Tag: کرائسٹ چرچ حملہ

  • کرائسٹ چرچ حملے کی ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کو سزا

    کرائسٹ چرچ حملے کی ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کو سزا

    ولنگٹن: رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر حملے کی ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرنے والے ایک شخص کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرنے والوں میں سے ایک 44 سالہ کاروباری شخص فلپ آرپس کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپ آرپس کو نفرت انگیز اور دہشت گردانہ مواد پر مبنی ویڈیو کو شیئر کرنے کے الزام میں حملے کے چند ماہ بعد ہی گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت میں ان پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کی فرد جرم بھی عائد کی گئی تھی۔

    فلپ آرپس کو 18 جون کو عدالت نے پابندی کے باوجود نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے جرم میں 21 ماہ کیلئے جیل بھیجا گیا ہے۔ مجرم کو جیل کی سزا سناتے ہوئے جج نے کہا کہ فلپ آرپس نے نفرت انگیز اور مسلمانوں کے قتل عام کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسے انتہائی خوشگوار قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مجرم نے نفرت انگیز ویڈیو کو کم سے کم 30 افراد کے ساتھ شیئر کیا اور اسی ویڈیو کو مزید شیئر کرنے کی خواہش بھی کی۔ عدالت کے مطابق مجرم نے مسلمانوں کے قتل عام پر مبینہ طور پر خوشی کا اظہار کیا اور شہید افراد کے میمز بھی بنائیں، تاہم عدالت کو مجرم کی جانب سے بنائی گئی میمز نہیں ملیں۔

    ٹرمپ نے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے ردعمل میں کیا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا

    عدالت نے بتایا کہ فلپ آرپس سیاسی طور پر نازی جرمن خیالات کے ہیں۔ نیوزی لینڈ پولیس نے اس واقعے کے بعد ایسے 5 افراد کو حراست میں لیا تھا جنہوں نے اس واقعے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ گرفتار کیے گئے 5 افراد میں سے 2 کو جیل کی سزا سنائی جا چکی ہے جبکہ دیگر پر بھی عدالت میں الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔

  • کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہو گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا، شہید ہونے والوں کی تعداد 51 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے شخص کا تعلق ترکی سے ہے، 46 سالہ ترک باشندہ مسجد حملے میں شدید زخمی ہو گیا تھا جسے کرائسٹ چرچ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ کرائسٹ چرچ :پاکستانی ہیرو نعیم راشد کی بیوہ کو تمغہ شجاعت سے نوازاجائے گا

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے شخص کا نام ان کی فیملی کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے بتایا کہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے مزید 9 افراد کرائسٹ چرچ اسپتال میں داخل ہیں، جن کی حالت بہتر ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈرن نے زخمی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں تہ دل سے شہید ہونے والے شخص کے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں، یہ دکھ بھری خبر نہ صرف ترکی بلکہ نیوزی لینڈ میں بھی محسوس کی جائے گی۔

    اس سانحے میں 9 پاکستانیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا، نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ راشد بھی شہدا میں شامل تھے۔

    جمعے کی نماز کے موقع پر النور مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے دور ان پاکستان کے نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    ویلنگٹن : کرائسٹ میں مساجد پر حملہ کرنے والے نسل پرست دہشت گرد کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس نے برینٹن ٹیرنٹ کے خلاف 50 افراد کو قتل کرنے کی چارج شیٹ تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بے گناہ مسلمانوں کو کشت و خون میں غلطاں کرنے والے دہشت گرد پر 50 افراد کے قتل اور انتالیس (39) افراد کے اقدام قتل کی چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سفید فام دہشت گرد کو آئندہ روز عدالت میں پیش کیا جائے گا، اگر اس پر جرم ثابت ہوگیا تو برینٹن تاریخ کا واحد شخص ہوگا جسے نیوزی لینڈ میں عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعےکی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن تشکیل دینے کا مقصد یہ پتہ لگانا ہے کہ حملے کی روکھ تھام کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا تھا۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ متاثرین یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیسے دہشت گرد حملہ ہوا، رائل کمیشن سنگین ترین واقعات کی تحقیقات کے لیے بنایا جاتا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ مساجد پرحملوں کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ : فیس بک کا سفیدفام قوم پرست، علیحدگی پسند عناصر پر پابندی کااعلان

    کرائسٹ چرچ حملہ : فیس بک کا سفیدفام قوم پرست، علیحدگی پسند عناصر پر پابندی کااعلان

    سان فرانسسکو :کرائسٹ چرچ حملے کے بعد فیس بُک نے سفید فام قوم پرست اور علیحدگی پسند عناصر پر پابندی کا اعلان کردیا اور تسلیم کیاکہ کرائسٹ چرچ حملوں کی ویڈیو کو فیس بُک سے ہٹانے سے قبل چار ہزارسےزائد باردیکھاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں کے بعد فیس بک کا بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سفید فام قوم پرست اور علیحدگی پسند عناصر پر پابندی کا اعلان کردیا، اگلے ہفتےسےفیس بُک اورانسٹاگرام پرسفید فام قوم پسند اور علیحدگی پسند عناصر کی تعریف ، حمایت اور نمائندگی کرنے پر پابندی ہوگی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے فیس بُک پر شائع کیےجانے والے مواد کی شناخت کرنے اور اس پر پابندی لگانے کی صلاحیت بہتر بنائے گا اور تسلیم کیا کہ کرائسٹ چرچ حملوں کی ویڈیو کو فیس بُک سے ہٹانے سے قبل چار ہزارسےزائد بار دیکھاگیا۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے فیس بک کےاقدام کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں کو مل کر روکنا ہوگا۔

    خیال رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں 2 مساجدپرحملوں کی لائیوویڈیوفیس بک پر چلانے کے بعد فیس بک پر دباؤ تھا۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    مزید پڑھیں : کرائسٹ چرچ : دہشت گردی کی وڈیو دکھانے پر فیس بک اور یوٹیوب کیخلاف مقدمہ

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی اور مذکورہ ویڈیو17منٹ تک مسلسل انٹرنیٹ پر دکھائی گئی تھی۔

    بعد ازاں امریکا کی داخلی سلامتی کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کو براہ راست نشر کرنے اور ویڈیوز سماجی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیے جانے پر سوشل میڈیا کے سربراہوں سے وضاحت طلب کرلی تھی۔

    امریکا کی داخلی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین بینی تھامسن کی جانب سے فیس بک، ٹویٹر اور مائیکرو سافٹ کے سربراہان کو لکھے خط میں ایسی ویڈیوز کو روکنے کے لیے انتظامات اور اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کرنے اور سوشل میڈیا کے مالکان اور ذمہ دار سماجی ویب سائٹس سے ایسا مواد ہٹانے اور مستقبل میں ایسی ویڈیوز شیئر نہ کیے جانے کو یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔

    فرانسیسی مسلم کونسل نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر نشر کرنے پر فیس بک اور یوٹیوب کیخلاف مقدمہ درج کرادیا تھا۔

  • برطانیہ: مسلمان غیر محفوظ، عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے فنڈنگ بڑھانے کا اعلان

    برطانیہ: مسلمان غیر محفوظ، عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے فنڈنگ بڑھانے کا اعلان

    لندن: برطانوی حکومت نے ملک میں عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لیے فنڈنگ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے 5 ملین پاؤنڈ کا نیا فنڈ جاری ہوگا۔

    برطانوی وزیرِ داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ اب برطانیہ میں بھی مسلمان خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، مسلمانوں کو تحفظ فراہم کریں گے، جس کے لیے نیا فنڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر آسٹریلوی شہری کی جانب سے خوف ناک حملے پر کہا کہ یہ ہماری روایات پر حملہ ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیر سیکورٹی نے برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کے طرز پر حملوں کے خطرے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں نئے فنڈز مختص کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانیہ میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کی طرح حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

    بین ویلس کا کہنا تھا کہ دائیں بازو کے شدت پسند گروہ مسلمانوں پر حملے کر سکتے ہیں، اس لیے حکومت نے انتہائی دائیں بازو اور نیو نازی گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

    انھوں نے برطانیہ میں انتہائی دائیں بازو کے لوگوں کی تعداد میں اضافے پر برطانوی حکومت کی تشویش کا بھی ذکر کیا اور کہا کارڈف میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں کئی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

  • کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی

    کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی

    اسلام آباد: نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں مساجد میں ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد9 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیوزی لینڈ میں مساجد پرہونے والے حملوں میں 3 مزید پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی۔

    ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ شہدا میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اوروالدہ کمربی بی شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اب تک شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی، ابھی ایک پاکستانی تشویش ناک حالت میں آئی سی یومیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کرائسٹ چرچ حملے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • مانچسٹر: نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کے حق میں پوسٹ لگانے والا گرفتار

    مانچسٹر: نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کے حق میں پوسٹ لگانے والا گرفتار

    مانچسٹر: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کے حق میں پوسٹ لگانے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر  الزام ہے کہ اس نےکرائسٹ چرچ میں مسلمانوں پر خوف ناک دہشت گردانہ حملے کی ایک پوسٹ میں حمایت کی ہے۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے سوشل میڈیا پر نیوزی لینڈ حملوں سے متعلق شرپسندانہ پوسٹ کی تھی۔

    برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ جو بھی حد پار کرے گا اس کے سخت خلاف ایکشن لیا جائے گا، اولڈھم سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ شخص نے خوف ناک حملوں کی حمایت کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے، نیوزی لینڈ میں ہونے والے واقعات کی بازگشت اس وقت پوری دنیا میں گونج رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرائسٹ چرچ حملہ: بین الاقوامی میڈیا کی متعصبانہ رپورٹنگ

    واضح رہے کہ لندن میں سڑک کے کنارے ایک مسجد کے قریب کپڑے کا ایک ٹکڑا جلایا گیا تھا جس کی تحقیقات بھی لندن نے پولیس نے شروع کر دی ہے۔

    خیال رہے کہ جمعے کے دن کرائسٹ چرچ میں 28 سالہ آسٹریلوی شخص برینٹن ٹیرنٹ نے دو مساجد پر حملہ کر کے پچاس مسلمانوں کو شہید کر دیا ہے۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ میں 6 پاکستانی شہید ہوئے، 3 پاکستانیوں کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی، ڈی این اے سے 3 پاکستانیوں کی شناخت کی جائے گی جب کہ نیوزی لینڈ حکام نے کرائسٹ چرچ حملے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ : افغان شہری نے جان داؤ پر لگا کر کئی لوگوں کی جانیں بچائیں

    کرائسٹ چرچ حملہ : افغان شہری نے جان داؤ پر لگا کر کئی لوگوں کی جانیں بچائیں

    کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گردی کے واقعے کے دوران ایک افغان شہری نے اپنی جان داؤ پر لگا کر کئی لوگوں کی جانیں بچائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لین ووڈ مسجد میں فائرنگ کے دوران جب دہشت گرد کی گن خالی ہوگئی تو وہ مزید اسلحہ نکالنے کیلئے گاڑی کی طرف گیا۔

    موقع پاکر افغان باشندے عبد العزیز نے دہشت گرد کی خالی گن چھین کر اس کا پیچھا کیا اوردہشت گرد کو گاڑی سے مزید اسلحہ نکالنے کا موقع نہیں دیا، اس نے بندوق گاڑی پر ماری جس پر دہشت گرد موقع پا کر بھاگ گیا، عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ میں ہیرو نہیں ہوں۔

    واضح رہے کہ اس کے علاوہ ایک اور پاکستانی نعیم راشد نے بھی کرائسٹ چرچ میں لوگوں کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کردی، نعیم راشد نے کرائسٹ چرچ حملے میں ہیرو کا کردار ادا کیا۔

    جس وقت دہشت گرد فائرنگ کرتا ہوا النور مسجد میں داخل ہوا تو ڈاکٹر نعیم نے حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش کی تھی، جس پر دہشت گرد نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق نعیم راشداسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، اسی واقعے میں ان کے بیٹے طلحہ تعیم بھی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ: چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

    کرائسٹ چرچ حملہ: چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ حکام نے کرائسٹ چرچ حملے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کر دی.

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی.

    ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ شہادتوں، ناموں کی فہرست مقامی مسجد کے امام نے پڑھ کر سنائی، مجموعی طورپر9 پاکستانیوں کی گمشدگی کی اطلاعات ملی تھیں.

    انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ حکام نے 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی، پاکستانی شہدا میں سہیل شاہد، سید جہاندادعلی، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہٰ نعیم شامل ہیں.

    ذیشان رضا ان کے والدین کی تفصیل کچھ دیرمیں جاری کی جائیں گی، ان کے بارے میں لوگ کم جانتے تھے، اس لیے تصدیق میں‌وقت لگ رہا ہے.

    مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ میں‌ نمازیوں پر وحشیانہ حملہ بزدلی اور بدترین دہشت گردی ہے، شاہ سلمان

    انھوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے میں 50 افراد جاں بحق ہوئے، باقی پاکستانیوں کی ڈی این اے کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔

    ڈی این اے سے3 پاکستانیوں کی شناخت کی جائےگی: شاہ محمود قریشی


    بعد ازاں  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چھ افراد کی شہادت کی تصدیق کی۔ 

    انھوں نے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں 6پاکستانی شہید ہوئے، 3 پاکستانیوں کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی، ڈی این اے سے3 پاکستانیوں کی شناخت کی جائےگی۔

    انھوں نے کہا کہ شہید پاکستانیوں کا ڈی این اےکیا جا رہاہے، متاثرہ خاندان تدفین سے متعلق جیساچاہیں گے، ویساہی کیاجائےگا، فیصلہ لواحقین کریں گےمیتیں، یہاں لانی ہیں یانہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت پچاس افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • کرائسٹ چرچ حملے میں نمازیوں کو بچاتے ہوئے جان قربان کرنے والا پاکستانی  ہیرو

    کرائسٹ چرچ حملے میں نمازیوں کو بچاتے ہوئے جان قربان کرنے والا پاکستانی ہیرو

    لندن : برطانوی میڈیا نے پاکستانی نعیم راشدنے کرائسٹ چرچ حملے میں ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا نعیم راشد نے جان پرکھیل کر نمازیوں کو بچانے کی کوشش کی اور زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ہیرو نعیم راشد جنہوں نے کرائسٹ چرچ میں لوگوں کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کردی، برطانوی میڈیا
    کا کہنا ہے کہ پاکستانی نعیم راشدنے کرائسٹ چرچ حملے میں ہیرو کا کردار ادا کیا اور جان پر کھیل کر نمازیوں کو بچانے کی کوشش کی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق نعیم راشداسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑگئے، ان کے بیٹے طلحہ بھی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے تھے،نعیم راشد نے حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش کی تھی۔

    ان کاتعلق ایبٹ آباد سے تھا، وہ نیوزی لینڈ میں ٹیچنگ کرتے تھے۔

    خیال رہے گذشتہ روز دہشت گرد فائرنگ کرتا ہوا النور مسجد میں داخل ہوا تو ڈاکٹر نعیم نے اس کو روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گرد نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

    مزید پڑھیں :  نیوزی لینڈ سانحہ : دوپاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کردی

    ڈاکٹر نعیم کی کزن آمنہ سجاد کا کہنا ہے کرائسٹ چرچ اسپتال نے ڈاکٹر نعیم کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ شہید کے ماموں ڈاکٹر سلیم افضل نےکہا نعیم نے شہید ہوکر ہمیں عزت دی۔

    سوگوار خاندان نے کہا شہید باپ بیٹے کے جسد خاکی کو وطن واپس لانے یا نہ لانے کا فیصلہ شہید کی بیوہ کریں گی۔

    واضح رہے   نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔