Tag: کتے

  • کتے کے سر کی قیمت 7 لاکھ روپے مقرر

    کتے کے سر کی قیمت 7 لاکھ روپے مقرر

    روم: اٹلی کے منشیات فروشوں نے پولیس کی مدد کرنے والے سراغ رساں کتے کے سر کی قیمت 5ہزار یورو مقرر کردی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 7 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی پولیس کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والا 9 سالہ کتے کا نام ‘پوچو‘ منشیات کا سراغ لگاتا ہے جس نے حال ہی میں منشیات فروشوں کے مال کی بڑی کھیپ کی نشاندہی کی جس کے بعد حکام نے اُسے ضبط کرلیا۔

    امریکی ویب سائٹ کے مطابق پوچو یعنی ‘موٹو‘ کی تربیت اٹلی کے شہر سین پاؤلو میں رہنے والے ڈاکٹر نے کی، کتے کو سراغ رسانی کی کمال صلاحیتوں کی وجہ سے محکمہ پولیس نے اُسے اپنے ساتھ ڈیوٹی پر مامور کرلیا۔

    پولیس حکام نے پوچو کی خدمات انسداد منشیات کے خاتمے کے لیے لیں، کتا چیک پوسٹ پر آنے والی گاڑیوں کو سونگھتا ہے اور اگر اُس میں منشیات موجود ہو تو اُس کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔

    نو سالہ پوچو۔

    دو ہفتے قبل شہر نیپلز کی پولیس نے پوچو کی نشاندہی پر 2 ٹن سے زائد کوکین پکڑی، یہ منشیات اٹلی کے سب سے خطرناک منشیات فروش گروہ کیمورا کی تھی۔

    کیمورا کے لیے پوچو درد سر بن چکا ہے اس لیے انہوں نے اُس کے سر کی قیمت مقرر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’جو کوئی شخص اس کتے کو ہلاک کرے گا اُسے پانچ ہزار یورو کی رقم بطور انعام دی جائے گی’۔

    امریکی ویب سائٹ کے مطابق نیپلز کے شہریوں نے کتے کے سر کی رقم مقرر ہونے کے بعد اُسے نقصان پہنچانے کے لیے حربے استعمال کرنے شروع کردیے، کچھ شہریوں نے اپنے مال کی پیکنگ پر زہر آلود چیزیں بھی لگائیں اور چیک پوسٹ سے گزرے تاکہ پوچو ہلاک ہو اور وہ انعام کی رقم حاصل کریں۔

    دوسری جانب کیمورا کی جانب سے پوچو کے سر کی رقم مقرر کرنے کے بعد پولیس نے اُس کی مزید دیکھ بھال شروع کردی اور اُس کی سیکیورٹی مزید سخت کردی۔

  • کتے جان لیوا امراض کی شناخت میں ڈاکٹر کی مدد کرسکتے ہیں، تحقیق

    کتے جان لیوا امراض کی شناخت میں ڈاکٹر کی مدد کرسکتے ہیں، تحقیق

    لندن: برطانیہ کے طبی ماہرین نے ایک تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ کتوں میں ایسی صلاحیت ہے کہ وہ جاسوسی کے علاوہ جان لیوا امراض کی تشخیص میں بھی مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ’درہم یونیورسٹی‘ کے ماہرین نے تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اگر کتوں کو بیماریوں کی تشخیص کے لیے چند ماہ تربیت دی جائے تو وہ فوری طور پر مرض کا معلوم کرسکتے ہیں۔

    تحقیقاتی ماہرین کے مطابق کتے کینسر اور ذیابیطس کی چند اقسام اور  جان لیوا مرض ملیریا کے مرض کی بھی آسانی سے تشخیص کرسکتے ہیں۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر کتوں کو چند ماہ کی تربیت دی جائے تو وہ ڈاکٹرز کی مکمل معاونت کرسکتے ہیں۔

    تحقیق کے دوران مذکورہ بیماریوں میں مبتلا 600 بچوں کے ٹیسٹ کیے گئے اُس کے بعد تربیتی یافتہ کتوں کی مدد سے ان کے امراض جانچ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    مطالعے کے دوران کتوں نے بو سونگھنے کی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے 5 سے 13 سال کے درمیانی عمر کے بچوں کے جرابوں اور کپڑوں کو سونگھ کر بیماری کا فوری طور پر پتہ لگایا۔

  • کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    آپ نے بلیوں اور خرگوشوں کے کیفے کے بارے میں تو سنا ہوگا، اب تھائی لینڈ میں کتوں کا کیفے بھی کھول دیا گیا ہے جہاں کتوں کی نرم و ملائم نسل ہسکی کو رکھا گیا ہے۔

    ہسکی کیفے میں بے شمار ہسکی کتے موجود ہیں اور کتوں کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک نہایت پر لطف مقام ہے۔

    اس کیفے میں جانے کے بعد سب سے پہلے آپ کو ایک ڈرنک اور کیک کھانے کے لیے دیا جاتا ہے۔

    اس کے بعد آپ اپنے ہاتھ دھوئیں گے اور آپ کے پاؤں میں پلاسٹک کے ہلکے جوتے پہنائے جائیں گے تاکہ آپ کے پاؤں کے جراثیم کتوں کو بیمار نہ کریں۔

    اس کے بعد آپ کو اس ایریا میں لے جایا جائے گا جہاں 23 ہسکی آپ کا انتظار کر رہے ہوں گے۔

    یہ نرم و ملائم ہسکی ہر آنے والے شخص سے دوستی رکھتے ہیں اور تصویر کھنچواتے وقت باقاعدہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔

    کتوں کی یہ قسم عموماً ٹھنڈے علاقوں میں رہتی ہے لہٰذا تھائی لینڈ کے اس کیفے میں ان کتوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرہ بنایا گیا ہے جہاں یہ کتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں انہیں برف بھی کھانے کے لیے دی جاتی ہے تاکہ لوگوں کی طرف سے دی جانے والی اشیا انہیں بیمار نہ کریں۔

    کیا آپ اس دلچسپ کیفے میں وقت گزارنا چاہیں گے؟

  • حاضر دماغ کتے نے اپنے دوست کو ڈوبنے سے بچا لیا

    حاضر دماغ کتے نے اپنے دوست کو ڈوبنے سے بچا لیا

    آپ نے جانوروں کی آپس میں محبت و دوستی کے بے شمار مظاہرے دیکھے ہوں گے۔ ایسی ہی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھی جس میں ایک کتے نے نہایت حاضر دماغی اور بہادری سے اپنے دوست کتے کی جان بچائی۔

    ارجنٹینا کے شہر کورڈوبا میں فلمائی جانے والی اس ویڈیو میں سیاہ اور زرد رنگ کے دو کتے آپس میں کھیلتے نظر آرہے ہیں۔

    کتے کا مالک جو ویڈیو بھی بنا رہا ہے ایک لکڑی کا ٹکڑا دریا میں پھینکتا ہے اور سیاہ رنگ کا کتا اپنی عادت کے مطابق اسے اٹھانے کے لیے دریا میں کود پڑتا ہے۔

    لیکن لکڑی کو پکڑتے ہوئے وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دریا کے بہاؤ کے ساتھ بہنے لگا۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    مزید پڑھیں: کتے کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر طوفان کھڑا ہوگیا

    اسی اثنا میں زرد رنگ کے دوسرے کتے نے جب اپنے دوست کو ڈوبتے دیکھا تو اس نے نہایت حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکڑی کے دوسرے سرے کو اپنے منہ میں پکڑ لیا اور پوری طاقت لگا کر اپنے دوست کو دریا کے ساتھ بہنے سے روک لیا۔

    بہنے والے کتے نے بھی کوشش کی اور کسی طرح کنارے پر پاؤں جما کر اوپر چڑھ آیا۔

  • برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی کا مطالبہ

    برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی کا مطالبہ

    لندن: برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ زور پکڑنے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانوی قانون کے تحت کھلے عام کتے کے گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے، تاہم اگر آپ اپنے پاس موجود کتے کو، اسے تکلیف دیے بغیر مار ڈالیں تو آپ اسے کھا سکتے ہیں۔

    تاہم اب کتے کے گوشت کو کھانے پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    برطانیہ کی اسکاٹس نیشنل پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لیزا کیمرون بھی اس کے حق میں ہیں۔

    ڈاکٹر لیزا آل پارٹیز پارلیمنٹری ڈاگ ایڈوائزری ویلفیئر گروپ کی سربراہ بھی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال پارلیمان میں کوئی اس کے خلاف کھڑا ہوگا چنانچہ اس قانون کو جلد سے جلد منظور ہوجانا چاہیئے۔

    جانوروں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کتے کا گوشت کھانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے تاہم ان کے پاس اس کے باقاعدہ ثبوت اور ڈیٹا موجود نہیں ہیں۔

    ان کے مطابق کچھ ایشیائی ممالک میں کتے کا گوشت کھایا جاتا ہے جبکہ سوئٹزر لینڈ میں بھی اس کا رجحان ہے تاہم یہ بہت زیادہ عام نہیں۔

    ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک میں کتوں کو گوشت کے لیے قتل کرنے سے قبل بہت بری حالت میں رکھا جاتا ہے اور ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔

    تنظیم کی ایک کارکن کے مطابق کتوں کے گوشت پر پابندی کا قانون امریکا میں بھی زیر غور ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ امریکا آنے والے ایشیائی پناہ گزین کتے کا گوشت کھاتے ہیں، ’ہمیں ڈر ہے کہ ایسا برطانیہ میں بھی نہ شروع ہوجائے‘۔


     

  • برے آدمی کی پہچان کے لیے اپنے کتے کی مدد لیجیئے

    برے آدمی کی پہچان کے لیے اپنے کتے کی مدد لیجیئے

    سراغ رسانی کے لیے کتوں کی مدد لینا تو ایک عام بات ہے، تاہم حال ہی میں ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ کتے اچھے اور برے آدمی کی بھی شناخت کرسکتے ہیں۔

    حال ہی میں ماہرین کی جانب سے کیے جانے والے ایک تجربے میں دیکھا گیا کہ کتے جھوٹے افراد پر بھروسہ نہیں کرتے۔

    تجربے کے لیے ایک کتے کے مالک نے کھانے سے بھرے ہوئے ایک کنٹینر کی طرف اشارہ کیا۔ اس کے بعد اس نے ایسے کنٹینر کی طرف اشارہ کیا جو خالی تھا۔ کتا اسے بھی کھانے سے بھرا ہوا سمجھ کر دوڑا لیکن اسے خالی پایا۔

    تیسری بار جب مالک نے کھانے سے بھرے ہوئے ایک اور کنٹینر کی طرف اشارہ کیا تو کتے نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔ گویا اس کا مالک اس سے جھوٹ بول کر اپنا اعتماد کھو بیٹھا۔

    یعنی اگر آپ اپنے کتے کو گمراہ کریں گے تو وہ آپ کی بات نہیں مانے گا۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    ویسے تو کتے کی وفاداری بے حد مشہور ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے کی ذہانت اس سے کہیں زیادہ ہے جو سمجھی جاتی ہے۔

    اس سے قبل کئی بار تحقیق میں دیکھا جا چکا تھا کہ کتے اپنے مالکوں اور اس کے آس پاس موجود افراد کے تاثرات اور لہجہ پہچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    وہ ایسے لوگوں کے پاس جاتے ہیں جو ان سے شفقت بھرا رویہ اپنائیں اور کتے کے مالک کی بھی مدد کریں۔

    اس کے برعکس جو کتے سے برا رویہ اپنائے وہ اسے پسند نہیں کرتے۔

    اگر آپ کا کتا گھر آنے والے آپ کے دوستوں پر بھونکتا ہے، ان کے پاس نہیں جاتا اور انہیں ناپسند کرتا ہے تو یقیناً آپ کو اپنے دوستوں کی فہرست پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انسان میں کتے کے مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت ہے، تحقیق

    انسان میں کتے کے مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت ہے، تحقیق

    نیویارک: امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ انسان میں پالتو جانوروں خصوصاً کتے کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جانوروں پر انسانی رویے کے اثرات اور اُن پر عمل درآمد سے متعلق امریکی یونیورسٹی اوریجن اسٹیٹ یونیورسٹی میں تحقیق ہوئی جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کسی بھی زخمی جانور کی زندگی کو محفوظ کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا  بلکہ اصل معاملہ اُس کی تنہائی کو دور کرنا ہے۔

    تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ خصوصاً کتے پالنے والے افراد کے اندر ایسی صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ اپنے مذکورہ جانور کے مسئلے کو ڈاکٹر کے پاس جائے بغیر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر انسانوں کو اس بات کا علم ہی نہیں ہے۔

    یونیورسٹی کی پروفیسر لورین بروبکر کا کہنا تھا کہ ہم سوچتے ہیں ایسا ممکن نہیں کہ کوئی انسان جانور کے مسائل یا پریشانی کو سمجھ سکے مگر تحقیق میں ایسے نتائج سامنے آئے جو ہم سب کے لیے حیران کن تھے۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مالکان اپنے کتوں کی ذہانت کو بڑھانے کے لیے انہیں تربیت دیتے ہیں تاکہ وہ چاک و چوپند رہیں اور اسی طرح 31 جانور ایسے ہیں جو انسان کی توجہ بہت زیادہ حاصل کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کتے انسانوں کی طرح الفاظ اور موسیقی سمجھنے کے اہل

    لورین بروبکر کا کہنا تھا کہ عام اور پالتو کتوں میں تربیت کا فرق واضح ہوتا ہے انہیں مالکان کی جانب سے مختلف ٹریننگ دی جاتی ہے جبکہ گلی اور شاہراؤں پر گھومنے والے کتے انسانی رویے کو سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔

    پروفیسر لورین نے مزید کہا کہ گھروں میں پالے جانے والے کتوں کو کمروں میں اٹھنے بیٹھنے کی تمیز ہوتی ہے جبکہ انہیں یہ بات بھی معلوم ہوجاتی ہے کہ اگر کھانا کھایا جارہا ہے تو اُس میں منہ نہ ڈالیں اسی طرح پڑھائی یا کام کے دوران کسی فرد کو تنگ نہ کریں۔

    تحقیق کے دوران دیگر جانوروں کی مالکان کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی کو بھی دیکھا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ جب کوئی مالک ہاتھ پھیلا کر اپنے پالتو کتے مخاطب کرتا ہے تو وہ بھاگ کر اس کے پاس آجاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کتے انسانوں کی طرح الفاظ اور موسیقی سمجھنے کے اہل

    کتے انسانوں کی طرح الفاظ اور موسیقی سمجھنے کے اہل

    کیا آپ جانتے ہیں کہ جب آپ کچھ بولتے ہیں یا کوئی گانا سنتے ہیں تو آپ کا کتا بھی انہیں ایسے ہی سمجھتا ہے جیسے آپ سمجھتے ہیں؟

    ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کی ایٹووس یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کتے الفاظ اور موسیقی کو سمجھنے کے لیے دماغ کے انہی حصوں کو استعمال کرتے ہیں جو انسان استعمال کرتے ہیں۔

    dog-2

    انسان الفاظ کو سمجھنے کے لیے دماغ کے بائیں اور موسیقی کو سمجھنے کے لیے دائیں حصہ کا استعمال کرتے ہیں۔

    یہ تحقیق کتوں کے دماغی اسکین کی بنیاد پر کی گئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی دماغ نہ صرف بولے جانے والے الفاظ کا تجزیہ کرتا ہے بلکہ بسا اوقات وہ ان کے پس پردہ معنی کو بھی سمجھتا ہے یعنی دماغ بیک وقت دو کام سر انجام دیتا ہے۔

    بالکل یہی کام اسی طریقہ کار کے ذریعہ کتوں کا دماغ بھی انجام دیتا ہے۔

    dogs-3

    ماہرین کے مطابق کتوں کا دماغ ہمدردانہ اور مانوس الفاظ پر بھی ویسا ہی ردعمل ظاہر کرتا ہے جیسے انسان کرتے ہیں۔ گھر، کھانا اور محبت و شفقت کے الفاظ کتوں کے دماغ میں مثبت لہریں پیدا کرتے ہیں جو ان کے جسم کو پرسکون رکھتی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق انسانوں اور کتوں کے درمیان گفتگو اور ہمدردی کے تعلق کو مضبوط کرنے میں مدد دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسمارٹ جیکٹ سے لیس آوارہ کتے چوکیدار بن گئے

    اسمارٹ جیکٹ سے لیس آوارہ کتے چوکیدار بن گئے

    بنکاک: تھائی لینڈ میں آوارہ کتوں کو کام پر لگا دیا گیا۔ اسمارٹ جیکٹ پہنے یہ کتے اب گلی محلوں کی چوکیداری کریں گے۔

    تھائی لینڈ کے آوارہ کتے اب کام پر لگ گئے۔ انتظامیہ نے آوارہ کتوں کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے پر کام شروع کردیا۔

    ان کتوں کو اسمارٹ جیکٹ پہنا دی گئی ہے جس میں وائی فائی، خفیہ کیمرہ، پارکنگ الارم اور ری چارج ایبل بیٹری نصب ہے۔

    اگر کسی علاقے میں چور گھس جائیں تو یہ ان پر بھونکنا شروع کردیتے ہیں جس کے باعث علاقے کے لوگوں کو موبائل پر الرٹ مل جاتا ہے۔

    صرف یہی نہیں اگر کہیں آگ لگ جائے یا کوئی خطرہ ہو تو یہ کتے فوراً خبردار کر دیتے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کے ذریعے نہ صرف آوارہ کتے کارآمد بن جائیں گے بلکہ شہریوں کے لیے بھی یہ مفید ثابت ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کتے کے کان میں ٹرمپ سے مشابہہ زخم

    کتے کے کان میں ٹرمپ سے مشابہہ زخم

    برطانیہ میں ایک کتے کے کان کے اندر تکلیف دہ زخم پیدا ہوگیا جو حیرت انگیز طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہہ ہے۔

    برطانیہ کے ایک چھوٹے سے قصبے جیرو میں 25 سالہ جیڈ روبنسن نامی شخص کا کہنا ہے کہ اس کے کتے کے کان اندر ایک سوزش زدہ زخم ہے جو امریکی صدر ٹرمپ کی صورت سے مشابہہ ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ اس کے کتا بہت شرارتی ہے اور نئی نئی خوشبوئیں سونگھنے کا شوقین ہے لہٰذا وہ ہر وقت زمین پر مختلف خوشبوئیں سونگھتا رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے کانوں کے اندر بے تحاشہ دھول مٹی جمع ہوگئی۔

    یہ دھول مٹی بالآخر ایک تکلیف دہ زخم کی صورت اختیار کر گئی اور اب اسے آپریٹ کیا جانا ضروری ہے۔

    رابنسن کا کہنا ہے کہ کتے کے علاج کے لیے اس کے پاس رقم نہیں لہٰذا وہ اس کے لیے چندہ جمع کر رہا ہے تاکہ کتے کو ڈاکٹر کے پاس لے جاسکے اور اس کے مرض کی درست تشخیص کر کے اس کا علاج کیا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا 700 سال قدیم مجسمہ

    رابنسن کے مطابق اس سے قبل جب انہوں نے اپنے ایک دوست کو کتے کا یہ زخم دکھایا تو اس نے نشاندہی کی یہ زخم حیرت انگیز طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی صورت سے مشابہہ ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔