Tag: کرائسٹ چرچ

  • پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سپراوور میں شکست دیدی

    پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سپراوور میں شکست دیدی

    قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔

    پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے کرائسٹ چرچ کے گراؤنڈ میں تیسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو سپر اوور کے بعد تین رنز سے شکست دے دی۔

    نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو 251 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں 251 رنز بنائے۔

    میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور گیارہ رنز بنائے، جواب میں میزبان ٹیم صرف آٹھ رنز بنا سکی جس کے بعد سیریز دو ایک سے کیویز کے نام رہی۔

     واضح رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان ویمنز ٹیم نے جیتی تھی۔

  • سنگاپور میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ جیسے حملوں کا منصوبہ، بھارتی نوجوان گرفتار

    سنگاپور میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ جیسے حملوں کا منصوبہ، بھارتی نوجوان گرفتار

    سنگاپور: سنگاپور میں کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہونے والے حملوں کی طرز پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، منصوبہ بندی کرنے والے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا جو بھارتی نژاد ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سنگاپور میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک 16 سالہ بھارتی نژاد مسیحی لڑکا گرفتار کیا گیا ہے جو مقامی مسلمانوں پر نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں جیسے حملے کرنا چاہتا تھا۔ کرائسٹ چرچ میں سنہ 2019 میں مسلمانوں کی 2 مساجد پر کیے گئے حملوں میں 51 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 16 سالہ لڑکا، جو ایک بھارتی نژاد پروٹسٹنٹ مسیحی شہری ہے، 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ حملوں کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر سنگاپور میں بھی مسلمانوں کے خلاف ایسے ہی حملے کرنے کا خواہش مند تھا۔

    سنگاپور کی تحفظ وطن کی ملکی وزارت نے بتایا کہ ملزم نے اپنے حملوں کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور اس سلسلے میں اس نے ضروری تیاریاں بھی کر لی تھیں۔

    وزارت کے حکام کا کہنا تھا کہ تفتیشی ماہرین اس ملزم کی گرفتاری اور اس سے اب تک کی گئی تفتیش کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ نابالغ ملزم نفسیاتی طور پر نہ صرف تشدد پسند ذہن کا مالک ہے بلکہ اس کی سوچوں میں اسلام کے خلاف بہت زیادہ منفی رویوں کا عنصر بھی انتہائی نمایاں ہے۔

    حکام نے اس ملزم کی مزید شناخت ظاہر نہیں کی تاہم صرف اتنا بتایا کہ اسے گزشتہ ماہ دسمبر میں گرفتار کیا گیا۔

    حکام کے مطابق یہ نوجوان اپنے تیار کردہ منصوبے کے تحت مسلمانوں پر حملوں کے لیے ایک ایسا بڑا چھرا استعمال کرنا چاہتا تھا جو عام طور پر قصاب استعمال کرتے ہیں، ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اس بات کی بھی امید کرتا تھا کہ وہ ان حملوں کے دوران خود بھی مارا جا سکتا تھا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق یہ 16 سالہ ملزم سنگاپور میں آج تک دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا جانے والا سب سے کم عمر مشتبہ ملزم ہے۔

    سنگاپور پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزم سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی ثابت ہوا کہ وہ کرائسٹ چرچ حملوں کے سزا یافتہ مجرم ٹیرنٹ کی سوچ سے انتہائی حد تک متاثر ہے، یہ کم عمر ملزم دہشت گردانہ حملوں کے اپنے ارادوں پر عمل کرنے کے بعد 2 ایسی دستاویزات بھی جاری کرنا چاہتا تھا جن میں سے ایک میں اس نے ٹیرنٹ کے لیے مقدس ٹیرنٹ کے الفاظ استعمال کیے تھے۔

    خیال رہے کہ سنگاپور کی آبادی تقریباً 60 لاکھ ہے اور اس میں اکثریت چینی، بھارتی اور مالائی نسل کے باشندوں کی ہے، یہاں 15 لاکھ غیر ملکی مہمان کارکن بھی رہتے ہیں۔ یہاں بدھ مت، مسیحیت، ہندو مت، اسلام اور تاؤ مت سب سے بڑے مذاہب ہیں۔

  • نیوزی لینڈ نے شاہینوں کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کر دیا، قومی اسکواڈ کے ٹیسٹ مکمل

    نیوزی لینڈ نے شاہینوں کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کر دیا، قومی اسکواڈ کے ٹیسٹ مکمل

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے شاہینوں کے خلاف نیوزی لینڈ اے کے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کر دیا، نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کے تیسرے کرونا ٹیسٹس بھی مکمل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا اعلان ہو گیا ہے، 13 رکنی اسکواڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے والے گلین فلپس، ڈیون کونوئے، ٹم سیفرڈ، جمی نیشم، لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی شامل ہیں۔

    پاکستانی شاہینز اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 روزہ میچ 10 دسمبر سے شروع ہوگا۔

    دوسری طرف نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کے تیسرے کرونا ٹیسٹس مکمل ہو گئے ہیں، 2 ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی، طبی طور پر ان دونوں ارکان کو نان انفیکشس قرار دیا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کی ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی اور ہلکی پھلکی ٹریننگ جاری ہے، پی سی بی پُر امید ہے کہ آج ہونے والے تیسرے ٹیسٹس کے نتائج کے بعد قومی اسکواڈ کو گراؤنڈ میں ٹریننگ کی اجازت بھی مل جائے گی۔

    دوسرا ٹی 20: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پھر شکست دے دی

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کے پہلے روز کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 6 کھلاڑیوں کے نتائج مثبت آئے، قومی ٹیم کے چند ارکان ہوٹل کے کوریڈور میں ایک ساتھ باتیں کرتے ہوئے سی سی ٹی وی میں دیکھے گئے، جس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے فائنل وارننگ جاری کی۔

    27 نومبر کو پاکستان کرکٹ کے 48 ارکان کے دوسرے کو وِڈ 19 ٹیسٹ ہوئے تو قومی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی میں کرونا کی تشخیص ہو گئی، 7 کھلاڑیوں میں کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد پیر کے روز کھلاڑیوں کے تیسرے کرونا ٹیسٹ ہوئے جس میں 2 ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 18 دسمبر کو ہوگا، نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گرد حملوں میں درجنوں مسلمانوں کی شہادت کے بعد حکام نے ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ہتھیاروں سے متعلق قوانین کی اصلاحات کے دوسرے مرحلے میں نیشنل فائر آرمز رجسٹریشن منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ہتھیاروں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ہتھیاروں کے لائسنس رکھنے سے متعلق قوانین بھی سخت کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو جب ایک مسلح شخص نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کی، اس واقعے نے نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں کی ملکیت سے متعلق رویہ تبدیل کردیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ’خطرناک ترین ہتھیاروں کو فروخت کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قانون کے تحت ہم صحیح تعداد نہیں جانتے کہ کتنی گنز استعمال ہیں، کس کی ملکیت ہیں، کون فروخت کررہا ہے، کون انہیں خرید رہا ہے اور کتنی حفاظت سے انہیں رکھا جاتا ہے، یہ رجسٹر 5 سال میں مکمل ہوگا جس کے تحت نیوزی لینڈ میں موجود تقریبا 12 لاکھ ہتھیاروں کی تفصیلات درج ہوں گی۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سانحہ کرائسٹ چرچ میں مرنے والوں کے 200 رشتے داروں اور زخمیوں کو اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ، متاثرہ خاندانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال

    کرائسٹ چرچ حملہ، متاثرہ خاندانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال

    کرائسٹ چرچ: سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گردی کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے میں متاثرہ خاندان کے 200 افراد سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر آئندہ ماہ فریضہ حج ادا کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ رواں سال کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی میزبانی کریں گے جس کے دوران وہ فریضہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

    سعودی عرب ک وزارت اسلامی امور کے وزیر شیخ عبدالطیف الشیخ نے اعلان کیا کہ کرائسٹ چرچ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے 200 افراد کو حج کی ادائیگی کے دعوت نامے بھیج دیے گئے۔

    شیخ عبدالطیف الشیخ نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ خاندانوں کو حج پر بلانا سعودی عرب کی دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

    نیوزی لینڈ سے 200 عازمین کو مکہ لانے کے لیے سعودی وزارت مذہبی امور نیوزی لینڈ میں سعودی سفارت خانے کے درمیان رابطے شروع ہو چکے ہیں اور مہمانوں کی آمد کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ، متاثرہ خاندان حج کے موقع پر شاہ سلمان کے خصوصی مہمان

    نیوزی لینڈ سے فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو عام طور پر 15 ہزار ڈالرز ادا کرنا ہوتے ہیں لیکن شاہ سلمان کی دعوت پر آنے والے عازمین یہ رقم ادا نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کو مسلح شخص نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 51 ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ پولیس نے مساجد پر حملہ کرکے 50 سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے سفید فام دہشت گرد پر برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی دفعات عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں دو ماہ قبل سفید فام دہشت گرد نے اسلام مخالف نظریات کی بنیاد پر دو مساجد میں حملہ کرکے درجنوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل اور زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ برینٹین ٹیرنٹ پر عائد کی گئی فرد جرم میں الزام لگایا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی کارروائی کی گئی ہے‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سفید فام دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم کے 51 قتل اور 40 اقدام قتل کی دفعات کا بھی عائد ہیں۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی شخص پر دہشت گردی کی دفعات عائد کی گئی ہیں، نیوزی لینڈ کا دہشت گردی ایکٹ 2002 میں متعارف ہوا تھا جس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم دو ماہ بعد عائد کرنے کا فیصلہ پرسیکیوٹرز اور حکومتی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشت گرد پر مزید الزامات عائد کرنے کےلیے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور پولیس حملے کے متاثرہ افراد کو عدالتی کارروائی کے دوران مکمل معاونت کرنے کےلیے پُر عزم ہے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    مزیدپڑھیں :کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں کی تحقیقاتی رپورٹ دسمبر تک موصول ہوگی، جیسنڈا آرڈرن

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا اور واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا.

  • مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    کرائسٹ چرچ: مسجد النور میں شہید ہونیوالے پچاس افرادکی یاد میں پچاس کلومیٹرپر مشتمل میراتھون ریس کا انعقاد کیا گیا،ریس مسجد النور کے سامنے بنے پارک سے شروع ہوئی جو پچاس کلومیٹر پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق میراتھون ریس کا اہتمام سری چنموئے میراتھون ٹیم نے کیا جو ہر سال ایونٹ منعقد کرواتی ہے لیکن اس مرتبہ انہوں نے یہ ریس النور مسجد کے شہداءکی یاد میں کرائی،ریس میں نیوزی لینڈ کے عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

    کرائسٹ چرچ کے سٹیفن گراہم نے پچاس کلومیٹرکی بجائے 51 کلومیٹر دوڑ کر ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ،سٹیفن کو جب معلوم ہوا کہ شہدا کی تعدادپچاس کی بجائے اکیاون ہوگئی ہے تو انہوں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی اس پر ریس انتظامیہ نے سٹیفن کی اس کوشش کو بے حد سراہا ۔

    سٹیفن نے میڈیا کو بتایاکہ جب ریس شروع ہونے لگی تو مجھے پتہ چلا کہ ریس پچاس کلومیٹر پر مشتمل ہو گی لیکن شہید ہونیوالوں کی تعداد اکیاون تھی تو میں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    نیوزی لینڈ قوانین کے مطابق رائل کمیشن عدالتی تحقیقات کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مساجد پرحملوں کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ رائل کمیشن کے نتائج سے آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کی جانب سے کرائسٹ چرچ واقعے کو ملکی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن فائرنگ کی ویڈیو بناتا رہا اور مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد باہرسڑک پر موجود مسلمانوں کو بھی نشانہ بناتا رہا، واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی۔

  • مسلمانوں سے اظہاریکجہتی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کرائسٹ چرچ کی مساجد کا دورہ

    مسلمانوں سے اظہاریکجہتی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کرائسٹ چرچ کی مساجد کا دورہ

    کرائسٹ چرچ : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے رمضان میں مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لئے کرائسٹ چرچ میں حملے کا شکار ہونے  والی مساجد کا دورہ کیا اور کہا مسلمانوں نے اسلام کی اصل روح کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوٹریس نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گردحملوں کا نشانہ بننے والی النوراورلن ووڈ مساجد کا دورہ کیا اور پھول رکھے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن بھی ان کے ہمراہ تھی۔

    انتونیوگوٹریس کا کہنا تھا محبت کا پیغام لے کرمسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لئے آیا ہوں، مسلمانوں نے اسلام کی اصل روح کا مظاہرہ کیا۔

    یاد رہے اس سے اقوام متحدہ کا کہنا تھا سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبيا، تعصب اور نسل پرستی کے جذبات میں اضافہ ہورہا ہے، ہ مذہبی تعصب کے بڑھاوے کو کم کرنے کی ضرورت ہے، نفرتوں کے بجائے محبت بانٹنی ہے۔

    مزید پڑھیں : مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے: اقوام متحدہ

    خیال رہے چند روز قبل برطانوی شہزادے ولیم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کےہمراہ کرائسٹ چرچ کی النور مسجد کا دورہ کیا تھا اور سانحہ کے شہداء کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا تھا نیوزی لینڈ نے ثابت کردیا کہ نفرت کی جنگ کو محبت سے جیتا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفیدفام دہشت گرد نے دومساجد میں فائرنگ کرکے 50 افراد کو شہید کردیاتھا، شہید ہونے والوں میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

    واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

  • کرائسٹ چرچ مساجد پرحملوں کی عدالتی تحقیقات کا آغاز

    کرائسٹ چرچ مساجد پرحملوں کی عدالتی تحقیقات کا آغاز

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن نے کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ قوانین کے مطابق رائل کمیشن عدالتی تحقیقات کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق مساجد پرحملوں کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ رائل کمیشن کے نتائج سے آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کی جانب سے کرائسٹ چرچ واقعے کو ملکی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے میں 9 پاکستانیوں سمیت 51 افراد شہید ہوئے تھے۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    سفید فام دہشت گرد برینٹن فائرنگ کی ویڈیو بناتا رہا اور مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد باہرسڑک پر موجود مسلمانوں کو بھی نشانہ بناتا رہا، واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی۔

  • کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا، شہید ہونے والوں کی تعداد 51 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے شخص کا تعلق ترکی سے ہے، 46 سالہ ترک باشندہ مسجد حملے میں شدید زخمی ہو گیا تھا جسے کرائسٹ چرچ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ کرائسٹ چرچ :پاکستانی ہیرو نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے شخص کا نام ان کی فیملی کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے بتایا کہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے مزید 9 افراد کرائسٹ چرچ اسپتال میں داخل ہیں، جن کی حالت بہتر ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈرن نے زخمی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں تہ دل سے شہید ہونے والے شخص کے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں، یہ دکھ بھری خبر نہ صرف ترکی بلکہ نیوزی لینڈ میں بھی محسوس کی جائے گی۔

    اس سانحے میں 9 پاکستانیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا، نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ راشد بھی شہدا میں شامل تھے۔

    جمعے کی نماز کے موقع پر النور مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے دور ان پاکستان کے نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا۔