کہنا ہے کہ یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ جن جانوروں نے ہماری کئی خطرناک مجرم پکڑنے اور کئی اہلکاروں کی جان بچانے میں مدد کی انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد مالی امداد بھی دی جائے۔

    رپورٹ کے مطابق اس نئے قانون سے پولینڈ میں 12 سو کے قریب کتے اور 60 گھوڑے مستفید ہوں گے، وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہر سال جرمن اور بیلجیئم شیفرڈ کی 10 فیصد تعداد ریٹائر ہو جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریٹائر ہونے والے کتوں کا علاج ان کے مالک کو بہت مہنگا پڑتا ہے جس کے لیے یہ پنشن بہت اہم کردار کرے گی، وزیر نے مزید بتایا کہ دونوں جانوروں کو دی جانے والی پنشن کی حد 600 سے 1400 ڈالر تک ہوگی۔