Tag: کتے

  • سعودی عرب: آوارہ کتوں نے ننھی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    سعودی عرب: آوارہ کتوں نے ننھی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    ریاض: سعودی عرب میں آوارہ کتوں نے 4 سالہ معصوم بچی کو بھنبھوڑ ڈالا، دلخراش واقعے نے پورے علاقے کو افسردہ کردیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ دارالحکومت ریاض سے 25 کلو میٹر دور وصحلہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں گیسٹ ہاؤسز بنے ہوئے تھے اور لوگ اپنی تعطیلات و ویک اینڈ گزارنے وہاں آتے تھے۔

    ایسا ہی ایک خاندان بھی وہاں ویک اینڈ پر آیا ہوا تھا جس میں ایک 4 سال کی بچی بھی موجود تھی۔ بچی کسی وقت اکیلی باہر نکلی تو قریب موجود 5 آوارہ کتوں نے بچی پر حملہ کردیا۔

    بچی کی چیخ و پکار پر ماں باہر نکلی تو اپنے جگر گوشے کو خونخوار کتوں کے جبڑوں میں پھنسے دیکھ کر اس نے بھی رونا اور چیخنا چلانا شروع کردیا۔ چیخ و پکار پر جمع ہوئے راہ گیروں نے فوری طور پر کتوں کو دور بھگایا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔

    کتوں نے بچی کو لہولہان کردیا تھا اور آس پاس خون کی ندی بن چکی تھی۔

    بچی کے چچا کے مطابق وہ لوگ فوری طور پر بچی کو لے کر اسپتال بھاگے جہاں انہیں کہا گیا کہ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم 2 گھنٹے بعد انہیں بتایا گیا کہ بچی جانبر نہ ہوسکی۔

    چچا کا کہنا تھا کہ اس دوران وہ کووڈ 19 کے حفاظتی اقدامات کے تحت اسپتال کے باہر ہی کھڑے انتظار کرتے رہے۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا خاندان اکثر ریاض سے اپنا ویک اینڈ گزارنے یہاں آتا تھا۔ کتوں نے بچی کے جسم کا گوشت ادھیڑ دیا تھا اور اسی وقت اس کی حالت نازک معلوم ہورہی تھی۔

    واقعے کے بعد میونسپل حکام اور فرانزک عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور وہاں کا جائزہ لیا۔

    چچا کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے جس سے وہاں کے افراد کی جانوں کو خطرہ ہے، یہاں آنے والے افراد کے ساتھ ننھے بچے بھی موجود ہوتے ہیں۔

    ان کے مطابق مقامی حکام کو متعدد شکایات کے باوجود تاحال اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تھا۔

  • امریکی صدر کے کتوں کو سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے کی سزا مل گئی

    امریکی صدر کے کتوں کو سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے کی سزا مل گئی

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کے پالتو کتوں کو ایک سیکیورٹی گارڈ کو کاٹنے پر وائٹ ہاؤس سے نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے پر صدر جو بائیڈن کے پالتو کتوں کو وائٹ ہاؤس سے نکال دیاگیا۔

    دونوں کتوں کو گزشتہ ہفتے صدر بائیڈن کے ڈیلاویئر والے گھر منتقل کر دیا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جرمن شیفرڈ وائٹ ہاؤس کے عملے کو دیکھ کر بھونکتے اورسیکیورٹی عملے کے ارکان پر حملہ کرتے تھے۔

    یہ کتے صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل بائیڈن کے تھے، بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ان کتوں کا رویہ بڑا جارحانہ ہو گیا تھا۔

    وائٹ ہاؤس کے ایک اسٹاف ممبر کو جس کتے نے کاٹا تھا اس کا نام میجر تھا، جسے 2018 میں بائیڈن نے ڈیلاویئر اینیمل شیلٹر سے لیا تھا، جب کہ متاثرہ سیکیورٹی گارڈ کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

    سابق امریکی صدر کا دوست کی ناک توڑنے کا انکشاف

    منگل کو وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جَین ساکی نے تصدیق کی کہ میجر نے ایک شخص کو کاٹا ہے، چیمپ اور میجر وائٹ ہاؤس میں نئے ماحول اور نئے لوگوں کے ساتھ گھل مل رہے تھے کہ پیر کو چھوٹے کتے میجر کو ایک انجان شخص نے حیران کر دیا، جس پر اس نے اُس سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کر کے اسے معمولی زخمی کر دیا۔

    انھوں نے بتایا کہ زخمی اہل کار کو وائٹ ہاؤس میڈیکل یونٹ نے فوری طبی امداد فراہم کر دی تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سیکرٹ سروس حکام نے بتایا کہ زخمی اہل کار دراصل امریکی سیکرٹ سروس ایجنٹ تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 سالہ میجر سے متعلق وائٹ ہاؤس کے لوگوں نے بتایا کہ اس نے متعدد مواقع پر اشتعال انگیز رویہ اپنایا، جس میں چھلانگیں لگانا، بھونکنا، اور عملے اور سیکیورٹی پر غرۤانا شامل تھا۔ میجر کے برعکس چیمپ، اپنی عمر 13 سال کے باعث جسمانی طور پر سست پڑ چکا ہے۔

  • والدین نیو ایئر پارٹی میں مصروف رہے، بچے کو کتوں نے لہولہان کردیا

    والدین نیو ایئر پارٹی میں مصروف رہے، بچے کو کتوں نے لہولہان کردیا

    روس میں ایک گھر میں ہونے والی نیو ایئر پارٹی کے دوران ایک بچے پر کتوں نے حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، والدین گھر کے اندر پارٹی میں مصروف رہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک گھر میں نئے سال کی پارٹی منعقد کی گئی جو کئی دنوں تک جاری رہی، مذکورہ گھر میں کتے بھی موجود تھے۔

    پارٹی کے دوران ایک 11 سالہ بچہ نظر بچا کر گھر سے باہر چلا گیا، تمام مہمان کھانے پینے میں مصروف تھے لہٰذا کسی کی بچے پر نظر نہیں پڑی۔

    گھر سے باہر کتوں نے اس پر حملہ کردیا اور وہ شدید زخمی ہو کر موت کے گھاٹ اتر گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام بڑے گھر کے اندر موجود تھے اور کسی کو بچے کی غیر موجودگی محسوس نہیں ہوئی، وہاں موجود دیگر بچے بھی اپنے والدین کی جانب سے نظر انداز ہوتے رہے۔

    پولیس نے والدین پر غفلت کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک خوبصورت ویڈیو نے صارفین کا دل موہ لیا جس میں 2 کتے اشتہا انگیز کھانے کے سامنے صبر کا دامن تھامے بیٹھے ہیں۔

    ویڈیو میں 2 نہایت خوبصورت کتے موجود ہیں جن میں سے ایک سائبیرین ہسکی ہے، کتوں کا مالک دونوں کے سامنے نہایت لذیذ اور اشتہا انگیز چکن پیس رکھتا ہے جسے دیکھ کر دونوں بے چین ہوجاتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ ان سے کہتا ہے کہ اس سے دور رہنا، میں تھوڑی دیر میں واپس آتا ہوں، اور کمرے سے باہر چلا جاتا ہے۔

    کمرے میں دونوں کتے اشتہا انگیز کھانے کے ساتھ اکیلے رہ جاتے ہیں اور یہاں سے ان کے صبر کا امتحان شروع ہوتا ہے۔

    سنہری کتا خود پر ضبط کر کے مالک کا انتظار کر رہا ہے، اس دوران اس کی کوشش ہے کہ وہ کھانے کو دیکھے بھی نہیں، لیکن ہسکی کی حالت بری ہے، وہ بے قراری سے کھانے کے ارد گرد چکر لگا رہا ہے۔

    ہسکی کے منہ میں پانی بھی آرہا ہے جبکہ وہ وہ بار بار کمرے سے باہر جا کر مالک کو دیکھ رہا ہے کہ وہ کب واپس آئے گا۔

    بالآخر اس کے ضبط کا پیمانہ چھوٹ جاتا ہے اور وہ چکن پیس کو کھانا شروع کردیتا ہے، سنہری کتا ابھی بھی فرمانبرداری سے اپنے مالک کا انتظار کر رہا ہے۔

    آخر کار مالک واپس آتا ہے اور دونوں کو چکن پیس کھلانا شروع کرتا ہے جسے دونوں نہایت بے قراری سے کھاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور صارفین دونوں معصوم اور پیارے کتوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں جاسوس کتوں کو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا پتہ لگانے کی تربیت دے دی گئی۔ کتے، انسانوں سے براہ راست رابطے میں آئے بغیر پسینے کی بو سے کرونا وائرس کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ لگا سکتے ہیں۔

    اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں نئی کامیابی حاصل کی ہے۔ امارات جاسوس کتوں کے ذریعے کرونا وائرس کا پتہ لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    دنیا کے دیگر ممالک میں ابھی تک یہ طریقہ کار تجربے اور تربیت کے مرحلے میں ہے۔

    اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ کتا چند سیکنڈ میں اس بات کا پتہ لگا سکتا ہے کہ کوئی شخص وائرس سے متاثر ہے یا نہیں، اس طریقہ کار کے باعث انٹرنیشنل ایئرپورٹسں پر مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہوجائے گا۔

    یہ تربیت یافتہ جاسوس کتے سونگھنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ کتے پولیس کے ہیں جو اہم مقامات کی حفاظت، تجارتی مراکز اور غیر معمولی تقریبات کو خطرات سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

    اب ان جاسوس کتوں کو کرونا وائرس کے متاثرین کا پتہ لگانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق کسی بھی انسان کے پسینے کا نمونہ لے کر تربیت یافتہ کتے کو سنگھایا جاتا ہے، اس میں کتے کا انسان سے براہ راست واسطہ نہیں پڑتا۔ کتا سونگھتے ہی بتا دیتا ہے کہ متعلقہ شخص کرونا وائرس میں مبتلا ہے یا نہیں۔

    اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاسوس کتوں کی تربیت کے لیے جو قومی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اس میں فرانس کے الفور اسکول کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

    یہ اسکول یورپی ممالک میں مویشیوں پر کام کرنے والا سب سے پرانا ادارہ ہے، ٹیم میں وزارت صحت، محکمہ کسٹم اور پولیس کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

  • کیکٹس کے کانٹے شرارتی کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے

    کیکٹس کے کانٹے شرارتی کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے

    امریکی ریاست ایریزونا میں پالتو کتوں کو کیکر کے پودوں کے ساتھ چھیڑ خانی کرنا مہنگا پڑگیا، کیکر کے کانٹے کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے۔

    ریاست ایریزونا میں رہائش پذیر خاندان اس وقت سخت مشکل میں آگیا جب ان کے پالتو کتے موج مستی میں کانٹوں بھرے کیکٹس کے پودوں سے چھیڑ خانی کر بیٹھے۔

    نتیجہ یہ نکلا کہ درجنوں کانٹے کتوں کے جسم میں پیوست ہو گئے۔ اہلخانہ نے پہلے خود ہی فرسٹ ایڈ دینے کی کوشش کی لیکن جب مشکل حل نہ ہوئی تو میڈیکل ریسکیو ٹیم کو طلب کر لیا۔

    ریسکیو ٹیم نے صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے دونوں کتوں کو قریبی ویٹنری اسپتال منتقل کیا جہاں بے ہوش کرنے کے بعد کتوں کو ان کانٹوں سے آزاد کیا گیا۔

    دونوں کتے اب روبصحت ہیں اور یقیناً اب وہ کیکٹس کے پودوں کے قریب بھی نہیں جائیں گے۔

  • آوارہ کتوں کو مارنے پر ملزمان کو 10 سال قید

    آوارہ کتوں کو مارنے پر ملزمان کو 10 سال قید

    انقرہ: ترکی میں آوارہ کتوں کو زہر خورانی سے قتل کرنے کے الزام پر 3 افراد کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    ترک میڈیا کے مطابق دارالحکومت انقرہ کی عدالت نے 3 ملزمان پر آوارہ کتوں کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہونے پر مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں سزا سنادی۔

    عدالت نے ملزمان کو قصور وار ٹہراتے ہوئے آوارہ کتوں کو مارنے کے جرم میں 10 سال قید اور 15 ہزار لیرا جرمانے کی سزا سنائی، یہ حالیہ ادوار میں جانوروں کو قتل کرنے کے الزام میں شہریوں کو دی جانے والی سخت ترین سزا ہے۔

    ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے آوارہ کتوں کو کیڑے مار دوا مرغی کے گوشت میں ملا کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، شہر کے گنجان آباد والے علاقے میں خالی مقام سے کتے مرے ہوئے پاگئے تھے جس پر حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

    ابتدائی طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا تاہم عدالت نے کیس کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے فیصلہ سنا دیا۔

  • کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    بیجنگ: پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں، پالتو جانور ناصرف آپ کو کسی بھی مشکل میں ڈال سکتے ہیں بلکہ جانی اور مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ہوا چین کے صوبے ژیجوائنگ میں جہاں ایک شہری نے اپنا پالتو کتا گاڑی میں چھوڑا جس کے بعد اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑگیا، کتے نے ازخود گاڑی چلا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا تو کیا لیکن انجام برا ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی شہری کی گاڑی میں اس کا پالتو کتا موجود تھا جب اس نے سڑک کنارے کار پارک کی، تاہم اس نے گاڑی کا انجن کھلا چھوڑ دیا تاکہ وہ جلد واپس آکر منزلِ مقصود پر روانہ ہوگا۔

    پھر کیا تھا، کتے نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور گاڑی کی گیراسٹک چھیڑ دی جس کے بعد کار سڑک کنارے موجود مصنوعی تالاب( واٹر پول) میں جاگری اور مالک کو لینے کے دینے پڑگئے، پانی میں گرنے کے باعث اندرونی حصے گل گئے اور گاڑی میں نصب برقی آلات بھی خراب ہوگئے۔

    اسی لیے کہا جاتا ہے کہ بےزبان جانوروں پر کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیئے۔

  • ’آوارہ کتوں کو انگریز دور میں زہر دے کر ظالمانہ طریقے سے مارا جاتا تھا‘

    ’آوارہ کتوں کو انگریز دور میں زہر دے کر ظالمانہ طریقے سے مارا جاتا تھا‘

    کراچی: سندھ کے سیکریٹری بلدیات روشن شیخ نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کو انگریز دور میں زہر دے کر بہت ظالمانہ طریقے سے مارا جاتا تھا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ کتوں کو ویکسین دے کر ان کی افزائش نسل روکی جائے گی، انھیں زہر دے کر نہیں مارا جائے گا، یہ ظالمانہ طریقہ ہے جو انگریز دور سے رائج ہے۔

    روشن شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر آوارہ کتوں کے مسئلے کے حل کے لیے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے، کتوں کو ختم کرنے کا پرانا طریقہ غلط ہے، 3 سال میں جانوروں کے خصوصی مراکز بنائے جائیں گے۔

    ادھر سندھ کی تحصیل تنگوانى میں کتا مار مہم شروع نہ ہونے سے سگ گزیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ روز 3 طلبہ سمیت 9 افراد کو آوارہ کتے کاٹ چکے ہیں، زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا، جب کہ 10 روز میں کتوں کے کاٹنے کے 140 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ اور پاگل کتوں کی بہتات ہو چکی ہے، آئے دن رے بیز سے اموات ہو رہی ہیں، لیکن صوبائی اور شہری حکومت کی جانب سے تا حال اس مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کتے کے کاٹنے سے بچے کے فیروز والا میں جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیروز والا میں کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔

    سردار عثمان بزدار نے شاہدرہ، میو اسپتال میں لڑکے کو بروقت ویکسین نہ لگانے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی عدم موجودگی متعلقہ حکام کی غیر ذمہ داری کا ثبوت ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپتالوں، وبنیادی مراکزصحت میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں سے شہریوں کو بچانے کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے، انتظامیہ اس ضمن میں ہر ممکنہ اقدام کرے۔

    سندھ حکومت کا کتوں کو اینٹی ریبیز انجکشن لگانے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت سندھ نے ریبیز سے ہونے والی اموات کے پیش نظر آوارہ کتوں کو اینٹی ریبیز کے انجکشن لگانے کی منصوبہ بندی کی، سندھ حکومت آوارہ کتوں کے مجوزہ منصوبے پر 30 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔

    آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انہیں انجکشن لگانے کے لیے افریقی تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں عملے کو ٹریننگ دیں گے، آوارہ کتوں کے لیے ہر ضلع میں 2 سے 3 سینٹرز بنائے جائیں گے۔