Tag: کتے

  • فٹبال کے شوقین کتے نے میچ میں خلل ڈال دیا

    فٹبال کے شوقین کتے نے میچ میں خلل ڈال دیا

    جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہونے والا ایک فٹ بال میچ اس وقت تعطل کا شکار ہوگیا جب ایک کتا جوش کے مارے میدان میں نکل آیا اور فٹ بال سے کھیلنے لگا۔

    ٹی وائے سی اسپورٹس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے پہلے ہاف کے دوران اچانک ایک کتا شائقین کے درمیان سے اچھل کر میدان میں بھاگ آیا۔

    یہ کتا شاید فٹ بال سے کھیلنے کا شوقین تھا لہٰذا فٹ با ل کا پرجوش میچ دیکھتے ہوئے وہ خود پر قابو نہ رکھ سکا اور میدان میں آ کر نہایت پرجوش انداز میں فٹ بال سے کھیلنے لگا۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    اس موقع پر انتظامیہ اور سیکیورٹی کی تمام توجہ کتے کی جانب مبذول ہوگئی مگر وہ انہیں چکمہ دے کر فٹ بال کو ککس لگانے میں کامیاب رہا۔

    بعد ازاں انتظامیہ نے ایک دوسری فٹ بال کتے کو دکھا کر اس کی توجہ اس طرف مبذول کی اور اسے میدان سے باہر لے جایا گیا، جس کے بعد یہ دلچسپ نظارہ دیکھتے کھلاڑی پھر سے فٹ بال کھیلنے میں مشغول ہوگئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کتے کی طرح بھونکنے اور گانا گانے والا طوطا

    کتے کی طرح بھونکنے اور گانا گانے والا طوطا

    طوطے ہمیشہ سے ہی انسانوں سے باتیں کرنے اور مختلف آوازیں نکالنے کے عادی ہوتے ہیں، تاہم یہ کانگو افریقی طوطا کتے اور بلی سمیت بے شمار آوزوں کی نقل اتار سکتا ہے جسے سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    آئن اسٹائن نامی یہ طوطا کتے، بلی، الو اور چڑیوں کی آوازوں سمیت بے شمار آوازیں نکال سکتا ہے۔

    نہایت شاندار ذہانت کا حامل یہ طوطا آبشار، دروازے کی دستک اور اوپیرا گانا بھی گنگنا سکتا ہے۔ اس طوطے کو 200 کے قریب الفاظ بھی حفظ ہیں۔

    اس طوطے کی سالگرہ کے موقع پر اس کے ٹرینر ایڈم پیٹرسن نے اس کی ویڈیو جاری کی ہے جسے سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    ویڈیو میں طوطا ’ہیپی برتھ ڈے ٹو یو‘ گا کر اپنے آپ کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دے رہا ہے۔

  • وفادار کتے نے جان دے کر خودکش حملہ ناکام بنا دیا

    وفادار کتے نے جان دے کر خودکش حملہ ناکام بنا دیا

    نائجیریا کے شہر میدا گری میں ایک کتے نے وفاداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک شادی کو خودکش دھماکے کا نشانہ بننے اور درجنوں افراد کو مرنے سے بچالیا۔

    نائجیرین حکام کے مطابق کتے نے اس وقت خود کش حملہ آور پر حملہ کردیا جب وہ اپنے آپ کو دھماکے سے اڑانے والا تھا۔ کتے نے اسے اپنے پنجوں اور دانتوں سے بری طرح زخمی کردیا۔

    dog-2

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ نو عمر حملہ آور کا تعلق ممکنہ طور پر بوکو حرام سے تھا۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں اپنے مالک کو دیکھتے ہیں

    ان کے مطابق کتے کے حملے سے حملہ آور بوکھلا گیا اور وہ خود کو اس کے حملوں سے بچانے کی کوشش میں لگ گیا جس کے بعد اسے مہلت نہیں ملی کہ وہ دھماکہ خیز مواد کو اڑاتا۔

    واقعے میں کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا تاہم اس ہاتھا پائی کے دوران ہونے والے دھماکے میں کتا مارا گیا۔

    مزید پڑھیں: کتے کی زندگی کا مقصد اپنے مالک کو خوش کرنا

    تقریب کے میزبان بوبا احمد کا کہنا ہے کہ ان کے مہمان کتے کے بہت شکر گزار ہیں جس نے اپنی جان دے کر ان سب کی جان بچا لی۔ ان کا کہنا تھا کہ کتا شادی میں آئے ہوئے ایک مہمان کا تھا۔

    dog-3

    یاد رہے کہ جس روز یہ واقعہ پیش آیا اسی روز مذکورہ مقام سے تھوڑے ہی فاصلے پر 3 خود کش بمباروں نے مختلف مقامات پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔

    چوتھا خودکش حملہ آور ممکنہ طور پر اس شادی کو نشانہ بنانے آیا تاہم کتے کی بہادری سے افسوسناک سانحہ رونما ہونے سے بچ گیا۔

  • خرگوش اور کتے کی انوکھی دوستی

    خرگوش اور کتے کی انوکھی دوستی

    کتے کی انسانوں سے وفاداری اور محبت میں تو کوئی شک نہیں، لیکن یہ جانور دیگر جانوروں سے دوستی سے عموماً پرہیز کرتا ہے۔

    لیکن حال ہی میں ایک انوکھی ویڈیو نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی، جس میں ایک کتا ایک سہمے ہوئے خرگوش کو چھیڑنے اور اس سے دوستی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

    مزید پڑھیں: ہانگ کانگ میں خرگوش کیفے

    ایک گھر کے لان میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کتا اچھل کود میں مصروف ہے جبکہ اس کے قریب بیٹھا خرگوش سہما ہوا بیٹھا ہے، شاید کتے سے خوفزدہ ہے۔

    لیکن کتے کی چھیڑ چھاڑ اور دوستانہ انداز نے خرگوش کا ڈر ختم کردیا اور وہ آرام سے کتے کے ساتھ کھیلنے لگا۔

    کتوں کا ذکر ہوا تو آپ کو بتاتے چلیں کہ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کتوں کے لیے اپنے مالک کو خوش کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق کتے خواب میں بھی اپنے مالک کی خوشبو، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے جن چیزوں سے اپنے مالک کو خوش ہوتا دیکھتے ہیں وہ ان کو زیادہ یاد رکھتے ہیں اور بعد میں وہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنے مالک کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

  • آ ڈاگز پرپز: کتے کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر طوفان کھڑا ہوگیا

    آ ڈاگز پرپز: کتے کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر طوفان کھڑا ہوگیا

    لاس اینجلس: امریکا میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے کتے کو زبردستی پانی میں بھیجنے اور کتے کے اپنے ٹرینر سے لڑنے کی ویڈیو نے طوفان مچادیا اور جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    ہالی ووڈ کی فلم ’آ ڈاگز پرپز‘ ایک کتے اور اس کے مالکوں کی کہانی ہے۔ فلم میں کتے کی وفاداری اور انسانوں سے محبت کو دکھایا گیا۔

    مزید پڑھیں: کتے کی زندگی کا مقصد اپنے مالک کو خوش کرنا

    فلم کی ریلیز 27 جنوری کو ہونی تھی مگر اچانک ہی اس کی شوٹنگ کی ایک ویڈیو سامنے آگئی جس نے دنیا بھر میں تنازعہ کھڑا کردیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک منظر کی عکسبندی کے لیے ایک جرمن شیفرڈ کتے کو ایک مصنوعی مگر طوفانی تالاب میں زبردستی کودنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

    کتا پانی کے بہاؤ کو دیکھ کر بے حد خوفزدہ ہے اور وہ سخت مزاحمت کر رہا ہے لیکن اس کا ٹرینر جو فلم کی ٹیم کا حصہ ہے، اسے زبردستی پانی میں اتار دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کتے انسانوں کی طرح الفاظ اور موسیقی سمجھنے کے اہل

    ویڈیو میں کوئی یہ کہتا ہوا بھی سنائی دے رہا ہے، ’یہ پانی میں جانے تک سکون سے نہیں بیٹھے گا، اسے پانی میں پھینک دو‘۔

    کتے نے آخری حد تک مزاحمت کی اور اپنے پنجوں سے کنارے کو پکڑ لیا۔ بعد ازاں دیکھا گیا کہ کتا پانی کے بہاؤ کو برداشت نہیں کر سکا اور ڈوبنے لگا جس کے بعد فلم کا عملہ حرکت میں آیا اور کتے کو پانی سے باہر نکال لیا گیا۔

    ویڈیو کے لیک ہوتے ہی ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور یورپ بھر میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    عالمی تنظیم پیٹا کا کہنا ہے، ’ہم امید کرتے ہیں کہ کتوں سے محبت کرنے والے افراد اس فلم کا بائیکاٹ کریں گے تاکہ لوگوں کو پیغام ملے کہ کتوں کے ساتھ بھی انسانیت کا سلوک کیا جائے‘۔

    کینیڈا میں بھی جانوروں کی ایک تنظیم نے جانوروں سے انسانیت سوز سلوک کے الزام میں فلم سازوں کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروادی ہے۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    فلم میں پس پردہ کتے کی صدا کاری کے فرائض انجام دینے والے اداکار جوش گیڈ بھی اس ویڈیو کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا، ’ایک جانور کو اس بے دردی سے، اس کی مرضی کے خلاف ایسی صورتحال میں ڈالنا نہایت ہی افسوسناک صورتحال ہے اور اس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے‘۔

    دوسری جانب فلم کے ہدایت کار لیسی ہال اسٹروم نے بھی ویڈیو دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ ان کی موجودگی میں پیش نہیں آیا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم میں شامل تمام جانوروں کو سیٹ پر ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مذکورہ واقعہ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    فلم ’آ ڈاگز پرپز‘ میں ڈینس کائد اور برٹ روبرٹسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    جو افراد پالتو جانور رکھنے کے شوقین ہیں، وہ جانتے ہوں گے کہ جانور سوتے ہوئے عجیب و غریب انداز میں حرکت کرتے ہیں جس سے یوں لگتا ہے جیسے وہ خواب میں اپنی کوئی پسندیدہ چیز دیکھ رہے ہوں۔

    یہی حال کتوں کا بھی ہے۔ کتے سوتے ہوئے اکثر اپنے پنجوں کو اس زاویے سے موڑتے ہیں جیسے خواب میں وہ کسی بلی کا پیچھا کررہے ہوں۔

    مزید پڑھیں: کتے انسانوں کی طرح الفاظ اور موسیقی سمجھنے کے اہل

    شاید ہمیں لگتا ہو کہ کتے سوتے ہوئے خواب میں اپنا پسندیدہ کھانا یا کوئی پسندیدہ چیز دیکھتے ہوں گے، لیکن سائنسدانوں نے اس کا جواب تلاش کرلیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کتے خواب میں ان افراد کو دیکھتے ہیں جس سے وہ بہت زیادہ قریب ہوتے ہیں، اور ایسا شخص ان کے مالک کے علاوہ بھلا اور کون ہوسکتا ہے۔

    dog-2

    کتے خواب میں اپنے مالک کی خوشبو، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔

    مزید پڑھیں: کتے کے لیے 8 آئی فون

    یعنی ثابت ہوا، کہ کتے کی ضرب المثل وفاداری غلط نہیں، یہ ہر وقت آپ کے بارے میں سوچتے ہیں حتیٰ کہ سوتے ہوئے بھی۔

    تو پھر کیا خیال ہے آپ کا؟ آپ بھی کتا پالنے کا سوچ رہے ہیں؟

  • جنگلی حیات کے شکاریوں کو پکڑنے کے لیے خونخوار کتوں کی تربیت

    جنگلی حیات کے شکاریوں کو پکڑنے کے لیے خونخوار کتوں کی تربیت

    براعظم افریقہ میں جنگلی حیات کے شکاریوں کو پکڑنے کے لیے خونخوار کتوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ شکاری بچ کر نہ جانے پائیں۔ یہ اقدام شکار کے باعث افریقی جنگلی حیات کی آبادی میں تیزی سے ہوتی کمی کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    dog-1

    ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ کتے اس وقت افریقہ کی جنگلی حیات کو بچانے کی جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسداد شکار کا کام کرنے والے ان کتوں کو جہازوں سے پیرا شوٹ کے ذریعہ زمین پر چھلانگ لگانا بھی سکھایا جارہا ہے تاکہ وہ ہر صورت شکاریوں کو پکڑ سکیں۔

    یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ اکثر شکاری شکار کرنے کے بعد وسیع جنگلات میں ہی کسی محفوظ مقام پر چھپ جاتے ہیں اور پھر ایک دو دن بعد وہاں سے نکل کر جاتے ہیں۔

    اس تربیت کا آغاز جائنٹ نامی کتے سے کیا گیا ہے۔ جائنٹ کے بھائی کلر نامی کتے نے بھی ریکارڈ خونخواری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 ماہ میں شکاریوں کے 115 گروہوں کو مار گرایا تھا۔

    dog-2

    ماہرین کا کہنا ہے کہ افریقہ میں ہاتھی دانت اور گینڈے کے سینگ کی تجارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ان جانوروں کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ پچھلے 7 سال میں افریقی ہاتھیوں کی آبادی میں ایک تہائی کمی واقع ہوچکی ہے۔

    عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک عشرے قبل پورے براعظم افریقہ میں ہاتھیوں کی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار تھی جو اب گھٹ کر صرف 1 لاکھ 11 ہزار رہ گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ افریقہ میں ہر سال ہاتھی دانت کے حصول کے لیے 30 ہزار ہاتھی مار دیے جاتے ہیں۔

    elephants

    خیال رہے کہ ہاتھی دانت ایک قیمتی دھات ہے اور عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت کوکین یا سونے سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ ہاتھی دانت اور گینڈے کے سینگ کی تجارت ایک نہایت منافع بخش کاروبار ہے جس سے کروڑوں ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے اور یہ کاروبار عالمی جرائم پیشہ منظم گروہوں کی سرپرستی میں کیا جارہا ہے۔

    جانوروں کے تحفظ کی عالمی تنظیم ڈبلو ڈبلیو ایف نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ہاتھیوں کا شکار ایسے ہی جاری رہا تو اگلے 6 سال میں کئی افریقی ممالک سے ہاتھیوں کا وجود مٹ جائے گا۔

    rhino

    واضح رہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف اقوام متحدہ کے زیر نگرانی سنہ 1975 میں ایک معاہدہ سائٹس منظور ہوچکا ہے جس پر 180 ممالک دستخط کر چکے ہیں۔ رواں برس سائٹس کی عالمی کانفرنس میں ان تمام 180 ممالک نے جنگلی حیات کے شکار کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

    افریقہ میں بھی گذشتہ سال ہاتھیوں اور گینڈوں کی معدوم ہوتی نسل کے تحفظ کے لیے ایک ’جائنٹ کلب فورم‘ بنایا جاچکا ہے جس کے پہلے اجلاس میں متفقہ طور پر ہاتھی دانت کی تجارت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔