Tag: کرائسٹ چرچ

  • نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے کے بعد اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے عیسائی خواتین بھی اسکارف پہننے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر حملے کے بعد پورے ملک میں خواتین میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی ہے۔

    عیسائی خواتین اظہارِ یک جہتی کے لیے اسکارف پہننے لگی ہیں، اسکارف تیار کرنے میں بھی غیر مسلم خواتین حصہ لے رہی ہیں۔

    دوسری طرف سانحہ کرائسٹ چرچ پر مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے نارتھ ہیگلے پارک میں 15 ہزار افراد جمع ہو گئے، تقریب میں حملے کے متاثرہ خاندانوں اور امام مسجد نے بھی شرکت کی۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ یہ خوف ناک حملہ ہماری پہچان نہیں ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج کے دن میں نے اسکارف پہن کر مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا۔

    شہید سید اریب احمد

    ادھر کرائسٹ چرچ میں شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی پیر کو کراچی پہنچے گا، ایئر پورٹ کارگو پر جسد خاکی کی وصولی کے انتظامات مکمل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئر لائن سے مسلسل رابطے میں ہیں، جسد خاکی پرواز ای کے 600 سے صبح 10 بجے کراچی پہنچے گا، اور ایئر پورٹ پر ہی ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    سی اے اے کے مطابق شہید اریب کے جسد خاکی کو گھر تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس موجود ہوگی، شہید کی نماز جنازہ کل سہ پہر 3 بجے سنگم گراؤنڈ دستگیر 9 میں ادا کی جائے گی۔

  • نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں ایک مسلمان نوجوان شہری نے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن سے ملاقات کر کے ان کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسلمانوں کے حق میں مسلسل سرگرم رہنے والی خاتون وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ایک نوجوان نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دے دی۔

    نوجوان شہری نے وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت ملاقات کے دوران دی، نوجوان نے کہا گزشتہ تین روز سے اللہ سے ایک ہی دعا کر رہا ہوں۔

    شہری نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دوسرے لیڈر بھی آپ سے سیکھیں۔ خیال رہے کہ نوجوان شہری کا اشارہ مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے ان اقدامات کی طرف تھا جس نے ساری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلمانوں سے اظہاریکجہتی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کوقتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

    نوجوان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ایک دن وہ یہ سنے کہ نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم اسلام میں داخل ہو گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ مسلمانوں سے بے مثال اظہار یک جہتی پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو قتل کی دھمکیاں بھی ملنے لگی ہیں۔ انھیں سوشل میڈیا پر پیغام میں گن کی تصویر بھیجی گئی جس پر لکھا تھا اب آپ کی باری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ‌ کے خبر رساں اداروں کا مسلمانوں سے اظہار یک جہتی

    دو دن قبل نیوزی لینڈ کے خبر رساں اداروں نے اپنے صفحہ اوّل پر خبر شایع کرنے کی بجائے ’سلام، ہمیں یاد ہے‘ اور شہدا کے نام لکھ کر مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کر کے نئی نظیر قائم کی۔

  • دہشت گرد حملے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

    دہشت گرد حملے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد شہر میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے کو ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے مساجد پر حملہ کر کے 50 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد مغربی ممالک میں مسلمانوں کو سلامتی کے خدشات لاحق ہو گئے تھے۔

    آج ٹھیک ایک ہفتے بعد کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کی جائے گی، جس کے لیے نیوزی لینڈ بھر میں اذان جمعہ ٹی وی اور ریڈیو پر براہ راست نشر ہوگی۔

    جمعے کی اذان ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کرنے کا مقصد مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنا ہے اور انھیں یقین دلانا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور اپنی عبادت اطمینان کے ساتھ کر سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    نیوزی لینڈ میں آج سانحے کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی، بائیکر گینگ نمازیوں کی حفاظت کریں گے، شہر شہر مسجدوں کے باہر پہرہ دیں گے۔

    خیال رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید سات پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، نعیم رشید سمیت آٹھ شہدا کی تدفین آج نیوزی لینڈ میں ہوگی جب کہ اریب کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا۔

  • اتنے  لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار  ہے، کزن  برینٹن ٹرینٹ

    اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے، کزن برینٹن ٹرینٹ

    کرائسٹ چرچ : کرائسٹ چرچ مساجد میں حملہ کرنے والے برینٹن ٹرینٹ کی کزن نے سزائے موت کی حمایت کرتے ہوئے کہا اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مساجد میں دہشت گرد حملے کے ملزم برینٹن ٹرینٹ کی کزن کا کہنا ہے جوکچھ اس نے کیا اس پروہ موت کا حقدار ہے، انصاف یہی ہے کہ اتنے لوگوں کی جان لینے والے کے ساتھ بھی وہی کیا جائے جواس نے ان لوگوں کے ساتھ کیا۔

    یاد رہے گذشتہ جمعے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہےاور وہ آسٹریلوی شہری تھا، جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے بھی کی تھی۔

    مزید پڑھیں : کرائسٹ چرچ: مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد عدالت میں پیش

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برینٹن ٹیرینٹ کو ایک روز قبل عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اس پر قتل کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور عدالت نے مرکزی ملزم کا 5اپریل تک ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

    بعد ازاں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردی کے خوفناک حملے کے بعد وزیر اعظم اور کایبینہ کی جانب سے اسلحہ کنٹرول قوانین میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    جیسنڈا آرڈن کا کہنا تھا کہ سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کو درپیش بڑا مسئلہ ہے۔

  • نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہریوں سے خود کار ہتھیارواپس لیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملے میں آٹومیٹک اور سیمی آٹو میٹک اسلحہ استعمال کیا گیا۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ اسلحے پرپابندی سے متعلق قانون سازی جلد کی جائے گی، آئندہ ہفتے کابینہ اسلحہ کی رجسٹریشن کے قواعد پرغورکرے گی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ شہری ممنوعہ اسلحہ سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے شہریوں سے خود کارہتھیارواپس لیے جائیں گے، گن ریفارمز عوام کے مفاد میں ہے۔

    سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کا مسئلہ ہے‘ جیسنڈا ایرڈن

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی خبر رساں ادارے کوانٹرویو دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا شہدائے کرائسٹ چرچ کوزبردست خراج عقیدت

    اس سے قبل 19 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے حملہ آور کو دہشت گرد، مجرم اور انتہا پسند قرار دیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گردی کے اپنے عمل سے بہت کچھ چاہتا تھا جس میں ایک چیز شہرت بھی ہے، اسی وجہ سے اس کا نام میں کہیں نہیں لوں گی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے اجلاس کے دوران شہید پاکستانی نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ: شہید نعیم راشد کی اہلیہ عزم و ہمت کی مثال بن گئیں، الفاظ نے کروڑوں دل پگھلا دیے

    کرائسٹ چرچ حملہ: شہید نعیم راشد کی اہلیہ عزم و ہمت کی مثال بن گئیں، الفاظ نے کروڑوں دل پگھلا دیے

    ویلنگٹن: کرائسٹ چرچ کے ہیرو نعیم رشید کی اہلیہ ہمت اور حوصلے کی مثال بن گئیں، انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق عنبرین نعیم نے کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ایک خصوصی انٹرویو دیا، جس میں‌ ان کی الفاظ نے کروڑوں دلوں کو پگھلا دیا.

    عنبرین نعیم نے کہا کہ شوہراور بیٹے نے لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان دی، یہی ہمارا اللہ ہم سے چاہتا ہے، یہی ہمارا دین سکھاتا ہے۔

    راشد نعیم کی بیوہ نے کہا کہ ان کے شوہر محبت کرنے والے شخص تھے، محبت ہی انسان سے ایسے بڑے کام کراتی ہے، میں اس دہشت گرد پر افسوس کرتی ہوں جس کا دل محبت سے خالی ہے.

    انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس مرحلے پر یہ دین ہے، جو انھیں ہمت عطا کرتا ہے اور وہ اکیلی نہیں، ان کے کے اہل خانہ اور تمام مسلمان ان کے ساتھ ہیں.

    رپورٹر نے راشد نعیم کی بیوہ کے گلے لگ کر ان کے حوصلے کی داد دی

    ان کے دل پذیر الفاظ نے انٹرویو کرنے والی رپورٹر کینوا لوائڈ کو شدید متاثر کیا اور وہ آبدیدہ ہوگئیں. رپورٹر نے کہا وہ کبھی اتنی متاثر کن شخصیت سے نہیں ملیں.

    کینوا لوائڈ نے راشد نعیم کی بیوہ کے گلے لگ کر ان کے حوصلے کی داد دی.

  • کرائسٹ چرچ ‌کے ہیروشہید نعیم رشید کو خراج عقیدت، فنکار نے دیوار پر  یادگار تصویر بناڈالی

    کرائسٹ چرچ ‌کے ہیروشہید نعیم رشید کو خراج عقیدت، فنکار نے دیوار پر یادگار تصویر بناڈالی

    آکلینڈ :  نیوزی لینڈ کےآرٹسٹ نے کرائسٹ چرچ کے ہیرو شہید نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دیوار پر ان کی یادگار تصویر بناڈالی، تصویر میں سبز رنگ پاکستان اورسیاہ رنگ نیوزی لینڈکی عکاسی کرتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر  آکلینڈکے آرٹسٹ پال نے کرائسٹ چرچ میں شہید نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایک دیوار پر نعیم رشید کی کی یادگار تصویر بنائی، تصویر پر پیغام میں لکھا "ہیروکی یاد میں” اور ساتھ ہی حملے کی تاریخ بھی لکھی۔

    پال کا کہنا ہے کہ تصویر میں سبز رنگ پاکستان اورسیاہ رنگ نیوزی لینڈکی عکاسی کرتاہے، ہم غم میں شامل ہیں۔ نعیم اورشہداہمیشہ یاد رہیں گے۔

    یاد رہے پاکستان کے ہیرو نعیم راشد جنہوں نے کرائسٹ چرچ میں جان پر کھیل کر نمازیوں کو بچانے کی کوشش کی اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑگئے، ان کے بیٹے طلحہ بھی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : کرائسٹ چرچ حملے میں نمازیوں کو بچاتے ہوئے جان قربان کرنے والا پاکستانی ہیرو

    نعیم رشید کاتعلق ایبٹ آباد سے تھا، وہ نیوزی لینڈ میں ٹیچنگ کرتے تھے۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

  • نیوزی لینڈ: مسلمانوں سے اظہار یک جہتی، چرچ کے باہر 50 سفید جوتے رکھ دیے

    نیوزی لینڈ: مسلمانوں سے اظہار یک جہتی، چرچ کے باہر 50 سفید جوتے رکھ دیے

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں عوامی اور سرکاری سطح پر متاثرہ مسلمانوں سے ہم دردی اور یک جہتی کا اظہار جاری ہے، کرائسٹ چرچ کی دونوں مسجدوں کے سامنے لوگوں نے پھول رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں ایک چرچ کے باہر کیوی عوام نے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے پچاس سفید جوتے رکھے گئے، اور شہادتوں پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ نیوزی لینڈ کے متاثرین سے اظہارِ‌یکجہتی، اسٹیڈیم میں ایک منٹ تک اللہ اکبر کا ورد

    ادھر آسٹریلوی وزیر اعظم نے انٹرنیٹ سے انتہا پسند مواد ہٹانے پر زور دیا ہے، خیال رہے کہ حملہ آور آسٹریلوی باشندہ تھا، اور اس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوری دنیا میں وائرل ہوئی ہے۔

    یہاں پاکستان میں شہید سہیل شاہد کی والدہ اور دو بھائیوں کو نیوزی لینڈ کا ویزا جاری کر دیا گیا ہے، سہیل شاہد کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی ہوگی، شہید کی غائبانہ نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی۔

    خیال رہے کہ آج نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین سے یک جہتی اور محبت کے اظہار کا دل کو پگھلا دینے والا منظر دکھائی دیا، پارلیمانی کارروائی کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا شہدائے کرائسٹ چرچ کوزبردست خراج عقیدت

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں پہلی بار سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 153 اور 54 کی تلاوت سے پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز کیا گیا۔ مذکورہ آیات میں ایمان والوں کو نماز اور صبر سے مدد مانگنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم جیسنڈا نے پاکستان کے شہری نعیم رشید کی بہادری کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، حملہ آور بدنام شہرت چاہتا تھا، لیکن ہم اس کا نام تک نہیں لیں گے۔

    بہادر وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ دہشت گرد، انتہا پسند اور مجرم ہے، میں اس کا نام کبھی نہیں لوں گی۔

  • برطانیہ میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کی طرح حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

    برطانیہ میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کی طرح حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

    لندن: برطانوی وزیر سیکورٹی بین ویلس نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کے طرز پر حملوں کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر سیکورٹی بین ویلس نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ میں بھی نیوزی لینڈ طرز کا حملہ ہو سکتا ہے۔

    بین ویلس کہا کہنا تھا کہ دائیں بازو کے شدت پسند گروہ مسلمانوں پر حملے کر سکتے ہیں، اس لیے ہم رائٹ ونگ اور نیو نازی گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں انتہائی دائیں بازو کے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر برطانوی حکومت کو تشویش ہے۔ کارڈف میں انتہائی دائیں بازو کے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں کئی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانیہ: سرے کی مساجد کی سیکورٹی سخت کر دی گئی، ایک حملہ آور گرفتار

    خیال رہے کہ گزشتہ جمعے کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کرنے والے دہشت گرد سے منسلک افراد کے گھروں پر آسٹریلیا میں چھاپے مارے گئے ہیں۔

    آسٹریلوی پولیس نے نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے سینڈی بیچ اور لارنس میں دو گھروں پر چھاپا مار کارروائی کی، ایک گھر برینٹن ٹیرینٹ کی ہم شیرہ کا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسٹریلوی پولیس کا کرائسٹ چرچ واقعے میں ملوث‌ دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ گھروں پر سرچ آپریشن کا مقصد ایسے شواہد اکھٹے کرنا تھا جو نیوزی لینڈ پولیس کو کرائسٹ چرچ واقعے کی تحقیقات میں معاونت فراہم کر سکیں۔

    واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ واقعے کے بعد برطانیہ کی سرے اور سسکیس کاؤنٹی میں بھی پولیس کی جانب سے مساجد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔

  • نیدر لینڈز: ترک شہری کی ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک متعدد زخمی

    نیدر لینڈز: ترک شہری کی ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک متعدد زخمی

    ایمسٹرڈم: نیدر لینڈز کے شہر اُتریخت میں ایک ترک شہری کی ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک جب کہ کئی زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدر لینڈز کے شہر اتریخت میں ایک ٹرام میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو ہلاک کر دیا جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کام یاب ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد کار میں بیٹھ کر فرار ہوا، عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آور اندھا دھند فائرنگ کر رہا تھا۔

    پولیس نے فائرنگ میں ملوث مشتبہ شخص کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا ہے 37 سالہ حملہ آور ترکی کا شہری ہے۔ ڈچ پولیس کو اس سلسلے میں ایک ترک شہری گوکمن تانس کی تلاش ہے۔

    نیدر لینڈز کے شہر اُتریخت میں فائرنگ کے واقعے کے بعد تمام ٹرام سروسز بند کر دی گئی ہیں، نیدر لینڈز کی انسداد دہشت گردی پولیس نے کہا ہے کہ بہ ظاہر یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسٹریلوی پولیس کا کرائسٹ چرچ واقعے میں ملوث‌ دہشت گرد کے گھر پر چھاپا

    میئر اتریخت نے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ جمعے کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک آسٹریلوی شہری نے دو مساجد پر فائرنگ کر کے پچاس مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، اس واقعے کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی ہے۔